Tag: Leaders

  • براعظم امریکا کے 31 ملکوں سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    براعظم امریکا کے 31 ملکوں سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    بیروت : آرگنائزیشن آف امریکن اسٹیٹس نے براعظم کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ ’حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے کر اس پرپابندیاں عاید کریں‘۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے خلاف عالمی سطح پر گھیرا مسلسل تنگ ہو رہا ہے۔ شدت پسند لبنانی تنظیم پر پابندیوں کے لیے براعظم امریکا کے ممالک بھی متحرک ہوگئے اور ارجنٹائن کی طرف سے حزب اللہ کو بلیک لسٹ کرکے تنظیم کے اثاثے منجمد کرنا اہم پیش رفت بتائی جا رہی ہے۔

    امریکی براعظم کے 31 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف امریکن اسٹیٹس(اواے ایس ) کے سیکرٹری جنرل لوئس الماگرو نے ایک بیان میں تنظیم کے 31 رکن ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ارجنٹائن کے نقش قدم پرچلتے ہوئے حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے کر اس پرپابندیاں عاید کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الماگرو جو چار سال سے اے او ایس کے سیکرٹری جنرل کے منصب پر تعینات ہیں حزب اور ایران کے حوالے سے سخت موقف رکھتے ہیں۔

    انہوں نے تنظیم کے ان اکتیس ممالک پر زور دیا کہ وہ حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیں جس طرح تین دوسرے ملکوں امریکا، ارجنٹائن اور کینیڈا حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔

    الماگرو نے ارجنٹائن کی حکومت کی طرف سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے حزب اللہ کے عالمی نیٹ ورک کے گرد گھیرا تنگ کرنے بالخصوص امریکی ملکوں میں حزب اللہ کی سرگرمیوں کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے یہ بیان ارجنٹائن میں یہودیوں کے ایک مذہبی مرکز پردہشت گردانہ حملے کی 25 ویں برسی کے موقع پر جاری کیا ۔

  • کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی جریدے نے شمالی کورین سربراہ کے مقتول بھائی سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ کم جونگ نام سی آئی اے کا ایجنٹ تھا جسے امریکا جاتے ہوئے پُراسرار طور پر قتل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے پُراسرار طریقے سے قتل کیے گئے سوتیلے بھائی کم جونگ نام دراصل سی آئی اے ایجنٹ تھے۔

    امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے مقتول سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایجنٹ تھے اور شمالی کوریا کی جاسوسی کیا کرتے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کا ایک بار ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کی ممکنہ افراد کی فہرست میں بھی نام آچکا ہے تاہم والد کے انتقال کے بعد کم جونگ اُن نے یہ عہدہ سنبھال لیا اور یہیں سے دونوں کے درمیان اختلافات نے جنم لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی دوران دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات اور اقتدار کے حصول کے لیے کھینچا تانی کی خبریں بھی آتی رہی ہیں، اسی اثناء میں اچانک 2017 کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا قتل ہوگیا۔

    تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ کم جونگ نام کے چہرے پر دو خواتین نے اعصاب شکن کیمیکل کا اسپرے کیا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی، قاتل خواتین کا تعلق ویت نام اور انڈونیشیا سے تھا جنہیں عدم ثبوت پر حال ہی میں رہا کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کم جونگ نام قتل کے وقت ملائیشیا میں موجود تھے جہاں سے انہیں سی آئی اے حکام سے ملنے امریکا جانا تھا، اس سے قبل بھی کم جونگ نام کے سی آئی اے حکام سے ملاقاتوں کے شواہد موجود ہیں تاہم سی آئی اے کے لیے ان کا کردار اب تک غیر واضح تھا۔

  • سوڈان کے مظاہرین کی نمائندہ تنظیم اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کرے گی

    سوڈان کے مظاہرین کی نمائندہ تنظیم اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کرے گی

