Tag: lizard

  • پیرو میں نئی قسم کی چھپکلی دریافت

    پیرو کے نیشنل پارک میں چھپکلی کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے۔

    اوٹیشی نیشنل پارک کے حکام کے مطابق سائنسدانوں نے جنوب مشرقی پیرو کے شہر کسکو میں ایک محفوظ قدرتی علاقے میں چھپکلی کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے۔

    اس چھپکلی کو ’پروکٹوپورس ٹائٹنس‘ کا حیاتیاتی نام دیا گیا ہے، یہ بلند پہاڑوں پر ہی پائی جاتی ہے،  یہی وجہ ہے کہ یہ چھپکلی سب سے پہلے 3241 میٹر کی بلندی پہاڑ پر دیکھی گئی ہے۔

    چھپکلی گہرے سرمئی رنگ کی ہے جس کے اطراف اور سر پر پیلے اور سنہرے دھبے ہیں، جبکہ اس کی دم اس کے جسم سے لمبی ہے۔

  • کیا چھپکلی کے کاٹنے سے انسان کو کوئی نقصان پہنچ سکتا ہے؟

    کیا چھپکلی کے کاٹنے سے انسان کو کوئی نقصان پہنچ سکتا ہے؟

    چھپکلیوں سے اکثر لوگ خوفزدہ رہتے ہیں جبکہ انہیں دیکھ کر کراہیت بھی محسوس ہوتی ہے، لیکن کیا چھپکلیوں سے انسان کو کوئی نقصان پہنچ سکتا ہے؟

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں وائلڈ لائف ایکولوجسٹ ڈاکٹر وسیم احمد خان نے شرکت کی اور اس حوالے سے معلومات دیں، وسیم احمد خان چھکلیوں پر تحقیق کرتے ہیں اور انہوں نے گھر میں بھی بے شمار چھپکلیاں پال رکھی ہیں۔

    ڈاکٹر وسیم احمد خان نے بتایا کی گھریلو چھپکلیاں جنہیں گیکو کہا جاتا ہے بے ضرر ہوتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے کاٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ زہریلی ہوتی ہیں تاہم ان کا کھانے پینے کی اشیا سے دور رہنا ضروری ہے کیونکہ ان کے جسم میں موجود زہریلے اجزا ہمارے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

    ڈاکٹر وسیم احمد خان کا کہنا تھا کہ چھپکلیوں پر جب حملہ کیا جاتا ہے تو وہ اپنی دم کو توڑ کر اپنی جان بچا لیتی ہیں، یہ اس کا سیلف ڈیفینس مکینزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چھپکلیوں کو گھر سے دور رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی غذا نہ رکھی جائے، چھپکلیاں اکثر کیڑے مکوڑے کھانے کے لیے آتی ہیں۔ بعض لوگ گھر میں پیاز، لیموں یا انڈے کے چھلکے رکھتے ہیں اور سمجھا جاتا ہے کہ اس سے چھپکلیاں دور رہیں گی، یہ صرف توہمات ہیں۔

  • خوفناک چھپکلی نے اہل خانہ کو گھر میں محصور کردیا، تصاویر وائرل

    خوفناک چھپکلی نے اہل خانہ کو گھر میں محصور کردیا، تصاویر وائرل

    کوالالمپور : ملائشیا میں دیو قامت چھپکلی کی حیرت انگیز تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو خوفزدہ کردیا، دو سال پرانی تصویر ایک بار پھر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    آج سے دوسال قبل 2019میں ملائیشیا کے باشندے لانگ چیرنگ لی نامی ایک شخص نے بڑے سائز کی ایک چھپکلی کی ایک تصویر شیئر کی تھی جسے منی گوڈزیلا بھی کہا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کے مرکزی آہنی دورازے پر ایک خوفناک چھپکلی چڑھی ہوئی ہے، جس کا سائز تقریباً 8 سے دس فٹ تک ہے۔

    اس خوفناک چھپکلی کی تصویر کو دیکھ کر صارفین نے اسے مختلف سائٹس پر شیئر بھی کیا اور دلچسپ انداز میں اس پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

