Tag: lhr

  • معیشت کی بربادی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، سراج الحق

    معیشت کی بربادی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، سراج الحق

    لاہور : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت کی بربادی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حکمران مہنگائی کے خاتمے کیلئے نہیں اپنے اقتدار کیلئے لڑرہے ہیں۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران اور افراتفری کے درمیان ملک کا غریب طبقہ بری طرح کچلا گیا، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہر روز بےتحاشا اضافہ ہورہا ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ حکمران ہوشربا مہنگائی کے خاتمے کیلئے نہیں بلکہ اپنے اقتدار کیلئے دست و گریباں ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں بےبس اور آپس میں لڑ رہے ہیں۔

    امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آنے والے سردیوں کے موسم میں گیس کے شدید بحران کا خطرہ ہے، اس کے باوجود پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا تماشا غریب عوام کی بہتری کیلئے نہیں ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے معیشت برباد ہوگئی، احتساب کے پر کاٹ دیے گئے،50کروڑ روپے تک کی کرپشن پر کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔

  • قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی وفا نہیں ہوا، حمزہ شہباز

    قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی وفا نہیں ہوا، حمزہ شہباز

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما اور شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو آئے ہوئے4سال ہوگئے ہیں لیکن قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی وفا نہیں ہوا۔

    لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہے وہ نیا پاکستان جس کا قوم سے وعدہ کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا ہے ہماری حکومت 5اعشاریہ 8فیصد گروتھ ریٹ چھوڑ کرگئی تھی، اس کے علاوہ ہمارے دورمیں 1300ارب روپے مختلف منصوبوں پر خرچ ہوئے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میاں شہبازشریف نے میثاق معیشت کی با ت کی تھی، ان کو نیب نیازی گٹھ جوڑنے صاف پانی کیس میں گرفتار کیا، صاف پانی کیس میں 16افراد بری ہوچکے ہیں۔

    حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کی بات کی جائے تو یہ پتلی گلی میں چھپ جاتا ہے، ریاست مدینہ کاجھوٹا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

  • علامہ اقبال ایئر پورٹ کے رن وے پر جدید نظام کی تنصیب

    علامہ اقبال ایئر پورٹ کے رن وے پر جدید نظام کی تنصیب

    کراچی : عالمی معیار کے درجے کا مقام رکھنے والے لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کا معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر مرکزی رن وے 6450ملین روپے کی لاگت سے اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    سی اے اے ذرائع کے مطابق لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرالفا پرائمری رن وے18ایل آر /36 کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

    ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے پر طیاروں کی رہنمائی کیلئے جدید لینڈنگ انسٹومنٹ سسٹم نصب کئے گئے ہیں، موسم کی خرابی اور دھند کی وجہ سے بھی طیاروں کو لینڈنگ میں جدید نظام کے ذریعے رہنمائی حاصل ہوسکے گی۔

    چینی کمپنی لاہور ایئرپورٹ کی تعمیر نو کرے گی ،معاہدہ طے پا گیا :چینی سرکاری اخبار کا دعویٰ

    سی اے اے ذرائع کے مطابق فیز ٹو کے کاموں کیلئے رن وے18ایل آر/36 فلائٹ آپریشنز کیلئے بند ہے، فیز ٹو کے کاموں کیلئے رن وے20اپریل تک رن وے استعمال نہیں ہوسکے گا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رن وے18آر/36ایل کو ٹیکسی ان، ٹیکسی آؤٹ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ سال 2018 میں حکومت پاکستان نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر نو کے لیے چینی کمپنی سے 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا تھا، تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد یہ ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ بن جائے گا۔

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے شعبہ ایرو ڈروم کی جانب سے ٹیکنیکل آڈٹ رپورٹ میں لاہور ایئرپورٹ کو کلیئر قرار دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ بوئنگ اور ائیر بس طیاروں کے لیے مستند ہے۔

    مزید پڑھیں : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے بڑ اعزاز

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈائریکٹریٹ برائے ائیر اسپیس اینڈ ائیروڈروم ریگولائیزیشن سروے کے بعد مستند قرار دیا گیا۔ ایروڈروم ریفرنس فور ای کوڈ کے تحت لاہور ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کو آپریشن کے لیے سند مل گئی۔

