Tag: Lion

  • لاہور میں شیر کا شہریوں پر خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور میں شیر کا شہریوں پر خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس کے باہر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شہریوں پر شیر نے اچانک حملہ کر دیا۔

    گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس میں شیر نے فیملی پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلا کھلا رہ گیا تھا جس سے نکل کر شیر نے فیملی پر حملہ کیا، زخمیوں کو طبی امداد کےلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

     

     

    تاہم اب اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر فارم ہاؤس کی دیوار سے پھلانگ لگا کر سڑک پر آجاتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شپر پہلے خاتون پر حملہ کرتا ہے اور جب خاتون بھاگتی ہے تو شیر چھوٹے بچے کی طرف لپکتا ہے جس میں 2 بچے شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔

    دوسری جانب پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو دھر لیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں ملک اعظم عرف شانی، اس کا بیٹا بہرام اور بھائی ملک ناظم شامل ہے۔

    اس کے علاوہ وائلڈ لائف حکام نے شیر کو تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے، وائلڈ لائف کا کہنا ہے لائسنس اور حفاظتی تقاضوں کے بغیر شیر رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے، خلاف ورزی پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہے۔

  • بچے کو بچانے کے لیے ہہادر ماں خونخوار شیر سے گتھم گتھا ہوگئی

    بچے کو بچانے کے لیے ہہادر ماں خونخوار شیر سے گتھم گتھا ہوگئی

    نئی دہلی: ہر ماں اپنے بچے کو مشکل سے بچانے کے لیے دنیا کے ہر خطرے سے لڑ جاتی ہے، ایسی ہی ایک ماں نے اپنے بچے کو شیر کے جبڑوں سے بھی چھڑا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر نئی دہلی میں بہادر ماں اپنے بچے کو شیر کے جبڑے سے بچانے کے لیے نہتی لڑ پڑی اور اپنے بیٹے کو شیر کے چنگل سے چھڑا لیا لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی زخمی ہوگئی۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارچنا چوہدری نامی خاتون اپنے 15 ماہ کے بیٹے کے ساتھ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے گاؤں میں گھر کے قریب رفع حاجت کے لیے جارہی تھیں۔

    مقامی عہدیدار سنجویو شریواستو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ شیر قریبی بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو سے بھٹک کر یہاں پہنچا تھا، جس کے بعد اس نے بچے پر حملہ کردیا، شیر نے اپنے جبڑے سے بچے کے سر پر حملہ کیا تھا۔

    ماں یہ دیکھ کر لمحے بھر کو تو ساکت رہ گئی لیکن پھر اس نے فوراً اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے بیٹے کو شیر سے بچانے کی کوشش کی، تب شیر نے ان پر بھی حملہ کردیا۔

    ماں کی چیخ و پکار سننے پر گاؤں والے جمع ہوگئے اور ماں اور بچے کو بچانے کی کوشش کی، ہجوم کو دیکھ کر شیر جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔

    سنجویو شریواستو کا کہنا ہے کہ خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    حکام کی جانب سے علاقے کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ مقامی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت گھر سے باہر نہ نکلیں۔

  • سب سے پہلے دکھائی دینے والا جانور آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟

    سب سے پہلے دکھائی دینے والا جانور آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟

    اگر آپ کو اپنے موبائل فون پر تیزی سے وائرل ہونے والی تصویری پہیلیاں حل کرنے میں دلچسپی ہے تو اوپر موجود تصویر کو غور سے دیکھیں اور بتائیں اس میں کتنے جانور نظر آرہے ہیں؟

    ہمارے پسندیدہ جانور سے پتا چلتا ہے کہ ہم دنیا کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور ہماری اپنی فطرت کیا ہے۔ اوپر دکھائی گئی تصویر میں کچھ جانور موجود ہیں، آپ کو سب سے پہلے جو جانور نظر آئے گا وہ آپ کی شخصیت کے بارے میں بتائے گا۔

    جس طرح سے آپ ایک پہیلی کو بوجھتے ہیں اور اس کو محسوس کرتے ہیں اس عمل سے آپ کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اس تصویری پہیلی پر مبنی شخصیت کے ٹیسٹ میں آپ جو پہلا جانور دیکھتے ہیں وہ آپ کی اندرونی خصوصیات کو ظاہر کرتا ہے۔ اس لیے تصویر کا بغور مشاہدہ کریں اور اس پر توجہ مرکوز کریں جو آپ کو پہلی نظر میں نظر آئے۔

