Tag: Lawyers protest

  • کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی میں ڈیفنس تھانے کے قریب وکلا کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے نیتجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور وکلاء کے درمیان تنازع کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد نے احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے وکلا کے زخمی ہونے کا واقعہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر وکلاء نے کورنگی روڈ پر احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ڈیفنس موڑ کے قریب میں روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    وکلا کے مطابق پولیس کی جانب سے چند روز قبل ڈیفنس تھانے کے اندر کئی لاء کے اسٹوڈنٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہے۔

    مظاہرین وکلا کے مطابق پولیس نے یکطرفہ طور پر واقعے کا مقدمہ وکلا کے خلاف درج کیا، آج وکلا کی بڑی تعداد عدالتی احکامات لے کر ڈیفنس تھانے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے پہنچی تھی ، تاہم پولیس نے ایف ائی ار درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    جس کے بعد وکلا نے پہلے ڈیفنس تھانے پھر ڈیفنس موڑ کے قریب احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے  ٹریفک جام  اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔

    وکلاء برادری نے مطالبہ کیا کہ ان کے کیس کا فوری طور پر ایف آئی آر درج کیا جائے تاکہ معاملے کا جلد حل نکالا جا سکے۔

    بعد ازاں ڈیفنس موڑ کے قریب وکلاء نے پولیس کے خلاف 3 گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا، وکلا پُرامن طور پر منتشر ہوگئے اور کورنگی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،  احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک  جام رہا۔

  • حیدرآباد میں وکلا کا احتجاج، سندھ پولیس کا مؤقف بھی آگیا

    حیدرآباد میں وکلا کا احتجاج، سندھ پولیس کا مؤقف بھی آگیا

    حیدرآباد میں وکلا کا احتجاج پر سندھ پولیس کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پولیس اور وکلا کے درمیان تنازعے میں شدت آگئی، وکلا نے ایس ایس پی کا تبادلہ نہ ہونے پر مرکزی قومی شاہراہ کو بند کردیا۔

    سندھ پولیس نے واقعے پر جاری بیان میں جوڈیشل انکوائری کرانے کی پیشکش کی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فینسی وجعلی نمبر پلیٹس، کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے۔

    سندھ پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اقدامات کیے گئے، 3 فروری کو حیدرآباد بھٹائی نگر تھانہ کی حدود میں ایک کار کو روکا گیا، کار سوار شخص سے پوچھ گچھ کی گئی اور معقول جواب نہ ملنے پر کارروائی کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی پر وکلا نے ایس ایس پی آفس میں احتجاج  اور توڑ پھوڑ کی، مذاکرات کیے گئے لیکن  کچھ وکلا نے ایس ایس پی کی ٹرانسفر کی شرط رکھی، وکلا نےکہا ٹرانسفر آرڈر لائیں ورنہ بات نہیں ہوگی اس بات چیت کے دوران کچھ وکلا نے بائی پاس کو بلاک کردیا۔

    سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ بائی پاس کو بلاک کرنا عوام کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، ہم صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں، مسئلے کا قانونی حل چاہتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج حیدرآباد کی نگرانی میں جوڈیشل انکوائری کی جائے، بار کا نمائندہ اور سینئر افسران بھی انکوائری میں شامل ہوں، خلاف قانون کام ہوا ہے تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • صدرملتان ہائیکورٹ بار کی گرفتاری کا معاملہ، وکلا کا احتجاج، عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

    صدرملتان ہائیکورٹ بار کی گرفتاری کا معاملہ، وکلا کا احتجاج، عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

    لاہور : صدرملتان ہائیکورٹ بار شیر زمان کی گرفتاری کے احکامات پر وکلا کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف آج ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر کے وارنٹ جاری کرنے کے معاملہ پر لاہور ہائیکورٹ کے اطراف دوسرے روز بھی حالات کشیدہ ہیں، عدالت کو جانے والے تمام راستوں کو بڑے بڑے کنٹینرز رکھ کر سیل کر دیا گیا اور تمام راستوں پر خاردار تاربھی لگا دیے گئے ہیں۔

    لاہور ہائیکورٹ کے اطراف وکلا کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا، موجود وکلا کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

    ہائیکورٹ میں غیر یقینی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔

    گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار کے وکلا نے ہڑتال کی اور احتجاجی ریلی نکالی،ریلی میں شریک وکلا نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے باذی کی اس موقع پر مشتعل وکلا نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے پتلے پر جوتے اور ڈنڈے برسائے اور پتلا بھی نذر آتش کیا۔

    اس دوران وکلا کی جانب سے عدلیہ کے خلاف غلیظ زبان کا بھی استعمال کیا گیا وکلا کا کہنا تھاکہ ہم اپنے مطالبات کے حق کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کر یں گے۔

    ملتان میں بھی وکلا نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا، کچہر ی چوک پروکلا کے احتجاج کے پیش نظر پولیس کی نفری کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : ملتان بار کے صدر کی گرفتاری کا حکم، وکلا آپے سے باہر، لاہور ہائیکورٹ پر حملہ


    اسلام آباد میں وکلا نے جزوی طور پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جبکہ سندھ میں وکلا برادری بھی ہڑتال پر ہے، جنوبی پنجاب میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

    دوسری جانب لاہور بار کا آج اجلاس ہوگا، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، لاہور میں وکلامیڈیا نمائندوں پر برہم ہوگئے، مشتعل وکلا نے میڈیا نمائندوں کو کوریج سے روک کر دھمکیاں دیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز ججز سے بدتمیزی کیس میں لاہور ہائکیورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ملتان بار کے صدر کی گرفتاری کے حکم پر وکلا آپے سے باہر ہوگئے تھے اور لاہور ہائیکورٹ پر چڑھائی کردی، عدالت کا گیٹ توڑ دیا اور اینٹیں برسا دیں تھیں۔

    لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار نے وکلا پر تشدد کیخلاف کل پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا، چوہدری ذوالفقار نے کہا تھا کہ کل پنجاب بھر میں کوئی وکیل کسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