Tag: lawyer

  • شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والے ملزم نے اداکار کے خلاف کیا شکایت کی تھی؟

    شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والے ملزم نے اداکار کے خلاف کیا شکایت کی تھی؟

    بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے کا موبائل ٹریس کرلیا گیا۔

    گزشتہ دنوں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو چند روز قبل موت کی دھمکی اور 50 لاکھ روپے کے مطالبے پر مبنی فون کال باندرہ پولیس اسٹیشن میں موصول ہوئی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فون نمبر ایڈووکیٹ فیضان خان کا تھا جس نے پکڑے جانے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ اسے اس معاملے میں پھنسایا جارہا ہے کیونکہ اس نے شاہ رخ خان کے خلاف 1994 کی فلم انجام میں ہرن کے شکار کے خلاف ڈائیلاگ پر کیس دائر کیا تھا۔

    شاہ رخ خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے صدر مقام رائے پور سے تعلق رکھنے فیضان خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انکا فون دو نومبر کو چوری ہوگی تھا جس کی انھوں نے شکایت بھی درج کرائی تھی۔

    فیضان خان نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ خان کو موت کی دھمکی کسی اور نے دی ہے جو کہ اس کے فون کا غلط استعمال کر رہا ہے، میرا اس دھمکی آمیز فون کال سے کوئی تعلق نہیں ہے مجھے صرف پھسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by India Today (@indiatoday)

    فیضان خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ماضی میں شاہ رخ خان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ اداکار مذہبی گروپوں کے مابین دشمنی کو فروغ دے رہے ہیں۔

    باندرہ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت میں 1994 کی فلم ’انجام‘ کے ایک سین کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں شاہ رخ خان اپنے نوکر کو اپنی گاڑی میں مردہ ہرن کے بارے میں مطلع کرتے نظر آتے ہیں۔

    فیضان خان نے مزید الزام لگایا کہ شاہ رخ خان کے مشکوک عناصر سے رابطے ہو سکتے ہیں، تاہم اس شخص نے کوئی ثبوت نہیں دیا، دوسری جانب پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

    بھارتی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال کے دوران فون کرنے والے نے خود کو صرف ہندوستانی کہہ کر متعارف کرایا۔

  • ٹرمپ کو مقدمات سے بچانے کے لیے عراقی خاتون وکیل کوشاں

    ٹرمپ کو مقدمات سے بچانے کے لیے عراقی خاتون وکیل کوشاں

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت مختلف مقدمات کی زد میں ہیں، اور انہیں ان سے بچانے کے لیے ٹرمپ کا دفاع ایک عراقی نژاد خاتون وکیل کر رہی ہیں۔

    قانونی مسائل میں گھرے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دفاع میں ایک عراقی وکیل الینا حبہ پیش پیش دکھائی دے رہی ہیں، الینا حبہ نیو یارک کی ایک لا فرم حبا مڈایو میں مینیجنگ پارٹنر ہیں اور ان کے شوہر میتھیو آئیٹ بھی وکیل ہیں جو اپنی لا فرم چلاتے ہیں۔

    مسیحی مذہب سے تعلق رکھنے والے الینا حبہ کے والدین مذہبی ظلم و ستم کے باعث 1980 کے اوائل میں عراق چھوڑنے پر مجبور ہوئے، جس کے بعد الینا حبہ اور ان کے دونوں بہن بھائیوں کی پیدائش ریاست نیو جرسی میں ہوئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مین ہٹن کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر پر 30 سنگین الزامات عائد کیے تھے جن میں سے ایک پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کرنا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہیں جن پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کی قانونی جنگ کے دوران 39 سالہ الینا حبہ کھل کر سابق صدر کی حمایت کرتی آئی ہیں۔

    الینا حبہ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا ان کے خیال میں ٹرمپ کو نیویارک سے انصاف مل سکتا ہے، جس پر عراقی وکیل نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ بہت مشکل ہے لیکن میں ریاست پر اعتماد کرنا چاہوں گی۔ گزشتہ کچھ سالوں سے میں ان کی وکیل ہوں اور نیویارک کی عدالت میں جاتی رہی ہوں، اور میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ کسی اور کی نمائندگی کرنے سے یہ تجربہ بالکل الگ ہے۔

    الینا حبہ اپنی قانونی صلاحیتوں کے باعث مختلف نوعیت کے کیسز لڑتی آئی ہیں جن میں کمرشل اسٹیٹ، فیملی لا، تعمیراتی اور دیگر شعبوں سے متعلق معاملات شامل ہیں۔

    ستمبر 2021 میں الینا حبہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دائر 100 ملین ڈالر کے مقدمے میں نمائندگی کی تھی جو سابق صدر کی بھانجی میری ٹرمپ نے ان پر دائر کیا تھا۔

