Tag: Launched

  • سب سے پتلا آئی فون متعارف کرنے کی تیاری

    سب سے پتلا آئی فون متعارف کرنے کی تیاری

    معروف امریکی کمپنی ایپل کی جانب سے حریف کمپنیوں پر سبقت لے جانے اور صارفین کی سہولت کے لیے آئی فون کے نت نئے ڈیزائن متعارف کیے جاتے ہیں۔

    اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایپل کی جانب سے ایک بار پھر ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی جا رہی ہے اور لنکڈ اِن ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا ڈیزائن آئی فون 17 سلم نامی ماڈل کا حصہ بنے گا جو ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایپل نے سال 2017 میں آئی فون ایکس (10) او ایل ای ڈی ڈسپلے اور فیس آئی ڈی کے ساتھ متعارف کرایا تھا مگر اس کے بعد سے آئی فونز کے ڈیزائن میں کوئی خاص نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق آئندہ سال 2025 میں آئی فون سیریز کو ریفریش کیا جائے گا اور پلس ماڈل کو ختم کرکے اس کی جگہ آئی فون 17 سلم کو دی جائے گی جس کی قیمت آئی فون پرو میکس سے بھی زیادہ ہوگی۔

    مذکورہ آئی فون 17سلم میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کا حجم چھوٹا ہوگا، یہ ماڈل 6.6 انچ کے ڈسپلے اور اس کی موٹائی اتنی کم ہوگی کہ دیکھنے والے بھی حیران رہ جائیں گے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ تاحال آئی فون 16 سیریز کو تو متعارف نہیں کرایا گیا لیکن اگلے سال آنے والے سلم ماڈل سے متعلق ابھی سے خبریں سامنے آنا شروع ہوچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے رواں سال آئی فون 16 سیریز متعارف کرایئے جانے کا قوی امکان ہے جس کے مختلف ڈیزائن زیر غور ہیں۔

  • ونڈوز 11 کے شاندار فیچرز نے لوگوں کو حیران کردیا

    ونڈوز 11 کے شاندار فیچرز نے لوگوں کو حیران کردیا

    کچھ دن قبل مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا جس نے صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

    ونڈوز 10 کی لانچ کے موقع پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ اب کوئی نئی ونڈوز پیش نہیں کی جائے گی بلکہ اسی کو اپڈیٹ کیا جاتا رہے گا اور یہی وجہ ہے کہ ونڈوز 10 دھڑا دھڑ فروخت ہوئی۔

    لیکن 6 سال بعد اچانک ونڈوز 11 کا اعلان کر دیا گیا اور لیک شدہ ورژن میں بظاہر ایسی کوئی خاص چیز نہیں دکھائی دی۔

    اب مائیکرو سافٹ نے خصوصی ایونٹ میں ونڈوز 11 کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے اور اب جو خوبیاں سامنے آئی ہیں تو لوگ حیران ہو گئے ہیں۔ سب سے نمایاں سہولت یہ ہے کہ ونڈوز 11 پر اینڈرائیڈ ایپس بھی چلیں گی۔

    مائیکرو سافٹ کے مطابق وہ ونڈوز 11 میں اینڈرائیڈ ایپس لانے کے لیے ایمیزون کے ایپ اسٹور کا استعمال کر رہا ہے۔ یہ ایپس نئے ونڈوز اسٹور میں شامل ہوں گی اور انہیں نہ صرف ٹاسک بار میں لگایا جا سکتا ہے بلکہ عام ونڈوز ایپس کے ساتھ ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    مائیکرو سافٹ انٹیل کے ساتھ مل کر بھی کام کر رہا ہے تاکہ انٹیل برج ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اسے حقیقت کا روپ دے، گو کہ اینڈرائیڈ ایپس اے ایم ڈی اور اے آر ایم سے لیس کمپیوٹرز پر بھی خوب چلتی ہیں۔

    ونڈوز 11 پر اینڈرائیڈ ایپس دراصل ایپل کی جانب سے اپنی ایم ون چپس کے ساتھ میک او ایس پر آئی او ایس کی ایپس کو چلانے کی صلاحیت پیش کرنے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہے۔

    گو کہ موبائل ایپس کے کئی متبادل ڈیسک ٹاپ پر مل جاتے ہیں، لیکن ان کی اپنی کمزوریاں اور خامیاں ہیں، بلکہ اسنیپ چیٹ جیسی کئی ایپس تو ایسی ہیں جو صرف اسمارٹ فونز پر ہی چلتی ہیں۔

    تقریب کے دوران ونڈوز 11 پر ٹک ٹاک جیسی ایپ چلانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، اس دوران ونڈوز اسٹور میں رِنگ، یاہو، اوبر اور دیگر ایپس بھی نظر آئیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اینڈرائیڈ ایپس کو ونڈوز 11 پر کتنی ڈیوائس سپورٹ کر پائیں گی۔

