Tag: lesco

  • جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

    جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

    لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے پاکستانی گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں 13 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی تھی، لیسکو حکام کے چھاپے کی اطلاع پر جواد احمد فوراً پہنچے اور ان کی لیسکو حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    جواد احمد نے لیسکو حکام سے میٹر چھین لیا تھا، لیسکو حکام کے مطابق گلوکار جواد احمد کے خلاف نواب ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، لیکن مقدمے میں تمام دفعات شامل نہ کرکے پولیس نے زیادتی کی ہے۔

    لسیکو حکام کا کہنا ہے کہ جواد احمد کو 27 ماہ کی بجائے صرف چھ ماہ کا ڈٹیکشن بل دیا گیا ہے، میٹر اب تک غائب ہے، میٹر ملنے پر بل زیادہ ڈالیں گے، بل کی مجموعی رقم 13 لاکھ روپے بنی ہے۔

    لسیکو حکام نے کہا کہ صارف کسی بھی فورم پر چلا جائے، ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی، ساری کارروائی کی تفصیل اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

  • لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کے لیے انٹرویو کب سے شروع ہوں گے؟

    لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کے لیے انٹرویو کب سے شروع ہوں گے؟

    لاہور: بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جانب پیش رفت ہوئی ہے، لیسکو کا چیف ایگزیکٹو نجی شعبے سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع انرجی ڈویژن کے مطابق لیسکو کا نیا چیف کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا، جس کے لیے انٹرویو کل سے شروع ہوں گے، لیسکو چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے لیے 35 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق سخت اسکروٹنی کے بعد 12 افراد کو انٹرویو کے لیے کال لیٹر ملے ہیں، جب کہ 30 جنوری تک نیا چیف ایگزیکٹو تعینات کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے نومبر میں ورلڈ بینک نے 9 سفارشات پیش کی تھیں، ورلڈ بینک نے کہا تھا کہ ڈسکوز نقصانات ختم کیے جائیں، بیلنس شیٹ کلیئر کی جائے، نجکاری کی جائے، سبسڈی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے، ڈسکوز کے شیئرز کا طریقہ کار مکمل کیا جائے، شیئرز صدر پاکستان کو منتقل ہوں گے، مستقبل کے لیے ڈسکوز شیئر کی منتقلی کا طریقہ کار وضع کیا جائے، نیپرا کے غور کے لیے بجلی سبسڈی کو مقررہ نرخوں میں واضح کیا جائے، ڈسکوز کی سبسڈی کی ریکوری کے لیے گائیڈ لائنز طے کی جائیں۔

    ادھر سکھر میں بجلی چوری پر قابو نہ پانے پر5 سیپکو ملازم نوکری سے فارغ کر دیے گئے ہیں، جب کہ 3 ایگزیکٹو انجنیئرز کے ٹائم اسکیل میں 2 سال کی کمی کر دی گئی ہے۔

    مجموعی طور پر 8 افسران، 28 اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی گئی ہے، سیپکو کے 4 ایس ڈی اوز میں سے 3 کو نچلی پوسٹ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیپکو چیف کا کہنا تھا کہ کسی صورت بھی بجلی چوروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

  • انتظامیہ نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی

    انتظامیہ نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی

    لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی انتظامیہ نے ڈیڈ، ڈیفالٹرز اور بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں اوکاڑہ سرکل میں رینجرز معاونت کرے گی، لیسکو کی جانب سے ٹاپ 100 ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن ہو گا۔

    جارہ کردی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اوکاڑہ سرکل  کے سرحدی دور دراز گاؤں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ہو گا، آپریشن میں لیسکو اسٹاف کے ساتھ رینجرز بھی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو انتظامیہ رینجرز کے ہمراہ اوکاڑہ  کے بعد قصور، شیخوپورہ، ننکانہ سرکل تھری نارنگ منڈی میں بھی آپریشن کرےگی، جس کے لیے لیسکو افسران سے ڈیفالٹرز کی فہرستیں 2 روز میں مانگ لی گئیں ہیں۔

  • لیسکو انتظامیہ نے پیسے لے کر کرپشن پر نکالے گئے 12 افسران بحال کر دیے

    لیسکو انتظامیہ نے پیسے لے کر کرپشن پر نکالے گئے 12 افسران بحال کر دیے

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لیسکو میں کرپشن پر نکالے گئے متعدد افسران کی غیر قانونی بحالی کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیسکو میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ہے۔

    یہ کمیٹی 10 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی نے لیسکو مینجمنٹ سے الزامات پر جواب طلب کر لیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو مینجمنٹ پر پیسے لے کر 12 افسران کی بحالی کا الزام ہے، انتظامیہ پر بین الاقوامی کمپنی سے سامان کی خریداری کا بھی الزام ہے۔

