Tag: liaqat baloch

  • اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کا خطاب اچھا اور ہمہ پہلو تھا، لیاقت بلوچ

    اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کا خطاب اچھا اور ہمہ پہلو تھا، لیاقت بلوچ

    لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب اچھا اور ہمہ پہلو تھا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد پاکستان کی ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں درندگی میں اضافہ کردیا ہے۔

    اب ناگزیر ہے کہ قومی اتفاق رائے سے مسئلہ کشمیر کے حل اور نریندر مودی کی درندگی اور سفارتی محاذ پر جدوجہد کے لیے پالیسی اور روڈ میپ بنایا جائے وگرنہ اچھی تقریر بہت جلد ہوا میں تحلیل ہو جائے گی۔

    لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عمران خان عالمی فورم پر اسلام کی ترجمانی اور مغربی دنیا میں اسلام فوبیا کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کی طرز کا نظام نافذ کر کے دنیا کو مثالی اسلامی ریاست کا ماڈل دکھایا جائے، پاکستان کے آئین اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل کردیا جائے تو پاکستان مثالی اور اسلامی و فلاحی ریاست بن جائے گا۔

    علاوہ ازیں لیاقت بلوچ نے چمن بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور بے گناہ افراد کی شہادت پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ہر واقعہ کے پیچھے مودی ہے۔

  • نریندرمودی اپنے تکبر کی وجہ سے بھارت پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا،  لیاقت بلوچ

    نریندرمودی اپنے تکبر کی وجہ سے بھارت پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا، لیاقت بلوچ

    لاہور : جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مودی اپنے تکبر کی وجہ سےبھارت پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا، پاکستان مظلوم کشمیریوں کیلئےایک امید ہے جبکہ پاکستان کیلئے بھی کشمیر لازم و ملزوم ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر لاہور میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ6ستمبر قومی تاریخ کا یاد گار اور قابل فخر دن ہے۔

    سال 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان اورپوری قوم نے بے مثال اتحاد کے ساتھ ہندوستانی فوج کو شرمناک شکست سے دوچار کیا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کیلئے امید کی کرن ہے جبکہ پاکستان کیلئے بھی کشمیر لازم و ملزوم ہے ،کشمیر پر سودے بازی غداری ہوگی ،سودے بازی کرنے والا پاکستان پر حکمرانی کا حق کھودے گا اور عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرفیو کے عقوبت خانہ میں اسی لاکھ انسان موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، اپنی آزادی کیلئے ہر طرح کے وسائل استعمال کرنا کشمیریوں کا حق ہے، کشمیر وقت کے یزید مودی کے نرغے میں ہے۔

    بھارتی وزیر اعظم کی اقتدار کی ہوس اور ہندوتوا کے لالچ اور تکبر و غرور میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے، مودی اپنے تکبر کی وجہ سے ہندوستان پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کیلئے سفارتی محاذ پرازسر نو کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کیلئے اہم تر وسائل دستیاب ہوگئے ہیں لیکن سفارتی محاذ روایتی سستی بزدلی اور خدشات کا شکار ہے۔

  • حکومت بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوگئی، لیاقت بلوچ

    حکومت بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوگئی، لیاقت بلوچ

    لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کی بجلی فراہمی ٹیم بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم ہر ماہ اپنی ٹیم کو بلا کر لوڈشیڈنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں لیکن نتیجہ صفر ہی رہتاہے۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی غفلت، نااہلی اور وزارت پانی و بجلی کی ناتجربہ کاراور کھلنڈری ٹیم کی وجہ سے ہے۔ پورا ملک شدید گرمی میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بلبلا اٹھاہے۔

    انسانی جانیں گولیوں کا نشانہ بنائی جارہی ہیں، حکومت لوڈشیڈنگ کا حل تلاش کرے وگرنہ پانامہ لیکس ، جے آئی ٹی اور لوڈشیڈنگ اقتدار کی کشتی کو ڈبو دیں گے۔

    لیاقت بلوچ نے جے آئی ٹی پر حسین نواز کے اعتراضات پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور قومی وسائل کی لوٹ مار، آمدن کے ناجائز ذرائع کی بلاامتیاز اور قانون و ضابطہ کے مطابق مضبوط تحقیقات ناگزیر ہیں۔

