Tag: Law Minister Punjab

  • کراچی آپریشن غیر جانبدارانہ ہے، رانا ثناء اللہ

    کراچی آپریشن غیر جانبدارانہ ہے، رانا ثناء اللہ

    فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن غیرجانبدارانہ ہے، ایم کیوایم کوجرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرنی چاہیئے نہ کہ شور کیا جائے کہ ان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی میں نیزہ بازی مقابلوں کے موقع پر سپورٹس اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا ایم کیو ایم ایک سیاسی جماعت ہے اور ہم اس کا سیاسی کردار دیکھنے کے خواہش مند ہیں، کسی سیاسی جماعت کو مجرمانہ اور خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

    پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے نائن زیرو سے گرفتار افراد جرائم میں ملوث ہیں، ایم کیو ایم شور مچانے کی بجائے ان کی بے گناہی ثابت کرے، غیر جانبدارانہ کراچی آپریشن میں مزاحمت ایم کیو ایم کی قیادت کے لئے مناسب نہیں ہو گا، شریف لوگوں کی جان لینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں موجود غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

    دہشت گردی کے باعث سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم نہ کئے جا سکے، اب آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے قانون نافذ ہوگا تو سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز خودبخود ختم ہو جائیں گے ۔

  • وزیرِقانون پنجاب کے قلمدان واپس لینے کی خبر،پنجاب حکومت کی وضاحت

    وزیرِقانون پنجاب کے قلمدان واپس لینے کی خبر،پنجاب حکومت کی وضاحت

    لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان نے رانا مشہود سے وزارت قانون کا قلمدان واپس لینے کی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا مشہود احمد خاں نےذاتی وجوہ کی بناء پر قانون اور پارلیمانی امور کی وزارت کے قلمدان خود چھوڑے ہیں۔

    ترجمان حکومت پنجاب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا مشہود نے ذاتی وجوہ کی بنا پر استعفی دیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیم اور کھیل کی وزارتوں کے قلمدان بدستور رانا مشہود احمد خان کے پاس رہیں گے۔ وزیرِ قانون کا چارج اب وزیرِخزانہ میاں مجتبی شجاع اُلرحمن  سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ رانامشہود کی تبدیلی کو اے آروائی کے پروگرام کھرا سچ میں اُن کا ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے تناظر میں دیکھاجارہا ہے، جس میں وہ ایک شخص عاصم ملک سے ایک بڑی رقم کا چیک وصول کرتے نظر آرہے ہیں ایک دوسری ویڈیو میں رانا مشہود جعلی پولیس مقابلوں کا اعتراف بھی کرتے نظر آتے ہیں۔

    رانا مشہود کو وزارت سے ہٹائے جانے کے فیصلے کی خبر بھی چند روز قبل اے آروائی ہی نے سب سے پہلے نشر کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے اپنے پاس موجود وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر ماحولیات کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو دے دیا۔ زرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے میں خوشاب، بوریوالہ اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے وزراء سے قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔

    زعیم قادری، عائشہ غوث اور رانا ارشد سمیت نئے ارکان کی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔

  • طاہرالقادری عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں،رانا مشہود

    طاہرالقادری عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں،رانا مشہود

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بزدل انسان ہیں، عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں، حکومت کی رٹ چیلنج کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے بیٹے کیخلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    ایوان وزیراعلٰی لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور کے وسط میں نوگو ایریا بنا لیا ہے، پولیس اہلکاروں کو اغواء بھی کیا گیا لیکن حکومت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ سیاسی لوگوں سے مذاکرات ہوں گے، انہوں نے دعوٰی کیا کہ مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے اسلحہ اور کیل والے ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں، پنجاب کے سات شہروں کو دھماکوں سے اڑانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وفاق کے ذریعے کینیڈین ہائی کمشنر سے بات کر رہی ہے کہ وہ اپنے شہری کو پاکستان میں انتشار پھیلانے سے روکے۔ رانا مشہود نے کہا کہ پٹرول کی سپلائی اگلے چند گھنٹوں میں ٹھیک ہوجائے گی، شرپسندوں کو روکنے کے لئے کنٹینر لگائے گئے ہیں، جس کے باعث سپلائی معطل ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری اگر بانڈ بھردیں کہ تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے تو انہیں یوم شہداء منانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