Tag: LATEST NEWS

  • بحرین کی حکومت نے شہریوں کو خوش خبری سنادی

    بحرین کی حکومت نے شہریوں کو خوش خبری سنادی

    ماناما: بحرین کی حکومت نے کرونا کے حوالے سے عائد ہونے والی پابندیاں 6 اگست سے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق بحرین حکومت نے جمعہ 24 جولائی کو اعلان کیا کہ ملک بھر کے سوئمنگ پول، باڈی بلڈنگ کلپ اور گراؤنڈ اگلے ماہ کی 6 تاریخ سے کھول دیے جائیں گے۔

    حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ معمولاتِ زندگی کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ بحال کیا جائے تاکہ کوئی متاثر نہ ہو اور کرونا کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: بحرین نے کرونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے روبوٹ تیار کرلیا

    بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ کی قومی اقتصادی کمیٹی کے معاون کا کہنا تھا کہ ’6 اگست سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے،  یہ فیصلہ نیشنل میڈیکل کی ٹیم کے بعد کیا‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ صحت کے حوالے سے مشاہدے کے بعد مختلف اقدامات کیے ہیں جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ بحرین میں اب تک کرونا کے 37 ہزار 996 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 136 شہریوں کی اموات ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: نجی ملازمین کے لیے بحرین حکومت کا بڑا اعلان

    بحرین کے ولی عہد کی اقتصادی ٹیم برائے کرونا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، عیدالاضحیٰ کے دنوں میں رش والے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور اپنے گھروں تک محدود رہیں، اگر آپسی میل جول کا سلسلہ ترک نہ کیا گیا تو صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔

  • سعودی نوجوان نے والد کی بیماری دیکھ کر گردہ عطیہ کردیا

    سعودی نوجوان نے والد کی بیماری دیکھ کر گردہ عطیہ کردیا

    ریاض: سعودی نوجوان نے گردے کے مرض میں مبتلا والد کو اپنا گردہ عطیہ کردیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق والدین کے ساتھ احسن سلوک اور خدمت کے اصول پر عمل پیرا نوجوان نے اپنا گردہ والد کو عطیہ کیا۔

    رپورٹ کے مطابق نوجوان کے والد طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا ہیں۔ مقامی جریدے ’عکاظ ‘ کے مطابق سعودی عرب کے شمالی علاقے کی رفحا کمشنری میں مقیم نوجوان ضیف اللہ الشمری اپنے والد جو کہ گردے کے مرض میں میں مبتلا تھے اُن کے حوالے سے ہمیشہ پریشان رہتا تھا۔

    معمر والد کو ہر ہفتے ڈائیلاسیس سینٹر لے جانے اور وہاں تکلیف دہ عمل سے گزرتا دیکھ کر الشمری نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنا گردہ والد کو عطیہ کردے گا تاکہ انہیں اذیت سے نجات مل سکے۔

    ضیف اللہ نے گردہ عطیہ کرنے کے لیے ڈاکٹرز سے رجوع کیا جنہوں نے تمام ضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد مطلع کیا کہ وہ اپنا گردہ والد کو عطیہ کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: احسان فراموش شوہر نے گردہ عطیہ کرنے والی بیوی کو جیل بھجوا دیا

    میڈیکل رپورٹ ملنے اور ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کے بعد نوجوان نے اپنے والد کو مطلع کیا جو بیٹے کے جذبے کودیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔ الشمری کا کہنا تھا کہ میں ڈاکٹر کے بتائے گئے مقررہ دن پر ریاض کے شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹر نے ٹرانسپلانٹ کر کے میرا گردہ والد کو لگا دیا۔

    اس ضمن میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ آپریشن کامیاب رہا جلد ہی دونوں صحت یاب ہوجائیں گے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ والد اور صاحبزادے کا بلڈ گروپ ایک ہونے کی وجہ سے کوئی پیچیدگی نہیں آئی۔

  • فیکٹ‌چیک:‌ نیپال نے بھارت کا جنگی طیارہ تباہ کردیا؟

    فیکٹ‌چیک:‌ نیپال نے بھارت کا جنگی طیارہ تباہ کردیا؟

    کھٹمنڈو / نئی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یہ خبر زیر گردش تھی کہ نیپال نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی فضائیہ کے طیارے کو مار گرایا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ارمک اڈویا نامی صارف نے فضا میں نشانہ بنائے گئے جنگی طیارے اور زمین پر گرے ملبے کی تصاویر شیئر کی۔

    انہوں نے لکھا کہ  آج بھارتی فضائیہ نے ایئراسٹرائیک کرنے کے لیے نیپال کی سرحدی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بھارت کوٹ کھرک سنگھ پیرناوان کے مقام پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔ ارمک اوڈیا نے لکھا کہ یہ مقام بھارت اور نیپال کی سرحد کے درمیان میں ہے۔

