Tag: lead

  • آریان خان کی ڈیبیو ویب سیریز میں مرکزی کردار کون نبھائے گا؟ نام سامنے آگیا

    آریان خان کی ڈیبیو ویب سیریز میں مرکزی کردار کون نبھائے گا؟ نام سامنے آگیا

    بالی ووڈ کے معروف اداکار کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈیبیو ویب سیریز میں مرکزی کردار  کے نام سامنے آگئے۔

    حال ہی میں شاہ رخ خان ’نیکسٹ آن نیٹ فلکس’ایونٹ میں اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے بیٹے آریان خان کے پہلے ڈائریکشنل پروجیکٹ ’The BA***DS of Bollywood‘ کا باضابطہ اعلان کیا۔

    کنگ خان نے اس دوران پاپارازیوں کے سامنے فیملی فوٹوز بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں، جبکہ ساتھ ہی اداکار نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ وہ آریان خان اور ان کی بیٹی سہانا خان کو وہی پیار دیں جو انہیں ملا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    تاہم اب آریان خان کی بطور ڈائریکٹر ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکارہ اور اداکار کا نام سامنے آگیا ہے۔

    آریان خان کی بطور ڈائریکٹر ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ ویب سیریز میں اداکار لکشیا لالوانی اور سحر بمبا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس کے علاوہ سلمان خان، رنبیر کپور اور کرن جوہر کی خصوصی انٹری بھی شامل ہے۔

    کچھ رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ کنگ خان نے اپنے بیٹے کے پہلے ڈیبیو پروجیکٹ میں ایک کیمیو بھی کیا ہے، تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Netflix India (@netflix_in)

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگرچہ آریان خان کے پہلے پروجیکٹ سے متعلق زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن اندرونی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لکشیا اور سحر اس شو میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ویب سیریز کی کہانی ایسے نوجوان فنکاروں کے گرد گھومتی ہیں جنہیں انڈسٹری میں شہرت حاصل کرنے کیلئے مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ ویب سیریز کا اسکرپٹ بھی آریان خان نے بلال صدیقی اور مناو چوہان کے ساتھ خود لکھا ہے جسے اس سال شاہ رخ خان کے پرودکشن ہاؤس ریڈ چلیز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

  • کیا لیونارڈو کو ٹائی ٹینک فلم کے کردار کے لیے مسترد کردیا گیا تھا؟

    کیا لیونارڈو کو ٹائی ٹینک فلم کے کردار کے لیے مسترد کردیا گیا تھا؟

    سنہ 1997 میں ریلیز کی جانے والی ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق فلم ٹائی ٹینک کے ہدایت کار نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے ہیرو لیونارڈو ڈی کیپریو آڈیشن کے دوران اپنا یہ کردار تقریباً کھو چکے تھے۔

    ہالی ووڈ کی تاریخ میں دوسری سب سے زیادہ کمانے والی فلم ٹائی ٹینک کو 14 اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس میں سے اس نے 11 ایوارڈز جیتے۔

    حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے انکشاف کیا کہ فلم کے ہیرو لیونارڈو ڈی کیپریو جیک ڈاسن کے کردار سے تقریباً ہاتھ دھو چکے تھے۔

    جیمز کیمرون نے بتایا کہ آڈیشن کے لیے جب لیونارڈو کمرے میں داخل ہوئے تو ہم سب ان کی شخصیت سے سحر زدہ ہوگئے، میں نے کہا ٹھیک ہے دیکھتے ہیں کیٹ ونسلیٹ کے ساتھ تمہاری جوڑی کیسی لگتی ہے۔

    لیکن جیمز کے مطابق تب ہی لیونارڈو نے نخرے شروع کردیے۔ انہوں نے کہا کہ کیا مجھے پڑھ کر آڈیشن دینا ہوگا؟ میں نہیں پڑھنے والا۔

    جیمز نے کہا کہ میں نے ان سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ آڈیشن پر آنے کے لیے شکریہ، جس پر لیونارڈو نے کہا کہ رکو، اگر میں اسے نہ پڑھوں تو کیا مجھے یہ کردار نہیں ملے گا؟