    خرطوم : سوڈان کی احتجاجی تحریک کے نمائندگان نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کریں گے۔ ان کے اس اعلان کے بعد عمر البشیر کی معزولی کے نتیجے میں ملک کا اقتدار سنبھالنے والی عسکری عبوری کونسل پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈانی پروفیشنلز ایسوی ایشن نے اپنے حامیوں، غیر ملکی سفارتکاروں اور صحافیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوجی ہیڈ کوارٹرز کے باہر اتوار کی شام 7 بچے اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ وہ اس سویلین باڈی کے قیام کے عینی شاہد بن سکیں۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اتوار کی شام 7 بجے ہونے والی کانفرنس میں اس کونسل کے ذمہ داران کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

    اس سے قبل سوڈانی پروفیشلنز ایسوسی ایشن اور دیگر حزب اختلاف کی تنظیموں نے جمعہ کے روز خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر ہزاروں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے فوج کو اداروں کا کبڑول کو جلد از جلد سویلین انتظامیہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے کہ جنرل عبدالفتاح البرھان کی سوڈان میں عبوری کونسل کے سربراہ کے طور پر تقرری کے بعد سابق صدر عمر البشیر کے مقربین کو ایک ایک کر کے اعلیٰ عہدوں ہٹایا جا رہا ہے اور سوڈانی عبوری عسکری کونسل دو سال تک سوڈان میں کار حکومت سول انتظامیہ کے ہاتھ میں دینے کا اعلان کرچکی ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • مستقبل میں‌ مذہبی رہنما اصول تیار کرنے کی ضرورت ہے، پوپ فرانسس

    مستقبل میں‌ مذہبی رہنما اصول تیار کرنے کی ضرورت ہے، پوپ فرانسس

    رباط : مسیحی برادری کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے انتہا پسندی سے نمٹنے کےلیے مبلغین اسلام کو تربیت فراہم کرنے کے عمل کو خوب سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری کے رومن کیتھولک فرقے کے سربراہ پوپ فرانسس نے 34 برس بعد دورہ مراکش کے موقع پر جنونیت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مستقبل کے لیے مذہبی رہ نما اصولوں کی مناسب تیاری کی ضرورت ہے۔

    پوپ فرانسس نے ضمیر کی آزادی اور مذہبی آزادی کا انسانی وقار کے بنیادی حق کے طور پر دفاع کیا ہے۔

    مسیحوں کے روحانی پیشوا نے مختلف عقیدوں کے پیروکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی بھائی چارے کے ساتھ مل جل کر رہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کسی بھی رومن کیتھولک پیشوا کا 34 برس بعد یہ پہلا دورہ ہے، انہوں نے مراکش پہنچنے کے فوراً شاہ محمد ششم کے ہمراہ آئمہ اور اسلام کے مرد و خواتین مبلغین کی تربیت کےلیے تیار کردہ مراکز کا دورہ کیا۔

    مزید پڑھیں : دہشت گرد جوکر رہے ہیں وہ مذہب نہیں‘ پوپ فرانسس

    مراکش کے سربراہ محمد ششم کا کہنا تھا کہ مذہبی انتہا پسندی کا مقابلہ علم کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے، بنیاد پرست سخت گیری کا کوئی فوجی یا مالی حل نہیں بلکہ اس کا واحد حل تعلیم ہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں میں مشترکہ چیز مذہب نہیں بلکہ اس سے لاعلمی ہے۔

  • یہ خصوصیات آپ کے لیڈر ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں

    یہ خصوصیات آپ کے لیڈر ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں

    قائدانہ صلاحتیں قدرت کا تحفہ ہیں جو ہر شخص کو نہیں ملتیں۔ بعض لوگ پیچھے رہ کر خاموشی سے کام کرنا پسند کرتے ہیں اور جب انہیں لیڈ کرنے کا کہا جائے تو وہ گھبرا جاتے ہیں۔

    قائدانہ صلاحیتیں رکھنے والے افراد ہر قسم کے حالات میں اپنے ساتھ موجود لوگوں کے لیے بہترین رہنما ثابت ہوتے ہیں۔

    قائدانہ خصوصیات کچھ تو قدرتی ہوتی ہیں، کچھ تجربوں اور حالات کے باعث پیدا ہوجاتی ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں بھی وہی لوگ کامیاب حکمران ثابت ہوئے جن کے اندر قائدانہ صلاحتیں موجود تھیں اور جنہوں نے مشکل حالات میں اپنی قوم کی رہنمائی کی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی شخص کے اندر موجود یہ خصوصیات اس کے اندر قائدانہ صلاحیتیں موجود ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ آپ بھی ان خصوصیات کو جانیں اور اپنے اندر موجود قائدانہ صلاحیتوں کو پہچانیں۔

