Tag: letter

  • مشعال ملک کا اقوام متحدہ سے برما پر پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کا مطالبہ

    مشعال ملک کا اقوام متحدہ سے برما پر پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کا مطالبہ

    اسلام آباد : حریت رہنماء مشعال ملک نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سے برما پر سفارتی ،معاشی اور دفاعی پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن برما بھجوانے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط لکھا گیا ، خط پاکستان میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن حکام کے حوالے کیا گیا ۔

    خط کے مندرجات کے مطابق مشعال ملک نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما میں انسانی حقو ق کی پامالیاں اور انسانیت کے خلاف بدترین جرائم کا ارتکاب جاری ہے، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا جبکہ مسلمان آبادیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ برما کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، ہزاروں بچے غذائی قلت کا شکار ہو کر موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں جبکہ شیلٹر ،ادویات اور خوراک سے محروم دس لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے ۔

    مشعال ملک نے خط میں کہا ہے کہ برما کی صورتحال دنیا کی فوری توجہ کی طالب ہے، بروقت توجہ نہ دینے پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ، مسلمانوں کے اغوا ء اور قتل عام میں برمی افواج براہ راست ملوث ہیں ۔

    خط میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر برما کا دورہ کریں اور اس سے قبل قتل عام رکوانے اور قیام امن کے لئے آنگ سان سوچی اوربرما کے آرمی چیف سے براہ راست رابطہ کریں ۔

    مشعال ملک نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ قیام امن کے لئے امن فوج بھجوانے سمیت قتل عام کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن برما بھجوائے اور اقوام متحدہ برما میں عالمی اداروں،میڈیا ،انسانی حقوق تنظیموں کی رسائی یقینی بنائے جبکہ برمی رہنماء آنگ سان سوچی کو ماضی میں دیا گیا نوبل امن انعام فوری طو رپر منسوخ کیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مغوی عبداللہ جان کے والد کی بیٹے کی بازیابی کیلئے آرمی چیف سے اپیل

    مغوی عبداللہ جان کے والد کی بیٹے کی بازیابی کیلئے آرمی چیف سے اپیل

    کوئٹہ :  مغوی سیکریٹری ہائیرایجوکیشن عبداللہ جان کے والد نے بیٹے کی بازیابی کیلئے آرمی چیف سے اپیل کردی، والد کا کہنا ہے کہ آپ پراعتماد ہے ،میرے  بیٹے کی بازیابی کے لئے مدد  کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے اغواء ہونے والے سیکریٹری ہائیرایجوکیشن عبداللہ جان کے والد نے بیٹے کی بازیابی کے لئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام خط لکھ دیا ہے، خط میں عبداللہ جان کے والد نے بیٹے کی بازیابی کیلئے آرمی چیف سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج میرے بیٹے کی بازیابی کیلئے کردار ادا کرے۔

    خط میں عبداللہ جان کے والد نے کہا کہ 40سال تک محکمہ پولیس میں فرائض سر انجام دئیے ، عبداللہ کو اغوا ہوئے40روز گزر چکے ہیں اب تک بازیابی نہیں ہوئی، میری امیدیں پاک فوج سے وابستہ ہیں اور پاک فوج ہی ملک میں امیدوں کی آخری کرن ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ آپ پراعتماد ہے ، میرے  بیٹے کی بازیابی کے لئے مدد  کرینگے۔

    سیکریٹری ہائیرایجوکیشن عبداللہ جان اغواء

    یاد رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سیکرٹری بلوچستان عبداللہ جان اپنی رہائش گاہ سے دفتر جانے کیلئے روانہ ہورہے تھے کہ راستے میں اغوا کاروں نے انہیں گن پوائنٹ پروحدت کالونی سے اغواء کرلیا تھا۔

  • بھارت پاکستانی عملے کو تحفظ فراہم کرے، عبدالباسط

    بھارت پاکستانی عملے کو تحفظ فراہم کرے، عبدالباسط

    نئی دہلی: بھارت میں شرپسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی وزاتِ خارجہ کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ویانا معاہدے کے تحت حکومت تمام سفارتی عملے کو تحفظ فراہم کرے۔

    ذرائع کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیزکال موصول ہوئی جس میں گمنام شر پسند نے فوری بھارت نہ چھوڑنے کی صورت میں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    بعد ازاں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی حکام کو دھمکی آمیز کال کی اطلاع دی اور بھارت وزارت خارجہ کو دھمکیوں دے متعلق خط  تحریر کرتے ہوئے تمام سفارتی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    پڑھیں:  بھارتی جارحیت،آرمی چیف کا وزیر اعظم کوفون

    عبدالباسط کی جانب سے  حکام کو تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’’بھارت ویانا معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے تمام سفارتی عملے کو  فوری طور تحفظ فراہم کرے اور دھمکیاں دینے والے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائے‘‘۔

    ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دھمکی دیے جانے کے بعد پاکستانی سفارتی عملے کو ہائی کمیشن میں اکھٹے ہونے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں:   بھارت،پاکستانی ہائی کمشنر کوانتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں

    قبل ازیں جنگی جنون رکھنے والے ملک کے شرپسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو بھی ہراساں کیا گیا تھا، جس کے بعد بھارت میں مقیم فنکار پاکستان منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں تاہم اس ضمن میں ابھی تک کوئی مجرم گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

     

     

  • پاکستان پر سی آئی اے چیف کو زہر دینے کا الزام غلط ہے، جلیل عباس جیلانی

    پاکستان پر سی آئی اے چیف کو زہر دینے کا الزام غلط ہے، جلیل عباس جیلانی

    واشنگٹن : امریکہ میں پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس مین ٹیڈ پو کی جانب سے پاکستان پر سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کو زہر دینے کا الزام سراسر غلط ہے، یہ بات انہوں نے امریکی کانگریس مین ٹیڈ پو کے امریکی میڈیا میں پاکستان مخالف آرٹیکل کے جواب میں لکھے گئے ایک خط میں کہی۔

    انہوں نے اپنے خط میں امریکی کانگریس مین کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا، پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان پر اسامہ بن لادن کو پناہ دینے کے الزام میٓں بھی کوئی صداقت نہیں، اس الزام کا بھی کوئی ثبوت موجود نہیں کہ اسامہ بن لادن کو پاکستان کی حمایت حاصل تھی۔

    اسامہ بن لادن کے حوالے سے ایڈمرل ولیم میک ریون کا بیان بھی ریکارڈ پر موجود ہے، پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن اور پاکستان کے درمیان تعلق کو وائٹ ہاؤس بھی مسترد کر چکا ہے، اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے پاکستان میں جہاد کے اعلان کی دستاویزات سامنے آئیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور امریکا کے مشترکہ دشمن ہیں۔ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کو زہر دینے والی خبر سراسر جھوٹ ہے، سی آئی اے اسٹیشن چیف کا معاملہ امریکی حکومت نے کبھی پاکستان کے ساتھ نہیں اٹھایا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ آپ کا آرٹیکل پڑھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ نائن الیون میں ملوث ملزمان تک پہنچنے کیلئے پاکستان نے امریکا کی بھرپور مدد کی، خالد محمد شیخ اور رمزی بینال شبھ کی گرفتاریاں پاک امریکا تعاون کی زندہ مثالیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالہ ملٹری آپریشن ضرب عضب میں پاکستان نے حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشت گردوں سے علاقے خالی کرائے ہیں، پاکستان ملٹری آپریشن میں اب تک3500 سے زائد دہشت گرد ہلاک کئے جاچکے ہیں۔

    انہوں نے یاد دلایا کہ امریکی فوج کے سازو سامان کو نشانہ بنانے والے لشکر اسلام کے 900 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اب تک اپنے ہزاروں شہری اور فوجی قربان کرچکا ہے۔

    انہوں نے امریکی کانگریس مین ٹیڈ پو کو باور کرایا کہ آپ کی اطلاع غلط ہے کہ پاکستان کی امداد میں 200 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

    میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے اسٹاف کو صحیح معلومات اکھٹی کرنے کی ہدایت کریں گے، آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آپ چاہیں تو معاملے پر مزید گفتگو کرنے کیلئے آپ کے دفتر کا دورہ کر سکتا ہوں۔

     

  • پانامہ لیکس : حکومت نے تحقیقات کیلئے رجسٹرارسپریم کورٹ کوخط لکھ دیا

    پانامہ لیکس : حکومت نے تحقیقات کیلئے رجسٹرارسپریم کورٹ کوخط لکھ دیا

    اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے پاناما لیکس کی عدالتی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھ دیا
    سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے چیف جسٹس ترجیحی طور پر اس عدالتی کمیشن کی سربراہی کریں۔

    وزارت قانون کے قائم مقام سیکرٹری کی طرف سے لکھے گئے خط کے ساتھ ضابطہ کار بھی لگایا کیا گیا ہے جس کے مطابق عدالتی کمیشن موجودہ اور سابق عوامی عہدہ رکھنے والوں کی بھی تحقیقات کرے گا۔

    ضابطہ کار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام وفاقی اور صوبائی ادارے کمیشن کی معاونت کے پابند ہوں گے۔ کمیشن حلف نامے پر دستاویزات وصول کرے گا اور دستاویزات پیش کرنے والے شخص پر جرح کے لیے کمیشن بھی بنا سکتا ہے۔

    ا س ضابطہ کا ر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی کمیشن اپنے مقرر کردہ وقت پر کارروائی شروع کرسکتا ہے اور کمیشن اس بارے میں سفارشات بھی دے سکتا ہے۔

    ضابطہ کار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آف شور کمپنیوں کے بارے میں عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کمیشن اپنی سربمہر رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کرے گا۔