    جیمز کا کہنا تھا کہ اس وقت میں نے ان سے کہا، کہ یہ ایک بہت بڑے بجٹ کی فلم ہے اور میں اپنی زندگی کے اگلے 2 سال اس فلم کی شوٹنگ پر صرف کرنے والا ہوں، لہٰذا میں غلط کاسٹنگ کا فیصلہ کر کے کوئی درد سر مول نہیں لے سکتا۔

    انہوں نے لیونارڈو سے کہا کہ یا تو اسے پڑھو، یا پھر اس کردار کو بھول جاؤ۔

    اس پر لیونارڈو نے پڑھ کر آڈیشن دیا اور اس لازوال کردار کو حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 1912 میں برطانوی بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ڈوبنے کے حادثے میں 15 سو سے زائد افراد کی موت ہوئی تھی اور یہ حالت امن میں کسی حادثے میں ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    اس پر بنائی گئی فلم ٹائی ٹینک ہالی ووڈ کی شہر آفاق فلموں میں سے ایک ہے۔

  • اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپین کمیشن کی پہلی خاتون چیف نامزد

    اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپین کمیشن کی پہلی خاتون چیف نامزد

    برسلز : یورپی یونین کے سربراہوں نے پہلی مرتبہ ایک خاتون سیاست دان کو یورپین کمیشن کی سربراہی کےلیے نامزد کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رہنماؤں نے جرمنی کی خاتون کو یورپین کمیشن کا سربراہ نامزد کرکے تاریخ رقم کردی ہے، جرمن خاتو ن وزیر ودفاع اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپی کمیشن کے چیف جین کلاڈ جنکر کی جگہ فرائض انجام دیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن نامزدگی جین کلاڈ جنکر کے جانشین بننے والے اہم امید وار کی منسوخی کے بعد سامنے آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی چیف کرسٹین لاگارڈ کو یورپین سینٹر بینک کی سربراہ نامزد کیا گیا ہے کرٹین لاگارڈ یورپین سینٹرل بینک کی سربراہ نامزد ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ نامزدگیوں سے متعلق اعلان گزشتہ دنوں مشکل و طویل بحث مباحثے کے کیا گیا ہے۔

    یورپی یونین کے سربراہوں نے پانچ اعلیٰ سطح کے عہدوں کےلیے افراد کو نامزد کرنا تھا، جن میں سے چار افراد کو نامزد کردیا گیا ہے۔

    یورپی سربراہوں نے بیلجیئم کے وزیر اعظم چارلس مائیکل یورپی کونسل کا نیا صدر نامزد کیا جو ڈونلڈ ٹسک کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ اسپین سے تعلق رکھنے والے سیاست دان جوسیپ بوریل کو خارجہ پالیسی کا چیف مقرر کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ کے صدر کی نامزدگی آج کی جائے گی، جن میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان مین فریڈویبر اور بلغاریہ کے سرگئی اسٹین شیو ممکنہ امید وار ہیں۔

    یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے مذکورہ نامزدگیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ’ہم یورپین پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں ہونے والی نامزدگیوں پر متفق ہیں‘۔

    ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ جرمنی نے اتحادیوں کے معاملے پر اُرسلا فان ڈیئر لایَن کی نامزدگی میں شرکت نہیں کی لیکن نشاندہی کی کہ چانسلر انجیلا مرکل نے ذاتی طور پر اُرسلا فان ڈیئر کی حمایت کی۔

  • کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    ٹورنٹو : عراق میں جاری نیٹو مشن کی سربراہی آئندہ برس نومبر تک بدستور کینیڈا کے ہی پاس رہے گی، کینیڈین حکام نے بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی جو موسم سرما تک نیٹو مشن کی سربراہی کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اس بات کا اعلان کینیڈا کے وزیر دفاع ہرجیت سجن نے کیا ، عراق میں جاری نیٹو آپریشن میں اس وقت 850 فوجی تعینات ہیں جو عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کے خلاف برسرپیکار ہیں جن میں سے 250 کا تعلق کینیڈا سے ہے، جو نیٹو مشن کے تحت عراقی فوجیوں کی تربیت میں مصروف ہیں۔