    ارمک کے مطابق نیپال کی فوج نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے طیارے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ تباہ ہوگیا اور اُس میں سوار دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

    ارمک کی اس پوسٹ کے مطابق صارفین نے مذکورہ تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں۔ یاد رہے کہ انٹرنیٹ پر غیر مصدقہ خبریں شیئر کرنے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے، اسی وجہ سے سوشل میڈیا کمپنیز نے مختلف پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔

    فیکٹ چیک

    انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والی تصاویر دراصل لیبیا میں تباہ ہونے والے جنگی طیارے میریگ 2000 کی ہے جو ایک برس قبل بنگلور میں ہال ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔

    علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے  بھی وضاحت کی ہے کہ نیپال کے ساتھ کوئی اس طرح کی جھڑپ ہوئی اور نہ ہی کسی طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔

    واضح رہے کہ ان دنوں نیپال اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، کھٹمنڈو حکومت نے بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے نقشے کے بعد مختلف اقدامات کیے اور بھارتی چینلز کی نشریات اپنے ملک میں بند کردی ہیں۔

  • ’نازی ہٹلر اور مودی حکومت کی پالیسی یکساں ہیں‘

    ’نازی ہٹلر اور مودی حکومت کی پالیسی یکساں ہیں‘

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری کی وجہ سے کشمیر کی صورت حال دنیا میں اجاگر ہوئی، تاریخ دیکھیں تو نازی ہٹلر اور مودی حکومت کی پالیسی یکساں ہیں۔

    اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی معید یوسف کا کہنا تھا کہ ’بین الاقوامی میڈیا نے بھارتی حکومت کو فاشسٹ قرار دیا ہے، پاکستان  کی مؤثرسفارت کاری سےکشمیرکی صورتحال دنیامیں اجاگرہوئی‘۔اُن کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم تاریخ اٹھاکردیکھیں تونازی ہٹلر اور مودی  حکومت کی پالیسیاں یکساں ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرونا وبا سے نمٹنےکیلئےعلاج فراہم کرنےکا پابندہے، کشمیر کا ہر باشندہ بھارت سےسخت نفرت کرتاہے۔

    ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ’عالمی برادری  کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق خلاف ورزیوں پرآنکھیں بندکیےہوئے ہے جبکہ دوسری طرف بھارت دعوے کررہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول کے مطابق ہیں،  اگر ایسا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت مقبوضہ وادی میں عالمی میڈیا کو داخل کیوں نہیں ہونے دیتی۔

    مزید پڑھیں: 5 اگست کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کا بڑا فیصلہ

    اُن کا کہنا تھا کہ مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کا چھوٹا سا ہمسائیہ ملک بھی بھارت کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے۔ معید یوسف کا کہنا تھا کہ ’بھارت نے پاکستان میں قیدی بنائےگئے پائلٹ ابھینندن کو ہیروبناکر پیش کرنے کی کوشش کی مگر وہ اس میں بری طرح سے ناکام رہا‘۔

  • بین الافغان مذاکرات، طالبان نے شرکت کرنے کے لیے شرط رکھ دی

    بین الافغان مذاکرات، طالبان نے شرکت کرنے کے لیے شرط رکھ دی

    کابل: افغان طالبان نے عیدالاضحیٰ کے بعد ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں شرکت  کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق  قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ افغان حکومت طالبان کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے تمام قیدیوں کو رہاکرے تو طالبان جواب میں بقیہ تمام سیکیورٹی اہلکار قیدیوں کو رہا کرنے کو تیار ہیں۔

    سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ اگر قیدیوں کے تبادلے کا عمل مکمل ہوگیا تو عید کے بعد ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ 16 جولائی کو افغان حکومت نے بین الافغان مذاکرات سے قبل طالبان سے جذبہ خیرسگالی دکھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ قائم مقام افغان وزیرخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بین الافغان مذاکرات سے پہلے طالبان کو جذبہ خیرسگالی دکھانا ہوگا کیونکہ مذاکرات کرانے کی پیش کش 12 ممالک نے کی ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا کا طالبان کے ساتھ ہونے والا معاہدہ دوسرے مرحلے میں داخل

    اُن کا کہنا تھا کہ چین، روس، ترکی، ایران، قطر، جاپان اور انڈونیشیا سمیت 12 ممالک انٹرا افغان مذاکرات کرانے کی پیش کش کرچکے ہیں۔ افغان حکومت اب تک 4 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کر چکی ہے، مزید600 طالبان قیدیوں کو جلد رہا کردے گی۔

