Tag: LB election

  • ایم کیوایم نے انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کااعلان کردیا

    ایم کیوایم نے انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کااعلان کردیا

    کراچی : شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں البتہ متحدہ قومی موومنٹ نے کربلا کے شہداء کے سوگ میں کل بروز جمعرات کورات 8 بجے تک انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کااعلان کیا ہے ۔

    ایم کیوایم کے ایک اعلامیہ کے مطابق امام عالی مقام حضرت امام حسین اور کربلا کے دیگر شہداء کے چہلم کے موقع پراورواقعہ کربلا کے سوگ میں ایم کیوایم کی تمام تنظیمی اور انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے.

    جس کے تحت ایم کیوایم کی تمام انتخابی سرگرمیاں بدھ کی رات 12 بجے سے جمعرات کی شب 8 بجے تک معطل رہیں گی۔

  • عمران خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو مشکوک قرار دے دیا

    عمران خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو مشکوک قرار دے دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو مشکوک قرار دے دیا۔

    اپنے ٹوئیٹ میں عمران خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو مشکوک قرار دے دیا کہتے ہیں جب تک دھاندلی کرنے والوں کو سزا نہیں ہوتی، اور الیکشن کمیشن آزاد اور غیر سیاسی نہیں ہو جاتا ، اس وقت تک آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سات یونین کونسلز کے نتائج کو چیلنج کیا جائے گا، کپتان کا کہنا ہے ہم انشاء اللہ اسلام آباد میں اپنا میئر کھڑا کریں گے۔

    اسد عمر بھی کپتان کے بات کو آگے بڑھاتے نظر آئے کہتے ہیں انتظامیہ شفاف انتخابات کی اہل ہی نہیں۔

  • کراچی:بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں زور وشور سے جاری

    کراچی:بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں زور وشور سے جاری

    کراچی : شہر قائد میں پانچ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ سیاسی کارکنان انتخابی مہم کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے پولنگ میں چند دن رہ گئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم نے گہما گہمی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔

    دن بہ دن بڑھتی سردی بھی امیدواروں کے جذبات کو سرد نہیں کرسکی۔ کراچی کے علاقوں میں مسائل سے باخبر امیدواروں کے شہریوں سے رابطوں اور وعدوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ملیر کے جلسے میں پیپلزپارٹی نے بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ جیالوں کا روایتی جوش وخروش عروج پر تھا۔

    ایم کیوایم۔ تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے بھی مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز کے ذریعے شہریوں تک اپنا انتخابی پیغام پہنچایا۔

  • اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: غیرحتمی نتائج، تحریک انصاف کو برتری حاصل

    اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: غیرحتمی نتائج، تحریک انصاف کو برتری حاصل

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔

    اسلام آبادکے پہلے بلدیاتی الیکشن کے غیرحتمی نتائج کاسلسلہ جاری ہے چیئرمین کی نشست پرتحریک انصاف کےنو اورن لیگ کے چھ جب کہ تین آزاد امیدوار چییرمین منتخب ہوچکے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت میں اس وقت جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں کی جانب سے جشن کا سلسلہ جاری ہے کہیں مسلم لیگ ن تو کہیں تحریک انصاف کے حامی جشن منارہے ہیں۔ آزاد امید واروں کی جانب سے بھی مٹھائیوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

    پریذائڈنگ افسران کو بروقت اور فوری نتائج کی ترسیل کے لئے 200 اسمارٹ فونز فراہم کئے گئے تھے اور انہیں ان کی ٹریننگ بھی دی گئی تھی اس کے باوجود نتائج کی ترسیل کا سلسلہ انتہائی سست روی کا شکار ہے.

