Tag: LB polls

  • عمران خان خیبر پختونخواہ میں ری الیکشن پررضامند

    عمران خان خیبر پختونخواہ میں ری الیکشن پررضامند

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات دوبارہ منعقد کرانے پررضامندی ظاہرکردی۔

    اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اگرالیکشن کمیشن دھاندلی کے الزامات کو درست سمجھتا ہے تودوبارہ الیکشن کا انعقاد کرالے ہم تیارہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں نے مل کر ہمارے خلاف الیکشن لڑا لیکن پھربھی ہم جیت گئے ہیں، دوبارہ الیکشن کا انعقاد ہوگا تو پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا الیکشن تھا جس میں ووٹرکو سات ووٹ کاسٹ کرنے تھے جنرل الیکشن میں تو صرف دو ووٹ ہوتے ہیں وقت کی کمی کے سبب تمام ووٹر ووٹ نہیں کاسٹ کرسکے۔

    عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری قبول کرے اگرتمام جماعتیں کہتی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو دوبارہ الیکشن کرالیا جائےیا اگرمخصوص کونسلوں میں کرانا چاہیں تو وہاں بھی کرالیا جائے تحریک انصاف کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں خیبرپختونخواہ میں دھاندلی کے الزامات پردلی صدمہ ہوا۔

    تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے نجم سیٹھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس اختیارنہیں تھا استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔

  • نوجوان قتل کیس: میاں افتخارضمانت پررہا

    نوجوان قتل کیس: میاں افتخارضمانت پررہا

    نوشہرہ: عوامی نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری اورسابق صوبائی وزیرِاطلاعات میاں افتخارحسین کو نوجوان قتل کیس سے ضمانت پررہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح بروز منگل نوشہرہ کی عدالت میں اے این پی کے رہنما کو تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے نوجوان حبیب اللہ کے قتل کے الزام میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

    میاں افتخار اور ان کے محافظ کو اتوار کی صبح خیبرپختونخواہ پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    میاں افتخار کے خلاف ایف آئی آرتحریک انصاف کے کارکن شیرخان نے پبی تھانے میں درج کرائی تھی جس کے نتیجے میں انہیں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔

    گزشتہ روزپیشی کے موقع پرعدالت میں مقتول حبیب اللہ کے والد نے بیانِ حلفی دیا کہ میاں افتخار کا ان کے بیٹے کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    مقتول کے والد کے بیان کے بعد عدالت نے کاروائی ایک دن کے لئے ملوتی کرتے ہوئے میاں افتخار کو مزید ایک دن کے لئے ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

    آج صبح عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران میاں افتخار حسین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے سکہ رائج الوقت بطور زرِضمانت کا مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیا۔

    میاں افتخار نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ میں باچا خان کا پیروکارہوں اورعدم تشدد کے فلسفے کا قائل ہوں کسی کو قتل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا‘‘۔

    انہوں نےحکومتی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ تحقیق کی جائے کہ ان کا نام کس کی ایما پر مقدمے میں شامل کیا تھا۔

  • حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات ہوں گے، پرویزرشید

    حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات ہوں گے، پرویزرشید

     

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تمام تر مشکلات کے ذمہ دار آمرہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کا کام ہے اورحکومت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے لئے سازگار فضا بن رہی ہے۔

    وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہمیشہ بلدیاتی انتخابات کی حامی رہی ہے۔

  • سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

    سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےخیبر پختونخواہ کے بعد سندھ اور پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نومبر 2015ء میں ہوں گے جبکہ سندھ میں آئندہ سال مارچ میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

    چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی صدارت میں ہونے والے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صوبوں نے الیکشن کمیشن کو اپنی تیاریوں سے آگاہ کر دیا۔

    اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن شیرافگن نے میڈیا کوبتایا کہ بلدیاتی انتحابات کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں اور قوانین میں سقم دور کرنے اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیل سے صوبوں کے ساتھ بات کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات مئی 2015 کے آخرمیں ہوں گے۔

    چیف الیکشن کمشنرسرداررضا نے اجلاس کو بتایا کہ بلوچستان میں بلدیاتی نظام کام کررہا ہے اوردوسر ے صوبوں میں بھی جلد انتخابات کرادئیے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف اورشفاف انتخابات کا انعقاد ہے اورکمیشن اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

  • بلوچستان میں2014کے دوران بلدیاتی نظام کا ڈھانچہ مکمل نہ ہوسکا

    بلوچستان میں2014کے دوران بلدیاتی نظام کا ڈھانچہ مکمل نہ ہوسکا

    کوئٹہ: سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کروانے کے باوجود بلوچستان میں دوہزار چودہ کے دوران بلدیاتی نظام کا ڈھانچہ مکمل نہ ہوسکا، بعض سیاسی جماعتیں بلدیاتی نظام کی تکمیل میں تاخیر کی ذمہ دار حکومت کو قرار دے رہی ہیں۔

    بلوچستان میں سات دسمبر 2013ء کو بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہواجس کے بعد دوہزار چودہ میں بلدیاتی ڈھانچہ مکمل ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی مگر یہ امید پورے سال کے دوران پوری نہ ہوئی حکومت میں شامل جماعتیں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا ذمہ دارالیکشن کمیشن کو قرا ردے رہی ہیں۔

    دوسری جانب آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس کے کنونیئر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال کی ذمہ دار حکومت میں شامل ایک جماعت ہے۔

    بلوچستان نیشنل پارٹی موجودہ بلدیاتی نظام سے نالاں نظر آتی ہے کہ بلدیاتی نظام کا مقصد شہریوں کے مسائل اُن کے دہلیز پر حل کرنا ہے لیکن دوہزار چودہ اس حوالے سے پیشرفت کا سال ثابت نہ ہوسکا۔

    شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی نظام کا ڈھانچہ مکمل کرکے دوہزار پندرہ کو بلدیاتی کامیابیوں کا سال بنایا جائے اوران کے مسائل پرتوجہ دی جائے۔