     

  • مجھے شان سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ماورا حسین

    مجھے شان سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ماورا حسین

    کراچی : ماڈل اور اداکارہ ماورا حسین نے اداکار شان کو تنقید کا جواب دے دیا، تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماورا حسین نے اپنے مداحوں اوراداکار شان کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ شان جیسا سمجھ دار شخص میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شان کو چاہئیے تھا کہ تنقید کرنے کی بجائے مسئلے کا حل بتاتے، خط میں کہا گیا ہے کہ ہم لوگ اپنے ملک اور قوم کے دلوں میں اپنی جگہ بنائیں لیکن اداکار شان ہر موقع پر بات غلط سمت میں لے جاتے ہیں۔

    کوئی بھی فنکار بھارت جاکر کام کرتا ہے تو شان اسی طرح انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، چاہے وہ میں ہوں ،علی ظفر ، فواد خان یا جاوید شیخ جیسے بڑے اداکار جنہوں نے بھارت جا کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنا کام جاری رکھوں گی اپنے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گی اور اپنا سر اونچا رکھوں گی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے آپ جیسے لوگوں سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، اور نہ اپنے ملک اوراپنے لوگوں سے محبت کیلئے آپ کی اجازت کی ضرورت ہے۔

    ماورا حسین کا کہنا تھا کہ شان آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ آپ ہمیں اپنا کام کرنے دیں کیونکہ ہمارے پاس کام ہے کرنے کیلئے۔

    میں آپ کی بات کا کوئی رد عمل نہیں دیتی اگر آپ نے میرے ملک اور میرے مداحوں پر سوال نہ اٹھایا ہوتا، میں اپنے ملک کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہوں۔

    واضح رہے کہ ماورا حسین نے اداکار شان کی جانب سے اٹھائےگئے سوال کہ’’کیا ہمیں ایسی اداکارہ پر پابندی عائد کرنی چاہیئے جو کہ پاکستان مخالف فلم کی حمایت کرے‘‘۔ کے جواب میں اپنے خط میں شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    Open Letter to My Fans & Mr Shan Shahid:My tweets were out of utter ignorance for I had not seen the trailer neither…

    Posted by Mawra hocane on Sunday, August 30, 2015

  • الطاف حسین کی تقریر، ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

    الطاف حسین کی تقریر، ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

    اسلام آباد : حکومت نے الطاف حسین کی تقریر نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کیلئے پیمرا کو خط لکھ دیا، وزارت اطلاعات کی نرالی منطق، کرے کوئی اور بھرے کوئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے پیمرا کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم قائد کے قائد الطاف حسین کی جانب سے نائن زیرو پر کی جانے والی  نفرت انگیز تقریر نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کیخلاف پیمرا ایکٹ سیکشن ستائیس کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی تقریر عوام کو اکسانے کے زمرے میں آتی ہے، حکومت کا مزید کہنا تھا کہ وہ میڈیا کی آزادی کی حمایت کرتی ہے۔

  • انقلاب اور آزای مارچ , پی ٹی آئی اور عوامی تحریک میں چار نکات پراتفاق

    انقلاب اور آزای مارچ , پی ٹی آئی اور عوامی تحریک میں چار نکات پراتفاق

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک مین انقلاب اور آزای مارچ پر چار نکات پر اتفاق ہوگیا، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سیاسی جدوجہد پرامن اور آئین کے دائرے میں ہوگی، مارشل لا کے نفاذ کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔

    شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی طاہرالقادری سےملاقات میں انقلاب اورآزادی مارچ کیلئے چار نکات پراتفاق ہوگیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےدونوں جماعتوں کی جدوجہد جمہوری ہوگی،جس کا مقصدحقیقی جمہوریت رائج کرنا ہے،شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حالات بگڑے تو ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہوگی، شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اس جدوجہد میں کوئی غیر آئینی اقدام کیا گیا تومزاحمت اور مذمت کی جائے گی، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ان کامقصد ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں، نہ ہی جمہوریت کیخلاف کوئی سازش کی جارہی ہے۔

  • جلسے جلوسوں پر پابندی: کمشنر اسلام آباد کا عمران خان اور طاہرالقادری کو خط ارسال

    جلسے جلوسوں پر پابندی: کمشنر اسلام آباد کا عمران خان اور طاہرالقادری کو خط ارسال

    اسلام آباد : چیف کمشنر اسلام آباد نے عمران خان اور طاہرالقادری کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں جلسے جلوسوں پر پابندی ہے۔

    تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو اسلام آباد کے چیف کمشنر نے خط ارسال کیا ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے، جس کے تحت جلسے، جلوسوں اور مارچ کی بالکل اجازت نہیں دی جائے گی، چیف کمشنر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو جلسے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کی اجازت لینا ہوگی، خط میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث سیکیورٹی خدشات بھی ہیں۔