    مائیکرو سافٹ، ونڈوز 11 کو ایک تیز تر، بہتر اور محفوظ تر ورژن قرار دیتا ہے، جس میں نئے رنگ، نئے انداز اور نئی آوازیں سب شامل ہیں۔ اسے ونڈوز 10 سے زیادہ تیز آپریٹنگ سسٹم بھی کہا جا رہا ہے۔

    دیگر نمایاں خصوصیات میں ٹاسک بار پر موجود آئیکونز اور اسٹارٹ مینیو کو درمیان میں لانا بھی شامل ہے۔

    فی الحال ونڈوز 11 کی عوامی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، صرف اتنا کہا گیا ہے کہ اسے رواں سال کے آخر پر تعطیلات کے موسم میں پیش کیا جائے گا۔

  • صحت سہولت موبائل ایپ کا اجرا

    صحت سہولت موبائل ایپ کا اجرا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے صحت سہولت موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ حکومت کا انقلابی پروگرام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں صحت سہولت موبائل ایپ لانچنگ کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایپ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان نے صحت سہولت موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، یونیورسل ہیلتھ کوریج یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ حکومت کا انقلابی پروگرام ہے۔

    ڈاکٹر سلطان کا مزید کہنا تھا کہ صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلا دیا ہے، 90 اضلاع میں صحت سہولت پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔

  • اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے  سے معلومات،  ‘پاک نگہبان ایپ’ لانچ

    اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے معلومات، ‘پاک نگہبان ایپ’ لانچ

    اسلام آباد : حکومت نے کورونا کی مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر وینٹی لیٹرزکی اسپتالوں میں دستیابی پر پاک نگہبان ایپ لانچ کردی، ایپ کسی بھی ایمرجنسی میں زندگیاں بچانےمیں معاون ثابت ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابقنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر بڑا اقدام اٹھایا اور وینٹی لیٹرزکی اسپتالوں میں دستیابی پرایپ لانچ کردی۔

    این سی اوسی نے کہا ملک بھر میں 1110اسپتالوں کو پاک نگہبان ایپ سے منسلک کردیاگیا ہے ، ایپ سےاسپتال میں وینٹی لیٹرز،بیڈ دستیابی کی آگاہی لی جاسکتی ہے، ایپ کسی بھی ایمرجنسی میں زندگیاں بچانےمیں معاون ثابت ہو گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا این سی اوسی نےریسورس مینجمنٹ سسٹم کا اجراکر دیا ہے، آرایم ایس سسٹم کےذریعےملک بھرمیں 15459اسپتالوں کو منسلک کیا گیا ، سسٹم سےصوبےاپنے اسپتالوں کے اندر سہولتوں کا جائزہ لےسکتےہیں۔

    این سی اوسی کے مطابق آرایم ایس کے ذریعے اسپتالوں کی انوینٹری کوچیک کیا جا سکے گا، جس اسپتال میں کمی ہو گی وہاں سہولتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    دوسری جانب اسدعمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹرکاخصوصی اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی اوسی کی ماہرین،مینجمنٹ ایکسپرٹس کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے، ڈاکٹرفیصل سلطان کی قیادت میں ٹیم لوکل انتظامیہ مہارتیں شیئر کرے گی اور ضروریات کاجائزہ لیاجائے گا۔

    اجلاس میں صوبوں میں ایس اوپیزپرعمل درآمدکےحوالےسےبریفنگ میں کہا گیا بلوچستان میں ایس اوپیز کی خلاف وزری پر3ہزاردکانیں سیل کی گئیں، صوبےمیں ایس اوپیزپر عمل کےلیےموثرعوامی مہم بھی یقینی بنائی گئی۔

  • روس نے چار فوجی سیٹلائٹ خلاء میں بھیج دئیے

    روس نے چار فوجی سیٹلائٹ خلاء میں بھیج دئیے

    ماسکو : روس نے چار عسکری سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیئے، روسی حکومت کےترجمان نے ان سیٹلائٹ کی قسم اور ان کے آئندہ کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے خلا میں چار عسکری سیٹلائٹ چھوڑدیئے ، ان چاروں سیٹلائٹ کو ملک کے شمال میں واقع پلیسٹیک خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔

    اس سلسلے میں ریاستی نیوز ایجنسی نے روسی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ خلائی فورسز کے ایک یونٹ نے سویوز راکٹ کو بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا جو چار سیٹلائٹ کا حامل ہے۔ یہ سیٹلائٹ وزارت دفاع کی ضروریات کے واسطے مخصوص ہیں۔