    Optical illusion-based personality test

    اس بارے میں تفصیلات کہ آیا آپ بائیں دماغ پر مبنی شخصیت ہیں یا دائیں دماغ والے فرد ہیں۔ یہ بات سب جانتے ہیں کہ بائیں دماغ سے سوچنے والے افراد تجزیاتی مسائل حل کرنے والے ہوتے ہیں اور منطقی طور پر استدلال کرسکتے ہیں جب کہ جو لوگ اپنے دائیں دماغ کو زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ تخلیقی افراد ہوتے ہیں۔

    مذکورہ تصویر کا بغور مشاہدہ کریں اور اس پر بھرپور توجہ دیں، اب اس میں جو جانور آپ کو پہلی نظر میں نظر آئے تو اب بتایئے کہ آپ نے کیا دیکھا؟

    Optical illusion

    زیبرا :
    ماہرین کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ جنہوں نے "زیبرا” کو اس تصویر میں دیکھا وہ کرشماتی اور بااثر شخصیت رکھنے والے لوگ ہیں۔

    آپ ایک عام آدمی ہیں اور تنہائی میں خود کو غیرمحفوظ سجھنے کا رجحان رکھتے ہیں۔ لوگ آپ کی بے عیب صلاحیتوں اور آپ کی ظاہری شخصیت کی طرف راغب ہوتے ہیں۔

    جریدہ لکھتا ہے کہ آپ کو فخر کرنا اچھا لگتا ہے اور آپ اپنی انا سے واقف ہیں۔ آپ کا مضبوط ارادہ اور عزم آپ کو دوسروں سے منفرد بناتا ہے۔

    شیر اور پرندہ :
    شیر ایک مضبوط اور طاقتور لیڈر کی خصوصیات رکھتا ہے اور جنہوں نے اسے تصویر میں پہلی نظر میں دیکھا وہ دوسروں پرغالب رہتے ہیں اور بڑا قدم اٹھانے سے نہیں ڈرتے۔

    Lion and zebra optical illusion  Picture courtesy The Minds JournalTwitter

    جن لوگوں نے اس شخصیت کی پہیلی میں پہلی نظر میں شیر کے ساتھ ساتھ زیبرا کو بھی دیکھا وہ مثالی رہنما ہیں جو غلبے اور عاجزی کے درمیان توازن قائم کرنا جانتے ہیں اور حقیقت پسندی اور دوسروں کے ساتھ تعلقات دونوں کو بگاڑ سکتے ہیں۔

    باکمال افراد نے آنکھ کے ساتھ پرندے کو شیر کی دائیں آنکھ کے بالکل نیچے مرکز میں زیبرا کی پیٹھ پر بیٹھے دیکھا۔ ان لوگوں کے متعلق ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آپ چیزوں کو ترتیب میں رکھنا پسند کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ آپ جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ اس وقت تک فائدہ مند نہیں ہے جب تک کہ وہ کامل نہ ہو۔

  • اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک پہاڑی شیر اسکول کے اندر داخل ہوگیا، اسکول انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو ایک کمرے میں بند کردیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق شیر کو ریاست کیلی فورنیا کے ایک اسکول میں دیکھا گیا، شیر صبح کے وقت اسکول میں داخل ہوا۔

    تاہم انتظامیہ میں سے کچھ افراد نے ہوشیاری سے شیر کو ایک خالی کمرے میں بند کردیا۔

    بعد ازاں کیلی فورنیا ڈپارٹمنٹ آف فش اینڈ وائلڈ لائف کو طلب کیا گیا جنہوں نے نہایت احتیاط سے شیر کو وہاں سے منتقل کیا۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران اسکول میں موجود تمام افراد بشمول عملہ اور طلبا محفوظ رہے اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • شیروں کا جتھہ زرافے پر حملہ آور، زرافے نے کیسے جان بچائی؟