    کینیڈین وزیر دفاع سجن کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو ترقی دے کر میجر جنرل کا رینک دیا جا رہا ہے اور وہی رواں برس موسم سرما سےنومبر 2020 تک کے لیے عراق میں نیٹو مشن کی سربراہ ہوں گی۔

    کینیدین وزیر دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہمارا پیغام واضح ہے:کینیڈا قیادت کرنے اور اپنے اتحادیوں کی حمایت میں کھڑے ہونے کو تیار ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھا کہ جینی کارگنن قبل ازیں بوسنیا، گولان ہائٹس اور افغانستان میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

  • فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    کوپن ہیگن : عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں ملکر حکومت بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا، ڈنمارک کی آئندہ وزیر اعظم سوشل ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان مَیٹے فریڈیرکسن ہوں گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کی پارٹی اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی دیگر جماعتوں کے مابین ملک میں عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں یہ اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ کوپن ہیگن میں اگلی حکومت یہی جماعتیں مل کر بنائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بات کا اعلان مَیٹے فریڈیرکسن نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈینش سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت میں بننے والی یہ حکومت تاہم ایک اقلیتی حکومت ہو گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سینٹر لیفٹ بلاک کی چند چھوٹی جماعتوں نے بھی نئی مخلوط حکومت کی حمایت کا یقین دلایا ہے، اکتالیس سالہ مَیٹے فریڈیرکسن ڈنمارک کی تاریخ کی سب سے کم عمر سربراہ حکومت بھی ہوں گی۔

  • جرمنی کی گرین پارٹی قدامت پسندوں سے آگے، تازہ سروے

    جرمنی کی گرین پارٹی قدامت پسندوں سے آگے، تازہ سروے

    برلن : سروے رپورٹ نے چانسلر میرکل کی سی ڈی یو اور صوبے باویریا میں اتحادی سی ایس یو کی مجموعی عوامی مقبولیت میں کمی ثابت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تازہ عوامی جائزے میں پہلی بار جرمنی کی گرین پارٹی کی عوامی مقبولیت چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند اتحادی بلاک سے زیادہ دیکھی گئی ہے۔

    جرمن نشریاتی اداروں کی جانب سے فورسا انسٹیٹیوٹ کے ذریعے مکمل کیے گئے اس جائزے میں کہا گیا کہ گرین پارٹی کی مقبولیت میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں نو فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب اسے ستائیس فیصد جرمن شہریوں کی حمایت حاصل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے مقابلے میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل میرکل کی قدامت پسند جماعت سی ڈی یو اور صوبے باویریا میں اس کی اتحادی سی ایس یو کی مجموعی عوامی مقبولیت 26 فیصد ہے۔

    جرمن میڈیا کا کہنا تھا کہ اس سروے کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مقبولیت 12 فیصد اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی کی مقبولیت گیارہ فیصد ہے۔

  • پیرس گرجا گھر کی راکھ خطرناک ہو سکتی ہے، شہری احتیاط کریں، پولیس کا انتباہ

    پیرس گرجا گھر کی راکھ خطرناک ہو سکتی ہے، شہری احتیاط کریں، پولیس کا انتباہ

    پیرس : تاریخی گرجا گھر میں لگی آگ بجھنے کے کئی دن بعد فرانسیسی پولیس نے شہریوں کو گھروں اور دفاتر کی دیواروں، فرش اور فرنیچر کو گیلے کپڑے سے صاف کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے تاریخی گرجا گھر نوٹرے ڈیم کتھیڈرل میں لگی آگ کو کئی دن گزر چکے ہیں مگر اثرات سے آس پاس کے علاقے اب بھی خطرے کی زد میں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دارالحکومت پیرس کی پولیس نے جاری ایک بیان میں کہا کہ نوٹراڈیم کے قریب بسنے والے شہریوں کوخطرات لاحق ہیں۔