    لاہور : 70 فیصد گھروں میں چوری کی بجلی، چونکا دینے والے ہوشربا حقائق

    ذرائع توانائی ڈویژن کے مطابق سابق چیف ایگزیکٹو چوہدری امین کی تعیناتی بھی خلاف قانون کی گئی، کمیٹی نے موجودہ چیف، لیسکو چیئرمین بورڈ و دیگر افسران کو کل اسلام آباد بلا لیا ہے، افسران کے بیانات کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوائے گی۔

  • اوور بلنگ کے بعد بلوں کی درستگی پر لیسکو کو اربوں روپے کا نقصان

    اوور بلنگ کے بعد بلوں کی درستگی پر لیسکو کو اربوں روپے کا نقصان

    لاہور: اوور بلنگ کا معاملہ اٹھنے کے بعد اب بلوں کی درستگی پر لیسکو کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، جس پر ایف آئی اے نے ایکشن لے لیا ہے۔

    ذرائع ایف آئی اے کے مطابق لیسکو کو مالی نقصان پہنچانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اوور بلنگ کی درستگی سے کمپنی پر اضافی اربوں روپے کا بوجھ پڑ گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اووربلنگ کے وقت اوسط فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی، جب کہ رواں ماہ 48 روپے سے قیمت زائد بنتی ہے، جس سے کمپنی کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تعیناتی کے دوران تمام ایکسین، ایس ڈی اوز کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی، تمام چیف ایگزیکٹیوز اور سی ایس ڈیز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    لیسکو افسران کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریوں کا امکان ہے، اس سلسلے میں ایف آئی اے نے 3 سے 5 سال کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔

  • اوور بلنگ ختم کرنے کے حوالے سے اہم خبر

    اوور بلنگ ختم کرنے کے حوالے سے اہم خبر

    لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو افسران نے اس ماہ اوور بلنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اوور بلنگ کے مسئلے پر آج سیکریٹری توانائی اور لیسکو مینجمنٹ کے درمیان بات چیت ہوئی، ذرائع لیسکو کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت بے نتیجہ رہی، سیکریٹری توانائی لیسکو تحفظات پر کوئی واضح جواب نہ دے سکے۔

    ذرائع لیسکو کے مطابق لیسکو چیف نے سیکریٹری کو افسران کے خدشات اور ایف آئی اے کے ناروا رویے سے آگاہ کیا، تاہم سیکریٹری توانائی نے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، سیکریٹری توانائی نے ایف آئی اے کے سامنے پیشی کے معاملے پر بھی مؤقف واضح کرنے سے گریز کیا۔

    دوسری طرف انجینئرز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ لیسکو افسران نے اس ماہ اوور بلنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم ایف آئی اے کے ناجائز کیسز کا مقابلہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آج بدھ کو ایف آئی اے نے 40 کروڑ روپے اوور بلنگ پر لیسکو کے 7 افسران پر مقدمہ درج کر لیا ہے، ذرائع ایف آئی اے کے مطابق لاہور میں سرکل تھری کے 5 ایس ڈی اوز اور 2 ریونیو افسران کے خلاف اوور بلنگ پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران پر گزشتہ 2 سال میں تعیناتی کے دوران اوور بلنگ کرنے کا الزام ہے، اوور بلنگ کے حوالے سے 10 ایکسین اور 25 ایس ڈی اوز کی فہرست بھی ڈی جی کو بھجوائی گئی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیسکو کے متعدد افسران آج بھی ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے۔

    لیسکو اور ایف آئی اے کا تنازع

    7 اپریل کو ایف آئی اے نے لیسکو ڈویژن شاہ پور کے ایکسین راؤ کامران کو اربوں روپے کی اووربلنگ کرنے پر گرفتار کیا تھا، شاہ پور ڈویژن میں 4 کروڑ 90 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی نشان دہی کی گئی تھی۔

    اوور بلنگ کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے نے 9 اپریل کو لیسکو کے 7 ایس ایز کو انکوائری کے لیے طلب کیا تھا، تاہم لیسکو حکام نے یہ کہہ کر اس طلبی کو مسترد کیا کہ صرف نیپرا اووربلنگ کی جانچ پڑتال کر سکتا ہے، ایف آئی اے اوور بلنگ کے معاملے کو نہیں دیکھ سکتا، لیسکو افسران نے کہا تھا کہ وہ عید کے بعد وکلا کے ذریعے جواب دیں گے۔

    اوور بلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اوور بلنگ کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں اوور بلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ایف آئی اے افسران اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف 100 فی صد کارکردگی دکھائیں، انھوں‌ نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حساس علاقوں میں ایف آئی اے کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

  • اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی

    اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی

    لاہور: اووربلنگ پر لیسکو حکام نے ایف آئی اے طلبی مسترد کر دی ہے، طلب کیے گئے ایس ایز ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور لیسکو حکام میں تنازع چل رہا ہے، ایف آئی اے نے آج انکوائری کے لیے 7 ایس ایز کو بلایا تھا تاہم ایک بھی ایس ای ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق لیسکو افسران کا کہنا ہے کہ وہ عید کے بعد وکلا کے ذریعے جواب دیں گے، صرف نیپرا اووربلنگ کی جانچ پڑتال کر سکتا ہے، ایف آئی اے اووربلنگ معاملے کو نہیں دیکھ سکتا۔

    لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل ایک ایکسین کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا جس پر انھیں تحفظات ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اووربلنگ کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

    ایف آئی نے لیسکو ڈویژن شاہ پور کے ایکسین راؤ کامران کو اربوں روپے کی اووربلنگ کرنے پر گرفتار کیا، شاہ پور ڈویژن میں 4 کروڑ 90 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی نشان دہی کی گئی تھی جس پر ایف آئی نے تحقیقات کے بعد ایکسین راؤ کامران کو گرفتار کیا۔

  • وفاقی حکومت نے لاہور الیکٹرک کمپنی کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا

    وفاقی حکومت نے لاہور الیکٹرک کمپنی کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا

    لاہور: وفاقی حکومت نے لاہور الیکٹرک کمپنی (لیسکو) کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے لیسکو بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری لینے کے بعد وفاقی حکومت نے نیا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کا 15 رکنی نیا بورڈ 3 سال کے لیے تشکیل دیا گیا، حافظ محمد نعمان لیسکو بورڈ کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔

    سی ای او لیسکو، پنجاب حکومت، وزارت خزانہ اور پاور ڈویژن کے نمائندے اس بورڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بورڈ ارکان میں غیاث الدین احمد، محمد علی صادق، جہانزیب بدر، مجاہد اسلام، ایم اے گوریا، رانا فیصل حیات، احمد بخش تارڑ، چوہدری ارشد اقبال، سعد راؤ، اور فیصل کھوکھر شامل ہیں۔

  • الیکٹرک کمپنی میں بیرون ملک دوروں پر پابندی، فنڈز سے نئے گرڈ لگائے جائیں گے

    الیکٹرک کمپنی میں بیرون ملک دوروں پر پابندی، فنڈز سے نئے گرڈ لگائے جائیں گے

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی الیکٹرک کمپنی لیسکو میں دفاتر کے اندر کھانے پینے، پارٹیوں اور بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کو حاصل فنڈز بجلی سپلائی نظام کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کو بجلی کے تقسیم کار ادارے لیسکو (لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) نے اپنے نئے مالی سال کے بجٹ کوحتمی شکل دے دی۔

    نئے بجٹ کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کا ترقیاتی بجٹ حجم ساڑھے 7 ارب روپے کا ہے، نئے مالی سال میں 11 ہزار خالی اسامیوں پر بھرتیاں ہوں گی، متعدد گرڈز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    ادارے میں نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی، دفاتر میں کھانے پینے، پارٹیوں اور بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کو حاصل فنڈز نظام کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق ڈیڈ ڈیفالٹرز کو 30 جون تک بلوں کی ادائیگی کی آخری مہلت دی جائے گی اور جون کے بعد تمام کنکشنز کاٹ دیے جائیں گے۔ بلوں کی اقساط پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

  • صارفین کی مشکلات میں اضافہ، بجلی کے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد

    صارفین کی مشکلات میں اضافہ، بجلی کے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد

    لاہور: لیسکو نے صارفین کی مشکلات بڑھا دیں، بجلی کے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    ذرائع لیسکو کے مطابق بجلی کے صارفین اب اپنی سہولت کے مطابق زیادہ بلوں کو اقساط کی صورت میں ادا نہیں کر سکیں گے، کیوں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اقساط کی سہولت ختم کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بل کے بقایا جات کی بھی اب صرف متعلقہ آفس سے قسط ہو سکے گی، جب کہ ریونیو آفس سے کمپیوٹرائزڈ بل بینک وصول کرے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ اقساط کی سہولت کے خاتمے سے لیسکو کی ریکوری میں کمی کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں بنائے گئے متعدد کسٹمرز سروسز سینٹر غیر فعال ہو گئے ہیں۔

    ادھر صارفین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے مئی اور جون میں بڑے بل آتے ہیں، جسے اقساط میں تقسیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی صارفین لوڈ شیڈنگ کے طویل شیڈول اور غیر اعلانیہ بندش سے پہلے ہی پریشان ہیں، اور اب لیسکو کی جانب سے لاہور کے صارفین سے ایک اہم سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