Tag: LCCI

  • وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے تاجروں کو خوشخبری سنا دی

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے تاجروں کو خوشخبری سنا دی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کاروبار دوست حکومت ہے، صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق کی ملاقات ہوئی۔ عثمان بزدار نے میاں طارق کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

    ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو ہوئی، وزیر اعلیٰ نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے، صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا دفتر آپ کے لیے ہمہ وقت کھلا ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ لاہور چیمبر میں ون ونڈو آپریشن کے ماڈل کو انڈسٹریل اسٹیٹس تک پھیلائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حج و عمرے کے لیے ٹور آپریٹرز کی سالانہ فیس کے خاتمے کا جائزہ لیں گے، واٹر ٹیرف کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔ لاہور میں نئے پارکنگ پلازے بنائیں گے، تاجر برادری پارکنگ پلازوں کے لیے جگہ کی نشاندہی کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

  • پاک فرانس تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، فرانسیسی سفیر

    پاک فرانس تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، فرانسیسی سفیر

    لاہور: پاکستان اور فرانس کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور دستیاب مواقع سے استفادے کیلئے فرانسیسی تاجروں کا اعلیٰ سطحی وفد آئندہ پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

    فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورنس نےلاہور چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی وفد کا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بڑی فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ تصور کرتیں ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے بے چین ہیں۔

    بہت سی فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکویپمنٹ، آئل مارکیٹنگ، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ فرانس پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے اور اس کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کو جی ایس پی سٹیٹس ملنے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