    رضا کارانہ خدمات

    ایک قائد کبھی بھی کسی کام کو چھوٹا نہیں سمجھتا۔ جب وہ دیکھتا ہے کہ اس کے لوگ یا اس کی ٹیم کوئی کام کرنے سے جھجھک رہی ہے تو وہ ہمیشہ آگے بڑھ رضاکارانہ طور پر اس کام کو سر انجام دیتا ہے۔ اس کا یہ عمل اس کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔

    سستی اور سہل پسندی سے گریز

    سستی سے کام لینا بعض اوقات کئی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ ایک لیڈر ہمیشہ کاموں کو مکمل کرتا ہے، اور آنے والے وقت کے لیے بھی کئی کام پہلے سے انجام دے دیتا ہے جس کے باعث وہ کئی فائدوں کا حقدار بن جاتا ہے۔

    ابلاغ کرنا

    لیڈر ہمیشہ اپنے وژن اور خیالات کی ابلاغ کرتا ہے۔ اپنے آئیڈیاز کو چھپا کر کر رکھنے والا شخص کبھی بھی لیڈر نہیں بن سکتا کیونکہ نئے اور اچھوتے خیالات کے باعث ٹیم کا ہر شخص انفرادی طور پر بہترین کام کر سکتا ہے اور یہ سب مل کر ہی ایک بہترین ٹیم بناتے ہیں۔

    چیزوں کی فراہمی آسان بنانا

    لیڈر اپنی ٹیم کی مطلوبہ چیزوں کی فوری فراہمی آسان بناتا ہے تاکہ انہیں کام کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

    کامیابی کو تقسیم کرنا

    ایک لیڈر کامیابی کا سہرا اکیلے اپنے سر نہیں لیتا۔ وہ اسے اپنی پوری ٹیم کی کاوش سمجھتا ہے اور ملنے والے فائدوں کو سب میں برابر تقسیم کرتا ہے۔

  • جیل میں کلثوم بہت یادآتی ہیں انہیں بہت مس کرتاہوں، نواز شریف

    جیل میں کلثوم بہت یادآتی ہیں انہیں بہت مس کرتاہوں، نواز شریف

    لاہور : نوازشریف نے خاندان اوررہنماؤں سے جیل میں ملاقات کی ، نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل میں کلثوم بہت یادآتی ہیں انہیں بہت مس کرتا ہوں، کلثوم  نواز  سے  زندگی کے آخری ایام میں بات نہ ہونےکی تشنگی رہےگی،  روزانہ صرف ایک اخبار ملتاہے جسے بار بار پڑھتاہوں۔

    تفصلات کے مطابق جیل میں ملاقات کے دن مریم نواز والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئیں، مریم نواز کے ساتھ نواز شریف کی والدہ شمیم اختر اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں۔

    مریم نواز والد کیلئے کھانا گھر سے ساتھ لائی ہیں، نوازشریف  نےدوپہرکا کھانا اہل خانہ کے ساتھ کھایا اور ملاقات میں پارٹی امور اوردیگر معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    [bs-quote quote=” روزانہ صرف ایک اخبارملتاہےجسےباربارپڑھتاہوں” style=”style-6″ align=”left” author_name=”نواز شریف”][/bs-quote]

    نوازشریف کی رہنماؤں سے بھی جیل میں ملاقات ہوئی ، رہنماؤں نے سوال کیا نواز شریف جیل میں کس چیز کو زیادہ مس کرتےہیں ، جس پر انھوں نے جواب دیا ہ جیل میں کلثوم بہت یادآتی ہیں انہیں بہت مس کرتاہوں، جب جیل میں تھاتو بہت کوشش کی کلثوم نواز سے بات ہو جائے، کلثوم نواز سے زندگی کے آخری ایام میں بات نہ ہونے کی تشنگی رہےگی۔

    خواجہ آصف نےنوازشریف کوموجودہ ملکی حالات پربریفنگ دی ، نوازشریف نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا سنا ہے پھر سے بجلی اورگیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے، ہم نے دن رات محنت کرکے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا، روزانہ صرف ایک اخبارملتا ہے جسے بار بار پڑھتاہوں۔

