Tag: Lion

  • بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شیر کھانے کی تلاش میں اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا، وائلڈ لائف اہلکاروں نے بے ہوشی کے انجکشن کے ذریعے شیر کو قابو کیا۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع گیر سومناتھ میں وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع ملی کہ ایک اسکول کی عمارت میں شیر دیکھا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شیر جنگل سے ایک بچھڑے کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے پیچھے گاؤں میں داخل ہوگیا اور جب بچھڑے کے مالک نے اسے بھگانے کی کوشش کی تو وہ برابر میں واقع اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں نے دروازے کے باہر پنجرہ رکھ کر شیر کو وہاں متوجہ کرنے کی کوشش کی تاہم شیر سیڑھیاں چڑھ کر اسکول کی دوسری منزل پر چلا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف حکام نے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے اسے بے ہوش کیا اور پنجرے میں ڈالا، اس دوران شیر صحیح سلامت تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا، حکام نے بعد ازاں شیر کو جنگل میں چھوڑ دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ شیر اسکول میں داخلہ لینے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائلڈ لائف حکام کی بہادری کو بھی سراہا۔

  • چڑیاگھر انتظامیہ کی نااہلی، شیروں کی حالت غیرہوگئی

    چڑیاگھر انتظامیہ کی نااہلی، شیروں کی حالت غیرہوگئی

    خرطوم: افریقی ملک سوڈان میں چڑیا گھر انتظامیہ کی نااہلی کے باعث غذائی قلت سے شیروں کی حالت غیرہوگئی، پارک میں موجود شیروں کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں قائم ایک مقامی پارک میں موجود شیروں کی حالت دیکھ کر دل کانپ اٹھا، کھانا پانی نہ ملنے کے باعث شیر سوکھ کر دھان پان سے ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک میں جاری معاشی بحران کے باعث پارک انتظامیہ بھی غذائی قلت کی کمی کو پورا کرنے سے قاسر ہے، سوڈان کے مختلف علاقے ایسے بھی ہیں جہاں انسان تین وقت کے کھانے سے بھی محروم ہیں، ایسی صورت حال میں جانوروں کی غذا پوری کرنا کیسے ممکن ہے۔

    ’’القریشی ‘‘ نامی چڑیا گھر میں اس سے قبل ایک شیر کی موت بھی ہوچکی ہے۔

    ایسی صورت حال میں مقامی شہری نے قدم اٹھایا، اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جانورں کی حفاظت سے متعلق مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد عطیات جمع کرکے جانوروں کی خوراک کا بندوبست کرنا ہے۔

    عثمان صالح نامی شخص کا کہنا تھا کہ شیروں کی یہ حالت دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں گیا، میں ان تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں جو مستحق ہیں وہ میری مدد کریں اور اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

  • کیا ہوا جب شیر نے کچھوے کا شکار کرنا چاہا؟

    کیا ہوا جب شیر نے کچھوے کا شکار کرنا چاہا؟

    کسی بھی انسان کی زندگی میں تیز رفتاری، اور عقلمندی دو ایسے عوامل ہیں جو اس کی بقا کے ضامن ثابت ہوتے ہیں۔ جب زندگی اور موت کے حالات پیدا ہوتے ہیں تو کوئی بھی ایسا کام کر گزرتا ہے جس کی عام حالات میں اس سے توقع بھی نہیں کی جاسکتی۔

    ایسا ہی کچھ احوال جانوروں کا بھی ہے جو اپنی محدود صلاحیت و عقل میں اپنی بقا کی راہ تلاش کرتے رہتے ہیں۔ جانور انسانوں کی طرح اشرف المخلوقات نہیں لہٰذا قدرت نے انہیں فطری طور پر ایسے اعضا و صلاحیتیں دی ہوئی ہیں جو انہیں مشکل حالات سے بچا سکتی ہیں۔

    ایسا ہی ایک منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک شیر نے اپنے سے کمزور کچھوے کو اپنا نوالہ بنانے کی کوشش کی۔ اپنی سست رفتاری کے لیے مشہور کچھوا بھاگ کر یا چھپ کر اپنی جان کیا بچاتا، ایسے میں خدا کا دیا ہوا ایک تحفہ اس کے کام آگیا۔

