Tag: Livestock

  • کویت : قربانی کرنے والوں کیلئے حکومت کی اہم ہدایات

    کویت : قربانی کرنے والوں کیلئے حکومت کی اہم ہدایات

    کویت سٹی : قربانی کے لئے مذبح خانے کس طرح کام کریں گے اور ان کی اجرت کیا ہوگی اس حوالے سے المواشی لائیو اسٹاک ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    کمپنی نے منگل کوعیدالاضحٰی کے لیے اپنی تیاریوں اور عید کی نماز کے بعد براہ راست اپنے مذبح خانوں میں لوگوں کا استقبال کرنے کی تصدیق کی ہے۔

    المواشی کے سی ای او اسامہ بدائی نےمیڈیا کو بتایا کہ انہوں نے عید کی نماز کے بعد قربانی کرنے کے خواہشمند لوگوں سے فون یا ان کی اسمارٹ ایپلی کیشن (المواشی) کے ذریعے آرڈر لینا شروع کر دیا ہے اور وہ پیغام کے ذریعے ذبح اور ترسیل کے عمل کی تکمیل کی تصدیق کریں گے۔

    بودائی نے مزید کہا کہ بھیڑوں کی قیمتیں آسٹریلیائی بھیڑوں کے لیے 75 کویتی دینار جبکہ النعیمی بھیڑوں کی قیمتیں 135 کویتی دینار سے شروع ہوتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ المواشی سے منسلک العاصمہ سلاٹر ہاؤس مویشیوں کی صحت کی جانچ کے لیے جانوروں کا ڈاکٹر فراہم کرے گا اور ذبح کیے گئے مویشیوں کو روزانہ گیارہ بجے کے بعد الرای میں حوالے کیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صبح کی شفٹ کے دوران افراد وصول کریں گے اور رات کی شفٹ کے دوران خیرات کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے گی جو پانچ سے زیادہ مویشیوں کو ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ المواشی لائیو اسٹاک ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی جو 1973 میں قائم ہوئی ایک کویتی کمپنی ہے جو کہ مویشیوں کی نقل و حمل فراہم کرتی ہے اور اسے خطے کی سب سے قدیم لائیو اسٹاک ٹریڈنگ کمپنی سمجھی جاتی ہے۔؎

  • پاکستان میں گدھوں کی تعداد 55لاکھ ہوگئی

    پاکستان میں گدھوں کی تعداد 55لاکھ ہوگئی

    اسلام آباد : پاکستان کے اقتصادی جائزے کے مطابق سال 2020-2019 میں ملک میں گدھوں کی آبادی میں ایک لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جانوروں کی آبادی میں مجموعی طور 55 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مالی سال 2019-20 میں جہاں حکومت کو بجٹ اہداف میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور مجموعی طور پر شرح نمو میں کمی آئی ہے، وہیں لائیو اسٹاک کے شعبے میں دو اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اقتصادی سروے برائے مالی سال 2020-2019 کی رپورٹ میں ملک کے اندر مویشیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جانوروں کی آبادی میں 55 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے، لائیو اسٹاک کے زمرے میں آنے والے جانوروں کی تعداد 20 کروڑ 74 لاکھ ہو چکی ہے۔ گذشتہ سال تک یہ تعداد 20 کروڑ 19 لاکھ تھی۔

    اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 54 سے بڑھ کر 55 لاکھ ہوگئی جبکہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 12 لاکھ کا اضافہ ہوا، بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ سے بڑھ کر 4 کروڑ 12 لاکھ ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ کا اضافہ ہوا اور 3 کروڑ 9 لاکھ سے بڑھ 3 کروڑ 12 لاکھ ہوگئی۔ 21 لاکھ کے اضافے کے ساتھ بکریوں کی تعداد 7 کروڑ 61 لاکھ سے بڑھ کر 7 کروڑ 82 لاکھ ہوگئی۔

    اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں مویشیوں کی مجموعی تعداد میں 18 لاکھ کا اضافہ ہوا۔مویشیوں کی تعداد 4 کروڑ 78لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 96 لاکھ ہوگئی۔