    دوسری جانب امریکا بھی انٹرا افغان مذاکرات کے لیے راہیں ہموار کررہا ہے۔ افغان میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ طالبان کے ساتھ معاہدے کے تحت افغانستان میں امریکی فورسز کے پانچ اڈے ختم کر دیے گئے ہیں۔ امریکا کے جن فوجی اڈوں کو بند کیا وہ صوبہ ہلمند، ارزگان، پکتیا اور لغمان میں قائم تھے۔

  • کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے، رکن قومی اسمبلی کا دعویٰ

    کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے، رکن قومی اسمبلی کا دعویٰ

    کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک آسمان سے اترے فرشتوں کا ادارہ نہیں ہے، انہوں نے بہت تنگ کرلیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اہل کراچی کو کے الیکٹرک نے بہت تنگ کیا، صنعت، تجارت، کاروبار تباہ ہوگئے، شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں۔

    عامر لیاقت حسین کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کےاہم افرادسے اسلا م آبادمیں ملاقات ہوئی۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے عامر لیاقت کا استعفیٰ مسترد کردیا

    تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ’کےالیکٹرک کالائسنس معطل ہونے والا ہے‘۔

    یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے گزشتہ دنوں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلنگ کے معاملے پر اسمبلی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کر کے اپنا استعفیٰ پیش کروں گا کیونکہ کراچی کے عوام کو اس طرح تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ، عامر لیاقت کا احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے رکن قومی اسمبلی کو اسلام آباد طلب کیا اور اُن کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد عامر لیاقت نے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ شہرقائد کے لوگ غیر اعلانیہ اور اضافی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید برہم ہیں، ان کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے، گھنٹوں لائٹ غائب رہتی ہے اور کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ شہر میں کہیں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا غلط ہے، صارفین کو فالٹ اور شٹ ڈاؤن کی پیشگی اطلاع بذریعہ میسج دی جاتی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول روزانہ کی بنیاد پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔

  • فیس بک میسنجر فنگر پرنٹ‌ یا فیس لاک سے کھلے گا، نیا فیچر متعارف

    فیس بک میسنجر فنگر پرنٹ‌ یا فیس لاک سے کھلے گا، نیا فیچر متعارف

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی کمپنی فیس بک نے میسنجر کے لیے نئے پرائیوسی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    فیس بک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پرائیوسی فیچرز متعارف کرانے کا مقصد صارفین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انہیں زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے۔

    میسنجر ایپ لاک

    فیس بک نے صارفین کے لیے میسنجر ایپ کو علیحدہ سے لاک کرنے کا فیچر متعارف کرایا، جس کا مقصد صارف کی چیٹ کو محفوظ بنانا اور دوسروں تک رسائی نہ دینا ہے۔

    کمپنی نے میسنجر ایپ میں فیس اور فنگر پرنٹ لاک کا فیچر شامل کرلیا، صارف اپنے موبائل کی پرائیوسی سیٹنگز میں جاکر جس طرح ان لاک کرنے کا انتخاب کریں گے انہیں وہ سہولت دستیاب ہوگی۔

    یہاں یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ فیس لاک یا فنگر پرنٹس لاک وہ صارفین استعمال کرسکیں گے جن کے موبائل میں پہلے یہ سہولت موجود ہے، یعنی وہ اپنے موبائل کو فیس لاک یا فنگر پرنٹ کی مدد سے ہی ان لاک کرتے ہیں۔

    فیس بک ترجمان کے مطابق اس فیچر کا مقصد صارف کے اکاؤنٹ کو  تحفظ فراہم کرنا ہے جب کوئی اس کے فون کو استعمال کرے تو میسنجر تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔

    مزید پڑھیں: فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام میسنجر کو ایک کرنے کی تیاری

    فیس بک میسنجر کے اس فیچر کی سہولت فی الوقت آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے  والے صارفین کو دستیاب ہے، آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی یہ فیچر متعارف کرایا جائے گا۔

    علاوہ ازیں فیس بک نے پرائیوسی سیٹنگز میں ایک نیا سیکشن بھی متعارف کرایا جہاں صارفین آسانی سے ایپ لاک، آئی ڈیز بلاک اور دیگر لوگوں تک آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں گے۔

  • انگلینڈ: ماسک نہ لگانے پر 21 ہزار روپے جرمانے ہوگا، اعلان ہوگیا

    انگلینڈ: ماسک نہ لگانے پر 21 ہزار روپے جرمانے ہوگا، اعلان ہوگیا

    آکسفورڈ: انگلینڈ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جو شہری ماسک نہیں پہنے گا اُس پر 100 پاؤنڈز جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق انگلینڈمیں آج رات سے شہریوں کے لیے فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ مارکیٹوں، پوسٹ آفس، بینکوں میں ماسک نہ پہننےپر100پاؤنڈز جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 21 ہزار 351 روپے کے قریب بنتا ہے۔