    شیروں کا جتھہ زرافے پر حملہ آور، زرافے نے کیسے جان بچائی؟

    جنگلات میں شیر عموماً ایسے جانوروں کو اپنا شکار بناتے ہیں جنہیں وہ آسانی سے قابو کرسکیں، لیکن بعض اوقات وہ اپنے سے بڑے کسی جانور پر بھی حملہ کردیتے ہیں تاہم منہ کی کھاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    شیر کی شکار کی حکمت عملی یہ ہوتی ہے کہ جس پر حملہ کرے اس کی گردن کو نشانہ بنائے تاکہ وہ جانور بے بس ہوسکے، اگر کبھی اسے چھوٹا جانور نہ مل سکے تو وہ اپنے سے بڑے جانور کی طرف بھی لپکتا ہے، لیکن ایسی صورت میں وہ بچے، حاملہ یا کمزور جانور کو نشانہ بناتا ہے۔

    غالباً ان میں سے کوئی جانور شیروں کے اس جتھے کو ہاتھ نہ لگا تب ہی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک صحت مند زرافے پر حملہ کرتے ہیں۔

    3 سے 4 شیر ایک ایک کر کے زرافے کی پشت سے اس پر جھپٹتے ہیں لیکن زرافہ اپنی لمبی ٹانگوں سے زوردار دھکے دے کر انہیں ہٹا دیتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Wildlife Stories (@wildlife_stories_)

    شیروں کی کوشش ہے کہ وہ زرافے کی گردن تک پہنچ سکیں لیکن زرافے کی روز دار ککس سے وہ اپنے مقصد میں ناکام رہتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو ہزاروں افراد کی جانب سے دیکھا اور پسند کیا گیا ہے۔

  • خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    امریکا میں ایک ماں اپنے بچے کو بچانے کے لیے شیر سے لڑ گئی اور بغیر کسی ہتھیار کے مکوں اور لاتوں کی مدد سے خونخوار شیر کو مار بھگایا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں ایک پہاڑی شیر رہائشی علاقے میں نکل آیا اور ایک گھر کے اندر لان میں کھیلتے 5 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔

    بچے کی چیخ و پکار پر ماں گھر سے باہر نکلی، تب تک شیر بچے کو گھسیٹتا ہوا لان سے باہر لے جاچکا تھا، ماں نے بغیر کچھ سوچے سمجھے شیر پر حملہ کردیا اور بچے کو اس سے بچانے کی کوشش شروع کردی۔

    بہادر ماں بغیر کسی ہتھیار کے شیر سے لڑتی رہی، اس دوران نہ صرف وہ اپنے بچے کو اس سے دور کرنے میں کامیاب رہی بلکہ مکے اور لاتیں برسا کر شیر کو بھی وہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    بعد ازاں خاتون اور ان کے شوہر بچے کو فوری قریبی اسپتال لے کر گئے، بچے کے سر اور سینے پر زخم آئے تھے جن کی ٹریٹمنٹ شروع کردی گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    مذکورہ واقعہ امریکی محکمہ برائے جنگلی حیات کو رپورٹ کیا گیا جنہوں نے میڈیا کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی شیر کم از کم 30 کلو گرام وزنی تھا لیکن بہادر خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اس سے اپنے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہی۔

    یاد رہے کہ پہاڑی شیر کو شیر کی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے جو ہر وقت اپنے شکار کی تلاش میں رہتا ہے اور نہایت چالاکی اور پھرتی سے دبے قدموں پیچھے سے شکار پر حملہ کرتا ہے۔

  • بچے کو بچانے کے لیے مادہ گینڈا شیرنی کے مدمقابل آگئی

    بچے کو بچانے کے لیے مادہ گینڈا شیرنی کے مدمقابل آگئی

    ماں کی محبت وہ لازوال قوت ہے جو اپنے بچے کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، اپنے بچے کو خطرے میں دیکھتے ہوئے ماں بڑے سے بڑے خطرے سے لڑ جاتی ہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں مبتلا کیے ہوئے ہے جس میں ایک مادہ گینڈا اپنے بچے کو بچانے کے لیے شیرنی کے مدمقابل آجاتی ہے۔

    جنوبی افریقہ کے نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے مادہ گینڈا اپنے بچے کے ساتھ جنگل میں چہل قدمی کر رہی ہے جبکہ سامنے سے ایک شیرنی آتی دکھائی دے رہی ہے۔

