Tag: launches campaign

  • ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے مقبوضہ کشمیرکےلیے عالمی مہم شروع کردی

    ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے مقبوضہ کشمیرکےلیے عالمی مہم شروع کردی

    نئی دہلی : ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے مقبوضہ کشمیرمیں کمیونیکیشن لاک ڈاؤن ایمنسٹی کا لاک ڈاؤن کے خاتمے کے لئے مہم کاآغاز کردیا ، کشمیرکے لئے آوازاٹھائیں کے ہیش ٹیگ کے ساتھ مہم چلائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی رابطوں پر پابندی اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کی مہم شروع کردی، کشمیرکے لئے آوازاٹھائیں کے ہیش ٹیگ سے شروع ہونے والی مہم کے تحت اس کے پیج پر جاکر کوئی بھی شخص اپنے نام اور ای میل ایڈریس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیاپال ملک کو ای میل کرے گا اور ان سے کشمیر میں پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکار پٹیل نے کہا کہ ایک مہینہ ہونے کو آیا ہے جب سے کشمیریوں کی خیریت کی کوئی خبر نہیں سنی، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی کے باعث وہاں کے 80 لاکھ افراد کی زندگی پٹری سے اتر گئی ہے، رابطوں پر پابندی کشمیریوں کی شہری آزادی پر بدترین حملہ ہے۔

    آکار پٹیل کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے ہونے والے انسانی نقصان کو اجاگر کرنے کیلئے ایک عالمی مہم شروع کی جارہی ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کہا کہ ایک مہینے سے جاری کرفیو اور دیگر پابندیوں نے کشمیریوں کی روز مرہ زندگی، جذبات، ذہنی حالت، طبی سہولیات تک رسائی اور دیگر ضروریات زندگی تک رسائی کو بری طرح متاثر کیا ہے، ان پابندیوں کا دورانیہ اب مزید طویل نہیں ہونا چاہیے۔

    ایمنسٹی انڈیا کا کہنا تھا کہ نیا کشمیر کشمیریوں کے بغیر نہیں بنایا جاسکتا، مقبوضہ کشمیر میں صرف مواصلاتی نظام کو ہی نہیں، بلکہ کشمیریوں کے دل و دماغ کو بھی بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، حکومت ٹیلی فونز کو بحال کرنے کا دعوی کر رہی ہے لیکن 80 لاکھ کشمیریوں کو جھوٹے دعوؤں سے نہیں بہلایا جاسکتا۔

    تنظیم نے مطالبہ کیا گورنر ستیاپال ملک انسانیت کو ترجیح دیں اور مقبوضہ کشمیر سے ذرائع مواصلات پر پابندی ختم کریں۔

  • پاکستانی نژاد ساجدجاوید کا کنزر ویٹو پارٹی کے الیکشن لڑنے کا اعلان

    پاکستانی نژاد ساجدجاوید کا کنزر ویٹو پارٹی کے الیکشن لڑنے کا اعلان

    لندن : پاکستانی نژادساجدجاوید نے کنزر ویٹو پارٹی کے الیکشن لڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہمیں اعتماد اور اتحاد بحال کرنے کی ضرورت ہے، ساجد جاوید پارٹی چئیرمین منتخب ہونے پر ساجدجاوید برطانیہ کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید وزیراعظم تھریسامے کے استعفے کے اعلان کے بعد وزارت اعظمٰی کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

    ویڈیو پیغام ساجد جاوید نے کہا سب سے پہلے بریگزٹ پر کام کرنا ہوگا اس کے لیے اعتماد قائم کرنا ہوگا،کمیونیٹیز کو قریب لانے کے لیے پل کا کام کرنا ہو گا اور ہمیں اپنے معاشرے اور معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ ایک خوشحال ملک کے مواقعوں سے ہر کوئی فیض پا سکے۔

    خیال رہے پارٹی چئیرمین منتخب ہونے کی صورت میں ساجد جاوید برطانیہ کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، ساجد جاویدگزشتہ سال وزیر داخلہ کے عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔

    اس سے قبل پاکستانی نژاد ساجد جاوید برطانیہ کی لوکل گورنمنٹ، ہاوسز کے وفاقی وزیر تھے، ساجد جاوید سنہ 2010 سے برطانوی پارلیمنٹ کا حصّہ ہیں، وہ برطانیہ کے سابق انویسٹمنٹ بینکر، اور برومزگرو سے ایم پی منتخب ہوکر وزیر برائے بزنس اور ثقافت بھی رہ چکے ہیں۔

    خیال رہے برطانیہ کی کنزرویٹیو پارٹی کے رکن اور نو منتخب وزیر داخلہ ساجد جاوید پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے ہیں، جو سنہ 1960 میں اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب وزارت عظمٰی کی دوڑ میں کئی نامی گرامی سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں ، جن میں بورس جانسن، ایستھر میک وی، روری سٹیورٹ، اور جیرمی ہنٹ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں :  برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا مستعفیٰ ہونے کا اعلان

    یاد رہے برطانیہ کی وزیرِ اعظم ٹریزا مے نے بریگزٹ معاہدے کے معاملے پر اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے سات جون کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    لندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر اپنے خطاب میں برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے شدید پشیمانی کی بات ہے کہ وہ بریگزٹ نہیں کروا سکیں، میں نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالتے ہی یہ کوشش رہی کہ برطانیہ صرف چند لوگوں کو فائدہ نہ دے بلکہ سب کے لیے ہو۔