Tag: liaqatabad

  • لیاقت آباد : تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا

    لیاقت آباد : تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور ٹریفک حادثے میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، لیاقت آباد میں ٹرالر  نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر مار ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ارم بیکری کے قریب تیز رفتار ٹرالر موٹر سائیکل سوار پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال متوفی شہری کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، قانونی کارروائی کیلیے متوفی کی لاش اسپتال پہنچا دی گئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس سے قبل اسی علاقے لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ہلاک کردیا تھا۔

    ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس موقع پر ہی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

    خاتون کی شناخت شبانہ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 45 برس تھی، خاتون کی گود میں ایک سالہ بچہ زوہان بھی تھا جو موقع پر انتقال کر گیا موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • کراچی ڈکیتی : شہری نے پل سے نیچے چھلانگ لگادی

    کراچی ڈکیتی : شہری نے پل سے نیچے چھلانگ لگادی

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکو بے لگام ہوگئے، وارداتوں میں کمی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا، لیاقت آباد میں ایک نوجوان نے ڈاکوؤں سے بچنے کیلئے پل سے چھلانگ لگادی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد پل پر مسلح ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، شہری نے مزاحمت کے بجائے اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر پل پر چڑھنے والے راستے سے چھلانگ لگادی،

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شہری کو اس کے دوستوں نے اسپتال منتقل کردیا، شہری جہاں سے پل شروع ہوتا ہے وہاں سے دوسری طرف کود گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق اونچائی زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے شہری بڑے حادثے سے محفوظ رہا تاہم اسے معمولی چوٹیں آئیں جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر روانہ کردیا گیا۔

  • امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    کراچی : مسلح ڈاکوؤں نے امریکا سے آنے والے خاندان کو لوٹ لیا، ملزمان خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کررہے تھے، واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نے بیرون ملک سے آئے ہوئے خاندان کو بھی نہ بخشا اور امریکا پلٹ خاندان سے قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    مذکورہ خاندان جامعہ بنوریہ میں بیٹے کی دستاربندی میں شرکت کیلئے امریکا سے آیاتھا کہ ملزمان نے ایئرپورٹ سے ہی ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا تھا۔

    متاثرہ خاندان نے بتایا کہ صبح فجر کے وقت لیاقت آباد دس نمبر سے تھوڑا غریب آباد  پہنچنے پر ملزمان نے گاڑی رکوائی اور خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شناختی دستاویزات طلب کیں۔

    ملزمان نے گاڑی میں موجود افراد سے ان کا سامان لیا اور پاسپورٹ واپس کرکے دیگر قیمتی سامان اور نقدی لے کر لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق پرس میں 25ہزار امریکی ڈالر، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔

    واضح رہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کے سامان کی معلومات سوائے ائیرپورٹ عملے کے کسی اور کو نہیں ہوتی۔

  • کے ایم سی ملازم کے قتل کا معمہ حل، رینجرز نے ملزم کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

    کے ایم سی ملازم کے قتل کا معمہ حل، رینجرز نے ملزم کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

    کراچی : رینجرز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کے ایم سی ملازم کے قتل میں ملوث ملزم کو دو روز بعد ہی لیاقت آباد سےگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم اور مقتول کا رقم کے لین دین پر تنازعہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کریم آباد میں دو روز قبل قتل ہونے والے کے ایم سی ملازم کے قتل میں ملوث ملزم کو  گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم عمران احمد کو ٹیکنکل مانیٹرنگ اور انٹیلی جنس بنیاد پر لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا، مقتول کے ایم سی ملازم واجد علی کو31دسمبر کو کریم آباد میں قتل کیا گیا تھا۔

    واقعے کی خبر ملتے ہی رینجرز سندھ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی تھی، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عمران نے مقتول واجد علی کے ساتھ مل کر مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    ملزم عمران نے دوران تفتیش بتایا کہ2015میں ملزم عمران نے واجد علی کے ساتھ شراکت پر کاروبار شروع کیا تھا، نقصان ہونے کی وجہ سے کاروبار بند کردیا گیا تھا۔

    واجد علی ملزم سے کاروبارمیں لگائے سرمائے کی رقم کا تقاضا کرتا اور دھمکیاں دیتا تھا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کو برآمد ہونے والے اسلحے سمیت قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • نیو کراچی سے لاپتہ ہونے والا بچہ لیاقت آباد سے مل گیا

    نیو کراچی سے لاپتہ ہونے والا بچہ لیاقت آباد سے مل گیا

    کراچی : نیوکراچی سے اغواء ہونے والابچہ مل گیا، چھ سالہ حمزہ لیاقت آباد میں ہوٹل کےقریب سےملا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی سے لاپتہ ہونے والا چھ سالہ حمزہ لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل کےقریب سے مل گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس معاملےمیں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے البتہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق اغواء کار بچے کوسندھی ہوٹل کے قریب چھوڑ کر فرار ہوئے، یہ بچہ اغواء کاروں کو جانتا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : چھ سالہ بچہ لاپتہ ، نیو کراچی کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا، 6مظاہرین گرفتار

    واضح رہے کہ بچے کے لاپتہ ہونے پر بلال کالونی کے مکینوں نے حذیفہ کے اغوا کیے جانے پر اہل خانہ کے ساتھ اہل محلہ نے بھی شدیداحتجاج کیا اور ٹائر جلاکر نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے پولیس موبائل کا گھیراؤ کیا، دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، ٹائرجلاکر سڑک بلاک کردی تھی، صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا، اس دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

