Tag: letter

  • کراچی: دن کے اوقات میں ٹینکرز کے سڑکوں پر آنے پر پابندی کا مطالبہ

    کراچی: دن کے اوقات میں ٹینکرز کے سڑکوں پر آنے پر پابندی کا مطالبہ

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹینکرز کی وجہ سے کئی خطرناک ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں، ٹینکرز کو پابند کیا جائے کہ دن کے اوقات میں سڑکوں پر نہ آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی پی) ٹریفک کو خط لکھا ہے۔

    راجہ اظہر نے خط میں لکھا کہ شہر میں ٹینکرز ڈرائیورز کی تیز رفتاری سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ ٹینکر پر سوار بیشتر ڈرائیور کم عمر یا غیر تربیت یافتہ ہوتے ہیں، بعض ڈرائیورز کے نشے میں ملوث ہونے کی شکایات بھی موصول ہوچکی ہیں۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ ٹینکرز کی وجہ سے کئی خطرناک ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں، ٹینکرز کو پابند کیا جائے کہ دن کے اوقات میں سڑکوں پر نہ آئیں۔

  • جارج کلونی کی میڈیا سے اپیل

    جارج کلونی کی میڈیا سے اپیل

    ہالی ووڈ کے آسکر انعام یافتہ اداکار جارج کلونی نے میڈیا سے اپنے بچوں کی تصویر شائع نہ کرنے کی اپیل کردی، انہوں نے کہا کہ پریس میں ان کے بچوں کی تصاویر شائع ہونے سے ان کے بچوں کی حفاظت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    اداکار جارج کلونی نے اشاعتی اداروں سے کہا ہے کہ ان کے بچوں کی تصویر شائع نہیں کیا کریں۔

    اس حوالے سے انہوں نے پریس کو ایک خط لکھا اور کہا کہ ان کی اہلیہ انسانی حقوق کی وکیل ہیں، ان کے کام کی نوعیت کی وجہ سے ہم اپنے خاندان کو محفوظ رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتتے ہیں۔

    جارج کلونی نے کہا کہ اگر رسالوں کے سرورق پر تصویریں شائع ہوئیں تو وہ بچوں کی حفاظت نہیں کر پائیں گے۔ وہ اپنے بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ نہیں کرتے کہ کہیں انہیں سیکیورٹی خدشات نہ لاحق ہوجائیں۔

    یاد رہے کہ جارج کلونی نے انسانی حقوق کی وکیل امل کلونی سے سنہ 2014 میں شادی کی تھی، سنہ 2017 میں جوڑے کے یہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • آئی ایم ایف کا افغانستان سے انخلا پر پاکستان کا شکریہ

    آئی ایم ایف کا افغانستان سے انخلا پر پاکستان کا شکریہ

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ۔ آئی ایم ایف) نے افغانستان سے اپنے عملے کے انخلا پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی اعلیٰ سطح پر کوششیں اہمیت کی حامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا، خط میں انہوں نے افغانستان سے آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے انخلا پر شکریہ ادا کیا۔

    ادارے کی سربراہ نے افغانستان سے انخلا میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

    خط میں انہوں نے لکھا کہ افغانستان سے آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے بحفاظت انخلا پر شکر گزار ہیں، مشکل وقت میں پاکستان کی اعلیٰ سطح پر کوششیں اہمیت کی حامل ہیں۔

    کرسٹیلینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں شراکت داری پر شکر گزار ہیں اور تعاون کے تسلسل کے متمنی ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزرائے خارجہ، خزانہ، دفاع اور گورنر اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کو سراہا۔

    خیال رہے کہ 21 اگست کو پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز 350 افراد کو کابل سے لے کر اسلام آباد پہنچی تھی، پرواز میں آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے 250 افراد کے علاوہ افغانستان و دیگر ممالک کے شہری بھی شامل تھے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ کے اطراف میں طیاروں پر لیزر لائٹس مارنے کے معاملے پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا اور واقعات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ کے اطراف طیاروں پر لیزر لائٹس مارنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخواہ کو خط لکھ دیا۔

    سی اے اے نے طیاروں پر لیزر لائٹ مارنے کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی ہے، خط میں سول ایوی ایشن نے لیزر لائٹ مارنے کے 2 واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے سیفٹی چیف نے بھی ان واقعات کو اجاگر کیا، 19 جون کو پی کے 6350 کے پائلٹ نے کوہاٹ میں گرین لیزر لائٹ کی نشاندہی کی، درہ آدم خیل پر بھی طیارے سے ڈیڑھ کلو میٹر فاصلے پر لیزر لائٹ کی نشاندہی کی گئی۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق 3 جون کو پی کے 350 کے پائلٹ نے بڈابیر اور رنگ روڈ پر بھی لیزر لائٹ کی نشاندہی کی۔

