ریاض: سعودی حکومت نے امسال حج کا خطبہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کرنے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی کمیٹی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے اعلان کیا کہ اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے خطبۂ حج کو دس عالمی زبانوں میں نشرکیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد حج کے خطبے کی اہمیت اور اس کے ذریعے دیے جانے والے پیغام کو دنیا بھر کے مسلمانوں میں پہنچانا ہے۔
الشیخ عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا تھا کہ امسال عربی میں دیے جانے والے خطبے کو اردو، انگریزی، فارسی، بنگلا، ترکش، فرانسیسی، چینی، روسی، ہاؤسا اور مالے زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ برس سعودی حکومت نے اردو سمیت پانچ زبانوں میں نشر کیا تھا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کرونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔
عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں۔ منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔
دبئی: متحدہ عرب امارات کی معروف کاروباری شخصیت سہیل گلداری نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کی سہیل گلداری سے ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں یواےای کی معروف شخصیت سہیل گلداری نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان جس کا وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کاسرمایہ کاری کےفیصلےکاخیرمقدم بھی کیا۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ گلداری برادرز پاکستان میں فائیو اسٹار ریزورٹس میں سرمایہ کاری کریں گے، اس کمپنی نے ہی فائیو اسٹار ہوٹلز، ریزورٹس کے قیام کی بنیاد رکھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ گلداری براردز پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کوتیار ہیں۔ یاد رہے کہ سہیل گلداری یو اے ای کی کاروباری شخصیت اور عالمی جریدےخلیج ٹائمز کے مالک بھی ہیں۔
— Ministry of Overseas Pakistanis & HRD 🇵🇰 (@mophrd) July 26, 2020
یاد رہے کہ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ ایک روز قبل زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں خوش خبری سنائی کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی کارکنان کو پاکستانی کمیونٹی اور حکومت پاکستان نے مفت ٹکٹس فراہم کیے۔
اسلام آباد: بین الاقوامی ادارے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان نے دس سال قبل ہی ہدف حاصل کر کے ترقیاتی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی سےنمٹنےکیلئے پاکستان نے تیز ترین کاوشوں کی بدولت اقوامِ متحدہ کا ماحولیاتی ایکشن کا ہدف دس سال قبل ہی پورا کرلیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے متعلق بین الاقوامی ادارے کی ویڈیو جاری کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کلین اینڈ گرین پاکستان کے لیے حکومتی کاوشوں پر فخر ہے‘۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی کاسلسلہ جاری ہے، پاکستان آلودگی اور ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور انداز سے نمٹ رہا ہے۔ آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر عالمی دنیا بھر فخر کررہی ہے ۔
ویڈیومیں ماحولیاتی تبدیلیوں اور چیلنجزسےنمٹنےکیلئے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات کو دکھایاگیا ہے۔
مجھے آلودگی کے تدارک اور ماحولیاتی تغیر کے مہلک اثرات سے بچاؤ کے پیشِ نظر پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے لئے کی جانے والی اپنی کاوشوں پر فخر ہے۔ pic.twitter.com/KV82wsTkTW
ماحولیاتی تبدیلی سےنمٹنےکیلئے پاکستان الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کی طرف جارہا ہے، پاکستان اس معاملے میں بین الاقوامی دنیا میں دیگر ممالک کیلئےبہترین مثال بن کر تیزی سے ابھر رہا ہے۔ ویڈیومیں وزیراعظم کاورلڈاکنامک فورم سےخطاب اوردیگراقدامات کودکھایاگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ماحولیات سے متعلق کاوشوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا جس کے بعد پاکستان کو اقوامِ متحدہ کنونشن برائے ماحولیات کی نائب صدارت مل گئی تھی۔