  • کراچی : لیاقت آباد میں دنبہ چور گینگ سرگرم

    کراچی : لیاقت آباد میں دنبہ چور گینگ سرگرم

    کراچی : پنجاب میں گدھوں کے بعد کراچی میں دنبوں کی چوری میں ملوث ملزمان سرگرم ہوگئے، لیا قت آباد میں موٹر سائیکل سوار افراد گھر کے باہر بندھے دنبے کو لے کر فرار ہوگئے۔

    مویشی مالکان اپنے جانوروں پر کڑی نگاہ رکھیں، ذرا سی لا پرواہی مالکان کو پالتو جانوروں سے محروم کر سکتی ہے، پنجاب میں گدھوں کے بعد کراچی میں دنبوں پر ہاتھ صاف کرنے والے سرگرم ہوگئے۔

    پنجاب کےگدھوں کے بعد کراچی کے دنبوں کی شامت آگئی، دنبہ چور گروپ سرگرم ہوگیا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سایئکلوں پر سوار چار افراد لیاقت آباد میں دن دہاڑے گھر کے باہر بندھے دنبہ کی رسی کھول کر لے اڑے۔

    مزید پڑھیں: پانچ ہزار گدھے کہاں کاٹے گئے؟ گوشت کہاں گیا؟

    موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے پہلے رسی کھولی پھر دو ساتھیوں نے دنبا اٹھایا اور موٹر سائیکل اسٹارٹ کر کے باآسانی فرار ہوگئے، خاتون کے شور مچانے پر لوگوں نے گھر سے نکل کر دوڑیں لگا دیں لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور دنبہ کہیں کا کہیں پہنچ چکا تھا۔

  • پیپلزپارٹی آج ایم کیوایم کےگڑھ لیاقت آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    پیپلزپارٹی آج ایم کیوایم کےگڑھ لیاقت آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے علاقے ایف سی ایریا لیاقت آباد میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی آج ایف سی ایریا لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سمیت دیگرپارٹی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

    جلسے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جلسہ گاہ میں 120 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ شرکاء کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

    ٹنکی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے پیپلزپارٹی کے 6 اضلاع سے کارکن ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے 3 دروازے بنائے گئے ہیں۔

    جلسے کی سیکورٹی کے لیے پنڈال کے اندر ایس ایس یو کے اہلکارتعینات ہوں گے جبکہ 1400 پولیس اہلکاروافسران بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

    پیپلزپارٹی کے جلسے میں شرکت کے لیے ایف سی گراؤنڈ سمیت 6 مختلف مقامات کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، نثار کھوڑو، وقار مہدی، سعید غنی ، جاوید ناگوری، نفیسہ شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرکارکنان کا جوش وخروش قابل دید تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، پیپلز پارٹی کراچی سے بھی جیتے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا ٹنکی گراؤنڈ کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل بروز اتوار ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

    جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، سید مراد علی شاہ نے جلسے کے انتظامات کے علاوہ خصوصی طور پر سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کا جائزہ لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پی پی کیلئے پہلے بھی کوئی نوگو ایریا نہیں تھا اوراب بھی نہیں ہے، کل بلاول بھٹو کی قیادت میں شاندارجلسہ ہوگا، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوراپاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلزپارٹی پورے ملک کی طرح کراچی سے بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے والے پارٹی میں آسکتے ہیں۔

    پیپلزپارٹی سے بڑے لوگ نہیں گئے، وزیراعظم سے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کو سزانہ دی جائے، سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے ہم اپناحق لے کر رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • رینجرزکی کارروائی : لیاقت آباد سے ایم کیو ایم کے تین دہشت گرد گرفتار

    رینجرزکی کارروائی : لیاقت آباد سے ایم کیو ایم کے تین دہشت گرد گرفتار

    کراچی : پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے  مطابق کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں رینجرز نے لیاقت آباد میں ایک کامیاب کارروائی کی ہے۔


    Three terrorists of MQM (London) arrested by arynews

    سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان ریحان علی عرف چکنا، زبیر عرف اچھو، اور جاوید کا تعلق ایم کیو ایم لندن سیکریٹیریٹ سے ہے جو شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں چار عدد 303 بور رائفل، ایک عدد ایس ایم جی، ایک عدد بارہ بور رائفل، 2222 راؤنڈ، اور بائیس عدد ایس ایم جیز کے میگزین شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔

     

  • کراچی میں فائرنگ، دو افراد قتل دو زخمی

    کراچی میں فائرنگ، دو افراد قتل دو زخمی

    کراچی: شہرقائد کےعلاقے لیاقت آباد الیاس گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں دوافراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لانڈھی میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔
    پولیس کے مطابق لیاقت آباد لاسی گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جان کی بازی ہارگئے، مقتولین کی شناخت دانیال اوراشرف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقےلانڈھی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کےنتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں کل بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس کے سبب شہرمیں سیکیورٹی کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لئے پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی بھرپورتوانائیاں صرف کررہے ہیں۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ شہرمیں ہونے والے قتل وغارت کے ان واقعات کی تحقیقات کررہے ہیں۔