Tag: Liyari

  • لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ

    لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ

    کراچی : شہر قائد میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا، سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی پر لیاری کے پریشان عوام نے پیپلزپارٹی آفس پر دھاوا بول دیا اور حکمرانوں کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    اسی دوران مظاہرین میں موجود کچھ مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے ضلعی دفتر پر دھاوا بولتے ہوئے آفس میں توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مظاہرین سے بات چیت کی۔

    مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک روزانہ گھنٹوں کے حساب سے لوڈشیڈنگ کرتا ہے اور سوئی گیس نہ ہونے کے سبب گھر میں کھانا پکانا دشوار ہوگیا ہے اس دہرے عذاب سے نجات دلائی جائے۔

  • بیٹیوں نے میری ہمت کو ٹوٹنے نہیں دیا، تیزاب گردی کی شکار خاتون

    بیٹیوں نے میری ہمت کو ٹوٹنے نہیں دیا، تیزاب گردی کی شکار خاتون

    کراچی : ہمارے معاشرے میں حوا کی بیٹی پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی کے واقعات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔

    خاندانی مسائل اور پنچایتی نظام کے ساتھ ساتھ سرکاری ونجی اداروں میں خواتین کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک بھی متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

    خواتین کے لیے اس پُرخطر دور میں بھی کچھ خواتین ایسی ہیں جنہوں نے ہر ظلم کا مقابلہ کیا اور ظالم سماج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    ایک ایسی ہی باہمت اور باحوصلہ خاتون لیاری کی رہائشی کلثوم محمد بھی ہیں، جن پر ہونے والے پے در پے وار بھی ان کے خوابوں کے راستے نہ روک پائے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شادی ہوئی تو بہت کم عمر تھی لیکن شوہر کافی بڑی عمر کے تھے، کچھ دنوں بعد ہی پتہ چلا کہ وہ جواری اور شرابی بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شوہر نے مجھے بات بات پر مارنا پیٹنا شروع کردیا، میرے گھر والے کہتے تھے برداشت کرو تم کو اب اسی کے ساتھ رہنا ہے۔

    کلثوم نے بتایا کہ میرے چھ بچے ہیں، شوہر کچھ کماتا نہیں تھا، میرے شوہر نے سال 2008 کے ماہ ستمبر میں چاند رات کو میرے چہرے پر تیزاب پھینک کر مجھے مارنے کوشش کی لیکن میری جان بچ گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے گھر سے بھی نکال دیا، میں در در کی ٹھوکریں کھاتی رہی، لیکن بعد میں میری بیٹی میرے پاس آگئی جس کو میں کامیاب فٹبالر بنانا چاہتی ہوں۔

    اب کلثوم اپنی آنکھیں اور چہرہ کھوچکی ہے لیکن اس کی بیٹیاں اس کے جینے کی تحریک کا ذریعہ رہی ہیں جس کے بدلے میں وہ بیٹیوں کے خوابوں کا واحد سہارا ہے۔

    کلثوم کی سب سے چھوٹی بیٹی 15 سالہ مہرجان ہے جو فٹبال کی کھلاڑی ہے، مہرجان پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھتی ہے اس کا کہنا ہے کہ اگر اسے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے تو اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔

  • لیاری : فائرنگ سے بزرگ کمیٹی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق

    لیاری : فائرنگ سے بزرگ کمیٹی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی : لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیاری بزرگ کمیٹی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیاری جنرل اسپتال کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے بزرگ کمیٹی کے رہنما عبدالمجید کوفائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    واضح رہے کہ مقتول عبدالمجید نے لیاری میں امن و امان کے حوالے سے مختلف جماعتوں کے ساتھ مل کراہم کردار ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ لیاری ہی کے علاقے چاکیواڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    واقعے کے بعد لیاری میں کشیدہ صورتحال ہے۔ واقعے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔

    دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلے کے دوران تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بھتہ خوری میں ملوث ہیں، منگوپیر پولیس نے بھی پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا

  • کراچی :لیاری میں عُزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ، گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی :لیاری میں عُزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ، گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی:  لیاری نوالین میں رینجرز آپریشن کے دوران رینجرز کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا، رینجزر نے عزیز بلوچ کے گھر سے گینگ وار کے ایک ملزم سرور بلوچ کو گرفتار کرلیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری نوالین میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔

    رینجرز ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت اصغر جبکہ زخمی کی رحیم کے نام سے ہوئی ہے، زخمی رینجرز اہلکار کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سرچ آپریشن کے دوران عزیر بلوچ کے گھر پر چھاپے میں سرور بلوچ نامی ملزم کو گرفتار جبکہ مختلف علاقوں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ رینجرز کا علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کراچی: لیاری میں رینجرز سے مقابلہ، جھینگو گروپ کا ملزم ہلاک

    کراچی: لیاری میں رینجرز سے مقابلہ، جھینگو گروپ کا ملزم ہلاک

    کراچی: لیاری شاہ بیگ لین میں رینجرز سے مقابلے میں گینگ وار کا ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ کورنگی ابراہیم حیدری سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو پائی

    ترجمان رینجرز کے مطابق آج صبح لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں رینجرز نے ملزمان کی اطلاع پر چھاپہ مارا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ساجد ہلاک ہوگیا، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے جبار عرف جھینگو گروپ سے تھا، ملزم دو خواتین سمیت چودہ افراد کے قتل میں ملوث تھا۔

    چھاپے کے دوران رینجرز نے لیاری گینگ وار کے دو ملزمان شریف اور حنیف کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، پولیس کے مطابق بلدیہ کے علاقے یوسف گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مارا، جہاں مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا ہے۔

    ایس ایچ او سعید آباد نوید ناصر کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گزشتہ روز سعید آباد مرشد اسپتال کے قریب سے مقامی تاجر کوگاڑی سمیت اغواء کیا، ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب کورنگی ابراہیم حیدری سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو پائی ہے۔