    پولیس کے مطابق ان خطرات میں سے ایک سیسہ ہے جو گرجا گھر کے ڈھانچے میں تھا اور 15اپریل کو آگ لگنے کے بعد راکھ کی صورت میں اڑ کر آس پاس کے گھروں اور دفاتر میں چلا گیا۔

    پیرس پولیس نے گرجا گھر کے پڑوس میں رہائش پذیر لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں اور دفاتر کی دیواروں، فرش اور فرنیچر کو گیلے کپڑے سے صاف کریں کیونکہ ماہرین کے مطابق سیسے کا دھواں اور راکھ ان گھروں تک پہنچی ہے جو آگ لگنے کے وقت کھلے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے تقریباً دو ہفتے بعد بھی پولیس نے لوگوں کو گرجا گھر کے قریب جانے سے روک رکھا ہے۔ نوٹراڈیم چرچ سے ملحق باغات کو بھی مکمل صفائی نہ ہونے تک بندرکھا گیا ہے۔

  • مرغیوں کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

    مرغیوں کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مرغیوں کی فیڈ کے نمونوں میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس سے مرغی کے صحت پر خطرناک اثرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے شعبہ انوائرمینٹل اسٹدیز کے ماہرین نے کراچی کے 34 علاقوں سے پانی اور پولٹری فیڈز کے 68 نمونے حاصل کیے۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد پریشان کن نتائج سامنے آئے۔

    نتائج کے مطابق چکن فیڈ کے 100 فیصد نمونوں میں سیسہ، نکل اور کرومیم کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ مقدار سے کہیں زیادہ پائی گئی۔

    تحقیقی ٹیم کے رکن ڈاکٹر عامر عالمگیر نے بتایا کہ گھریلو اور صنعتی استعمال شدہ پانی کو بغیر کسی ٹریٹمنٹ کے سمندر میں پھینکا جا رہا ہے اور زہریلے پانی سے مرنے والی مچھلیوں سے پولٹری فیڈ تیار کی جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر عامر کے مطابق کراچی کو سپلائی کیے جانے والے پانی میں بھی دھاتوں کی مقدار نقصان دہ حد تک زائد پائی گئی، یہ دھاتیں مرغی کے جسم میں کلیجی اور پوٹے کے ذریعے فلٹر نہیں ہو پاتیں اور بائیو میگنی فیکشن کے عمل کے بعد ان کے منفی اثرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

    مرغی کی فیڈ میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کے علاوہ بھی اس کی مصنوعی طور پر افزائش کی جارہی ہے جس سے انسانی صحت کو سخت خطرات لاحق ہیں۔

    انڈوں سے جلدی چوزے نکالنے کے لیے انہیں مصنوعی حرارت دے کر یا انکیوبیٹر کے ذریعے باہر نکالا جاتا ہے جس سے وہ اپنے مقررہ وقت سے قبل نشونما پا کر انڈے سے باہر نکل آتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طریقہ استعمال سے وجود میں آنے والے چوزے اور مرغیاں خود بھی بیمار ہوتی ہیں اور ان کا گوشت انسانی صحت کے لیے بھی سخت نقصان دہ ہوتا ہے۔

    پاکستان میں مرغیوں کو پانی سے بھرے انجکشن لگانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے مرغیاں بظاہر موٹی اور صحت مند لگتی ہیں۔

  • سرفراز احمد کوورلڈ کپ 2019  کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    سرفراز احمد کوورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    لاہور : سرفراز احمد کوورلڈ کپ کےلیےکپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی احسان مانی اورسرفراز احمد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں احسان مانی نے سرفراز پر اعتماد کا اظہار کیا اور سرفراز احمد کوورلڈ کپ کےلیےکپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میچ میں جنوبی افریقا کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

    بعدازاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کھلاڑی پھلوکوایو پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معافی مانگ لی تھی۔

    نسل پرستانہ ریمارکس پر معافی مانگنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد بورڈ نے سرفراز کو وطن واپس بلا کر شعیب ملک کو ٹیم کا کپتان بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی نے سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگا دی

    آئی سی سی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور  وہ آئی سی سی اینٹی ریس از کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

    سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے بھی سرفراز کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا اب کوئی وقت نہیں ہے، سرفراز سے غلطی ہوگئی، پابندی بھی لگ گئی اب پی سی بی صحیح فیصلے کرے۔

    خیال رہے وطن واپسی پر کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا میں نے غلطی کی، اسے تسلیم کیا، وکٹ کے پیچھے بولنا میری عادت ہے، میری نیچرتبدیل نہیں ہوسکتی، کوشش کروں گا جوچیزیں ہوگئیں وہ پھرنہ ہوں، ایک لفظ کو لے کراتنا بڑا ایشو بنا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا‘ سرفرازاحمد

    سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان نے کہا کہ ٹیم کا کپتان کوئی بھی ہو پاکستان کے لیے کھیلتے رہیں گے، پی سی بی نے بہت سپورٹ کیا ،عوام کی بھی سپورٹ رہی، کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا۔

  • مونٹینگرو کی عوام تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے، ٹرمپ

    مونٹینگرو کی عوام تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے، ٹرمپ

    پودگوریکا : مونٹینگرو حکومت نے کہا ہے کہ ’جیسے ٹرمپ نے چھوٹی سی ریاست کہا ہے  اس کی افواج نے امریکی فوجیوں کے ساتھ افغانستان میں امن و استحکام قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے متعصابانہ رویے کے تحت امریکا کے اتحادی ملک مونٹینگرو پر تنقید شروع کردی، جس پر مشرقی یورپ میں واقع ملک مونٹینگرو نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ عالمی امن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز مونٹینگرو کی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری ماضی پر امن سیاسی تاریخ پر مبنی ہے‘، مونینیٹگرو نے یورپ کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی امریکا کے ہمراہ امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

    مونٹینگرو حکومت کی جانب سے جاری بیانیے میں کہا گیا ہے کہ ’جیسے ٹرمپ نے یورپ کی چھوٹی سی ریاست کہا ہے، اس کی افواج نے امریکی فوجیوں کے ہمراہ افغانستان میں ذمہ داریاں نبھائی ہیں‘۔

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق مونٹینگرو کے حکومتی بیان میں امریکا کے ساتھ مستقبل میں بھی تعلقات مزید مستحکم اور مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل امریکی نشریاتی ادارے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرقی یورپی ملک مونٹینگرو ایک چھوٹی سی ریاست ہے، جس کے شہری اپنے جارحانہ انداز کے باعث تیسری عالمی جنگ کا باعث سکتے ہیں۔

    امریکی خبر نشریاتی ادارے کے میزبان نے صدر ٹرمپ سے مغربی اتحاد کے نیٹو کے آرٹیکل 5 کے متعلق سوال کیا کہ اگر مونٹینگرو پر حملہ ہوا تو میرا بیٹا اس کے دفاع میں کیوں لڑے؟ جس پر امریکی صدر نے کہا کہ میرا بھی یہ خیال ہے۔ لیکن مونینیٹگرو کے شہری بہت خطرناک ہیں اگر انہوں نے جارحیت کی تو عالمی شروع ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ نیٹو کے آرٹیکل 5 میں درج ہے کہ ’اگر نیٹو کے کسی بھی رکن ملک پر حملہ ہوا تو اسے پورے اتحاد پر حملہ تصور کیا جائے گا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی مبصرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مذکورہ بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو امریکی اتحادیوں کے بارے ایسے الفاظ اور بیانات کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔

    واضح رہے کہ یورپی ملک مونٹینگرو گذشتہ سال ہی مغربی اتحاد نیٹو میں شامل ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں