Tag: lesco

  • لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

    لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی کے تقسیم کار ادارے لیسکو کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل سامنے آیا ہے، نجی فوڈ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کا بل دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل منظر عام پر آگیا، واپڈا کی ایم اینڈ ایس ٹیم نے اوور بلنگ پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی فوڈ انڈسٹری کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی، انڈسٹری کو 4 لاکھ یونٹس کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق 3 سال قبل انڈسٹری کے میٹرز کو تبدیل کیا گیا مگر ایم سی او فیڈ نہ ہوا، ایم سی او فیڈ نہ کر کے انڈسٹری کو اضافی یونٹس چارج ہوتے رہے۔ 3 سال بعد ایم سی او فیڈ کر کے میٹرز کے یونٹس بھی چارج کر لیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی۔

    ایم اینڈ ایس واپڈا ہاؤس نے سابق اور موجودہ افسران و ملازمین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ علی رضا آباد سب ڈویژن میں میٹر ریڈر کی ملی بھگت سے چارجنگ کی گئی، میٹر ریڈر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ریڈنگ کی۔

  • گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے بل قسطوں میں جمع کروانے کی سہولت ختم

    گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے بل قسطوں میں جمع کروانے کی سہولت ختم

    لاہور : لیسکو نے گھریلو صارفین کے لئے قسطوں میں بجلی کے بل جمع کروانے کی سہولت ختم کردی ، سی ایس ڈی لیسکو بشیراحمد کا کہنا ہے کہ لوگ قسطوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی بلوں کی اقساط کی سہولت ختم کرتے ہوئے 9کسٹمرسینٹرز اور دفتری سطح پربجلی بلوں کی قسطوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

    ڈیفالٹرز کے کنکشن کاٹنے کے لئے فہرستیں ایس ڈی اوز کو فراہم کردی گئیں، سی ایس ڈی لیسکو بشیراحمد کا کہنا ہے کہ لوگ قسطوں کاناجائزفائدہ اٹھاتےہیں، لیسکو نے صارفین سے مجموعی طور پر122ارب وصول کرنا ہیں۔

    خیال رہے لیسکو کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور کمپنی کے ساؤتھ سرکل میں صارفین کے بلوں کی تقسیم کو آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

    مراسلے کے مطابق ساؤتھ سرکل کی تمام ڈویژنز میں بل ڈسٹری بیوشن بطور پائلٹ پراجیکٹ آؤٹ سورس کیا جائے گا، جس میں ڈیفنس، ڈیفنس ایسٹ، کوٹ لکھپت اور گلبرگ ڈویژن شامل ہے، کسٹمر سروسز ڈائریکٹوریٹ نے ٹینڈر کرنے کی اجازت دیدی، ٹینڈر میں کامیاب ہونیوالی پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹھیکہ دے دیا جائے گا۔

  • انقلابی شاعر حبیب جالب کا خانوادہ بھی سرکاری نااہلی کے باعث دھکے کھانے پر مجبور

    انقلابی شاعر حبیب جالب کا خانوادہ بھی سرکاری نااہلی کے باعث دھکے کھانے پر مجبور

    لاہور: عوامی اور انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب نے کہا ہے کہ لیسکو کی جانب سے مجھے 75 ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا، حکومت کی طرف سے ملنے والا وظیفہ اب نہیں لیتے اور نہ مجھے کسی قسم کی مدد چاہیے۔

    اے آروائی کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے طاہرہ حبیب جالب کا کہنا تھا کہ والد کے انتقال کے بعد ماں اور بہن بھائیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت مزدوری کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کسی نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، حکومت پنجاب کی طرف سے ملنے والا شاعر کوٹے کا وظیفہ لینے کے لیے ہمیں اتنے دھکے کھانے پڑتے تھے کہ اُتنی ہی رقم (25 ہزار) خرچ کرنی پڑ جاتی تھی اس لیے اُس وظیفے کو خود ہی بند کرادیا۔

    مزید پڑھیں:  بغاوت کے علم بردار حبیب جالب کے اہل خانہ کو بجلی کا اضافی بل موصول

    حبیب جالب کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ابھی آن لائن ٹیکسی چلا رہی ہوں جبکہ ماضی میں پی سی او پر بھی بیٹھ کر  گزر بسر کیا، میں کسی سے مدد نہیں مانگ رہی کیونکہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوچکی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میں ڈھائی مرلے کے گھر میں رہتی ہوں اُس کے باوجود لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) نے پچھلے ماہ 63 ہزار کا بل بھیجا جس کے لیے مختلف دفاتر کے چکر لگائے اور دھکے کھائے۔

    طاہرہ حبیب جالب کا کہنا تھا کہ بجلی کا جائز بل ادا کرچکی مگر پھر75ہزارکا بل بھیج دیا گیا، جب کہ میں نے سب کو جاکر بتایا کہ ہمارا گھر صرف ڈھائی مرلے کا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں چونکہ ایک نامور شاعر کی بیٹی ہوں اس لیے میرا مسئلہ سامنے آگیا، میڈیا کے لوگوں نے رابطہ کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی صارفین نے اظہار یکجہتی کیا، ہمارے معاشرے میں ایک عام گھرانے کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔

  • لاہورمیں 100 سے زائد فیڈر ٹرپ، بجلی کی فراہمی معطل

    لاہورمیں 100 سے زائد فیڈر ٹرپ، بجلی کی فراہمی معطل

    لاہور: بارش کے باعث بجلی کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لاہور میں موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی جوکہ وقفے وقفے جاری ہے جس کے سبب بجلی کے 100 سے زائد فیڈرٹرپ کرگئے۔

    لیسکو حکام کے مطابق اس وقت سمن آباد، فیروز پورروڈ، باغبان پورہ اورشمالی لاہور کے بیشترعلاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ذرائع کے مطابق فیڈرز کی مرمت اور بجلی کی بحالی کے لئے 12 سے 24 گھنٹے درکارہیں۔

  • بجلی کا بل جمع نہ کرانے پرعمران خان کولیسکوکا نوٹس

    بجلی کا بل جمع نہ کرانے پرعمران خان کولیسکوکا نوٹس

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت کو بجلی کے بل جمع نہ کرانے پر لیسکو کی جانب سے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کے بعد بجلی کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک پر عمل کرتے ہوئے لاہور کے علاقے زمان پارک میں اپنے گھر کا بل ادا نہیں کیا، جس کی عدم ادائیگی پرلیسکو نے عمران خان کے گھر کے تین میٹرغیرقانونی قراردے دیئے ہیں۔

    لیسکو حکام کی جانب سے عمران خان سے میٹرز کی وضاحت طلب کر لی گئی ہے، لیسکو نے بذریعہ کوریئرعمران خان کونوٹس بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دس دن میں جواب نہ ملا تو بجلی کے میٹرز ہٹالئے جائینگے۔