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے 200پولنگ اسٹیشنز کے نتائج فوری حاصل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرادی ۔

    الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد خان نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے افسران نتائج کی کاپی فوری الیکشن کمیشن نے سسٹم میں بھجوائیں گے جس سے نتائج شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ کامیاب رہا تو 2018کے عام انتخابات میں یہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔فدا محمد خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بہتر انداز میں انتخابی عمل جاری رہا اور پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ،ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران 31سے زائد شکایات ہوئی جن میں بعض سٹیمپ پیڈ کے بارے میں تھیں۔

    ان شکایاt کا ازالہ کر اگیا تاہم انکوائری بھی کرائی جائے گی، عمران خان کے جلسے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری سب کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں112 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج اور پولیس کو تعینات کیا گیا، خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر ایک ہزار خواتین سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کی گئیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے پولنگ کا انعقاد انتہائی پر سکون ماحول میں ہوا تاہم ٹرن آوٹ صر ف30فیصد رہا ۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے مختلف پولنگ سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

  • پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کاتیسرامرحلہ،ضابطہ اخلاق جاری

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کاتیسرامرحلہ،ضابطہ اخلاق جاری

    لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فوج اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

    بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت اسلحہ لے کر چلنے اور نمائش ،پر مکمل پابندی عائد ہوگی ،تمام امیدوار اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے جو پولنگ کے تین روز بعد واپس کیاجائے گا۔

    حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فوج اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق منتخب نمائندے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے علاوہ پولنگ اسٹیشن کا دورہ نہیں کرسکیں گے۔محکمہ داخلہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرز کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

  • اسلام آباد میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات: عوام میں زبردست جوش وخروش

    اسلام آباد میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات: عوام میں زبردست جوش وخروش

    اسلام آباد : پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخا بات ہورہے ہیں، جس میں چھ لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کےانعقاد کو پرُامن بنانےکےلئےسیکیورٹی کےموثر اقدامات کئے گئے ہیں،بلدیاتی عملےکی مدد کےلئے فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ پولیس کےدستے قانون پرعملدرآمد کےلئےمستعد کھڑے ہیں

    آج صبح ہی سے لوگ جوش وخروش سے اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں،پولنگ اسٹیشنز پر رائےدہندگان کی قطاریں لگ گئیں، یوسی تینتیس سے سیاہی اور اسٹمپ کی شکایات کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا,آنے والے وقت میں دارالحکومت پر کون راج کرے گا، بلّا ،تیر یا شیر س کا فیصلہ اسلام آباد کی عوام آج کردیں گے۔

    پولنگ کاعمل مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا،رائےدہندگان شام ساڑھےپانچ بجےتک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔پی ٹی آئی اورن لیگ میں کانٹےکا مقابلہ ہے، اس کے علاوہ سرکاری ملازم دو بجےکےبعد اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔

    الیکشن کمیشن کی روایتی بدانتظامی کےباعث ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال میں دشواریوں کاسامناکرنا پڑرہا ہے، کئی پولنگ اسٹیشنز پرخشک اسٹیمپ پیڈز فراہم کئےگئے۔

    ترلائی پولنگ اسٹیشن پرخشک لیٹر پیڈ پر پانی ڈال کر کام چلایاجاتارہا۔ یوسی بتیس کے پولنگ اسٹیشن پر انتخابی سامان کی کمی سےپولنگ تاخیرسےشروع ہوئی۔ کئی پولنگ اسٹیشزپرپولنگ ایجنٹوں نےموبائل فون کاکھلم کھلا استعمال کیا۔

    اسسٹنٹ کمشنرنےیوسی بائیس کےپولنگ اسٹیشن پر چھاپہ مار کر موبائل فون ضبط کرلیا۔انہوں نےپریزائڈنگ افسرکوموبائل فون کےاستعمال سےروکنےکی ہدایت کی۔

    ایک یوسی کےبیلٹ پیپرزدوسرےیو سی کےبیلٹ پیپرزمیں شامل کردیئے گئے۔۔ یوسی اڑتالیس اور انچاس میں ن لیگی کارکن نےالیکشن کمیشن کے ضابطےکی خلاف ورزی کرتےہوئےپارٹی پرچم گلےمیں ڈالےگھومتےرہے۔

    یوسی سترہ میں خواتین پولنگ اسٹیشنز پر مرد پولیس اہلکار تعینات تھے، اےآروائی نیوزکی نشاندہی پروفاقی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

    ادھر اسد عمرکی پولنگ اسٹیشن آمدپر ن لیگی کارکنوں نےشدید احتجاج کرتےہوئے پولنگ بندکرنے کامطالبہ کیا۔

    پاکستان تحریک انصاف،پاکستان مسلم لیگ ن کے علاوہ پیپلز پارٹی سمیت کل 26جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں جبکہ سب سے زیادہ تعداد میں 972 آزاد امیدوار بھی میدان میں اترے ہوئے ہیں ۔