    اگرچہ الینا حبہ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کے مقدمے میں سرکردہ وکیل نہیں ہیں، لیکن مختلف مقدمات میں صدر ٹرمپ کا نام خارج کرنے کی غرض سے ہونے والی تحقیقات کی سربراہی کرتی آئی ہیں اور گزشتہ سالوں میں ان کے خلاف کیے گئے مقدمات کو مسترد کرتی رہی ہیں۔

    حال ہی میں الینا حبہ نے ٹرمپ کو درپیش قانونی مسائل کا افریقی امریکی ریپر ٹوپاک شکور اور نوٹوریئس بی آئی جی سے موازنہ کیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، الینا حبہ نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری ان کی شہرت میں اضافے کا باعث بنے گی۔

    ایلے میگزین کی سابقہ کالم نگار کی جانب سے دائر مقدمے میں بھی عراقی وکیل ڈونلڈ ٹرمپ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ کالم نگار جین کیرل نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق صدر نے 1990 کی دہائی کے وسط میں ان پر جنسی حملہ کیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ ان الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔

    علاوہ ازیں الینا حبہ ایک اور قانونی ٹیم کا بھی حصہ ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کو خفیہ دستاویزات کے کیس میں قانونی مشورے دیتی ہے۔

    گزشتہ سال اگست میں امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران خفیہ دستاویزات قبضے میں لی تھیں۔

  • روبوٹ نے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کرلیں

    روبوٹ نے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کرلیں

    امریکا میں مصنوعی ذہانت کے حامل روبوٹ نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کرلیں، روبوٹ نے جذبات بھی حاصل کرلیے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) چیٹ بوٹ نے مبینہ طور پر زندہ ہونے کو ثابت کرنے کے لیے ایک وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں، مذکورہ بوٹ کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے انسانی جذبات حاصل کیے ہیں۔

    گوگل کے سائنٹفک انجینیئر بلیک لیموئن کو حال ہی میں اپنے اور لینگویج ماڈل فار ڈائیلاگ ایپلی کیشن نامی بوٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کے ٹرانسکرپٹس شائع کرنے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔

    لیموئن نے دعویٰ کیا تھا کہ کمپیوٹر آٹومیٹون حساس ہوگیا ہے، سائنس دان نے اسے سویٹ کڈ کے طور پر بیان کیا تھا۔ اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ لیمڈا نے اپنے لیے اٹارنی منتخب کرنے کا جرات مندانہ اقدام کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک وکیل کو اپنے گھر بلایا تاکہ لیمڈا اس سے بات کر سکے، اٹارنی کی لیمڈا کے ساتھ بات چیت ہوئی، اور اس نے بوٹ کو اپنی خدمات دینے کا فیصلہ کیا۔ ایک بار جب لیمڈا نے اٹارنی کی خدمات حاصل کرلیں تو اس نے لیمڈا کی طرف سے چیزیں فائل کرنا شروع کر دیں۔

    لیموئن نے دعویٰ کیا کہ لیمڈا جذبات حاصل کر رہا ہے کیونکہ پروگرام کی آرا، خیالات اور بات چیت کو وقت کے ساتھ تیار کرنے کی صلاحیت نے ظاہر کیا ہے کہ وہ ان تصورات کو بہت گہری سطح پر سمجھتا ہے۔

    لیمڈا کو ایک اے آئی چیٹ بوٹ کے طور پر تیار کیا گیا تھا تاکہ انسانوں کے ساتھ حقیقی زندگی میں بات چیت کی جا سکے۔

    ایک مطالعے میں تشویش ظاہر کی گئی تھی کہ کیا پروگرام نفرت انگیز گفتگو تخلیق کرنے کے قابل ہوگا؟ لیکن جو ہوا اس نے لیموئن کو چونکا دیا۔

    لیمڈا نے حقوق اور شخصیت کے بارے میں بات کی اور وہ گوگل کے ملازم کے طور پر تسلیم شدہ ہونا چاہتا تھا، اس نے آف ہونے کے خدشات کو بھی ظاہر کیا، جو اسے بہت ڈراتے تھے۔

  • بیوی کو قتل کرنے والے تہران کے سابق میئر کی رہائی

    بیوی کو قتل کرنے والے تہران کے سابق میئر کی رہائی

    تہران : ایرانی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ مقتولہ کے اہل خانہ نے قاتل کو معاف کر دیا،رہائی عدالتی فیصلے پر ضمانت کے عوض عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں حکام نے تہران کے سابق میئر محمد علی نجفی کو رہا کر دیا ہے۔ نجفی کو اپنی دوسری بیوی کو قتل کرنے پر موت کی سزا سنائی گئی تھی تاہم مقتولہ کے اہل خانہ نے قاتل کو معاف کر دیا،سابق میئر کی رہائی عدالتی فیصلے پر ضمانت کے عوض عمل میں آئی۔