    چھپکلی کی تصویر کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو چکی ہے اگر یہ کہا جائے کہ اس تصویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی تو غلط نہ ہوگا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے یہ چھپکلی گھر کے دروازے پر لٹک کہہ رہی ہے کہ آنٹی تھوڑی چینی دینا ہمارے گھر میں چینی ختم ہوگئی ہے۔

    ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب ہاسٹل میں داخلے کا آخری وقت ابھی 10 بجے ہے اور آپ 10بج کر 5منٹ پر پہنچتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔

    ایک اور صارف نے بچپن میں گلی میں کھیلی جانے والے کرکٹ کی منظر کشی کرتے ہوئے کہا کہ جہاں گیند پڑوسی کے گھر میں اترتی ہے اور اسے مانگنے کیلئے جانا پڑتا تھا۔ کہ آنٹی بال دے دیں اب نہیں آئے گی۔

  • 3 دن سے بجلی کی تاروں میں پھنسی چھپکلی کو بچا لیا گیا

    3 دن سے بجلی کی تاروں میں پھنسی چھپکلی کو بچا لیا گیا

    امریکا میں چند ریسکیو اہلکاروں نے بجلی کی تاروں میں پھنسی ایک نایاب نوع کی چھپکلی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا، چھپکلی 3 روز سے وہاں پھنسی ہوئی تھی۔

    امریکی ریاست پنسلوینیا کی ہیومن سوسائٹی اور جانوروں کے تحفظ کے ادارے کو کال موصول ہوئی کہ ایک رہائشی علاقے میں 3 دن سے چھپکلی کی ایک نایاب قسم کمیلین بجلی کی تاروں پر موجود ہے۔

    مذکورہ اداروں نے فوری طور پر الیکٹرک سپلائی ادارے سے رابطہ کیا تاکہ چھپکلی کو وہاں سے اتارنے کے لیے کوئی منصوبہ تشکیل دیا جاسکے۔

    بعد ازاں ریسکیو اہلکار مذکورہ مقام پر پہنچے، انہوں نے لکڑی کے ڈنڈے پر جالی لگا کر چھپکلی کو نیچے اتارنے کی کوشش کی۔

    اس دوران چھپکلی بار بار تاروں سے الجھتی رہی لیکن بالآخر ریسکیو اہلکار اسے بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چھپکلی کی یہ قسم افریقہ میں پائی جاتی ہے اور اسے گھر میں بھی پالا جاتا ہے۔ اس کے یہاں ہونے کا مطلب یہی ہے کہ اسے یا تو کسی نے گھر میں پال رکھا تھا جہاں سے یہ فرار ہوئی یا پھر پالتو جانوروں کے کسی اسٹور سے یہ بھاگ نکلی۔

    تاحال پولیس کے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں جس میں کسی شخص نے پالتو چھپکلی یا اس سے ملتے جلتے جانور کی گمشدگی کی اطلاع دی ہو۔

    چھپکلی کو جانورں کے تحفظ کے ادارے میں منتقل کردیا گیا ہے۔

  • چھپکلیوں کے خون کا رنگ ہرا کیوں ہوتا ہے؟ سائنسدانوں نے پتہ لگالیا

    چھپکلیوں کے خون کا رنگ ہرا کیوں ہوتا ہے؟ سائنسدانوں نے پتہ لگالیا

    چھپکلی رینگنے والے کیڑوں کے گروہ کا ایک بڑی تعداد میں پایا جانے والی رکن ہے، جس کی دنیا بھر میں تقریباً پانچ ہزار اقسام ہیں اور یہ براعظم انٹارکٹیکا کے علاوہ سارے براعظموں میں پائی جاتی ہیں۔

    چھپکلیاں ایسی مخلوق ہیں کہ دنیا کا کوئی کونہ ان کی دسترس سے باہر نہیں اوریہ حیرت انگیز طور پر ہر جگہ اور ہر عمارت میں پہنچ جاتی ہیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں سائنسدانوں نے معلوم کیا ہے کہ نیوگنی کے جزیرے پر پائی جانے والی چھپکلیوں کے خون کا رنگ سبز کیوں ہوتا ہے؟ یہ سوال سائنس دانوں کو پریشان کر رہا تھا کہ ان کے سبز خون کی وجوہات کیا ہیں؟ یعنی دنیا میں زیادہ تر جانوروں کا خون سرخ ہے، تو پھر ان چھپکلیوں کو لہو سبز کیوں ہے؟