    کچھوے نے اپنی ڈھال یعنی سخت خول میں پناہ لے لی۔ شیر نے بہت کوشش کی کہ خول کے اندر سے کچھوے کا منہ پکڑ کر باہر نکالے لیکن سخت خول اس کی راہ کی رکاوٹ بنا رہا۔

    تھک ہار کر شیر نے کچھوے کو، جو اس کے لیے اب ایک پتھر جیسا تھا، پھینکا اور دوسرے شکار کی تلاش میں چل پڑا۔ کچھوے نے کچھ دیر بعد خول سے اپنا منہ اور بازو نکالا اور پھر سے اپنی منزل کی جانب رینگنے لگا۔

  • سرکس میں شیروں کا حملہ، ٹرینر ہلاک

    سرکس میں شیروں کا حملہ، ٹرینر ہلاک

    روم: اٹلی میں سرکس کے شیروں نے اپنے ہی ٹرینر کو حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق شمالی اٹلی کے علاقے ٹریگیانو میں سرکس میلا سجا ہے جہاں اٹور ویبر نامی ٹرینر نے جوں ہی چار تیندووں کو ٹریننگ دینا شروع کی تو ان میں سے ایک چیتا ٹرینر پر جھپٹ پڑا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک چیتے کو دیکھ کر دیگر نے بھی ویبر پر حملہ کردیا اور چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں کو نوچ ڈالا جس کے باعث وہ شیروں کے پنجرے میں ہی تڑپتے رہے۔

    ٹرینر کو ریسکیو کرنے جب عملہ پہنچا تو چیتے ان کے خون آلود زخمی جسم کے ساتھ کھیل رہے تھے، بعد ازاں انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

    اس حملے کے بعد چاروں شیروں کو سرکس سے پارک منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی ہے، سرکس انتظامیہ نے شیروں کے حملے کی وجہ بتانا قبل از وقت قرار دیا ہے۔

    خیال رہے کہ کئی ممالک میں سرکس میں جانوروں کے استعمال پر پابندی ہے، ان میں یورپ کے بیس ممالک بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست کولوراڈا میں شیر کو انسان پر حملہ کرنا مہنگا پڑا تھا، شہری نے دفاع کرتے ہوئے تیندوے کو ہلاک کردیا تھا۔

    امریکی شہری نے’ آدم خور شیر‘کو گلا گھونٹ کر مارڈالا

    ہارستوتھ نامی پہاڑی علاقے میں چہل قدمی کرتے شخص پر پہاڑی شیر نے اچانک حملہ کیا، شہری نے جان بچاتے ہوئے شیر کو ہی مار ڈالا تھا۔

  • امریکی شہری نے’ آدم خور شیر‘کو گلا گھونٹ کر مارڈالا

    امریکی شہری نے’ آدم خور شیر‘کو گلا گھونٹ کر مارڈالا

    واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈا میں شیر کو انسان پر حملہ کرنا مہنگا پڑ گیا، شہری نے دفاع کرتے ہوئے تیندوے کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہارستوتھ نامی پہاڑی علاقے میں چہل قدمی کرتے شخص پر پہاڑی شیر نے اچانک حملہ کردیا، شہری نے جان بچاتے ہوئے شیر کو ہی مار ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ جا گنگ میں مصروف تھا کہ اس نے شور کی آواز سنی، جیسے ہی پیچھے مڑا تو شیر نے اس پر حملہ کردیا۔

    شیر کے نہتے شکاری نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ  نے بتایا کہ پہاڑی تیندوے نے میرے چہرے پر پنجے گاڑھے، اور میری کلائی کو فولاد جیسے دانتوں سے بھنبھوڑنے کی پوری کوشش کی۔ لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اوربالاخراسے گلا گھونٹ کر مار دیا۔

    اس واقعے کے بعد متاثرہ شخص زخمی حالت میں خود گاڑی چلا کر نزدیکی اسپتال، پہنچا جہاں اسی طبی امداد فراہم کی گئی۔

    وائلڈ لائف مینیجر مارک لیزی کا کہنا ہے کہ جب کبھی ایسی صورت حال کا سامنا ہو تو لوگوں کو چاہیے کہ ہرممکن طاقت کا استعمال کریں اور دماغ سے کام لیں، جس طرح اس شخص نے کیا۔