اسیپن میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام ممالک نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور عالمی سطح پر اس کا اعتراف بھی کیا اور پھر پاکستان کو اقوامِ متحدہ کنونشن برائے ماحولیات کا نائب صدر منتخب کیا گیا تھا۔
اسلام آباد: حکومت نے نیب قوانین میں مجوزہ ترامیم تیار کرلیں جس میں چیئرمین نیب کو مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز نے قومی احتساب بیورو کے قوانین میں ترمیم کا مجوزہ مسودہ حاصل کرلیا جس میں حکومت نے چیئرمین نیب، ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز دی ہے۔
حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ نیب قوانین کے تحت چیئرمین کی ملازمت4 سال اورنا قابل توسیع ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل کی مدت ملازمت 3 سال اورنا قابل توسیع ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز حسن ایوب کے مطابق حکومت نے نئےنیب قانون کو قومی احتساب بیورودوسرا ترمیمی ایکٹ2020 کا نام دیا ہے، مجوزہ ترامیم کے تحت قوانین کا اطلاق سرکاری ملازمین پر بھی ہوگا جبکہ اس کا اطلاق وفاق، صوبائی ٹیکس معاملات، لیویز، محصولات پر نہیں ہوگا۔
قانون میں کی جانے والی مجوزہ ترمیم میں سفارش کی گئی ہے کہ ٹیکس، لیویز، محصولات کی انکوائریاں متعلقہ اداروں کوبھجوائی جائیں گی، ٹرائل احتساب عدالتوں سے فوجداری عدالتوں کو منتقل کیا جائے گا، عوامی عہدہ نہ رکھنے والے شخص پر قانون کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ عوامی عہدیداران کے خلاف ترقیاتی اور تعمیری منصوبےمیں قواعد کی بےقاعدگیوں پر بھی قانون کا اطلاق نہیں ہوگا۔
مسودے میں لکھی گئی مجوزہ ترمیم میں لکھا گیا ہے کہ ’عوامی عہدیدار کے زیر کفالت یا بےنامی دار پر فائدہ اٹھانے والوں پر قانون کا اطلاق ہوگا، عوامی عہدیدار کے اثاثوں کے ذرائع آمدن سے عدم موافقت کا تعین کرنے کے لیے ضلعی کلیکٹر اور ایف بی آر کی مدد حاصل کی جائے گی۔
مجوزہ قوانین میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی بھی تشریح کی گئی ہے، جس کے مطابق عوامی عہدیدار کے خلاف ٹھوس ثبوت کو اختیارات کا ناجائز استعمال سمجھا جائے گا، عدالت ملزم کو ریفرنس میں تمام دستاویزات فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔
مسودے کو پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی میں پیش کردیا گیا جس پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 7 سیاحتی سیر گاہیں قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ ’ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’حکومت ساحلی پٹی کی ترقی اور بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ساحلی پٹی کی بہتری کیلئے15 کروڑ روپے ماسٹر پلان میں شامل کئےگئے ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک کھرب روپے کے فنڈز مختص کیے جن کی مدد سے بلوچستان میں 7 سیاحتی مقامات کی تعمیر کی جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’بلوچستان کےساحلی علاقے معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں کیلئےبہترین ہیں، کنڈ ملیر میں سیاحوں کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ رہائش گاہ بنائی جائےگی‘۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نے ایک روز قبل قومی ترقیاتی کونسل اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا گیا۔
قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس کا ایجنڈا خصوصاً بلوچستان کے پسماندہ ،دوردراز علاقوں میں آمدورفت اور آبی وسائل کے بہتر استعمال، زراعت، توانائی، بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے منصوبوں کے حوالے سے تھا۔
نارووال: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما کا اشتہار برائے تلاش گمشدہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کے حلقے نارروال میں ٹائیگر فورس کے حوالے سے کنونشن کا انعقاد کیا جس میں لیگی رہنما کو شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
احسن اقبال سرکاری دعوت نامہ موصول ہونے کے باوجود بھی کنونشن میں شرکت کے لیے نہ پہنچ سکے جس پر معاونِ خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر احسن اقبال کا اشتہار برائے گمشدگی جاری کیا۔
اپنے ٹویٹ میں عثمان ڈار نے لکھا کہ ’نارووال کی مشہور سیاسی شخصیت المعروف ارسطو اپنےحلقےسےغائب ہیں، کہا کرتے تھے کہاں ہےٹائیگر فورس؟ کہاں ہیں نوجوان؟، اب وہ آکر دیکھ لیں کہ آج ان کے ہوم گراؤنڈمیں ٹائیگر فورس کا سب سے بڑا کنونشن ہورہا ہے‘۔
اشتہار برائے تلاش گمشدہ!
ناروال کی مشہور سیاسی شخصیت المعروف ارسطو اپنے حلقے سے غائیب ہیں! کہا کرتے تھے کہاں ہے ٹائیگر فورس؟ کہاں ہیں نوجوان؟ آج ان کے ہوم گراؤنڈ میں ٹائیگر فورس کا سب سے بڑا کنونشن ہوا! سرکاری دعوت نامے کے باوجود موصوف منظر عام سے غائیب ہیں! کوئی شرم کوئی حیاء؟ pic.twitter.com/FRueUUcPlK
عثمان ڈار نے لکھا کہ ’سرکاری دعوت نامےکے باوجود موصوف منظر عام سےغائب ہیں، احسن اقبال صاحب کوئی شرم کوئی حیا؟
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر نارووال نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو ٹائیگر فورس کنونشن میں شرکت کی دعوت دی تھی، عثمان ڈار نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ احسن اقبال آئیں اور نوجوانوں کا جوش و جذبہ اپنی آنکھوں سے خود دیکھ لیں۔
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے عظمیٰ کاردار کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے فوری طور پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا حکم جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے عظمیٰ کاردار کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اُن کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم اور پنجاب اسمبلی سے فوری استعفیٰ دینے کا حکم دیا۔
احتساب کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ عظمیٰ کاردار نے سینئر پارٹی رہنماؤں کے خلاف صحافیوں سے گفتگو کر کے پارٹی آئین کی سنگین خلاف ورزی کی۔
کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے فیصؒے میں بتایا گیا ہے کہ عظمی کاردار کے خلاف پارٹی کے آئین کی شق 3 کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی، رکن اسمبلی کے اس اقدام کی وجہ سے تحریک انصاف کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے 5 جولائی کو عظمیٰ کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے اور انہیں اسمبلی نشست سے استعفیٰ دینے کا حکم دیا تھا۔
قائمہ کمیٹی کی جانب سے بنیادی رکنیت ختم کرنے کا تحریری حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ رکن صوبائی اسمبلی کو 15 جون کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس دیا گیا اور انہیں ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عظمیٰ کاردار نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اُن کا رویہ نامناسب اور منصب کے شیانِ شان نہیں تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سنگین غلطی کے بعد عظمیٰ کاردار کسی پارلیمانی منصب کی اہل نہیں، وہ 7 روز کے اندر پارٹی ایلیٹ کمیٹی میں قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے فیصلے کو چیلنج کرسکتی ہیں۔
پارٹی کی جانب سے بنیادی رکنیت خارج ہونے کے بعد رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے آڈیو ٹیپ کے معاملے پر قیادت سے معافی مانگنے کی کوشش بھی کی مگر وہ رائیگاں چلی گئی تھی۔ پی ٹی آئی قیادت نے معافی کو مسترد کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار کو اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی ہدایت کی اور واضح کیا تھا کہ استعفیٰ نہ دیا گیا تو پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جائے گی۔
رکن اسمبلی نے وضاحت پیش کرنے کیلئے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ ہاؤس رابطےکی کوششیں کیں تھیں، تاہم ان پر وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے بھی بند کردیئے گئے تھے۔
بعد ازاں عظمیٰ کاردار نے گیارہ جولائی کو اپنا جواب کمیٹی کو جمع کرایا جس میں انہوں نے آڈیوکال لیک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرانےکی اجازت مانگی تھی۔
عظمیٰ کاردار نے اپنا جواب وکیل کے ذریعے جمع کرایا، جس میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ میرے خلاف سازش کرنے والوں نے آڈیو کو توڑ موڑ کر پیش کیا، آڈیوکال نجی گفتگو تھی جس میں دوسرےفریق کی آواز کو ہٹا کر پیش کیا گیا۔
عظمیٰ کاردار نے جواب میں لکھا تھا کہ نجی گفتگوکو میرےخلاف عوامی سطح پر استعمال نہیں کیاجاسکتا، سب جانتے ہیں کہ 8سال سے پارٹی کی وکالت کررہی ہوں اور اس دوران کبھی کوئی غلط لفظ اپنے منہ سے نہیں نکالا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’میری نجی گفتگوکوغیرقانونی طریقے سے ریکارڈ کرنا شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے، اگر پارٹی اجازت دے تو آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کراؤں گی‘۔
رکن اسمبلی نے مزید لکھا تھا کہ میرےخلاف فیصلہ کرتےہوئے قانونی پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا کیونکہ میرے حوالے سے کسی نے کوئی درخواست بھی دائر نہیں کیا تھی۔
کراچی: شہر قائد میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کو شام 7 بجے کے بعد خریداری کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی سپرہائی وے مویشی منڈی کی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج شام سات بجے سے مویشی منڈی میں خریداری بند کرنے کا اعلان کردیا۔