    پاکستان مسلم لیگ ن 506پی ٹی آئی 479کے ساتھ کل 2405امیدوار الیکشن میں پوری آب و تاب سے حصہ لے رہے ہیں، اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    پمزاور پولی کلینک میں ڈاکٹروں اورنرسوں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ ترجمان پمز اسپتال کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    پروفیسرزاور سینیئرڈاکٹرز بلا اجازت شہر سے باہر نہیں جاسکیں گے۔ جبکہ پمز ، پولی کلینک میں خون، بیڈز، اضافی ادویات کا بندوبست کرلیاگیاہے۔ پمز اسپتال میں بیس بیڈزایمرجنسی کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

    بلدیاتی انتخابات کی گہمی گہمی نے فالج کے شکار شہری کوبھی گھر سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا۔

    چلنے پھرنے سے معذور اسلام آباد کا شہری طلعت ووٹ کی اہمیت کوجانتے ہوئے پولنگ اسٹیشن تک جانے کے لئے دوسروں کوسہارا لے کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے اور پہنچ گیا۔

    فالج کے شکار طلعت کو بولنے میں بھی دقت کا سامنا ہے مگرخود کوتحریک انصاف کا ورکر کہنے سے بیماری بھی اس کو روک نہیں سکی۔

    انتخابی عملے نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے فالج کے شکار شہری کی پولنگ کے عمل میں مکمل معاونت کی۔

    عمران خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، کارکنان کی نعرے بازی

    اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنا ووٹ یونین کونسل نمبر 23 بنی گالہ کے وارڈ نمبر 4ماڈل اسکول فار بوائزمیں کاسٹ کیا۔

    عمران خان کی ووٹ کی پرچی پی ٹی آئی کے مقامی رہنما الیاس مہربان نے بنوائی۔ عمران خان کی آمد سے کافی دیر پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ماڈل اسکول فار بوائز میں پہنچ گئی اور اپنے قائدکانعرے لگا کر اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا۔

    عمران خان کے ووٹ ڈالنے کے دوران پولنگ سٹیشن کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عام ووٹرز کیلئے بند کردیا گیا۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق بھی عمران خان کے ساتھ موجود تھے.

  • پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے، عمران خان

    پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے، عمران خان

    کراچی: عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے ، ملک میں غریب مر رہا ہے جبکہ حکمرانوں کے اثاثے کئی گنا بڑھ گئے، پنجاب کی آبادی بارہ کروڑ لیکن تمام فیصلے لاہور میں ہوتے ہیں ۔

    کراچی میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان ایک بار پھر موجودہ جمہوریت سے نالاں نظر آئے ۔ کہتے ہیں حکمرانوں کے ذاتی مفادات ہیں ، یہ لوگ حکومت میں آکر اپنے کاروبار بڑھاتے ہیں ۔

    عمران خان نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی دیکھ کر اگلے الیکشن میں انہیں انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا مقابلہ نہیں کریں گے تو اسٹیٹس کو بیٹھا رہے گا جس الیکشن کمیشن پر خود الزامات ہوں وہ اپنا احتساب کیسے کرسکتا ہے ۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختوانخواہ میں اسٹریٹ چلڈرن کیلئے کرکٹ اکیڈمی قائم کررہے ہیں وسیم اکرم کے ساتھ ملکر کرکٹ اکیڈمی میں بچوں کو کرکٹ کی تربیت دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسف بیگ مرزا کی رہائش گاہ پر ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم کو سیاست مشورہ نہیں دونگا وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں انکی صلاحیتوں کو خیبر پختوانخواہ کے چلڈرن کرکٹ کی حیثیت سے استعمال کریں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی رکاوٹیں کھڑی کردیں لیاری کا دورہ ضرور کرونگا جلسے کرنے نہیں آیا کارنر میٹنگ سے خطاب کررہا ہوں ہم پر مقدمات قائم کئے جارہے ہیں عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو کے پی کے میں شامل کرنے کیلئے فاٹا کے عمائدین سے مشاورت جاری ہے اور وہاں کیلئے بھی قانون سازی کریں گے۔

  • بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں ، عمران خان آج جلسوں سے خطاب کریں گے

    بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں ، عمران خان آج جلسوں سے خطاب کریں گے

    کراچی : بلدیاتی الیکشن صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں، سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم عروج پرپہنچ چکی ہے۔ کل بڑی ریلی کے بعد آج لیاری ککری گراؤنڈ میں کپتان کے جلسہ کی تیاریاں جاری ہیں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کراچی کے سات مختلف مقامات پر بھی کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے۔ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کامعرکہ قریب آتے ہی تحریک انصاف کی انتخابی مہم کپتان نے سنبھال لی۔

    گزشتہ روز ریلی نکالی گئی اور آج پی ٹی آئی کےجلسےہوں گے، کبھی پیپلزپارٹی کاگڑھ کہلایا جانے والے لیاری میں ۔۔تحریک انصاف کامیدان آج سجے گا

    لیاری کےککری گراؤنڈ میں ڈیڑھ بجے جلسہ شروع ہوگا۔ اور عمران خان کارکنوں کالہو گرمائیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین صبح دس بجےکورنگی ایکسپریس وےاور بارہ بجےبنارس میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

    ساڑھےبارہ بجےسلطان آبادمیں بھی کھلاڑیوں سےمخاطب ہوں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف تین بجے ۔فائیواسٹارچورنگی، چار بجےاصفہانی روڈاور پانچ بجےداؤدچورنگی پرانتخابی مہم سے خطاب کریں گے۔

  • بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن نے فوج و رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

    بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن نے فوج و رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے ڈی آر اوز کو ہدایت کی ہے کسی دباؤ میں آئے بغیرشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

    چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری بلدیات، آئی جی سمیت تمام بارہ اضلاع کے ڈی آر اوز شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوج کی چوالیس اور رینجرزکی آٹھ کمپنیاں کوئیک ریسپانس فورس کا کام کرینگی۔ پہلے اور دوسرے مرحلے میں فرائض سرانجام دینے والے جوانوں کو ہی تیسرے مرحلے کیلئے بھی بلایا جائے گا۔

    اجلاس میں ڈی آر اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ سیکیورٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ،وزراء اور حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔

    انتخابی افسران کسی کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹی سرانجام دیں، تیسرے مرحلے کا الیکشن بھی خوش اسلوبی سے منعقدکیا جائیگا،تمام آفیسرز غیر جانبداری برتیں،لوگوں کو شفاف الیکشن نظرآنا چاہیے، تمام امیدواروں کو یکساں میدان فراہم کیا جائے ۔

    آئی جی پنجاب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پولنگ سٹیشنز کی سیکیورٹی پولیس اہلکار سنبھالیں گے،پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کی جائے گی،انہوں نے فوج کو کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر تعینات کرنے کی تجویزدی۔

  • قاسم آباد میونسپل کمیٹی کے انتخابات کالعدم قرار دیئے جائیں، جلال محمود شاہ

    قاسم آباد میونسپل کمیٹی کے انتخابات کالعدم قرار دیئے جائیں، جلال محمود شاہ

    سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ اور قومی عوامی تحریک کے صدر سید جلال محمود شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ قاسم آباد میونسپل کمیٹی میں ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔

    یہ بات انہوں نے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں ایس یو پی کے مقتول رہنماء ڈاکٹر انور لغاری کی تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    سید جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے انتخابی کیمپ پر ایسے وقت میں حملہ کیا گیا جب پولنگ شروع ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے تھے۔

    انہوں نے کہاکہ حملے میں پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر انور لغاری قتل جبکہ ایس یو پی کے امیدوار سمیت 2کارکنان شدید زخمی ہوگئے، یہ واقعہ پوری میونسپل کمیٹی میں ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہوا، واقعہ کے بعد لوگ خوف کا شکار ہوکر اپنے گھروں تک محدود ہوگئے اور الیکشن والے دن یہاں ٹرن آؤٹ بھی انتہائی کم رہا۔

    انہوں نے سینئر رہنماء کے قتل پر سندھ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

    دوسری جانب ایاز لطیف پلیجو نے مطالبہ کیا کہ قاسم آباد میونسپل کمیٹی میں ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دے کر یہاں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں اور اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے۔