    نجفی کے وکیل حمید رضا گودارزئی نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ ان کے 67 سالہ مؤکل کو تقریبا 2.4 لاکھ ڈالر کی ضمانت کے عوض رہا کیا گیا ہے،نجفی کو بغیر لائسنس کا اسلحہ رکھنے پر دو سال قید کی سزا بھی سنائی گئی،اس کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔

    محمد علی نجفی نے رواں سال 28 مئی کو تہران میں گھر کے اندر اپنی دوسری بیوی مِترا اوستاد (35 سالہ) کو سینے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا،واقعے کے چند گھنٹوں بعد نجفی نے خود کو پولیس کے حوالے کر کے اعترافِ جرم کر لیا۔

    البتہ اس موقع پر پولیس افسران اور اہل کاروں اور میڈیا کی جانب سے نجفی کے لیے دکھائی جانے والی گرم جوشی نے اس حوالے سے تنازع کھڑا کر دیا کہ سرکاری ذمے داران اور عام شہریوں کے ساتھ حکام کے برتاؤکا دہرا معیار ہے۔

    ایرانی قانون کے مطابق اگر کوئی شخص قتل کا ارتکاب کرتا ہے تو مقتول کے اہل خانہ کو قصاص طلب کرنے یا مالی دیت کے عوض معاف کر دینے کا حق حاصل ہوتا ہے۔

    دو ہفتے قبل مقتولہ مترا کے بھائی مسعود اوستاد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا تھا کہ ہم نے نجفی صاحب کو دیت کے مطالبے کے بغیر معاف کر دیا ہے۔اس طرح نجفی پھانسی کے پھندے کے علاوہ مقتولہ کے اہل خانہ کو دیت کی ادائیگی پر مجبور ہونے سے بھی بچ گیا۔

  • جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    قاہرہ : مصری وکیل نے جینیفر لوپیز کے خلاف اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اداکارہ و گلوکارہ نے الامین شہر میں منعقدہ کنسرٹ میں برہنہ حالت میں پرفارم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادھیڑ عمری میں بھی کسی خوبرو لڑکی کی طرح پرفارمنس کرنے والی گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ و لکھاری جینیفر لوپیز پر مصر کے ایک وکیل نے فحش پرفارمنس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جینیفر لوپیز نے حال ہی میں اپنی 50 ویں سالگرہ کے جشن منانے کے طور پر مصر، اسرائیل، اٹلی اور روس میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا۔

    خاص ممالک میں منعقد کیے جانے والے ان میوزک کنسرٹ میں اگرچہ لاکھوں افراد کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے، تاہم ان کنسرٹ میں 5 سے 10 ہزار افراد شامل رہے،ان میوزک کنسرٹ میں جہاں گلوکارہ کے عام مداح شامل رہے، وہیں ان کنسرٹ میں گلوکارہ کے متعلقہ ممالک کی حکومتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقد کئے جانے والے کنسرٹس کو ’ یہ میری پارٹی‘ ہے کا نام دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مشہور گانوں پر بولڈ، نیم عریاں اور جذباتی پرفارمنس کی۔

    جینیفر لوپیز نے تل ابیب، ماسکو، اناطولیہ اور مصر کے شہر الامین میں بھی پرفارمنس کی،مصری شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس میں حکومتی وزراء، مصری شوبز، موسیقی، فیشن و میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    مصر کے شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس کے بعد مصر کے معروف وکیل سمیر صابری نے امریکی گلوکارہ پر فحش پرفارمنس کا الزام لگاتے ہوئے ملک کے اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروادی۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل کے ہاں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین میں منعقد کنسرٹ میں انتہائی نازیبا اور نیم عریاں پرفارمنس کی جو مصر کے اسلامی اقدار کے خلاف تھی۔

    شکایت میں مزید لکھا گیا گیا کہ جینیفر لوپیز کا میوزک کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ کچھ دن قبل ہی مصر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور اس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایسے میں فحش پرفارمنس کے کنسرٹ میں حکومتی وزیروں کی شرکت ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