مویشی منڈی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام 7 بجے سے شہریوں کے لیے بند کردیے جائیں گے، بیوپاری حضرات مقررہ اوقات میں خرید و فروخت کے پابند ہوں گے‘۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اور میڈیا نمائندگان کو بھی شام 7 بجے کے بعد منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور جو خریدار یا لوگ مویشی منڈی کے اندر موجود ہوں گے انہیں باہر نکال دیا جائے گا۔
ترجمان مویشی منڈی کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلوں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، شہری اور بیوپاری حضرات سے بھی ایپل کرتے ہیں کہ وہ تعاون کریں۔
یاد رہے کہ نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کی روشنی میں حکومت نے مویشی منڈی کو شام 7 بجے کے بعد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریئو گرافر امالا شنکر 101 سال کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف ڈانسر اور کوریئو گرافر جمعرات کی رات سوئیں تو وہ اٹھ نہ سکیں، اہل خانہ انہیں اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امالا شنکر ضیعف العمری کے باعث اکثر بیمار رہتی تھیں، انہیں سوتے وقت دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئیں۔
امالا شنکر لیجنڈری ڈانسر اور کوریئو گرافر اودے شنکر کی اہلیہ اور معروف ستار نواز پنڈت روی شنکر کی سالی تھیں۔ بالی ووڈ شخصیات نے معروف ڈانسر کے دنیا سے گزر جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
امالا شنکر کی یادگار تصویر، بشکریہ گوگل
امالا شنکر کی پوتی سری ناندا شنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’آج ہماری تھاما 101 برس کی عمر میں ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، ہم نے ایک ماہ قبل اُن کی سالگرہ منائی تھی‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تین جولائی کو چار دہائیوں تک بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف کوریئو گرافر سروج خان 70 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں تھیں۔
یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کی، اُن کے دوستوں کا کہنا تھا کہ اداکار کام نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔
سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا، انہیں 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے شہرت ملی جس کے بعد انہوں نے مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
علاوہ ازیں سلمان خان کے ساتھ ریڈی فلم میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے، وہ موذی مرض میں مبتلا تھے، اس سے قبل 13 مئی کو بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا، وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔
چند روز قبل 9 جولائی کو بالی ووڈ فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جگدیپ 81 برس کی عمر میں جمعرات کے روز جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
جگدیپ معروف بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری اور نوید جعفری کے والد تھے، اُن کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا۔ بعد ازاں بھارت کی نوجوان ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی جبکہ ایک روز قبل مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو اداکارہ اور ماڈل دیویا چوکسے کمسپرسی کی حالت میں کینسر سے جنگ ہار گئیں تھیں، انہوں نے اپنی موت سے قبل انسٹاگرام پر الوادعی پیغام بھی شیئر کیا جسے پڑھ کر مداح مزید غمزدہ ہوگئے تھے۔
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی شہر گجرات میں بننے والا ڈیپ لو پریشر کی شدت سابقہ سسٹم سے قدرے کم ہے، مون سون کے تیسرے اسپیل کے تحت شہر میں ہفتے کو ہلکی اور اتوار کو درمیانی بارش ہونے کی توقع ہے جس کا سلسلہ آئندہ تین روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یہ سسٹم ہفتے کی صبح داخل ہوگا اور بارش کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا، اتوار کے روز درمیانی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق شہر میں مون سون کے تیسرے اسپیل میں ہلکی اور تیز بارش ہونے کی توقع ہے اس سے قبل معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم کے تحت 20 ملی میٹر بارشوں کی توقع کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے سسٹم کی آمد سے قبل سمندری ہوائیں بند اور شمال مشرقی (بلوچستان) کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے کراچی میں گرمی کی شدت اور درجہ حرارت بڑھ جائے گا۔
آج کا درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.2 ڈگری جبکہ کم سے کم 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 جبکہ شام کو 60 فیصد رہا۔
دن بھر سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلیں،جس کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ ہفتےکو مطلع جذوی اور مکمل ابرآلود جبکہ پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