    بظاہر دونوں پرسکون ہو کر اپنی راہ چلتے دکھائی دے رہے ہیں لیکن ایک موقع پر شیرنی گینڈے کے بچے کے کچھ قریب آجاتی ہے جس پر مادہ گینڈا بھڑک کر حملے کی نیت سے شیرنی کی طرف بڑھتی ہے۔

    لیکن اس سے پہلے ہی شیرنی وہاں سے دور ہو جاتی ہے اور راستہ بدل کر فرار ہوجاتی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر حیرانی کا انتظار کیا، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ مادہ گینڈے کے ڈیل ڈول سے ظاہر ہے کہ وہ شیرنی پر حاوی ہوسکتی ہے چنانچہ شیرنی نے راستہ بدلنے میں ہی عافیت جانی، ورنہ اسے اپنی جان کے لالے پڑ جاتے۔

  • ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے نواحی علاقے میں صبح صبح ایک شیر نے پہنچ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیر کا تعلق شہر کے جنوب میں واقع نیشنل پارک سے ہے جو اچانک رہائشی علاقے میں نکل آیا۔ خوفزدہ افراد نے فوری طور پر پولیس اور کینین وائلڈ لائف سروس کو مطلع کیا۔

    شہریوں کی حفاظت کے لیے انتظامی حکام نے فوری طور پر رینجرز کی تعیناتی بھی کر دی جبکہ شیر کے زخمی ہونے کی صورت میں خصوصی ویٹرنری ڈاکٹر کو بھی موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ سروس کے اہلکاروں نے شیر کو دور سے انجیکشن ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔ شیر کو نیشنل پارک منتقل کردیا گیا اور نیشنل پارک کے حکام کے مطابق ہوش اآنے پر شیر کو واپس جنگلاتی علاقے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بچے اسکولوں کی طرف جبکہ دیگر افراد اپنے روزگار و دفاتر کی جانب روانہ ہورہے تھے۔

    نیشنل پارک سے صرف 7 کلو میٹر دوری پر واقع اس علاقے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل پارک کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کسی خوفناک اور ناخوشگوار حادثے سے بچا جاسکے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق دسمبر سنہ 2019 میں بھی ایک شیر نے نیشنل پارک سے باہر نکل کر ایک شخص پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔ مارچ سنہ 2016 میں نیشنل پارک سے نکلنے والے شیر کو اس وقت گولی مار دی گئی جب اس نے ایک شہری کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

  • دعوت میں غیر متوقع طور پر شیر کی آمد

    دعوت میں غیر متوقع طور پر شیر کی آمد

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں ایک سفاری پارک میں پارٹی کرنے والوں کی اس وقت سانسیں تھم گئیں جب انہوں نے ایک ببر شیر کو اپنے کھانے کی میزوں کے گرد چکر لگاتے دیکھا۔

    جنوبی افریقہ کے جنگلات میں اس نجی گیم ریزرو کا عملہ پارٹی کی تیاری میں مصروف تھا جب انہوں نے ایک شیر کو اپنی طرف آتے دیکھا۔

    کھانے کی میز پر بھنا ہوا گوشت اور مختلف اقسام کے کھانے رکھے جارہے تھے اور یقیناً اسی کی خوشبو اس شیر کو کھینچ لائی تھی۔

    قریب آ کر اس شیر نے میز کے گرد چکر لگانے شروع کردیے، اس اثنا میں میزبان اور مہمان بھی کھانے کے لیے آ پہنچے جو ایک غیر متوقع مہمان کو دیکھ کر دور رک گئے۔

    شیر نے اطمینان سے میزوں کے گرد چکر لگایا اس کے بعد کسی بھی چیز کو چکھے بغیر وہاں سے واپس روانہ ہوگیا۔

    دعوت کے میزبان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر برطانیہ سے کچھ دوست آئے تھے جو ان کے گھر پر قیام پذیر تھے، یہ دعوت انہی کے لیے کی گئی تھی۔

    میزبان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اکثر اوقات یہاں شیروں سمیت کئی جانوروں کو دیکھا ہے لیکن یہ پہلی بار ہے کہ شیر اتنا قریب آگیا تھا۔