    خط میں سول ایوی ایشن کی واقعات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا کہ حالیہ تعمیر شدہ واچ ٹاورز کو لیزر لائٹ کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • سعودی عرب کا 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ، وزیر اعظم عمران خان کی تعریف

    سعودی عرب کا 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ، وزیر اعظم عمران خان کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد کو خط لکھتے ہوئے 10 ارب درخت لگانے کے سعودی فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھا، اپنے خط میں وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے سعودی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2014 سے 2018 کے دوران ہم نے 1 ارب درخت لگائے، سنہ 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے، 15 فیصد زمینی اور 10 فیصد سمندری سطح پر پودے لگائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبے سے ایکو ٹورازم کو فروغ ملے گا اور ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ سنہ 2030 تک 60 فیصد توانائی کو کلین انرجی پر شفٹ کر رہے ہیں، شمسی توانائی (سولر)، ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کی صلاحیت کو بڑھا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے گرین منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

  • سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: سائبر حملے کے باعث قیمتی معلومات لیک ہونے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اہم اقدام اٹھا لیا، اس سلسلے میں تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی نے تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس این ٹی سی کے ڈیٹا سینٹر پر منتقل کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ سائبر سیکیورٹی کے پیش نظر وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس جو پرائیوٹ ڈومین پر ہیں ان کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ڈیٹا سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق سائبر حملے کی صورت میں پرائیوٹ ڈومین پر موجود ویب سائٹس حملے کا آسان شکار ہوسکتی ہیں، ویب سائٹ ہیک ہونے سے قیمتی اور حساس معلومات لیک ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

    مراسلے میں تمام سرکاری ای میلز کو gov.pk پر لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بھی ہدایت کی ہے کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) جلد سے جلد ای آفس پر کام مکمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عمل سے کام میں آسانی، شفافیت اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔

  • سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں بارشوں سے نقصانات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، وزیر اعلیٰ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر سندھ میں بارشوں سے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔ خط میں انہوں نے اربوں روپے نقصانات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لوگوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ انہوں نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے، چاہتے ہیں کہ ہر متاثرہ خاندان کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے اپنے دور میں ہر متاثرہ خاندان کو 60 ہزار روپے دیے تھے، چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے اس مرتبہ 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، میں متاثرین کی مدد کرنے اور ان کو سنبھالنے کے لیے ہر جگہ گیا ہوں۔ گڈو سے کوٹری بیراج تک وزرا کی کمیٹیز بنا دی ہیں، بلاول بھٹو 3 دن کے دورے پر آج نکل رہے ہیں۔

  • پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا، تمام نجی اسپتالوں کو اپنی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کی لوٹ مار روکنے کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میدان میں آگیا، کمیشن نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

    کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال مریضوں سے مقررہ ریٹس سے زائد وصول نہیں کرے گا۔ مراسلے میں نجی اسپتالوں کو ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بھی احکامات جاری کردیے گئے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال ریٹ لسٹ اپنی ویب سائٹس پر بھی جاری کریں، اور اسپتال میں اپنے ریٹس نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔

    کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ نجی اسپتال لسٹ میں بیڈ روم، آئسولیشن وارڈز اور وینٹی لیٹرز چارجز آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایکٹیمرا انجکشن رکھنے والے نجی اسپتال اس کی قیمت بھی آویزاں کریں۔

  • کرونا وائرس: موت سے قبل مریض کے آخری خط نے سب کو اشکبار کردیا

    کرونا وائرس: موت سے قبل مریض کے آخری خط نے سب کو اشکبار کردیا

    امریکا میں کرونا وائرس میں مبتلا والد کے مرنے سے قبل آخری خط نے سب کو اشکبار کردیا، 32 سالہ جون ایک ماہ سے اس وائرس سے لڑ رہا تھا۔

    امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے رہائشی جون کوئیلو میں ایک ماہ قبل کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جون 20 دن تک وینٹی لیٹر پر رہا لیکن جانبر نہ ہوسکا اور بالآخر یہ جنگ ہار گیا۔

    جون نے اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کے لیے ایک رقت آمیز خط چھوڑا ہے۔

    اپنے خط میں جون نے اپنی اور اہلیہ کے نام لکھا کہ آپ سب کی وجہ سے میں بہترین زندگی گزار سکا، آپ سب کا بہت شکریہ۔

    اپنی اہلیہ کے لیے انہوں نے لکھا کہ تم ایک بہترین انسان ہو، میرے بعد زندگی اسی جوش و جذبے کے ساتھ گزارنا جو تمہاری شخصیت کا خاصہ ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس نے امریکا میں تباہی کی تاریخ رقم کردی ہے، اب تک 52 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں، ملک بھر میں جان لیوا کا شکار افراد کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    امریکا سمیت دنیا بھر میں 28 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 97 ہزار ہوچکی ہے۔