Tag: live

  • انسٹاگرام نے آمدنی کے لیے مزید سہولیات فراہم کردیں

    انسٹاگرام نے آمدنی کے لیے مزید سہولیات فراہم کردیں

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے اپنی تخلیق کاروں کی آمدنی کے لیے مزید سہولیات فراہم کردی ہیں۔

    انسٹاگرام نے اپنے پلیٹ فارم پر موجود مشہورشخصیات، فنکاروں اور گلوکاروں وغیرہ کی آمدنی کے لیے ایک لائیو سبسکرپشن کی آزمائش کی ہے۔

    اس طرح انسٹاگرامر رقم کے لیے اپنے فالوور کو یوٹیوب یا ٹک ٹاک پر بلانے کے بجائے خود اسی پلیٹ فارم سے رقم کما سکیں گے۔

    اس آپشن کے تحت لائیو اسٹریم کو صرف رقم دینے والے سبسکرائبر ہی دیکھ سکیں گے، اس طرح تخلیق کاروں کی آمدنی کی نئی راہ کھلے گی۔

    انسٹاگرام نے کہا ہے کہ سبسکرپشن کے تحت تخلیقی فنکار اپنے مداحوں سے دیرپا رابطہ رکھتے ہوئے اپنی آمدنی بڑھاسکیں گے۔ دوسری جانب صارفین خاص پروگرام اور پرفارمنس سے محظوظ ہوسکیں گے۔

    انسٹاگرام نے بعض بڑے فنکاروں کو اس کی لائیو ٹیسٹنگ کی پیشکش بھی کی ہے، ان تمام انسٹاگرامرز کا تعلق امریکا سے زیادہ ہے۔ لائیو پرفارمنس کے دوران سبسکرائب بٹن آن ہوگیا اور لوگوں کی بڑی تعداد کا بہاؤ سبسکرپشن کی جانب دیکھا گیا۔

    انسٹاگرامرز نے سبسکرپشن کی فیس 99 سینٹس سے لے کر 99 ڈالر اور 99 سینٹس ماہانہ تک رکھی ہے، اس سہولت کے ساتھ فالوورز فنکاروں کی لائیو پرفرمانس، خاص الخاص اسٹوریز، بیجز اور شناخت تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

  • قدرت کا کرشمہ، پیدائشی مردہ بچہ زندہ ہو گیا

    قدرت کا کرشمہ، پیدائشی مردہ بچہ زندہ ہو گیا

    برازیل میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے کو ڈاکٹرز نے مردہ قرار دیا لیکن تدفین کے موقع پر بچے نے سانس لے کر لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا

    دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو خدائے واحد کے وجود کے منکر ہیں لیکن پروردگار عالم بھی مختلف اوقات میں اپنی قدرت کے کرشمے دکھا کر لوگوں کو اپنے وجود کا احساس دلاتا رہتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ برازیل کے شہر رونڈونیا میں پیش آیا جس نے لوگوں کو حیران کردیا۔

    ایک غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق رونڈونیا میں رہائش پذیر اٹھارہ سالہ لڑکی خود کے حاملہ ہونے سے لاعلم تھی جب اسے شدید درد محسوس ہوا تو وہ دو بار اسپتال گئی لیکن دونوں بار ڈاکٹر نے اسے واپس بھیج دیا، دوسری بار گھر پہنچتے ہی اس کی تکلیف ناقابل برداشت ہوگئی اور اس نے گھر میں ہی اپنے بچے کو جنم دیا۔

    پیدا ہونے والا بچہ حمل کے پانچویں ماہ میں قبل از وقت پیدا ہوا تھا اور پیدائش کے وقت اس کا وزن صرف ایک کلو تھا، زچگی کے بعد ماں اور بچے کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بچے کو مردہ قرار دے دیا۔

    اسپتال فیونرل ڈائریکٹر کو بلایا گیا اور اسے بچے کی تدفین کی ذمے داری سونپی گئی تاہم چند گھنٹوں بعد جب تدفین کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں تو بچے کے دل نے دھڑکنا شروع کردیا ڈائریکٹر نے بچے کو اپنی بانہوں میں لے کر اس کے دل کی دھڑکن محسوس کی۔

    فیونرل ڈائریکٹر بچے کو لے کر فوری طور پر اسپتال پہنچا اور اسے آئی سی یو میں داخل کرایا، بچے کے زندہ ہونے کی خبر پر ماں اور اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    واقعے کے بعد اہل خانہ اور فیونرل ہوم نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرادی ہے۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران اکثر اوقات رپورٹرز اور نیوز اینکرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آجاتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک رپورٹر اپنے موبائل فون سے محروم ہوگیا۔

    یہ واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر ڈیاگو ڈمکرو براہ راست جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

    ٹی وی پر براہ راست جانے سے چند سیکنڈز قبل رپورٹر اپنا فیس ماسک اور مائیک ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس کے ہاتھ پر جھپٹا مار کر موبائل فون چھینا اور رفو چکر ہوگیا۔

    رپورٹر مائیک سمیت اس شخص کے پیچھے دوڑ پڑتا ہے، اس کے ساتھ سڑک پر موجود اور بھی کئی راہ گیر چور کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے چور کو جا لیا اور رپورٹر کو اس کا موبائل واپس مل گیا۔ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

  • عمران خان بطور وزیراعظم پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے

    عمران خان بطور وزیراعظم پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ ویک اینڈ پر بنی گالہ جایا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے؟ فیصلہ ہوگیا۔

    پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہدایت کی تھی پنجاب ہاؤس کا جائزہ لوں، وہ تین سے چار دن پنجاب ہاؤس رہیں گے جبکہ ویک اینڈ پر بنی گالہ جایا کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر معمولی تاخیر کرلی، تاحال علم نہیں عمران خان کب حلف اٹھائیں گے۔


    مزید پڑھیں : عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہ رکھنے کے فیصلے پر قائم


    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جن حلقوں کا نوٹیفکیشن رکا ہے، اس پر وکلاسے بات ہوئی، امید ہے کل تک ان حلقوں میں کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا۔

    نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کا عمل انتہائی ناقص ہے، بے شمار تبدیلیوں کی ضرورت ہے، انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مزید قانون سازی کریں گے۔

    اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، میں خود اس احتجاج سے گزر کر آیا ہوں، ہماری حلقے کھولنےکی پیشکش کے باوجود مظاہرہ کیا جا رہاہے، یقین دلاتا ہوں ہماری حکومت مظاہرین سے تعاون کرے گی۔

    یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اسپیکر ہاؤس میں قیام کریں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں عوام کےٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں، عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ نہیں ہوگا۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ، خزانے کو 2 ارب کی بچت


    عمران خان کے فیصلے پر پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد اسپیکرہاؤس میں نہیں رہ سکتے، اسپیکر ہاؤس پارلیمنٹ کی پراپرٹی ہے، پارلیمنٹ کی پراپرٹی میں وزیراعظم نہیں آسکتے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کے اس فیصلے پر خلیجی اخبار میں ایک رپورٹ بھی شائع کی ، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے سے قومی خزانے کو پونے 2 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