  • اتحاد امت کیلیے ملی یکجہتی کونسل اورمجلس عمل عملی نمونہ ہیں، لیاقت بلوچ

    اتحاد امت کیلیے ملی یکجہتی کونسل اورمجلس عمل عملی نمونہ ہیں، لیاقت بلوچ

    لاہور : جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے حرمین شریفین کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد امت کیلئے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تحریک دفاع آل سعود کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ مکہ اور مدینہ عالم اسلام کی عقیدت کے مراکز ہیں۔

    حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کو ہدف بنانے کا مقصد اس کی مرکزی حیثیت ختم کرنا اور عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو ورلڈ آرڈر کے تحت امت مسلمہ کو تقسیم کر کے استعمار اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحاد کیلئے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

    سیمینار سے جے یو آئی کے رہنماء مولانا امجد خان، جے یو پی نورانی کے رہنماء مولانا محمد خان لغاری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے تحفظ حرمین شریفین کیلئے سعودی حکومت سے تعاون کا مطالبہ کیا۔

  • جماعت اسلامی بھی حکومت کے خلاف،30 اکتوبر کو مارچ کا اعلان

    جماعت اسلامی بھی حکومت کے خلاف،30 اکتوبر کو مارچ کا اعلان

    لاہور : جماعت اسلامی حکومت کے خلاف عملی طور پر میدان میں آگئی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف 30 اکتوبر کو لاہور میں حکومت مخالف مارچ کا اعلان کردیا، لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ احتجاج کی نوبت وزیر اعظم نواز شریف کے رویے کی وجہ سے آئی۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 30 اکتوبر کو حکومت مخالف مارچ کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے رویے اور وعدہ خلافیوں نے ہمیں احتجاج پر مجبور کیا ہے۔

    اداروں میں کرپشن کی وجہ سے ملک ناکام ریاست بن گیا، سراج الحق

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ٹی وی اور پارلیمنٹ میں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا لیکن بعد میں مکر گئے، حکومت احتساب کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

    یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کے چار شعبوں کی منتقلی کےخلاف جماعت اسلامی نے کمر کس لی

    لیاقت بلوچ کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے 26 اکتوبر کو قانون دانوں کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

  • مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، لیاقت بلوچ

    مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، لیاقت بلوچ

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، بیرونی سازشوں کے خلاف پاکستانی قوم متحد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ہر سطح پر قربانیاں دے رہی ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی فوج کی بربریت کا سامنا کررہی ہے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران اور پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مؤثر پالیسی بنانی چاہئیے، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستان کیلئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، ملک کے خلاف بیرونی سازش کے خلاف پوری قوم یکسو و متحد ہے۔

    سارک سربراہ کانفرنس میں بنگلہ دیش کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ واجد بھارت کی کٹھ پتلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ کرپشن مافیا عوام کے خون پسینے کی کمائی بے دردی سے لوٹ رہی ہے۔

    بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔

     

  • مسئلہ کشمیر: جماعت اسلامی نے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

    مسئلہ کشمیر: جماعت اسلامی نے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

    لاہور:  جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف حکومت خاموش ہے اس لیے جماعت اسلامی نے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے 29جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آل پارٹیزکانفرنس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت اور سول سوسائٹی کے اہم رہنماﺅں کو دعوت دی جائے گی جس کے لیے خود امیر جماعت اسلامی سیاسی قیادتوں سے رابطے کرینگے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف 31 جولائی کو ناصر باغ سے واہگہ بارڈر تک کشمیر مارچ ہو گا جبکہ 4آگست کو کراچی میں خواتین اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرینگے ۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی حکومت کی انا خطے میں خوفناک جنگ کا سبب بن سکتی ہے اس لیے مسلم دشمنی پر مبنی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس: سراج الحق کی خورشید شاہ اورعمران خان سے ملاقات

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور پالیسی ساز بھارت سے جھوٹی دوستی کے نام پر ان کی چالوں میں آکر الجھ جاتے ہیں اور پھر منہ کی کھاتے ہیں، اس لیے حکومت کشمیر پر واضع مؤقف اختیار کرے اور کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم بند ہونے تک بھارت سے تمام تعلقات ختم کیے جائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک انصاف کی 7 آگست سے شروع ہونے والی کرپشن کے خلاف تحریک مظلوم کشمیریوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اس تحریک کے دباﺅ میں آکر شاید حکومت مقبو ضہ کشمیر کے مسلئے پر کوئی واضع موقف اختیار کرلے۔