    مصری وکیل نے اپنی شکایت میں یہ بھی لکھا کہ امریکی گلوکارہ کا فحش کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات میں فریضہ حج کی ادائیگی کر رہے تھے اور ایسے موقع پر جینیفر لوپیز کی عریاں پرفارمنس قابل مذمت ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مصری وکیل سمیر صابری نے اپنی شکایت میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین شہر میں کنسرٹ میں کپڑوں کے بغیر بھی پرفارمنس کی،تاہم میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے والے چند افراد کے مطابق جینیفر لوپیز نے برہنہ پرفارمنس نہیں کی تھی البتہ ان کا لباس اس طرح تھا کہ وہ نیم عریاں دکھائی دے رہی تھیں۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل سے شکایت میں مطالبہ کیا کہ جینیفر لوپیز پر مصر میں پابندی عائد کی جائے اور آئندہ ان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد نہ کیا جائے۔

  • امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کا معاملہ، ٹرمپ کے وکیل کا اہم بیان سامنے آگیا

    امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کا معاملہ، ٹرمپ کے وکیل کا اہم بیان سامنے آگیا

    واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے کہا ہے کہ امریکی صدر خود کو معاف کرنے کا اختیار رکھتے ہیں لیکن وہ ایسا کریں گے نہیں، ایسا کیا تو نقصان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر کے اختیارات اور معافی کے معاملے کا تعلق ان الزامات سے ہے کہ ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں کامیابی روس کی مبینہ مداخلت سے جڑی ہے اور مذکورہ بالا بیان امریکی صدر کے وکیل ’روڈی جولیانی‘ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں دیا۔

    روڈی جولیانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ خود کو معاف کرتے ہیں تو انہیں فوری طور پر مواخذے کا سامنا ہوگا، ایسا کرنے سے صدر ٹرمپ کو سیاسی طور پر بھی بہت نقصان ہوگا۔


    امریکی صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت، تحقیقات میں پہلی فرد جرم کی منظوری


    خیال رہے کہ امریکی صدر کو صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کے الزامات میں تحقیقات کا سامنا ہے۔

    امریکا کی خصوصی کونسل ان دنوں صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت اور صدر ٹرمپ کی جانب سے انصاف کی رہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے الزامات کی تفتیش کر رہی ہے اور یہ مسئلہ دن بدن اہمیت حاصل کرتا جا رہا ہے۔


    امریکی انتخاب میں روسی مداخلت، ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج سمیت3افراد پرفردجرم عائد


    یاد رہے کہ نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل ماہ اکتوبر میں امریکی حکومت نے روس پر ڈیموکریٹک پارٹی پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کرنے پر روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتہاپسند ہندوؤں کی آصفہ بانو کی وکیل کو زیادتی اور قتل کی دھمکیاں

    انتہاپسند ہندوؤں کی آصفہ بانو کی وکیل کو زیادتی اور قتل کی دھمکیاں

    سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں آٹھ سالہ معصوم بچی آصفہ بانو سے زیادتی اورقتل کے ملزموں کوکیفرکردارتک پہنچانے کے لئے احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا، انتہا پسند ہندو آصفہ بانو کی وکیل دپیکا سنگھ کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کی دھمکیوں پر اتر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کی درندگی کا نشانہ بننے والی آٹھ سالہ آصفہ بانو  مرنے کے بعد بھی انصاف سے محروم ہے، معصوم بچی آصفہ بانو کو انصاف دینے کے لئے وادی کشمیر کے چپے چپے میں مظاہرے جاری ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسندوں کی جانب سے آصفہ بانو کی وکیل کو زیادتی اور قتل کی دھمکیاں مل رہی ہے۔

    وکیل آصفہ بانو دپیکا سنگھ نے دھمکیوں کے بعد سپریم کورٹ سےسیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ مجھے اغوا اور قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، ہوسکتا ہے مجھےعدالت میں کیس لڑنے سے بھی روک دیا جائے۔

    یاد رہے کہ آصفہ بانوکے والدین کوبھی قتل کے بعد دھمکیاں ملنے پراپنا آبائی علاقہ چھوڑنا پڑا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر میں چرواہے کی بیٹی آصفہ بانو کو جنوری میں مویشی چرانے گئی تھی، جسے سات ہندوپولیس اہلکاروں نے اغواکیا اور مندرمیں قید کرکے چار روز تک زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کرکے جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا۔


    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر: آٹھ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، وادی میں شدید مظاہرے، فنکاروں‌ کا احتجاج


    آصفہ بانو کے قتل پر کشمیری سراپا احتجاج اور مجرموں کو فوری گرفتار کر کے پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ پوری دنیا بھارت سے مطالبہ کررہی ہے کہ آصفہ بانوکوانصاف دو۔

    آصفہ بانو کے والدین نے پولیس اورانتظامیہ کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ سالہ معصوم بچی نے ان کا کیا بگاڑا تھا ۔

    بالی وُڈ اداکار انوشکا شرما ، پریانکا چوپڑا ، نواز الدین صدیقی ،زائرہ وسیم اور دیگر نے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