    چھپکلیوں کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کے بعد ان مختلف چھپکلیوں کے سبز خون کی وجوہات جاننے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں، سائنس دانوں نے اس تحقیق کے لیے سبز خون کی حامل چھ مختلف چھپکلیوں اور ان کی 45 قریبی انواع کے ڈی این اے کی جانچ کی۔

    ایسی چھپکلیوں کے ڈی این اے کی جانچ کے بعد سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ خون کے سبز ہونے کی وجہ ان چھپکلیوں کے جسم میں ایک خاص زہریلے مادے بیلی وَیردِن کی زیادہ مقدار ہے۔

    سائنس دانوں کے مطابق اس عام سے سبز زہریلے مادے کی وجہ سے ممکنہ طور پر چھپکلیوں کا خون سبز ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق ان کا تعلق ممکنہ طور پر شِنکس نامی چھپکلی کی قسم سے ہے اور ان تمام نے نیو گنی کے اس جزیرے پر چار مختلف ادوار میں ارتقائی نمو پائی۔

    محققین کے مطابق اس چھپکلی کے جد امجد یقینی طور پر سرخ خون والے تھے، مگر ان سبز رنگ والی مختلف نوع کی چھپکلیوں کا آپس میں کوئی گہرا تعلق نہیں ہے۔

    امریکا کی لوئزیانا یونیورسٹی کے میوزیم آف نیچرل سائنس سے وابستہ ارتقائی حیاتیات کے ماہر ذخاری روڈریگیز کے مطابق ان چھپکلیوں کا تعلق سرخ خون والے جانوروں ہی کے اجداد سے ہے اور سبز خون ان مختلف چھپکلیوں میں آزادانہ اور علیحدہ ارتقائی عمل کے ذریعے پیدا ہوا،۔

    اس کا مطلب ہے کہ خون کی سبز رنگت ان چھپکلیوں کے لیے فائدہ مند خصوصیت کی حامل ہو گی، سائنسدانوں کے مطابق تحقیق کے نتائج کے بعد میں اسے انسانوں میں یرقان کے علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • چار آنکھوں والی چھپکلی

    چار آنکھوں والی چھپکلی

    اب تک ہم نے سائنس فکشن فلموں میں چار آنکھوں والی مخلوق تو بہت دیکھی ہے، تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہماری زمین پر 4 آنکھوں والی چھپکلی بھی موجود ہوا کرتی تھی۔

    کرنٹ بائیولوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق جنوبی امریکا میں اب سے 5 کروڑ سال قبل پائی جانے والی ایک چھپکلی میں 4 آنکھیں موجود تھیں۔

    تحقیق کے مطابق یہ 2 اضافی آنکھیں اس چھپکلی کے سر کے اوپر موجود تھیں۔ سر کے اس حصے کو پائنل اور پیرا پائنل اعضا کہا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعضا حیاتیاتی ارتقا کے ساتھ ساتھ معدوم ہوتے چلے گئے۔

    جدید دنیا میں صرف ایک جاندار جا لیس فش میں یہ دونوں اعضا موجود ہیں اس کے علاوہ صرف پائنل اعضا کئی جانداروں میں موجود ہے جنہیں انکی تیسری آنکھ بھی کہا جاتا ہے، تاہم وہ صرف نام کی ہوتی ہے۔

    چار آنکھوں والی چھپکلی کی یہ دریافت ییل یونیورسٹی کے طلبا کی جانب سے کی گئی۔ طلبا کو ملنے والے رکاز (باقیات) 150 سال پرانے تھے جنکی جدید ایکسرے کے ذریعے جانچ کی گئی۔