    اکیلے شیر پر افریقی بلیوں کا حملہ

     جانوروں کی نفسیات کے ایک ماہر کا کہنا تھا کہ کولوراڈا میں شیروں کا انسانوں پر حملہ کرنا کوئی نہیں بات نہیں، اس سے قبل متعدد بار ایسے واقعات ہوچکے ہیں، خاص طور پر جاگنگ کرنے والے افراد اس کا نشانہ بنے۔

    خیال رہے کہ پہاڑی شیر دنیا میں بلی کی نسل کا چوتھا سب سے بڑا درندہ ہے، لیکن یہ انسانوں پر شاذ و نادر ہی حملہ کرتا ہے، تاہم امریکا میں حالیہ برسوں میں اس کے انسانوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • اکیلے شیر پر افریقی بلیوں کا حملہ

    اکیلے شیر پر افریقی بلیوں کا حملہ

    ویسے تو ببر شیر اپنی خونخواری اور خطرناکی کی وجہ سے مشہور ہے تاہم بعض اوقات شیر کو بھی مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے اور وہ بھی گھر سکتا ہے۔

    بی بی سی ارتھ کی ایک ویڈیو میں ایسے ہی ایک شیر کی مشکل عکسبند کی گئی ہے جو افریقی بلیوں سے ملتی جلتی قسم ہائینا کے غول میں گھر گیا ہے۔

    ہائینا افریقہ میں پائی جانے والی ممالیہ نسل ہے جو بظاہر کتے سے ملتا جلتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق عادات و خصلتوں میں یہ بلیوں کے زیادہ قریب ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈھیر سارے ہائینا نے ببر شیر کو گھیر لیا ہے اور اس کی دھاڑ سے خوفزدہ ہوئے بغیر اس پر جھپٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو بی بی سی ارتھ کے نئے ٹی وی پروگرام ’ڈائنسٹیز‘ کے تحت عکسبند کی گئی ہے۔

    معروف محقق اور ماہر ماحولیات ڈیوڈ ایٹنبرو کا پیش کردہ پروگرام ’ڈائنسٹیز‘ جو کچھ عرصہ قبل ہی شروع کیا گیا ہے، بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ ڈیوڈ اس سے قبل پلینٹ ارتھ اور بلیو پلینٹ نام کی سیریز بھی پیش کرچکے ہیں۔

    اب ان کی نئی سیریز زمین کے سب سے زیادہ خطرے کا شکار 5 جانوروں پینگوئن، بن مانس، ببر شیر، چیتے اور شکاری کتے کی ایک قسم پینٹڈ وولوز کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

    اس سیریز کی تیاری میں 4 سال کا عرصہ لگا ہے جبکہ سیریز میں ان جانوروں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا جارہا ہے۔

  • جرمنی میں 3 ننھے منے شیر عوام کے سامنے پیش

    جرمنی میں 3 ننھے منے شیر عوام کے سامنے پیش

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے ایک چڑیا گھر میں ایک ماہ قبل پیدا ہونے والے شیر کے 3 ننھے بچوں کو عوام کے سامنے پیش کردیا گیا۔

    فرینکفرٹ کے چڑیا گھر میں 15 سال بعد کسی شیرنی کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیدائش کے ایک ماہ تک یہ بچے اپنی ماں کے قریب رہے۔

    بچوں کی ماں جس کا نام زارینہ ہے کی عمر 6 برس ہے۔

    ان بچوں کا ابھی تک کوئی نام نہیں رکھا جاسکا اور نہ ہی یہ تعین کیا جاسکا کہ ان کی جنس کیا ہے تاہم انتظامیہ کا خیال ہے کہ ان میں سے 2 بچے نر ہیں۔

    شیر کے ان معصوم بچوں کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد چڑیا گھر کا رخ کر رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہولناک حادثوں میں زندہ بچ جانے والا مشہور ’فلمی‘ شیر

    ہولناک حادثوں میں زندہ بچ جانے والا مشہور ’فلمی‘ شیر

    آپ کو 80 اور 90 کی دہائی میں اکثر انگریزی فلموں کے آغاز سے قبل ایک دھاڑتا ہوا شیر ضرور یاد ہوگا۔ یہ شیر امریکا کی مشہور فلم تقسیم کار کمپنی ایم جی ایم کا لوگو ہے۔

