Tag: lemonade

  • ضرورت مند ماؤں کی مدد کرنے والی 3 سالہ بچی

    ضرورت مند ماؤں کی مدد کرنے والی 3 سالہ بچی

    احساس اور کسی کی مدد کا جذبہ رکھنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں، عموماً دیکھنے میں آتا ہے کہ کم عمر بچے اپنی معصومیت اور حساسیت کے باعث ہر کسی کی مدد کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک 3 سالہ بچی ضرورت مند ماؤں کی مدد کرنے کے لیے انوکھا کام کر رہی ہے۔

    ایوا لیوس نامی یہ بچی ایک ننھے سے اسٹال پر لیمونڈ بنا کر فروخت کرتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ڈھیر سارے ڈائپرز خرید کر ان ماؤں کو دیتی ہے جو انہیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔

    ایوا اپنی دادی کی بتائی ہوئی ریسپی سے لیمونڈ بناتی ہے، وہ اپنی والدہ کے سیلون کے سامنے ایک چھوٹے سے، اپنے ہی قد جتنے اسٹال پر کھڑی ہوتی ہے۔ لوگ اس چھوٹی سی بچی کو لیمونڈ فروخت کرتے دیکھ کر رکتے ہیں اور اس سے یہ مشروب ضرور خریدتے ہیں۔

    پہلی بار جب ایوا نے اپنی آمدنی سے بہت سارے ڈائپرز خریدے تو انہیں ڈرہم ریسکیو مشن نامی ادارے میں پہنچا دیے جو منشیات کا شکار اور بے سہارا افراد خصوصا ماؤں کو پناہ دیتا ہے۔ اس ادارے میں بہت سارے بچے موجود ہیں۔

    ایوا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی آمدن کو اپنے پاس نہیں رکھنا چاہتی۔ اب جبکہ اس کی شہرت دور دور تک پھیل چکی ہے اور آس پاس کے شہروں سے بھی لوگ اس سے ملنے اور اس کا مشروب خریدنے آتے ہیں تو ایوا کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    ایوا بہت جلد دوسر مقامات پر بھی ایسے اسٹالز لگانے کا سوچ رہی ہے جبکہ آمدنی میں اضافے کے ساتھ اپنے کار خیر کا دائرہ بڑھانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

  • برسات میں لیموں پانی کے فوائد

    برسات میں لیموں پانی کے فوائد

    موسم برسات میں فضاءمیں رطوبت کی زیادتی کی وجہ سے مضر اورخطرناک جراثیم کی نشوونما میں بڑی تیزی آ جاتی ہے جس کی وجہ سے موسمی اورمتعدی بیماریاں سراٹھا لیتی ہیں۔

    رطوبت کی زیادتی کی وجہ سے انسان کے نظام انہضام میں بھی تبدیلی آتی ہے اورانسان مٹھاس کے بجائے ترش اشیاء کی طرف زیادہ راغب ہو جاتا ہے اس لئے غذا میں احتیاط ملحوظ رکھنی چاہیے۔

    موسم برسات میں لیموں کا استعمال


    نظامِ قدرت بھی عجیب ہے اس موسم میں لیموں پر بھی جوانی آجاتی ہے اور لیموں بازار میں سستے داموں فروخت ہونے کےلئے آجاتا ہے۔

    لیموں کی سکنجبین لطف کو دوبالا کر دیتی ہے اور برسات کے موسم میں پیدا ہونے والے عوارضات سے بچانے کا قدرتی ذریعہ بھی ہے۔

    جگر کی صفائی: رواں سال کلینیکل اینڈ ایکسپیریمینٹل فارماکالوجی اینڈ سائیکالوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق لیموں میں نیرنجنین نامی مرکب پایا جاتا ہے جو جگر کی صفائی کے لئے نہایت موثر ہے۔

    پوٹاشیم کا حصول کا ذریعہ: لیموں پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے، جس کی جسم میں موجودگی سے انسان نہ صرف دل اور دماغ کے مختلف امراض سے بچا رہتا ہے بلکہ یہ ہمارے اعصابی نظام کو بھی بہتر بناتا ہے۔

    بلغم: لیموں میں یہ صلاحیت پائی جاتی ہے کہ اس کے استعمال سے گلے میں پھنسی بلغم رفع ہو جاتی ہے۔ نیم گرم میں پانی میں لیموں کا رس ملا کر غرارے کرنے سے گلہ کو بھی تقویت ملتی ہے۔

    آرتھرائٹس: لیموں میں موجود اجزا یورک ایسڈ کو بڑھنے نہیں دیتے، جو جوڑوں میں درد کا باعث بنتا ہے۔

    کمزور خلیوں کی بحالی: لیموں میں شامل اینٹی آکسائیڈینٹ الکوحل اور سگریٹ نوشی کی وجہ سے تباہ یا کمزور ہونے والے خلیوں کی فوری بحالی میں نہایت معاون ثابت ہوا ہے۔

    قوت مدافعت: قوت مدافعت کی بڑھوتری کے لئے وٹامن سی ناگزیر ہے اور ایک لیموں میں 55فیصد وٹامن سی ہوتا ہے۔

    جلد کی تروتازگی: لیموں کا جوس پینے جلدکی صحت پر بھی مثبت اثر ات مرتب ہوتے ہیں لیموں کو براہ راست جلد پر ملنے سے بھی اسے خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