    ان کے مطابق ان کے مہمان بھی اس نایاب نظارے سے بے حد حیران اور لطف اندوز ہوئے، یہ ان سب کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ تھا۔

  • لاہور میں شیر سستا، بھینس مہنگی، کیا اب شیر خریدنا آسان ہوگیا؟ جانیے

    لاہور میں شیر سستا، بھینس مہنگی، کیا اب شیر خریدنا آسان ہوگیا؟ جانیے

    لاہور: زندہ دلان لاہور میں شیر کی قیمت بھینس سے بھی نیچے گر گئی ہے، اور شیر بھینس سے کہیں سستے فروخت ہونے لگے ہیں۔

    آپ یہ مشہور محاورہ وقتاً فوقتاً سنتے اور پڑھتے ہوں گے ’بھینس کے آگے بین بجانا‘، یعنی کسی بے وقوف یا نا اہل آدمی کے سامنے دانش مندی کی بات کرنا، بہ ظاہر اس محاورے سے بھینس کی وقعت میں کمی ہو رہی ہے لیکن یہاں جو خبر دی جا رہی ہے اس میں شیر کی قیمت بھینس سے بھی کہیں کم نکلی ہے۔

    لاہور کے محکمہ جنگلی حیات نے حال ہی میں 14 عدد شیر فروخت کیے ہیں جن میں سے ہر شیر محض ڈیڑھ لاکھ روپے میں بیچا گیا، واضح رہے کہ پالتو بلیاں اور کتے بھی ڈیڑھ دو لاکھ کے فروخت ہو جاتے ہیں۔

    جو چودہ شیر فروخت کیے گئے ان میں چار شیر لاہور چڑیا گھر کی ملکیت تھے، ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 4 شیر اضافی تھے اس لیے فروخت کیے گئے، ایک شیر کو دن میں 7 سے 10 کلو گوشت کھلانا پڑتا ہے، اس لیے انھیں پالنا مہنگا پڑ رہا تھا، انھوں نے کہا کہ شیر کی قیمت کا تعین محکمانہ پالیسی کے تحت کیا جاتا ہے، تاہم دوسری طرف اوپن مارکیٹ کے مطابق شیر کی قیمتِ فروخت 45 لاکھ روپے تک ہے۔

    وائلڈ لائف ایکسپرٹ ڈاکٹر عظمیٰ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بتایا کہ پاکستان میں اگر آپ بھی شیر رکھنا چاہتے ہیں تو رکھ سکتے ہیں، اس حوالے سے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا کیوں کہ شیر مقامی جانور نہیں ہے بلکہ باہر سے آتا ہے، اس لیے لوگوں نے گھروں میں پال رکھے ہیں۔

    ڈاکٹر عظمیٰ کا کہنا تھا کہ اگر ادارے خود شیر فروخت کریں گے تو انٹرنیشنل کمیونٹی کو اس سے ایک غلط پیغام جاتا ہے، غیر ممالک میں زو کسی ایسوسی ایشن کے ممبر ہوتے ہیں، اگر وہاں کوئی جانور اضافی ہو جاتا ہے اسے انجمن کے تحت ایکسچینج یا عطیہ کیا جاتا ہے، لہٰذا اگر زو جس کا مقصد پبلک ایجوکیشن اور جانوروں کا تحفظ ہوتا ہے، جانور بیچیں گے تو ایک غلط میسج جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا دنیا بھر میں چڑیا گھروں کے اندر جگہ کے حساب سے جانوروں کی افزائش کی جاتی ہے، اس لیے مانع حمل طریقے بھی استعمال کیے جاتے ہیں، اگر زو کہتے ہیں کہ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں تو پچھلے سال متحدہ عرب امارات سے 18 شیروں کا عطیہ قبول کیا گیا تھا، اگر ذرایع نہیں ہیں ہمارے پاس تو پھر یہ شیر کیوں قبول کیے گئے۔

    ڈاکٹر عظمیٰ نے نجی بریڈنگ فارمز کے حوالے سے بتایا کہ انھیں کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، کہ وہ کمرشل مقاصد کے لیے جانوروں کی افزائش کر کے انھیں فروخت کر سکتے ہیں، ان فارمز کے لیے جو صوبائی سطح پر قوانین موجود ہیں ان میں بہتری کی بہت ضرورت ہے۔