Tag: Lighting

  • کرسمس تہوار پر اضافی لائٹنگ نہیں کی جائے گی

    کرسمس تہوار پر اضافی لائٹنگ نہیں کی جائے گی

    اٹلی: یورپ میں کرسمس تہوار کی خوشیاں مدھم پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کرسمس تہوار پر اضافی لائٹنگ نہیں کی جائے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ سے رواں برس کرسمس تہوار کی خوشیاں مدھم پڑنے کا خدشہ ہے۔

    الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق یورپ کے کئی شہروں میں کرسمس پر اضافی لائٹنگ نہیں ہوگی، لائٹنگ کے اوقات کار بھی محدود کیے جائیں گے، اس وقت بھی کئی شہروں میں ریسٹورنٹس میں موم بتیوں سے کام چلایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے بجلی کے بلوں میں ہوش رُبا اضافہ یورپی صارفین کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے پیرس سے لندن تک، پورے یورپ کے شہروں میں حکام چھٹیوں کی روشنی کے اوقات کو محدود کر رہے ہیں۔

    بہت سے لوگوں نے توانائی کی بچت والی LED لائٹس یا قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف رخ کر لیا ہے، کرسمس کی تعطیلات کے موقع پر حکام کو اس مخمصے کا سامنا ہے کہ یوٹیلیٹی بلوں اور مہنگائی کی وجہ سے دبے شہریوں کے ساتھ یک جہتی کے طور پر توانائی کی بچت کیسے کی جائے۔

    روس کی طرف سے یورپ کو قدرتی گیس کی ترسیل بند کرنے سے بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والا بحران لوگوں کو اختراعات کی طرف بھی لے جا رہا ہے، لومبارڈی کے علاقے میں ایک اطالوی پہاڑی قصبے بورنو میں، نوجوان قصبے میں صرف ایک کرسمس ٹری کو بیٹریوں کے ذریعے حرکی توانائی فراہم کرنے کے لیے سائیکلوں پر پیڈل مارنے کی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرسمس پر شہر میں کہیں اور لائٹنگ نہیں کی جائے گی۔

    اٹلی میں بھی، شمالی شہر ویرونا میں حکام اس بار پر غور کر رہے ہیں کہ لائٹنگ کو صرف چند اہم شاپنگ اسٹریٹس تک محدود کیا جائے، تاکہ بچت ہو سکے اور بجلی ضرورت مند خاندانوں کے کام آ سکے۔

    اسپین میں بھی کئی شہروں میں توانائی کی بچت کے لیے کرسمس لائٹنگ کے اوقات میں ایک گھنٹے کی کمی کی جائے گی۔ ویگو شہر کے میئر ہابیل کبالیرو نے اس حوالے سے کہا کہ ’’اگر ہم کرسمس نہیں مناتے تو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جیت جائیں گے۔

  • امریکا میں شہری پر آسمانی بجلی گر گئی

    امریکا میں شہری پر آسمانی بجلی گر گئی

    واشنگٹن: امریکا میں طوفانی بارش کے دوران بجلی گرنے کا خطرناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص زخمی ہونے سے بال بال بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پیش آیا جب ایک شخص چھتری لیے سڑک سے گزر رہا تھا کہ اچانک تیز بجلی کڑکی اور اس پر آگری۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اچانک بجلی گرنے پر رومولو میکنیل نامی شخص خوفزدہ ہوگیا اور اس کے ہاتھ سے چھتری گرگئی لیکن وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    کیرولینا میں گذشتہ روز سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی بھی جزوی طور پر متاثر ہے، البتہ ریسکیو عملہ ہائی الرٹ ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکا کی جنوبی ریاستوں ٹیکساس، آرکناس، لوزینا اور جارجیا میں بارشوں نے سیلابی صورت حال اختیار کرلی تھی۔

    امریکا میں بارشوں اور طوفان نے تباہی مچادی، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    یاد رہے کہ سیلابی صورت حال کے باعث 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

  • ملک بھرمیں جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے

    ملک بھرمیں جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے

    کراچی : آج دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش وخروش اورعقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر عاشقانِ مصطفیٰ مختلف تقاریب اور محافل کا انعقاد کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق محسن انسانیت محبوب خدا آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن میلاد النبیﷺآج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

    ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے۔

    جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پرتوپوں کی سلامی سے دن کا آغاز


    وفاقی درالحکومت سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

    عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جلوسوں اور محفلوں کی حفاظت کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    کراچی پولیس کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس کے سیکورٹی کے لیے 23 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 5 ہزار پولیس اہلکار مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور داخلی اور خارجی راستوں پرتعینات کیے گئے ہیں۔

    کراچی میں مرکزی جلوس کھارادر سے برآمد ہوکر نشترپارک میں اختتام پذیر ہوگا، پشاور کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوگا، لاہورکا مرکزی جلوس دہلی دروازے سے برآمد ہوگا۔

    موبائل فون سروس سندھ کے مخصوص علاقوں میں بند رکھنے کا فیصلہ


    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آج موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے سفارش بھی کردی ہے۔