Tag: Letter to Chief Justice

  • مجھے اسلام آباد ہائیکورٹ پر اعتماد نہیں، اعظم سواتی کا چیف جسٹس کو خط

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں کہا ہے کہ مجھے آپ کی عدالت پر اعتماد نہیں ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی نے جیل سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے کیس میں ہونے والی تاخیر سے متعلق شکایت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خط کے متن میں تحریر ہے کہ مجھے آپ کی عدالت پر اعتماد نہیں ہے میرا مقدمہ کسی دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے۔

    اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے مجھے اغواء کرکے پہلے بلوچستان اور پھر صوبہ سندھ لے جایا گیا۔

    مذکورہ مبینہ خط میں اعظم سواتی نے بتایا ہے کہ ضمانت کی درخواست کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد اسپیشل جج کا تبادلہ کیا گیا۔

    دوسری جانب ہائیکورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے ان کا کوئی خط ہائی کورٹ انتظامیہ کو موصول نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں قائم سی آئی اے سب جیل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو مذکورہ خط جمع کرایا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اعظم سواتی نے یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو پہنچانے کے لیے جمع کرایا ہے جبکہ ہائی کورٹ ذرائع نے بتایا کہ ان کی ضمانت کا کیس سننے والے جج کا تبادلہ معمول کے مطابق ہوا ہے۔

  • ارشد شریف قتل کیس : عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا

    ارشد شریف قتل کیس : عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا

    لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہید ارشد شریف کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کیلئے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے خط میں شہید ارشد شریف قتل کیس کی آزادانہ جوڈیشل کمیشن کے ذریعے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہریوں کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم میں اب تک ہزاروں پاکستانی چیف جسٹس کو خط لکھ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : شہید صحافی ارشد شریف کی بیٹی کا سپریم کورٹ کے ججز کے نام خط

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہید صحافی ارشد شریف کی صاحبزادی علیزہ ارشد نے انصاف کے حصول کیلیے سپریم کورٹ کے ججز کے نام خط لکھ دیا۔

    علیزہ ارشد نے خط میں سپریم کورٹ کے ججز سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میں اپنے والد کے لیے انصاف کے حصول کے لیے خط لکھ رہی ہوں۔‘

    علیزہ ارشد نے لکھا کہ والد کی نقل و حرکت محدود ہوگئی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں جب معاملہ بگڑا تو میرے والد اپنی جان اور عزت بچانے کے لیے وطن چھوڑنے پر مجبور ہوئے وہ ملک چھوڑ کر نہیں جانا چاہتے تھے۔

    ایک ماہ قبل نومبر کے آغاز میں شہید ارشد شریف کی والدہ نے بھی چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر ہائی پاورجوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    ارشد شریف کی والدہ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ میرے بیٹے کی شہادت کیخلاف حکومت کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لیا جائے، مجھے اور ارشد شریف کے یتیم بچوں کو انصاف دلائیں۔