    نوازشریف نے جیل حالات کاگلہ پارٹی رہنماؤں سے کرتے ہوئے کہا جیل کےکمرےٹھنڈےہیں ہیٹربھی مرضی سےچلتاہے، گزشتہ دنوں ٹھنڈکےباعث صحت خراب ہوگئی تھی، حالات کامقابلہ کروں گا گھبرایا نہیں۔

    نوازشریف سے ملاقات کرنےوالوں میں مشاہداللہ،راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب سمیت دیگرشامل تھے۔

    خیال رہے کہ نواز شریف قید با مشقت کاٹ رہے ہیں ، اور جیل حکام کی جانب سے انہیں محض ان کے وارڈ کی صفائی کی مشقت پر معمور کیا گیاہے۔

    واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، انہیں ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں اہل ِ خانہ سےملاقات اور گھر کے کھانے کی سہولت میسر ہے،  اس کے علاوہ انہیں جیل میں بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں ، جن میں بمیز، 3 کرسیاں، گدا، اخبار اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں۔

  • دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےدورۂ چین سے وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، ملک واپسی پر دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر بریفنگ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا چین میں دورے کا آج آخری روز ہے، عمران خان آج شام دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچیں گے، وطن واپسی پر وزیراعظم نے رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملک واپسی پر وزیراعظم مذاکراتی ٹیم اورامن وامان سے متعلقہ وزرا سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری سے حالیہ احتجاج ، معاہدے اور دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر تفصیلی بریفنگ لیں گے اور مظاہرین سےمعاہدے اور اس کا پس منظر دیکھا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے آخری روز شنگھائی میں چائنا ایکسپورٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک سے گوادر پورٹ تک رسائی اورمشرق وسطیٰ کے ممالک سے تجارت آسان ہوگی۔ سی پیک کارو باری لاگت اور فاصلے کم کرنے کا باعث بنے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستان ہر طرح کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔نیاپاکستان کاروبار کیلئے زیادہ سازگار جگہ ثابت ہوگی۔ ہم پاکستان میں شفافیت اور احتساب کے قوانین کو بہتر بنا رہے ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

    مزید پڑھیں : حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    تین روز بعد ملک بھر میں‌ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اور حکومتی نمائندوں میں کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پاگیا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

    معاہدے کے مطابق حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے حکومت قانونی کارروائی کرے گی۔

    جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • خورشید شاہ اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار نامزد، کامیابی کے لیے رابطے شروع

    خورشید شاہ اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار نامزد، کامیابی کے لیے رابطے شروع

    کراچی: سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے کامیابی کے لیے رابطے شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے خورشید شاہ کو قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، اسپیکر کے انتخاب میں کامیابی کے لیے خورشید شاہ نے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطےکریں گے، جبکہ اپوزیشن کے دیگر رہنما بھی ان کی کامیابی کے لیے کوشش کریں گے۔

    پارلیمانی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب میں فلور کراسنگ کا قانون لاگو نہیں ہوتا، خورشید شاہ اپنی کامیابی کے لیے دیگر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔


    پی ٹی آئی کا دارومدار ایم کیوایم پر ہے، اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی، خورشید شاہ


    خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سکھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور وہ گزشتہ دور حکومت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تھے۔

    گذشتہ دنوں ہونے والے آل پارٹیز کانفرسن میں اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی۔

    واضح رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسمبلی میں حلف اٹھانے اور وزیراعظم سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • یورپی یونین کا تارکین وطن سے متعلق معاہدے پر اتفاق

    یورپی یونین کا تارکین وطن سے متعلق معاہدے پر اتفاق

    برسلز : یورپی یونین کے اجلاس میں سربراہان کا تارکین وطن سے متعلق ’یورپی ممالک میں مہاجرین کے تمام کیمپ بند کرکے یورپ سے باہر پناہ گزین کیمپ لگانے‘ پر اتفاق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسلز میں جاری 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد یورپی ممالک کے سربراہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ یورپ میں موجود مہاجرین کے تمام کیمپوں کو بند کرکے یورپی یونین سے باہر ایک عارضی کیمپ بنایا جائے گا۔