     

  • پانامہ لیکس: عوام حکمرانوں کا سڑکوں پر بے رحم احتساب کریں گے،  لیاقت بلوچ

    پانامہ لیکس: عوام حکمرانوں کا سڑکوں پر بے رحم احتساب کریں گے، لیاقت بلوچ

    ملتان : قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اگر عدالتی کمیشن نہ بنا اور ٹی او آر طے نہ ہوئے تو معاملہ سڑکوں پر آجائے گا، سڑکوں پر عوام حکمرانوں کا بے رحم احتساب کریں گے جس سے سب سے زیادہ خطرہ جمہوریت کو ہو گا۔

    یہ بات انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ملتان میں افطار پارٹی سے قبل میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کیا، قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے بلاامتیاز تحقیقات اور احتساب ہونا چاہیئے۔

    جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان کی تحریک کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 24جولائی کو راولپنڈی میں عوامی پیدل مارچ کریں گے۔

    بھارت کی نیو کلئیر سپلائی گروپ میں شمولیت کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین اور دیگر ممالک کا خیر مقدم کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کا راستہ روکا۔

    لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر ہمارے ملک کا معاشی نظام کشکول پر بنا ہوا ہے، بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔

    بجٹ میں جنوبی پنجاب کو کم بجٹ دینا محرومیوں کو فروع دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل حل کیے بغیر زراعت ترقی نہیں کرے گی۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب سے اچھے تعلقات ہیں پاکستان اپنے باڈر کے حساب سے چین افغانستان اور ایران جیسے ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات بنانے چاہیئں۔

     

  • ڈیڑھ سو میگا اسکینڈل عوام کے سامنے لے کرآئیں گے، لیاقت بلوچ

    ڈیڑھ سو میگا اسکینڈل عوام کے سامنے لے کرآئیں گے، لیاقت بلوچ

    سرگودہا : جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ150میگا اسکینڈل عوام کے سامنے لے کرآئیں گے۔کرپشن ” ام المسائل “ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنی اپنی صفوں میں موجود کرپٹ عناصر کو بچانے کے لیے متحد ہوچکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے پانی کے ذخائر و ڈیم نہیں بنائے لیکن 8کھرب روپے کی کرپشن کی

     ریلوے میں 1870ارب روپے کے اسکینڈل ، اسٹیل ملز میں 9سوارب کے اسکینڈل، بجلی و گیس کے پراجیکٹس میں 10کھرب کے کرپشن کیسز، پی آئی اے میں 1700ارب روپے کے اسکینڈلزسامنے ضرورآچکے ہیں۔

    قومی ادروں کو کوڑیوں کے بھاؤ بیچ کر ملک میں ایک نئی ایسٹ انڈیا کمپنی بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ یکم مارچ سے ”کرپشن فری پاکستان مہم“ کا آغاز ہوگا اور ایک کروڑ عوام لناس کو کرپشن کے خلاف منظم کیا جائے گا۔

    کرپٹ افسران کا محاسبہ اور ان کے دفاتر کے باہر دھرنے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی ترجمانی کرے گی اور کرپٹ عناصر وافسران کو عوامی عدالتوں کے ذریعے سزائیں دلوانے کے علاوہ ان کے کیسز سپریم کورٹ و ہائی کورٹ میں لے کر جائے گی۔

  • مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

    مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

    لاہور : ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے نظریہ پاکستان کے احیاء اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

    اس بات کا اعلان نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والی قومی مجلس مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایک کور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں سیاسی و مذہبی قائدین اور دانشوروں سمیت ہر طبقہ فکر کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔

    اجلاس نے مشترکہ طور پر 14اگست کو لاہور سمیت پورے ملک میں نظریہ پاکستان کارواں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد پر اتفاق کیا۔

    اس موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کہنا تھا کہ اتحادویکجہتی کی قوت سے پاکستان بن سکتا ہے تو کشمیر کیوں آزاد نہیں ہو سکتا؟ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

    حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان اس وقت سازشوں میں گھرا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ چاروں اطراف سے ہم خطرات میں گھرے ہوئے ہیں۔

    قیام پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ اور قوم منتشر ہوتی جا رہی ہے۔