Tag: LG ELECTION

  • کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ،پولنگ جاری

    کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ،پولنگ جاری

     پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات اٹھارہ اضلاع کی پینسٹھ تحصیل کونسلز میں ہورہے ہیں، مجموعی طور پر اسی لاکھ ستاون ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    مجموعی طور پراٹھائیس ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں، انتخابی عمل کے لئے چھ ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، سولہ سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ تئیس سو چھبیس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، کنٹرول روم مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر،سیکریٹری الیکشن کمیشن اوراسپشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پولنگ پر امن طور پر جاری ہے،ابھی تک کنٹرول روم میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

    چیف الیکشن کمشنرکا کہنا ہے کہ عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورخلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

  • ووٹ ڈالنے کےجرم میں بھائی نے بڑی بہن کو قتل کردیا

    ووٹ ڈالنے کےجرم میں بھائی نے بڑی بہن کو قتل کردیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بھائی نے بہن کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی پاداش میں قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد کے مغرب میں واقعہ ٹیکسلا میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق 20 سالہ دانش علی نے منع کرنے کے باوجود ووٹ ڈالنے پراپنی 32 سالہ بہن آصف نورین جو کہ ایک اسکول ٹیچرتھی گولی مار کرقتل کردیا۔

    قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کی ہے کہ دانش نے اپنی بہن کو گولی ماری جس کے سبب وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اپنی بہن کوقتل کرکے دانش فرارہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں عورتوں کے ووٹ ڈالنے کا تناسب انتہائی کم ہے تاہم ووٹ ڈالنے پرخواتین کو قتل کرنے کے واقعات شاذونادرہی پیش آتے ہیں۔

  • عمران خان اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسہ کرنے میں کامیاب

    عمران خان اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسہ کرنے میں کامیاب

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منعقد کردہ جلسے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روکنے کی کوشش کے باوجود جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج اسلام آباد کے ترامڑی چوک پرطاقت کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے وارننگ جاری کی تھی کہ سیکیورٹی خدشات کے سبب عمران خان جلسے سے خطاب نہ کریں۔

    عمران خان جب خیبر پختونخواہ ہاوٗس سے روانہ ہوئے تو انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم عمران خان تمام رکاوٹیں عبور کرکے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

    عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے رہنماء ابرارالحق اور اسد عمر بھی موجود ہیں جبکہ جلسہ گاہ میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

    ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد کی مقامی پولیس نے عمران خان کو جلسہ گاہ پہنچنے سے روکنے کے لئے کئی اقدامات کئے تھے جن میں جلسہ گاہ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کو دوسرے راستوں پرگامزن کرنا بھی شامل ہیں۔


    عمران خان کا خطاب


     

    عمران خان نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    انہوں وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جو کبھی ایمانداری سے کرکٹ نہیں کھیل سکا وہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کیسے کروائے گا؟۔

    انہوں نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن نے ایکشن لیا ہوتا تو بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہورہی ہوتی۔

    انہوں نےپورے نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں چھوٹے چور جیل جاتے ہیں اور بڑے چوروں کو اسمبلیوں میں جگہ مل جاتی ہے۔

    عمران خان نے عوام بالخصوص خواتین کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے تمام تررکاوٹوں کے باوجود جلسے میں شرکت کی۔


    ردعمل


     

    پی ٹی آئی کے جلسے کے ردعمل میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملی تھی، انہوں نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے بھی عمران خان کےجلسے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے ممبران الیکشن کیمپئین کے سلسلے میں کسی بھی بلدیاتی حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 30 نومبر 2015 ہوگا۔