    اطلاعات کے مطابق پناہ گزینوں سے متعلق معاہدے میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ یورپی ممالک میں داخلے کی اجازت دی جائے یا نہیں دی جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے اجلاس کے دوران سربراہان مملکت نے پناہ گزینوں سے متعلق فیصلہ سرحدوں پر بڑھتی ہوئی غیر قانونی مہاجرین کی تعداد اور یورپی ممالک میں پیدا ہونے معاشی و سیکیورٹی مسائل کے باعث کیا گیا ہے۔

    یورپی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں یورپ کو لاحق سیکیورٹی مسائل، تارکین وطن کی آباد کاری اور دیگر مضوعات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رات بھر چلنے والے یورپی کونسل کے کامیاب اجلاس کے بعد یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 28 ممالک پر مشتمل یورپی یونین پناہ گزینوں سمیت کئی معاملات پر متفق ہوگئی ہے۔

    جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ ’یورپی یونین کے رکن ممالک غیر قانونی طور پر یورپی سرحدوں کو عبور کرنے والے تارکین وطن کے معاملے پر مستقبل میں بھی مفاہمت سے کام لیں گے‘۔

    انجیلا میرکل کا کہنا تھا کہ ’اجلاس کے دوران طے پانے والے مختلف نکاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کافی کچھ کرنا پڑے گا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یورپی ممالک کے سربراہوں نے ترکی کے ساتھ  2016 میں تارکین وطن سے متعلق طے پانے والے معاہدے کی 3 سو ارب ڈالر کی دوسری قسط دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ انجیلا میرکل کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا، کیوں کہ پناہ گزنیوں کے معاملے پر یورپی یونین میں مشترکہ حل کے بغیر میرکل کی حکومت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

    خیال رہے کہ جرمن چانسلر اور جرمن وزیر داخلہ ہورست زیہوفر کے درمیان تارکین وطن سے متعلق معاملات پر شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔ ہورست زیہوفر کا مؤقف ہے کہ جرمنی کے علاوہ یورپ کے کسی اور ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والے مہاجرین کو جرمنی میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ میرکل مستقل ان کی مخالفت کرتی آرہی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مسلم لیگ ن کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما بھی اقامہ ہولڈرز نکلے

    مسلم لیگ ن کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما بھی اقامہ ہولڈرز نکلے

    کراچی : سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات گذشتہ پانچ برس سے صوبے کے وزیر ہونے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے اقامہ ہولڈر بھی ہیں۔ شہری نے ناصر حسین شاہ کی اہلیت کو سندھ ہائی کورٹ میں چلینج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے وزراء بھی اقامہ ہولڈرز نکلے، پی پی پی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ سنہ 2009 میں دبئی کی کمپنی میں ملازم تھے۔

    سندھ کے شہری نے ناصر حسین شاہ کی اہلیت کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پی پی رہنما سنہ 2009 سے متحدہ عرب امارات کے اقامہ ہولڈر ہیں جبکہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں خود کو زراعت پیشہ ظاہر کیا تھا۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کاغذارت نامزدگی میں جھوٹ بولا لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے، سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات کو سنہ 2013 سے نااہل قرار دیا جائے اور آئندہ انتخابات میں بھی حصّہ لینے سے روکا جائے اور ناصر حسین شاہ کو بطور وزیر دی گئی تمام مراعاتیں واپس لی جائیں۔

    درخواست گزار نے درخواست میں الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا ہے جس پر سندھ ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کرے گا۔

    دوسری جانب درخواست گزار نے سندھ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی کے ایک اور رہنما منظور وسان کی اہلیت کو بھی چیلنج کیا ہے، درخواست گزار نے کہا ہے کہ منظور وسان نے کاغذات نامزدگی میں متحدہ عرب امارات کا اقامہ اور کمپنی کے شیئر ظاہر نہیں کیے تھے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پی پی رہنما متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی کمپنی میں 25 فیصد کے شیئر ہولڈر ہیں، اقامہ اور کمپنی شیئرز چھپانے پر منظور وسان بھی صادق و امین نہیں رہے۔

    یاد رہے کہ منظور وسان پی ایس 32 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