    ترجمان نے ان سیٹلائٹ کی قسم اور ان کے آئندہ کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس سال 2011 سے وہ واحد ملک بن چکا ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ٹیموں کو بھیجنے کی قدرت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے کئی اسکینڈلوں اور متعدد ناکام تجربات نے روسی خلائی سیکٹر پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر راساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کی بیس تاریخ کو مقررہ پروگرام کے مطابق ایک نئی ٹیم بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجی جائے گی۔ ٹیم میں امریکا، روس اور اطالیہ شامل ہیں۔

  • عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ دفاع کےحکام نے سرحدی علاقےخمیس مشیط کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے خمیس مشیط میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک مسلح ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہاکہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 10 بج کر34 منٹ پر خمیس مشیط میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ایران نواز حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

    کرنل ترکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے، اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے جب کہ عرب اتحادی فوج اور سعودی محکمہ دفاع حوثیوں کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہے۔

    خیال رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرون حملے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ حالیہ ایام میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  • امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی فورسز نے ایران پرصدر ٹرمپ کے فضائی حملے کا حکم واپس لینے کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران کی جانب سے ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کو فضائی حملہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد ٹرمپ نے حملے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کیا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے مذکورہ سائبر حملے کے ذریعے ایران کے ان کمپیوٹرز کو متاثر کیا ہے جن کے ذریعے راکٹ فائر کیے جاتے ہیں تاہم آزاد خبر رساں اداروں سے ایرانی کمپیوٹرز کے متاثر ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے مبینہ طور پر ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کئی ہفتوں سے جاری تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارک مطابق امریکی حکام کا مذکورہ سائبر حملوں کا مقصد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ہتھیاروں کو ناقص کرنا تھا جس کے ذریعے انہوں نے امریکی ڈرون طیارے اور تیل کے جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی سائبر حملے کے باعث ایرانی ہتھیاروں کا نظام کچھ دیر کے لیے بند ہوگیا تھا، امریکا کی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا تھا کہ امریکی کمپیوٹر سسٹم بھی ایرانی ہیکرز کے حملوں کی زد میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے خلیج عمان میں آئل ٹینکرز پر حملوں کا جواب سائبر حملوں کے ذریعے دینے کا مشورہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، ایک روز قبل ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دے کر واپس لیا جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

    امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے اور 1500 فوجی تعینات کر رکھے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار اہلکاروں کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

  • موٹرویزاورہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    موٹرویزاورہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    اسلام آباد : وفاقی وزیرمواصلات مرادسعیدکی ہدایت پر”ہم سفر” ایپ کا نیا ورژن لانچ کر دیاگیا، سفری سہولتوں کےلئےبنائی گئی ایپلی کیشن آئی اوایس آپریٹنگ سسٹم پرمتعارف کرایا گیا ہے ، ایپ کے ذریعے سفر سےپہلےبارش،دھند،ٹریفک صورتحال معلوم کی جا سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹرویزاور ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر آگئی ، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر "ہم سفر” ایپ کا نیا ورژن لانچ کر دیاگیا۔

    سفری سہولتوں کے لئے بنائی گئی ایپلی کیشن کو آئی اوایس آپریٹنگ سسٹم پر متعارف کرایا گیا ہے ، انٹیلی جینٹ انٹرفیس وائس سسٹم پر مشتمل ایپ اب آئی فون یوزرز کودستیاب ہوگی ، اس سےپہلےایپلی کیشن صرف اینڈرائڈصارفین ہی استعمال کر سکتے تھے۔

    موبائل صارفین ایمرجنسی میں موٹر وے کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ ایپ مسافر کا ہنگامی پیغام فوری طور پر کنٹرول روم تک ٹرانسمٹ کرتی ہے، جس سے موٹر وے پر موجودامدادی ٹیمیں مسافروں کی بروقت مدد کر رہی ہیں۔

    ایپ کے ذریعے امدادی ٹیم کی روانگی اور موجودہ لوکیشن مسافر براہ راست مانیٹر کر سکتا ہے جبکہ سفر سے پہلے بارش، دھند، ٹریفک کی صورتحال معلوم کی جا سکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ ہم سفر کا اجرا

    یاد رہے نومبر 2018 میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) اور موٹر وے پولیس کی جانب سے موبائل ایپلی کیشن ہمسفر کا آغاز کیا گیا تھا۔

    وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے ہمسفر ایپ کا اجرا کیا گیا ، دوران سفر مسافروں کو ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا روڈ نیٹ بڑھانے اور محفوظ کرنے سے کاروباری مواقع بڑھتے ہیں، ہمارا مقصد لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