  • لاہور : زہریلے دہی بھلے کھانے سے دو خواتین جاں بحق

    لاہور : زہریلے دہی بھلے کھانے سے دو خواتین جاں بحق

    لاہور : مضر صحت اور زہریلے دہی بھلے کھانے سے دو خواتین چل بسیں جبکہ 12سالہ بچے کی حالت اسپتال میں تشویشناک ہے، پولیس نے دکاندار کو گرفتار کرلیا۔

    لاہورکے علاقے شیراکوٹ میں دو خواتین اور بچے نے بازار سے مضرصحت دہی بھلے کھائے جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی، اسپتال پہنچنے پر2خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ماں،بیٹی شامل ہیں جبکہ12سالہ بیٹے کی حالت بھی تشویشناک ہے جس کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گھر کے8افراد نے دہی بھلے کھائے جس کے بعد 3کی حالت زیادہ خراب ہوئی، جنہیں اسپتال پہنچایا گیا۔

    شیرا کوٹ کے رہائشی شہری محمداسماعیل نے دہی بھلے والے کیخلاف پولیس کو درخواست دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دہی بھلے بیچنے والے دکاندار طارق کو گرفتار کرلیا، اس سلسے میں ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی خالق حقیقی سے جاملے

    معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی خالق حقیقی سے جاملے

    لاہور : ملک کے معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی طویل علالت کے بعد دنیائے فانے کوچ کرگئے، ان کا انتقال لاہور کے ایک نجی اسپتال میں ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر شخصیات نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    محبوب احمد ہمدانی طویل عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے ، انہیں کچھ روز قبل طبیعت زیادہ خراب ہونے پر نجی ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں دوران علاج وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

    ملک بھر کے سیاسی و سماجی حلقے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محبوب احمد ہمدانی کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ محبوب احمد ہمدانی نے نعت خوانی کو منفرد انداز سے آگے بڑھایا، وزیراعلیٰ نے سوگوارخاندان سے ہمدردی اور اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔ آمین

    واضح رہے کہ محبوب احمد ہمدانی نہ صرف خود معروف نعت خواں تھے بلکہ ان کے بھائی مرغوب احمد ہمدانی بھی حضور کی ثنا خوانی میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں انہوں نے اپنے نعت خواں بھائی مرغوب ہمدانی کے ہمراہ کئی دہائیوں تک نعت خوانی کی۔

  • حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے، عبدالحفیظ شیخ

    حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے، عبدالحفیظ شیخ

    لاہور : مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پرتوجہ نہیں دی گئی، حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا، تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    مشیر خزانہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ماضی کی بات نہ کریں، ماضی کی پالیسی سے ملکی معیشت کو فائدہ نہیں ہوا، حکومت بہتر پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی، ماضی کے نقصانات سے نکلنے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے، انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا، حکومت کو اچھا ماحول مہیا کرکے پرائیوٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

    عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ خام مال پر ہزاروں روپے کی درآمدی ڈیوٹی کو صفر کیا ہے، دوسری جانب حکومتی اخراجات پربھی قابو پایا گیا، ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 100فیصداضافہ ہوا۔

    اس کے علاوہ کورونا سے قبل ہماری کارکردگی کو عالمی اداروں نے بھی سراہا،5سال کے دوران ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا، ماضی میں درآمدات بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہوئی۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    راولپنڈی / کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے موسلادھاربارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد ہلکی ہلکی ٹھنڈ نے موسم کو مزید سہانا کردیا۔

    لاہور میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا پانی خوب برسا، ہری پور شہر او رگردونواح میں گرج چمک کی ساتھ بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

    لاہور میں آج صبح سویرے کالی گھٹاوں نے ڈیرے ڈال لیے، بدھ کی صبح شہر میں کالی گھٹاوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہرمریدکے، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سکھیکھی، سرائے عالمگیر، کالاباغ ، گجرات، قصور اور ساہیوال کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی ان علاقوں مزید بارش کا امکان ہے۔

    راولپنڈی کے علاقوں سیدپور، بوکڑہ،پی ایم ڈی اور شمسی آ باد میں22 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں، یہاں پانی کی سطح کٹاریاں پر6فٹ، گوالمنڈی پل پر4 فٹ تک ہے، واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے

    دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آج شہر قائد کراچی میں موسم ابر آلود رہےگا، ہلکی بارش کا بھی امکان ہے،
    صبح کے اوقات میں کراچی کا درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب73فیصد،اور رفتار12کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ شیخوپورہ، گجرات اور فیروز والا میں بارش اور سانگلہ ہل اور اس کے گرد و نواح میں تیزآندھی کے ساتھ بوندا باندی ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آئندہ3روز تک مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔

  • "عمراکمل کو کوئی شرمندگی نہیں، معافی بھی نہیں مانگی”

    "عمراکمل کو کوئی شرمندگی نہیں، معافی بھی نہیں مانگی”

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرعمراکمل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، چئیرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائر فضل میراں چوہان کا کہنا ہے کہ عمر کو کسی قسم کی کوئی ندامت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈسپلنری پینل نے کرکٹر عمر اکمل کے بارے میں تفصیلی فیصلہ جمعے کے روز جاری کر دیا ہے، فیصلے میں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

    عمر اکمل  پر پابندی بیس فروری 2020سے نافذالعمل ہوگی وہ انیس فروری دوہزار تیئس سے کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کےاہل ہوں گے۔

    چئیرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائر فضل میراں چوہان نے تفصیلی فیصلے میں لکھا ہے کہ سماعت کے دوران عمر کو کسی قسم کی کوئی ندامت نہیں تھی۔ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے۔ وہ چودہ روز کے اندر فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں۔

    فیصلے کے مطابق عمر اکمل پر پابندی کا اطلاق 20 فروری 2020 سے ہو گا اور وہ 19 فروری 2023 کو کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے اہل ہوں گے۔

    یاد رہے کہ 20 فروری کو پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عمراکمل کو عبوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

    سینئر کرکٹرز کی عمر اکمل پر کڑی تنقید، پی سی بی کے فیصلے کی حمایت

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں جاوید میاں داد، رمیز راجہ اور ظہیر عباس نے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور پی سی بی کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

    ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے موقع ملنے کا امکان نظر نہیں آتا، اس کا کیریئر اب ختم ہوچکا، وہ سزا کا مستحق ہے۔

  • اداکارہ انجمن اور لکی علی کی شادی کا ڈراپ سین، شوہر نے طلاق کی تصدیق کردی

    اداکارہ انجمن اور لکی علی کی شادی کا ڈراپ سین، شوہر نے طلاق کی تصدیق کردی

    لاہور : پاکستان فلم انڈسٹری پر طویل عرصہ راج کرنے والی اداکارہ انجمن کی دوسری شادی دس ماہ بھی نہ چل سکی، ان کے شوہر لکی علی نے طلاق کی تصدیق کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف فلم اسٹار انجمن اور ان کے دوسرے شوہر لکی علی میں باقاعدہ علیحدگی ہو گئی ہے۔ اس بات کی انجمن کے خاوند سعید احمد المعروف لکی علی نے باقاعدہ وڈیو پیغام میں طلاق کی تصدیق کردی ہے۔

    دوسری جانب فلم اسٹار انجمن نے آڈیو پیغام کے ذریعے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن یہ رشتہ مزید آگے نہیں بڑھ سکتا، اس لیے ہم دونوں نے باہمی رضامندی کے ساتھ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اپنے راستے جدا کر لیے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان کافی دنوں سے اختلافات چل رہے تھے جو آج اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئے۔

    مزید پڑھیں : اداکارہ انجمن نے طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    یاد رہے کہ ماضی کی نامور اداکارہ انجمن نے دس ماہ قبل فلم ساز میاں وسیم المعروف لکی علی سے دوسری شادی کی تھی لیکن چند ماہ بعد ہی دونوں میں اختلافات شروع ہوگئے تھے۔

     مشترکہ دوستوں نے صلح کروائی لیکن اداکارہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ رواں ہفتے عمرے کی ادائیگی کے لیے جارہی ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو ہدایت دے اور اب دس ماہ بعد ان کے میاں وسیم لکی علی نے باقاعدہ خود علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس گئے، موسم خوشگوار

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس گئے، موسم خوشگوار

    لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوشگوار ہو گیا، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں باران رحمت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آج صبح باران رحمت برسنے کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیا اور سردی جاتے جاتے رک گئی،
    وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی جھڑی لگ گئی قصور، جھنگ، وہاڑی ،بھکر، صفدرآباد، کندیاں، میاں چنوں، بہاولنگر سمیت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے کورونا وائرس سے خوف زدہ عوام کے چہرے پہ مسکراہٹ آگئی اور انہوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