    تاحال ماہرین یہ جاننے سے قاصر ہیں کہ چھپکلیوں میں ان 4 آنکھوں کا مقصد کیا تھا اور وہ ان سے کیا کام لیتی تھیں۔

    ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ ان اضافی آنکھوں سے زمین کی مقناطیسی لہروں کے ذریعے سمت شناسی کا کام سر انجام دیتی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دو لاکھ روپے میں خریدی جانے والی چھپکلیوں کی دھوم، تصاویر وائرل

    دو لاکھ روپے میں خریدی جانے والی چھپکلیوں کی دھوم، تصاویر وائرل

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں چھپکلیاں پالنے کےشوقین شخص نے  عجیب الخلقت چھپکلیوں کا مہنگا جوڑا خرید کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    چھپکلی کا شمار اُن جانوروں یا حشرات الارض میں ہوتا ہے جنہیں گھروں میں پالنے کا تو تصور ہی نہیں کیا جاسکتا تاہم بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں ایک شخص ایسا ہے جس کے سر پر چھپکلیاں پانے کا شوق سوار ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجو سگر نامی شہری جن کی اندور شہر میں جوس کی دکان ہے انہوں نے کموڈو ڈریگن (بڑی چھپکلیوں) کا جوڑا دو لاکھ روپے ادا کر کے خریدا اور سب کو حیران کردیا۔

    چھپکلیوں کے جوڑے کا چرچا اس قدر ہوا کہ لوگ دور دراز علاقوں سے اسے دیکھنے آنے لگے اور ان کی بہت سی تصاویر بنائیں۔ دکان کے مالک نے بتایا کہ انہوں نے جوڑا شوق پورا کرنے کے لیے منگوایا تاہم جب سے دونوں کموڈو ڈریگن کو نمائش کے لیے رکھا حیران کُن طور پر اُن کی دکان پر گاہگوں کا رش لگ گیا اور وہ ساتھ ساتھ جوس بھی خرید کر پی رہے ہیں۔

    مالک نے ایک چھپکلی کو اٹھا کر اپنے گاندھے پر بیٹھایا اور کہا کہ یہ دیکھنے میں بہت خطرناک لگ رہی ہیں مگر دراصل ایسا نہیں ہے، یہ ہم سے ناراض نہیں ہوتیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ گاجر، شاول اور دیگر سبزیاں کھاتی ہیں اور بعض اوقات انہیں غذا کے لیے کیڑے مکوڑے بھی دینے پڑتے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عجیب الخلقت چھپکلیوں کی تصاویر وائرل ہوئیں تو لوگ ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے، ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈریگن آرام سے گھوم پھر رہے ہیں اور لوگ انہیں پیار بھی کررہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی چھپکلی کے ساتھ حیرت انگیزتصویر

    پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی چھپکلی کے ساتھ حیرت انگیزتصویر

    خوبرو مہوش حیات نے ثابت کردیا کہ کسی بھی عام لڑکی کی طرح وہ بھی چھپکلیوں سے گھن محسوس کرتی ہیں۔

    انہوں نے اپنے فیس بک پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہوش حیات نے مبینہ طور پر ایک مری ہوئی چھپکلی کو دم سے اپنی انگلیوں میں پکڑ رکھا ہے ۔

    mehwish hayat

    تصویر میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ مہوش نے اپنی آنکھیں سختی سے بند کی ہوئی ہیں اور ان کے چہرے پر خوف کے آثار نمایاں ہیں۔

    مہوش حیات سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور اکثر و بیشت اپنے مداحوں کی دلچسپی کے لئے دلچسپ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ یہاں ہمارے پاس ایک ویڈیو بھی ہے جس میں وہ اپنا پسندیدہ گانا گنگنارہی ہیں۔

    Singing out a few lines from one of my favourite songs Ever... Posted by Mehwish Hayat on Thursday, May 28, 2015

    مہوش حیات بہت جلد ہی اے آر وائی فلمز کی پیشکش ’’یہ جوانی پھرنہیں آنی‘‘میں جلوہ گرہوں گی جس میں ان کے ساتھ حمزہ علی عباسی بھی مجود ہیں، یہ فلم عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