  • ایرانی حملے کا خدشہ، امریکا نے بحیرہ عرب میں فوجی مشق کا آغاز کردیا

    ایرانی حملے کا خدشہ، امریکا نے بحیرہ عرب میں فوجی مشق کا آغاز کردیا

    بحیرہ عرب : امریکا ایران کشیدگی کے باعث دو روز سے بحیرہ عرب میں جنگی مشقیں جاری ہیں، جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی صدر کے ساتھ مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی‘امریکی جارحیت ناقابل قبول ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکا نے بحیرہ عرب میں ایرانی خدشات کا سامنا کرنے کے لیے فوجی مشق کا آغاز کردیا۔

    امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ خلیج فارس میں غیر ظاہر شدہ ایرانی خدشات کے پیش نظر تعینات فضائی طیاروں سے لیس بحری بیڑے کے ساتھ انہوں نے بحیرہ عرب میں مشقیں کیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ مشقیں اور تربیت امریکی ابراہم لنکن ایئرکرافٹ کیریئر کے ساتھ امریکی میرین کورپس کے تعاون سے کی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ان کے مطابق اس مشق میں خلیج فارس میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ کے 2 گروہوں نے شرکت کی۔امریکی نیوی کے مطابق 2 روز تک ہونے والی ان مشقوں میں فضا سے فضا میں حملوں کی تربیت کی گئی۔

    خیال رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایران پر نئی معاشی پابندیوں کے فوری بعد مشرق وسطیٰ میں طیارہ بردار جہاز اور بی 52 بمبار طیارے تعینات کیے تھے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے اعلان اور ایران پر پابندی کے دوبارہ نفاذ کے بعد ایرانی معیشت بحران کا شکار ہوگئی ہے، جس سے دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ہیں۔

    ایران امریکی صدر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تجویز کو مسترد کرچکا ہے اور اس سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔

  • سابق فاٹا کےعوام کوقومی دھارےمیں شامل کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، وزیراعظم

    سابق فاٹا کےعوام کوقومی دھارےمیں شامل کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق فاٹاکے عوام کو قومی دھارےمیں شامل کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، باجوڑ میں تھری جی سروس لانچ کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا سابق فاٹاکےعوام کوقومی دھارے میں شامل کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، گزشتہ جمعےکو باجوڑ کے عوام سے تھری جی سروس کا وعدہ کیا تھا اور آج باجوڑ کی تحصیل خاورمیں تھری جی سروس لانچ کردی گئی ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کا کہنا تھا تھری جی سروس کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، باجوڑ میں تھری جی سروس کل سے باضابطہ شروع کردی جائے گی۔

    محمود خان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کی قبائلی عوام سے محبت کا اظہار ہے کہ وہ قبائلی عوام کے مطالبات اور ان کی بنیادی سہولیات کا خیال رکھتے ہیں، باجوڑ جلسے کے دوران قبائلی نوجوانوں نے وزیراعظم سے تھری جی سروس کی درخواست کی تھی، قبائلی نوجوانوں کو تھری جی سروس مبارک ہو۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی حکومت نے قبائلی علاقوں میں سرکاری ٹی وی کی نشریات بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، فیصلہ وزیراعظم کے باجوڑ جلسہ کے بعد کیا گیا، دہشت گردی کی کارروائیوں میں بوسٹرز تباہ کر دیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی حکومت کا قبائلی علاقوں میں سرکاری ٹی وی کی نشریات بحال کرنے کا فیصلہ

    اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے آئی جی ایف سی سے رابطہ کیا اور قبائلی عوام کو اطلاعات و نشریات تک رسائی دینے پر مشاورت کی گئی ، حکومت کا کہنا ہے قومی و سیاسی امور پر اطلاعات کا حصول آسان بنایا جائے۔

    آئی جی ایف سی سمیت سیکیورٹی اداروں نے اہم فیصلے پر اتفاق کرلیا ہے ، سرکاری ٹی وی کے بوسٹرز کی دوبارہ تنصیب پر کام شروع کر دیا گیا ہے، قبائلی اضلاع میں سرکاری ٹی وی کی نشریات کا آغاز جلدشروع ہو گا۔

    واضح رہے باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو جنگ سے بہت نقصان پہنچا لیکن ہر مشکل کے بعد اللہ آسانی پیدا کرتا ہے، انشااللہ قبائلی علاقوں کا آسانی کا وقت شروع ہوگیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ باجوڑمیں انٹرنیٹ آناچاہئے، باجوڑ کا نوجوان شعور رکھتا ہے، پہلی کوشش باجوڑ میں انٹرنیٹ پہنچانے کی کریں گے، قبائلی علاقوں میں جنگ کی وجہ سےتباہی ہوئی، اسلام آباد پہنچتے ہی باجوڑ میں انٹرنیٹ پہنچانے کی کوشش کروں گا۔