Tag: Lip Balm

  • ہونٹوں کو گلابی رکھنے کے لیے لپ بام گھر میں بنائیں

    موسم سرما میں جہاں جسم کے ہر حصے کو اضافی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، وہیں ہونٹ بھی موسم کی سختی کا شکار ہو کر پھٹنے اور تکلیف دینے لگتے ہیں۔

    اس موسم میں ہونٹوں کی رنگت بھی غیر معمولی طور پر تبدیل ہو کر انہیں بھدا بنا دیتی ہے، کچھ قدرتی طریقوں سے ہم ہونٹوں کی گلابی رنگت واپس لا سکتے ہیں۔

    رات دانت برش کرنے کے بعد کوئی بھی منٹ والا ٹوتھ پیسٹ ہونٹوں پر لپ اسٹک کی طرح لگائیں اور اسے 7 سے 10 منٹ تک ہونٹوں پر لگائے رکھیں۔

    اس کے بعد ٹوتھ برش سے ہونٹوں پر ہلکا سا مساج کریں اور رگڑنے سے اجتناب کریں، اس سے ہونٹوں میں دورانِ خون بڑھنے لگے گا، اس کے بعد ہونٹوں کو اچھی طرح دھو لیں اور خشک کرلیں۔

    یہ عمل ہفتے میں 3 دفعہ کریں۔

    دوسرا طریقہ ویسلین کے استعمال کا ہے، ویسلین یا کسی بھی قسم کی پیٹرولیم جیلی، نصف ٹیبل اسپون کی مقدار میں لیں۔

    چولہے پر اسٹیل کا پیالہ رکھ کر اسے پگھلا لیں، ہلکی آنچ پر رکھ کر چمچے سے ویسلین کو ہلاتے رہیں اور بہت دھیمی آنچ پر اسے تیل کی صورت میں گھلائیں۔

    اس کے بعد گلاب کی پتیاں (روز پیٹل) کی 20 سے 25 پتیاں ڈال کر ویسلین کے ساتھ گرم کرلیں۔

    پھول کی پتیوں کو چمچے سے ہلاتے رہیں تا کہ اس کی رنگت گہری ہوکر کچھ براؤن ہوجائے، لیکن یاد رہے کہ اسے جلنے سے بچائیں اور کسی بھی طرح زائد گرم نہ کریں۔

    اب اس پورے آمیزے کو ایک ہاون دستے میں کوٹ کر پیس لیں، تھوڑی دیر میں یہ جیلی کی شکل اختیار کرلے گا۔ اسے لپ بام کی طرح روزانہ استعمال کریں۔

  • لپ بام کے 5 حیرت انگیز کمالات

    لپ بام کے 5 حیرت انگیز کمالات

    لپ بام عموماً روز مرہ استعمال کی جانے والی ایک عام شے ہے جو ہونٹوں کو خشک اور پپڑی زدہ ہونے سے محفوظ رکھتی ہے۔

    تاہم اس بنیادی کام کے علاوہ بھی لپ بام بہت سے حیرت انگیز کمالات سر انجام دے سکتی ہے جن کے بارے میں بہت کم لوگوں کو علم ہوتا ہے۔ آئیں ان حیرت انگیز کمالات کے بارے میں جانیں۔

    انگلی میں پھنسی انگوٹھی

    انگلی کے سائز سے چھوٹی انگوٹھی بعض اوقات پہن تو لی جاتی ہے مگر اسے اتارنے میں نہایت مشکل ہوتی ہے۔

    اس مشکل سے چھٹکارہ پانے کے لیے انگلی اور انگوٹھی پر صابن لگانے سمیت بے شمار گھریلو ٹوٹکے موجود ہیں لیکن لپ بام ان میں سب سے زیادہ آسان اور فوری نتائج دے سکتی ہے۔

    لپ بام کو اچھی طرح انگوٹھی پر لگائیں، انگوٹھی باآسانی اتر آئے گی۔

    نزلہ زکام کے دوران

    اگر نزلہ زکام کی وجہ سے ناک کے آس پاس کی جلد خشکی یا اکڑاؤ کا شکار ہے تو ایسی جلد کو آرام پہنچانے کے لیے لپ بام نہایت معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

    لیکن یاد رکھیں کہ نزلے کے دوران منٹ کی لپ بام استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ یہ آپ کے نزلے کو اور بڑھا دے گی۔

    نئے جوتوں کو آرام دہ بنانا

    ہمارے پاؤں بعض اوقات نئے جوتوں سے فوری طور پر مطابقت نہیں کر پاتے اور یہ جوتے ہمارے پاؤں کو کاٹنے لگتے ہیں جس سے شدید تکلیف ہوتی ہے اور چلنا پھرنا محال ہوجاتا ہے۔

    لیکن بے فکر رہیں، ایسی صورت میں لپ بام جلد کی متاثرہ جگہ اور جوتے کے کاٹنے والے حصے پر لگائیں، آپ فوری طور پر آرام محسوس کریں گے۔

    زپ کو رواں کریں

    جیکٹس یا لباس میں لگی ہوئی زپ بعض اوقات اٹکنے یا کسی اور وجہ سے اپنی جگہ سے ہلنے سے انکار کردیتی ہے۔ ایسی صورت میں زپ کے مذکورہ مقام پر لپ بام استعمال کریں، زپ فوری طور پر درست اور رواں ہوجائے گی۔

    بالوں کو چمکائیں

    جلدی میں کہیں جانا ہے اور آپ کے بال روکھے اور بکھرے ہوئے لگ رہے ہیں؟ گھبرائیں مت، بالوں میں کنگھا کرنے سے قبل ہیئر برش پر لپ بام لگائیں اور اس برش کو جڑوں سے بچاتے ہوئے صرف بالوں کے اوپری حصے اور سروں پر کریں۔

    لپ بام سے عارضی طور پر آپ کے بالوں میں چمک اور نمی پیدا ہوجائے گی۔