Tag: lightning strike

  • ماہرین نے آسمانی بجلی سے بچاؤ کی تدابیر بتا دیں

    ماہرین نے آسمانی بجلی سے بچاؤ کی تدابیر بتا دیں

    صوبہ سندھ میں آسمانی بجلی گرنے کے بڑھتے واقعات کی وجوہ پر ماہرین کی ایک ٹیم نے رپورٹ مرتب کر لی ہے۔

    پاکستان میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، آسمانی بجلی گرنے کی وجوہ کیا ہیں، اور اس سے بچاؤ کیسے ممکن ہے، اس حوالے سے ماہرین کی ٹیم نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ خاص طور پر ملک کے بالائی، پہاڑی علاقوں اور جنوب میں میدانی اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے زیادہ واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔

    سندھ کے ضلع تھرپارکر کی بات کریں تو یہاں گزشتہ ایک ماہ کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 30 سے زائد واقعات ہوئے، جن میں 200 افراد لقمہ اجل بنے، جب کہ ہزاروں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ مون سون کے حالیہ اسپیل میں بھی مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گری، جس کے باعث متعدد افراد جان سے گئے۔

    سندھ حکومت کی درخواست پر ان واقعات کی وجوہ کا تعین کرنے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم تھر بھیجی گئی، جس نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے۔ رپورٹ میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے بچنے کی تدابیر بھی بتائی گئی ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں:

    محفوظ پناہ گاہ، جیسا کہ گاڑی کے اندر بیٹھ کر خود کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

    بارش کے دوران گھر کے دروازے یا کھڑکی سے دور بیٹھنا چاہیے۔

    سولر پینلز، گھر کے اندر برقی آلات کے استعمال سے گریز کیا جائے۔

    درخت، دھاتی اشیا، بجلی کے کھمبوں، اور موٹر سائیکل سے دور رہا جائے۔

  • ویڈیو: آسمانی بجلی گرنے سے آکسفورڈ میں بائیو گیس ٹینک پھٹنے کے بعد ہولناک منظر

    ویڈیو: آسمانی بجلی گرنے سے آکسفورڈ میں بائیو گیس ٹینک پھٹنے کے بعد ہولناک منظر

    لندن: برطانیہ میں آکسفورڈ شائر کے ویسٹ پلانٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے بائیو گیس ٹینک ہولناک دھماکے سے پھٹ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ری سائیکلنگ پلانٹ میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، آکسفورڈ شائرمیں رات کے وقت لگنے والی آگ نے آسمان کو روشن کر دیا۔

    آسمانی بجلی گرنے سے بائیو گیس ٹینک پھٹ گیا تھا جس سے پورا علاقہ دھماکوں سے گونج اٹھا، اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، لوگوں نے آگ کا گولہ فضا میں دور سے بلند ہوتے دیکھا۔

    دھماکے کے بعد ایک ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی، وٹنی، بریڈفورڈ، چپنگ مارٹن اور ملٹن انڈروائچووڈ کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    متاثرہ پلانٹ ضائع شدہ خوراک کو بائیو گیس میں تبدیل کرنے کا کام کرتا تھا، اور سالانہ 50 ہزار ٹن سے زیادہ ٹھوس اور مائع ویسٹ کو پروسس کرتا ہے۔

    پلانٹ کے ترجمان نے بتایا کہ آکسفورڈ شائر کے قریب یارنٹن میں واقع کیسنگٹن پلانٹ میں ایک ڈائجسٹر ٹینک پر آسمانی بجلی گر گئی تھی، جس سے اس کے بائیو گیس ٹینک میں دھماکا ہوا، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

  • سیر و تفریح کے لیے جانے والے نوجوانوں کے ساتھ ہولناک حادثہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے نوجوانوں کے ساتھ ہولناک حادثہ پیش آیا، آسمانی بجلی گرنے سے ایک دوست جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی المخواہ کشمنری میں آسمانی بجلی گرنے سے 1 نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان خالد الغامدی کے معمر والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ تفریح کے لیے گیا جہاں انہوں نے کھانے کا پروگرام بنایا تھا۔

    تمام دوست کھانے سے فارغ ہونے کے بعد تفریحی مقام پر بیٹھے باتوں میں مصروف تھے کہ اچانک آسمانی بجلی ان پر آگری جس سے خالد الغامدی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 دوست زخمی ہوئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلال حمر کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دیتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا، مرنے والے نوجوان کی نعش سرد خانے میں رکھوا دی گئی۔

    والد کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا حال ہی میں تعلیم مکمل کر کے فارغ ہوا تھا اور ملازمت کی تلاش میں تھا مگر شاید قدرت کو یہی منظور تھا۔

  • بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، رات گئے آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہلو کے نواحی علاقے سفید اور نساؤ میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں خاتوں اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔

    حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو روانہ کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

    اس کے علاوہ سینجاڑ، لاسے زائی، تمبو اور سفید کے علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کچے مکانات بھی گرے،فوری طور پر نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بالائی /وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث آزاد کشمیر، جہلم ، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بعض مقامات پر طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

  • بھارت: بارش سے لطف اندوز ہونے والے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی

    بھارت: بارش سے لطف اندوز ہونے والے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارتی صوبے مغربی بنگال میں غیر متوقع بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کولکتہ سمیت مغربی بنگال کے مختلف علاقوں اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    بارشوں کے دوران جنگی پور میں آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے، مقامی پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر کے باہر کچھ افراد میدان میں بیٹھے بارش سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اسی دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت منٹو شیخ نام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے خاندان کے تقریباً 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں. زخمیوں کو جنگی پور محکمہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

    جنگی پور میونسپلٹی کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ ظہرالاسلام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے منٹو شیخ کے اہل خانہ کو مالی مدد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا منصوبہ گھر گھر راشن کے تحت کھانے پینے کا سامان دیا جائے گا۔