Tag: Lava

  • ویڈیو: کھولتے ہوئے لاوے کو جمع کرنے کا خطرناک عمل

    ویڈیو: کھولتے ہوئے لاوے کو جمع کرنے کا خطرناک عمل

    آپ نے مختلف ممالک میں آتش فشاں پہاڑوں سے لاوا ابلنے کے بارے میں تو ضرور سنا ہوگا، جو اپنے آس پاس کے علاقوں میں پھیل کر تباہی مچادیتے ہیں۔ آج ہم آپ کو اس لاوے کی ایک انوکھی ویڈیو دکھانے جارہے ہیں۔

    یہ ویڈیو ایک ماہر ارضیات کی ہے جو پگھلے اور کھولتے ہوئے لاوے کو جمع کر رہا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے مناظر حیران کن دکھائی دے رہے ہیں جس میں یہ ماہر برق رفتاری سے نہ صرف اپنا کام کر رہا ہے بلکہ اس کھولتے ہوئے لاوے سے اپنے آپ کو محفوظ بھی رکھے ہوئے ہے۔

    اس گرم کھولتے ہوئے سیال مادے کو پانی کی بالٹی میں ڈالا جارہا ہے، لاوے کی گرماہٹ سے بالٹی میں موجود پانی بھی کھول اٹھا ہے اور اس میں سے دھواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔

    پانی کی وجہ سے لاوا فوراً جم گیا ہے البتہ یہ ابھی بھی خطرناک حد تک گرم ہے۔ یہ عمل اس لیے ضروری ہے تاکہ پگھلے ہوئے لاوے میں کرسٹل نہ بنیں، لاوے میں کرسٹل پیدا ہوجانے کے بعد یہ مختلف دھاتوں میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

    بعد ازاں یہ لاوا لیبارٹریز میں لے جایا جائے گا اور اس پر تحقیق کی جائے گی۔

    مذکورہ ویڈیو امریکی ریاست ہوائی میں واقع کیلیویا آتش فشاں پہاڑ کی ہے جس نے 2 سال قبل بڑے پیمانے پر لاوا اگلا تھا۔

    اس پہاڑ سے لاوا نکلنے کا عمل جاری رہتا ہے اور یہاں سے باقاعدگی سے لاوا جمع کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد پہاڑ کے اندر موجود لاوے کی ساخت اور اس کے پھٹنے کے وقت اور شدت کا اندازہ لگانا ہے۔

  • کھولتے لاوے نے سڑک پر کھڑی کار کو نگل لیا

    کھولتے لاوے نے سڑک پر کھڑی کار کو نگل لیا

    امریکی ریاست ہوائی میں ابلتے ہوئے لاوے نے جہاں کئی گھروں کو نقصان پہنچایا وہیں 17 سو کے قریب افراد کو بھی نقل مکانی کرنے پر مجبور کردیا۔

    آتش فشاں پہاڑ 4 مئی کو پھٹا تھا جس کے بعد وہاں سے گرم لاوے اور نقصان دہ گیسوں کا اخراج شروع ہوگیا۔ آتش فشاں پھٹنے کے وقت 6.9 شدت کا زلزلے کا جھٹکا بھی محسوس ہوا۔

    آتش فشاں کا لاوا علاقے میں 9 ایکڑ تک پھیل گیا جس کی زد میں آ کر 26 مکانات بھی تباہ ہوئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک پر لاوا بہہ کر آنے کے دوران وہاں کھڑی ایک کار بھی اس کی زد میں آکر تباہ ہوگئی۔

    علاقے میں نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 2 ریسکیو سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں ان افراد نے عارضی طور پر پناہ لی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو

    پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو

    دنیا حیران کن واقعات و اتفاقات کا مجموعہ ہے۔ اب اس سیاحتی گائیڈ کو ہی دیکھ لیجیئے جو ایک لاوا ابلتے ہوئے پہاڑ پر گیا تو کسی اور مقصد سے تھا، لیکن وہاں اس کا کیمرہ اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا جس نے پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو ریکارڈ کرلی۔

    امریکی ریاست ہوائی میں ایرک اسٹورم نامی یہ سیاحتی گائیڈ سیاحوں کے ایک گروپ کے ساتھ ایک آتش فشاں پہاڑ کے اوپر گیا۔ اسی دوران وہاں سے کم مقدار میں لاوا ابلنا شروع ہوگیا اور سیاح اس پگھلتے لاوے کو بہتا دیکھ کر رک گئے۔

    ایرک بھی اس کی ویڈیو بنانے لگا کہ اچانک کیمرا اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا اور لڑھکتا ہوا لاوے کے ساتھ ایک تنگ جگہ پر پھنس گیا جس کے بعد لاوا کیمرے کے اوپر آگرا اور کیمرا بھی جلنا اور پگھلنا شروع ہوگیا۔

    خوش قسمتی سے لاوا شدید نوعیت کا نہیں تھا لہٰذا اس کا اخراج جلد ہی رک گیا اور بہتا ہوا لاوا چند منٹ بعد سخت پتھر کی شکل اختیار کرگیا۔

    ایرک کا کیمرہ بھی لاوے کی زد میں آکر سخت پتھر میں قید ہوچکا تھا جسے کسی طرح ایرک نکال کر گھر لے آیا۔

    ایرک کا خیال تھا کہ اس پتھر کے نیچے سے اس کا جلا ہوا کیمرہ برآمد ہوگا اور وہ اپنے کیمرے سے محروم ہوجائے گا۔ اس نے ایک ارضیاتی پتھر کے مخصوص ہتھوڑے سے پتھر کو توڑ کر کیمرے کو باہر نکالا تو کیمرے کا لینس جل چکا تھا۔

    تاہم یہ دیکھ کر ایرک کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ اس میں موجود فلم اور ریکارڈنگ بالکل محفوظ رہی تھی۔ ایرک نے اس ویڈیو کو چلایا تو پگھلتے لاوے کی یہ حیران کن ویڈیو سامنے آئی۔

    ایرک نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جہاں لوگوں نے اس ویڈیو کو دیکھ کر بے حد خوشی و حیرت کا اظہار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