    انتظامیہ نے شہریوں کے لیے واضح کیا ہے کہ ریستوران، جمز اور کلبز میں ماسک استعمال نہ کرنے پر جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا جبکہ معذور افراد، 11سال سےکم عمر بچوں کو  پابندی سےمستثنیٰ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: کیا کرونا ماسک پہننے سے آکسیجن میں کمی ہوجاتی ہے؟ اصل کہانی سامنے آگئی

    یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ میں پہلےہی ماسک کااستعمال لازمی قرار دیا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 97 ہزار 146 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 769 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 53 مریضوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد 45 ہزار 554 تک پہنچ چکی ہے۔

  • کراچی، جائیداد کے تنازع پر خونی تصادم، 1 خاتون جاں‌بحق، خاتون اور بچے سمیت پانچ زخمی

    کراچی، جائیداد کے تنازع پر خونی تصادم، 1 خاتون جاں‌بحق، خاتون اور بچے سمیت پانچ زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 1 خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کی کوثر کالونی میں جائیداد کے معاملے ایک ہی خاندان کے افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جو خونی تنازع میں تبدیل ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق تنازع کے دوران ایک شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو خواتین ، ایک بچے سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ فریقین نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں بھی مکین زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، جائیداد میں حصہ مانگنے پر بھائیوں نے بہن کو قتل کردیا

    تمام زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے نجی اور عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    علاقہ مکینوں نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کرنے والے شخص شہزاد کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنائی جسے پولیس نے حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس حکام نے ملزم کو تھانے منتقل کردیا۔

    ذرائع کے مطابقمتاثرہ گھرانے کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ اسپتال سے فارغ ہو کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج ضرور کرائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی خاتون سیما دوران علاج دم توڑ گئیں، گرفتار ہونے والا ملزم مقتولہ کا بیٹا ہے۔

     

  • افسوسناک واقعہ، کرونا کے نام پر حاملہ خاتون کی زندگی سے کھلواڑ

    افسوسناک واقعہ، کرونا کے نام پر حاملہ خاتون کی زندگی سے کھلواڑ

    حیدرآباد: سندھ کے دوسرے بڑے شہر کے سول اسپتال کی انتظامیہ نے کرونا کے نام پر خاتون کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز زاہد کلہوڑو کے مطابق حیدرآبادکے علاقے لطیف آباد سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون کو اہل خانہ تشویشناک حالت میں سول اسپتال لے کر پہنچے تو گائنی وارڈ میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز اور عملے نے کوئی توجہ نہیں دی۔

    اہل خانہ کو ایمبولینس نہ مل سکی تو وہ زچہ کو رکشے میں لے کر اسپتال پہنچے، جہاں سول اسپتال کے ڈاکٹرز نے عملے نے کرونا خدشے کے پیش نظر خاتون کو آدھے گھنٹے تک داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

    سول اسپتال کی انتظامیہ نے خاتون کو گائنی وارڈ میں داخل کرنے سے صاف انکار کیا، خاتون رکشے میں آدھے گھنٹے تک موجود رہیں اس دوران اُن کی حالت غیر ہوتی جارہی تھی، اہل خانہ کی درخواست کے باوجود بھی ڈاکٹرز قریب نہ آئے۔

    بعد ازاں گائنی وارڈ کی ماسی نے رکشے میں پردے لگا کر ڈلیوری کی کوشش کی تو خاتون کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں وارڈ منتقل کیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز نے مذکورہ واقعہ پیش آنے کے بعد ایم ایس سول اسپتال سے رابطہ کیا تو اُن کا نمبر بند تھا جبکہ انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی۔

    زاہد کلہوڑو نے بتایا کہ سول اسپتال حیدرآباد میں جب سے نئی ایم ایس کو تعینات کیا گیا ہے اُس کے بعد سے معاملات بہت زیادہ خراب ہوگئے ہیں اور روزانہ نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

    اس سے قبل سول اسپتال کی انتظامیہ نے تشویشناک حالت میں آنے والے مریضوں کو کرونا ٹیسٹ کے نام پر روکا جس کی وجہ سے کئی لوگوں کی اموات بھی ہوچکی ہیں۔ اسپتال میں کرونا کے  حوالے سے ایک ہی وارڈ مختص کیا گیا جہاں سہولیات ناکافی ہیں، جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