Tag: load shedding

  • عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کی ہیں، تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ یکم مئی (آج) سے بجلی پیداوار میں تقریباً 2 ہزار میگا واٹ اضافہ ہوگا، اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 50 فی صد کم ہو جائے گی، بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی، وزیر اعظم نے اپنے وعدے کی تکمیل شروع کر دی ہے۔

    وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تو بجلی کی طلب کا تخمینہ 20 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا، لیکن ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی طلب کا تخمینہ اب 23 ہزار میگا واٹ لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ یکم مئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوگی، بہتری آنا شروع ہوگی، وزارت پٹرولیم سے 45 ہزار ٹن ایندھن فرنس آئل، آر ایل این جی مانگا ہے، مئی کے مہینے میں ایندھن وافر مقدار میں ہمارے پاس موجود ہوگا۔

  • بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ نہ کہا جائے: کے الیکٹرک

    بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ نہ کہا جائے: کے الیکٹرک

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی يا تکنیکی وجوہات کی بنا پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ فیول کی قلت کے باعث پیداواری صلاحیت میں کمی آئی ہے، صورتحال سنبھالنے کے لیے چند علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتی سرگرمی میں کمی کے باعث رہائشی اور کمرشل علاقوں میں کچھ بہتری کا امکان ہے۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بلوں کی عدم ادائیگی يا تکنیکی وجوہات کی بنا پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے، عید کے دوران بھی کاروباری سرگرمیاں کم ہونے سے سپلائی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ ماہ صیام کے آغاز سے ہی کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شہر بھر میں 12 گھنٹے سے زائد وقت کے لیے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

  • وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی میں چین سے نہیں بیٹھوں گا، اس عذاب سے نجات تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سابق حکومت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے، نواز شریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، عمران نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے، اور مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کیے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا 6 ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا، اب ایل این جی جہاز قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی شعبے کو تباہ کر کے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔

  • لاہور شہر میں لوڈ شیدنگ میں عارضی ریلیف مل گیا، ذرائع

    لاہور شہر میں لوڈ شیدنگ میں عارضی ریلیف مل گیا، ذرائع

    لاہور: وزیر اعظم بننے کے بعد شہباز شریف آج لاہور کے پہلے دورے پر آ رہے ہیں، اس سے قبل شہر میں لوڈ شیدنگ میں عارضی ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے لاہور دورے سے قبل لیسکو کا بجلی کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے، جس سے شہر میں بجلی کے شارٹ فال میں کمی واقع ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کی رسد 3700 میگا واٹ جب کہ طلب 4100 میگا واٹ ہے، کوٹہ بڑھانے سے بجلی کا شارٹ فال 400 میگا واٹ رہ گیا ہے، تاہم دیہی اور چھوٹے شہروں میں لوڈ شیدنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ کم سے کم لوڈ شیدنگ کی جائے، اور انھوں نے کوٹہ مزید بڑھانے کا کہا ہے۔

    دوسری طرف کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں لوڈ شیڈنگ کی صورت حال نہایت خراب ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان صوبے کے دیگر اضلاع میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ برقرار ہے، کوئٹہ شہر میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

  • تحریک انصاف کے لاہور جلسے کی نشریات میں خلل ڈالنے کا منصوبہ، انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی

    تحریک انصاف کے لاہور جلسے کی نشریات میں خلل ڈالنے کا منصوبہ، انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی

    لاہور : پنجاب کے شہروں میں لاہور جلسے کی نشریات میں خلل ڈالنے کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہروں میں لاہور جلسے کی نشریات میں خلل کا منصوبہ بنا لیا گیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے دوران شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی اور شہریوں کو مطمئن کرنے کےلیے معمول کی لوڈشیڈنگ کا جواز دیا جائے گا۔

    کراچی جلسے میں بھی عمران خان کے خطاب کے دوران پنجاب کے کئی شہروں میں عوام نے بجلی بند ہونے کی شکایت کی تھی۔

    دوسری جانب لاہور مینار پاکستان میں پی ٹی آئی جلسے کی تیاریوں میں انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، پی ٹی آئی کارکنان سحری کرنے باہر گئے تو پارک کا گیٹ بند کر دیا۔

    گیٹ بند کرنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور گیٹ پر کارکن جمع ہوگئے، کارکنوں نے مطالبہ کیا گیٹ پر لگے تالے فوری طور پر کھولے جائیں۔

    اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی تحریک انصاف کو بڑی اسکرین لگانے سے روک دیا ہے۔

  • قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بدترین ہیٹ ویو جاری ہے، ایسے میں بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی، شہر کے کئی علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیامت خیز گرمی نے ایک بار پھر بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کا پول کھول دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی بندش میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، پہلے سے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں 3 بار ڈھائی سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کا شکایتی مرکز اور آپریشن کا عملہ شکایات دور کرنے میں ناکام ہے، ملیر ماڈل کالونی، معین آباد، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں رات 1 بجے سے بجلی بند ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران فنی خرابی کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں 3 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی رسد جاری ہے جو 19 سو فیڈرز کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ کچھ علاقوں میں کنڈوں کے استعمال سے فالٹ سامنے آرہے ہیں۔ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے چند مقامات سے تکنیکی شکایات ہیں جن پر کے الیکٹرک کا عملہ کر رہا ہے۔

    نیپرا کا نوٹس

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی میڈیا پر چلنے والی سندھ میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔ نیپرا نے کراچی، سکھر اور حیدر آباد میں نیپرا دفاتر کو فیلڈ پر جا کر کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر کو آج شام تک لوڈ شیڈنگ پررپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے، اتھارٹی ان دفاتر کی رپورٹس کی روشنی میں مزید ایکشن لے گی۔

  • کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن گئی، شہری سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی شہر قائد کے باسی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب کا شکار ہوگئے، ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں 6 سے 8 گھنٹے کی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جار ہی ہے۔

    رہائشی علاقوں میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے مععمولات زندگی سخت متاثر ہورہے ہیں، گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روٹی اور سالن کے لیے ہوٹلوں میں لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔

    شہر میں بجلی کی صورتحال بھی خراب ہے، موسم گرما کے مکمل رنگ جمانے سے قبل ہی شہر میں بجلی کی 6 سے 7 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    کراچی کے علاقوں ایف بی ایریا، پاپوش نگر، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، بلال کالونی، اورنگی ٹاؤن، شیر شاہ، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد، گلشن معمار، نیو کراچی، گلزار ہجری اور دیگر علاقوں میں2 سے ڈھائی گھنٹے کی 3 بار لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے۔ موسم گرما میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے پر موسم سرما میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی گئی۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے پر کے الیکٹرک کا عملہ مقامی فالٹ بتاتا ہے۔

  • کراچی: درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ

    کراچی: درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرمی بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی طرف سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکڑک نے گیس کی فراہمی میں کمی کا جواز بنا کر لوڈ شیڈنگ شروع کر دی۔

    شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک نے شہر کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے، پہلے سے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی جانے کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔

    لوڈ شیڈنگ کے باعث شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی طرف سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی کے سپلائی مسائل کی وجہ سے کے الیکٹرک کے گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث چند علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جاسکتی ہے۔

  • کراچی میں بارش کے پانچویں روز بھی کئی علاقے بجلی سے محروم

    کراچی میں بارش کے پانچویں روز بھی کئی علاقے بجلی سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں بارش کا پانچواں روز ہے لیکن کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں آج بھی علاقہ مکین بجلی سے محروم ہیں، اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اور اس کے مضافات میں چار روز قبل ہونے والی بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،80فیڈرز بند ہونے اور20کیبل فالٹس کی وجہ سے کئی علاقوں میں تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    شہرِ قائد کا 25 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے، تار ٹوٹنے اور سب اسٹیشنز بند ہونے کے باعث بھی عوام کو  بجلی کی فراہمی میں  تعطل کا سامنا ہے،کیبل فالٹس اور تکنیکی خرابی کے نام پر لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    کے الیکٹرک کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں90 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سٹی ریلوے کالونی، ہمپ یارڈ،ہجرت کالونی،ملیر، سعود آباد، یوسف گوٹھ، کلفٹن، ڈیفنس، پنجاب کالونی میں بھی بجلی بند ہے۔

    اس کے علاوہ بوٹ بیسن ،اولڈسٹی ایریا،کھارادر،لیاری کے مختلف علاقوں سمیت ایم اےجناح روڈ، ڈیفنس،سائٹ کے مختلف علاقوں میں بھی 5روزسے بجلی بند ہے، میٹروول، ماری پوڑ، اورنگی، گلبرگ اور لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں تاحال بجکی کی فراہمی معطل ہے۔

    بجلی بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب کراچی کی گلیاں سیوریج کا ناکارہ نظام ہونے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔

  • کراچی کے کئی علاقے بارش کے تیسرے روز بھی بجلی سے محروم

    کراچی کے کئی علاقے بارش کے تیسرے روز بھی بجلی سے محروم

    کراچی ؛ شہر قائد میں جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں سے بجلی آج بھی غائب ہے تو کئی جگہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل دورانیے کی بندش شہریوں کیلئے دہرا عذاب بن گئی ہے اور وہ غم و غصے کے عالم میں سراپا احتجاج ہیں۔

    اس حوالے سے کراچی کے علاقے صدر کے قریب اللہ والی کالونی کے مکینوں نے بجلی نہ ہونے پر احتجاجی مظاہرہ کیا، بچے اور اہل علاقہ کےالیکٹرک کی گاڑی کو روک کر اس پر سوار ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہونے تک گاڑی سے نہیں اتریں گے۔

    مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ48گھنٹوں سے زائد کا وقت ہوگیا لیکن ابھی بجلی نہیں آئی ہے۔ اس موقع پر موٹر سائیکل سوار افراد بھی کے الیکٹرک کی گاڑی کے ساتھ چلتے رہے۔

    کے الیکٹرک کی گاڑی پر مامور عملے کا کہنا تھا کہ 70فیصد بیسمنٹ ایریا میں برساتی پانی موجود ہے، پانی کی نکاسی کے بعد مرحلہ وار بجلی بحال کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پانی کی موجودگی میں بجلی کی بحالی نقصان دہ ہوسکتی ہے، لہٰذا شہری صورتحال کی نزاکت سمجھیں اور عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

    علاوہ ازیں شہر کے بیشتر علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، محمود آباد سیکٹر اے، کورنگی کراسنگ، لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے جبکہ شادمان ٹاؤن، جمشید روڈ، فاطمہ جناح کالونی اور ناگن چورنگی کے اطراف کی آبادیوں میں کئی گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کے بعد پانی کی سطح کم ہونے کے ساتھ ہی بجلی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اشفاق کالونی کیماڑی، حنیف آباد اورنگی ٹاؤن، کورنگی سیکٹر بی51اور سی میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ، مجاہد کالونی، کلفٹن بلاک 5، ڈی ایچ اے فیز2، 5، 8 میں بجلی بحال کردی گئی،اس کے علاوہ لانڈھی کے متعدد علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے ساتھ ساتھ بجلی بحالی کا کام بھی جاری ہے، فوج اور دیگراداروں کے نکاسی آب سے متعلق اقدامات پر شکر گزار ہیں۔