    اس زمانے میں چونکہ کمپیوٹر گرافکس اور اینی میشن نے اتنی ترقی نہیں کی تھی لہٰذا اس لوگو کو تشکیل دینے کے لیے اصل شیر کو عکس بند کیا گیا تھا۔

    وقت بوقت معمولی طور پر تبدیل کیے جانے والے اس لوگو کے لیے 5 شیروں کو مختلف ادوار میں فلم بند کیا گیا۔

    ان میں سے ایک شیر کی زندگی حیران کن واقعات سے بھری پڑی ہے جسے خوش قسمت ترین شیر بھی قرار دیا جاتا ہے۔

    سنہ 1928 میں پیدا ہونے والا جیکی دی لائن نامی یہ شیر تقریباً 6 مرتبہ موت کے منہ میں جاتے ہوئے بال بال بچا۔ ایم جی ایم کا پہلا لوگو اسی شیر کو فلم بند کرکے بنایا گیا تھا۔

    جیکی نامی یہ شیر ایک دھماکے، دو ٹرینوں کے ٹکرانے کے حادثے، طیارہ کریش، زلزلے اور کشتی ڈوبنے کے حادثے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔

    جیکی کی موت 1935 میں طبعی طور پر واقع ہوئی۔ مرنے کے بعد اس کی جلد کو محفوظ کر کے کنساس میں واقع ایک میوزیم میں بھیج دیا گیا جہاں اسے دیکھنے کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فلم کی عکسبندی کے دوران شیر کیمرا چرا کر لے گیا

    فلم کی عکسبندی کے دوران شیر کیمرا چرا کر لے گیا

    افریقی ملک کینیا میں ایک شیر چند فلم میکرز کا کیمرا چرا کر لے گیا جس میں شیر کے حیرت انگیز مناظر فلمبند ہوگئے۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کینیا کے ایک جنگل میں جنگلی حیات پر دستاویزی فلم بنائی جارہی تھی۔ کیمرے کو دیکھ کر چند شیر اس کے گرد جمع ہوگئے۔

    ایک شیر نے اچک کر کیمرے کو اپنے دانتوں میں دبا لیا اور اسے لے کر وہاں سے چل دیا۔ اس دوران کیمرا ریکارڈنگ کرتا رہا اور کئی منفرد مناظر عکس بند کرلیے۔

    فلم کی ٹیم نے جو مزید کئی کیمروں سے لیس تھی، شیر کی نقل و حرکت کو ریکارڈ کیا اور اس کے وہاں سے جانے کے بعد اسے ٹریک کیا۔

    کیمرا ملنے کے بعد فلم سازوں نے شیر کی چہل قدمی کے دوران ریکارڈ ہونے والے مناظر کو بھی فلم میں شامل کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شکاری شیرنی کو لینے کے دینے پڑ گئے

    شکاری شیرنی کو لینے کے دینے پڑ گئے

    آپ نے یہ کہاوت یقیناً سنی ہوگی کہ اتنا ہی کھانا چاہیئے جتنا ہضم کیا جاسکے، اس کہاوت پر عمل کرنا یقیناً کسی بھی انسان کو بہت سی پریشانیوں اور شرمندگی سے بچا سکتا ہے۔

    تاہم یہ شیرنی اس محاورے سے ناواقف نظر آتی ہے تب ہی یہ اپنے سے دوگنے دریائی گھوڑے پر حملہ کر بیٹھی۔

    گوکہ شیر کا مختلف جانوروں پر حملہ کر کے انہیں شکار کرلینا عام بات ہے مگر یہ دریائی گھوڑ نہایت چالاک معلوم ہوتا ہے، تب ہی شیرنی کے حملے سے قبل ہی وہ اچانک پلٹا اور اس نے شیرنی پر حملہ کردیا۔

    ہپو نے شیرنی کی گردن پکڑ لی مگر شیرنی نے بھرپور دفاع کر کے اس کے حملے کو ناکام بنایا اور اس کے بعد اپنی زندگی بچا کر بھاگ گئی۔

    دریائی گھوڑے پر اس ناکام حملے کے بعد یقیناً یہ شیرنی آئندہ دیکھ بھال کر شکار کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