Tag: load shedding

  • کراچی: لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے، جلاؤ گھیراؤ، مقدمہ درج

    کراچی: لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے، جلاؤ گھیراؤ، مقدمہ درج

    کراچی: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ گزشتہ روز غریب آباد بجلی کے بریک ڈاؤن کے خلاف ہونے والے مظاہرے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور سڑک بند کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

    لانڈھی اور گلستان جوہر میں مشتعل مظاہرین نے کے الیکٹرک کے دفاتر پر دھاوا بولا جس کے بعد عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ مشتعل مظاہرین نے شارع فیصل کو بھی بلاک کیا۔

    ناظم آباد، پاپوش نگر، چاندنی چوک، سندھی ہوٹل، لیاقت آباد، لسبیلہ سمیت مختلف میں علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کی اور کے الیکٹرک کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراویا۔

    دوسری جانب گزشتہ روزغریب آباد میں احتجاج کرنے پر 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمے میں اُن پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے جو کل جائے وقوعہ سے گرفتار ہوئے تھے۔مقدمے میں پچاس سے زائد نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں کارسرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملے کی دفعات شامل کی گئی ہے، گزشتہ روز غریب آباد پر ہونے والے مظاہرے میں پولیس پر پتھراؤ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے اے ایس آئی کے سر پر چوٹیں آئیں تھیں۔

  • لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کو متنبہ کر دیا ہے، خواجہ اظہار

    لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کو متنبہ کر دیا ہے، خواجہ اظہار

    کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو متنبہ کر دیا ہے کہ سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اگر عوام سڑکوں پر نکلے تو ایم کیو ایم ہر احتجاج کا حصہ ہوگی۔ کے الیکٹرک حکام نے صورتحال بہتر ہونے کے لیے پھر دو سے تین دن کا وقت دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بد ترین لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور دیگر امور پر ایم کیو ایم کے وفد نے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی قیادت میں کے الیکٹرک حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی شکایات ، لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو متنبہ کر دیا ہے اگر سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ بجلی کے بحران کا یہی عالم رہا تو ایم کیو ایم (پاکستان )بڑے مظا ہر ے کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔

    ہم شہریو ں کی تکلیف میں برابر کے شریک ہیں، فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے، کے الیکٹرک کا احتساب کریں گے۔

    ملاقات میں کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نے صورتحال بہتر ہونے میں مزید دو سے تین دن کی مہلت مانگ لی۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے وفاق سے بھی مطالبہ کیا کہ نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو زیادہ بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے، اگر کے الیکٹرک نے وعدے پورے نہ کیے تو خود ذمے دار ہوں گے۔

  • کراچی والے بدستور اندھیروں میں سحری کرنے پر مجبور

    کراچی والے بدستور اندھیروں میں سحری کرنے پر مجبور

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہونے والے بجلی کے بدترین بحران پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ دوسری سحری میں بھی کئی علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی، رمضان المبارک اور کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو امتحان میں ڈال دیا۔

    کراچی میں کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لینے والا کوئی نہیں۔ دوسری سحری میں بھی کئی علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن

    ملیر اور گلشن اقبال کے متعدد علاقوں میں بجلی غائب رہی۔ ایف بی ایریا، ناظم آباد اور لیاقت آباد بھی اندھیرے ڈوبے رہے۔ صدر اور لیاری کے علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو نڈھال کردیا۔

    کورنگی، کلفٹن، محمود آباد اور گزری میں بھی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہر بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی بھی شدید قلت ہوگئی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پورا شہر متاثر، تاجروں‌ کا کے الیکٹرک کو الٹی میٹم

    کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پورا شہر متاثر، تاجروں‌ کا کے الیکٹرک کو الٹی میٹم

     

    کراچی: شہر قائد میں بجلی کا بحران مزید بڑھ گیا، بائیس دنوں میں چھٹا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس سے پورا کراچی متاثر ہے، کئی علاقوں میں 4 تا 5 گھنٹے سے بجلی بند ہے، صنعتی علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی، تاجروں نے دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔

    اطلاعات کے مطابق شہر بھی میں شیڈول یعنی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے، کئی علاقوں میں چار سے پانچ گھنٹے گزرنے کے بعد بھی شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پرنہ آسکی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق رمضان سے قبل یہ ایک اور بریک ڈائون ہوا ہے جو کہ گزشتہ 22 دنوں میں چھٹا بڑا بریک ڈاؤن ہے، اس بریک ڈاؤن سے کراچی کا سو فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔

    نمائندے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں،  گلستان جوہر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، ناظم آباد،نیو کراچی،اورنگی،کورنگی، کیماڑی کلفٹن،ماڑی پور،سعود آباد،شاہ فیصل سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔

    فالٹ دور کرنے میں دو سے  تین دن لگ سکتے ہیں، کے الیکٹرک

    دوسری جانب کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی کا پول گرنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، مرمتی کام میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں، فالٹ دور کرنے کے لیے کام جاری ہے، ٹیم واپڈا سے رابطے میں ہے جیسے ہی مسئلہ حل ہو بجلی بحال ہوجائے گی۔

    ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں  ہورہی، وزارت پانی و بجلی

    دوسری جانب ترجمان وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں  کی جارہی، بڑے شہروں میں4،چھوٹے شہروں اور دیہات میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوری ہے۔

    بجلی کا شارٹ فال 2802 میگا واٹ رہ گیا ہے، بجلی کی طلب 18728  اور پیداوار 15926 میگا واٹ ہے۔

    تاجر نے کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے کی دھمکی دے دی

    غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کراچی تاجر اتحاد نے کے الیکٹرک کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا۔

    تاجر رہنما عتیق میر نے کہا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں کے الیکٹرک نے قبلہ درست نہ کیا تو دھرنا دیا جائے گا اور وہ دھرنا ان کے دفتر کے باہر ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث تاجروں کو 2 ارب روپے کا انقصان ہوا،  خریدار مارکیٹوں سے واپس جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ بجلی کا بہت بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس میں ساٹھ فیصد مارکیٹیں بجلی سے محروم ہیں جب کہ شدید گرمی میں بجل کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کو بے حال کردیا۔

    جب چاہا بجلی بند کردی، کام کیسے ہوگا،بیزار آگئے، شہریوں کا رد عمل

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ لو ڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں، جب چاہا بجلی بند کردی، ایک گھنٹہ بجلی آتی اور ایک گھنٹہ جاتی ہے، ہم حکومت سے بیزار آگئے۔


    ایک دکان دار نے کہا کہ لائٹ ہوگی تو کام ہوگا، دوسرے نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں، لائٹ جانے سے عاجز آچکے۔(دیکھیں ویڈیو)

    بجلی کی لوڈ شیڈنگ صرف کراچی کا مسئلہ نہیں ہے، ملک بھر کے چاروں صوبوں کے تمام شہروں اور گاؤں دیہات میں بھی صورتحال اسی طرح ہے، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ دھڑلے سے جاری ہے جسے فالٹ کا نام دے دیا جاتا ہے۔

  • کراچی میں رواں ماہ کا چوتھا بڑا بریک ڈاؤن

    کراچی میں رواں ماہ کا چوتھا بڑا بریک ڈاؤن

    کراچی: کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی عروج پرہے‘ روشنیوں کاشہرکراچی ایک مرتبہ پھراندھیرے میں ڈوب گیا‘ کمپنی انتظامیہ نے سسٹم میں فنی خرابی کو بریک ڈاون کاسبب بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غفلت کے سبب گزشتہ روز بھی آدھاشہراندھیرے میں ڈوب گیاتھا۔ گلستان جوہر،صفورا گوٹھ، لیاقت آباد، ملیر، ناظم آباد اورگلشن اقبال میں کئی گھنٹے بجلی غائب رہی۔

    علاوہ ازیں شادمان ٹاؤن اورنیوکراچی کےعلاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے تک معطل رہی جبکہ شاہ فیصل گرڈاسٹیشن میں پیداہونےوالی فنی خرابی کوپندرہ گھنٹےبعد بھی دورنہیں کیاجا سکا۔

    کے الیکٹرک انتظامیہ نے ہمیشہ کی طرح اس باربھی سارا ملبہ تکنیکی خرابی پرڈال دیا‘ ان کا موقف تھا کہ فالٹ دور کیا جارہا ہے اور جلد ہی صورتحال پر قابو پا لیا جائے گا۔ حقائق کے برعکس ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معمول سے ہٹ کر کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی۔

    خیال رہے کہ بریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ شہرکےمختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھتاہی جارہاہے اورصورتِ حال تاحال کسی بھی قسم کی بہتری کی جانب گامزن نظر نہیں آرہی۔


    کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا ختم


     یاد رہےکہ رواں ماہ کے اوائل میں جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی من مانیوں کے خلاف گورنرہاؤس پر 4 روزہ احتجاجی دھرنا دیا تھا جس کے بعد گورنر سندھ نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے معاملات طے کرنے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    اس موقع پر جماعت کے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اگر شکایات کا ازالہ نہ ہوا اور 15 دن میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 17 مئی کو دوبارہ گورنر ہاؤس کا رخ کریں گے۔

  • لوڈ شیڈنگ: ایم این اے عائشہ گلالئی کا گدھا گاڑی پر احتجاج

    لوڈ شیڈنگ: ایم این اے عائشہ گلالئی کا گدھا گاڑی پر احتجاج

    پشاور: بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے وفاقی حکومت کے خلاف گدھا گاڑی پر ریلی نکالی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ عدنان طارق کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلالئی نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر وفاقی حکومت کے خلاف گدھا گاڑی پر احتجاج کیا۔


    نکالی گئی احتجاجی ریلی میں وہ گدھا گاڑی پر سوار ہوئیں اور یہ ریلی ڈسکوری چوک سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا پشاور پریس کلب پر ختم ہوا۔
    عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ وہ کل صبح نو بجے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بڑا احتجاج کریں گی اور واپڈا ہاؤس کا گھیراؤ کریں گی۔

  • شب برات میں لوڈشیڈنگ : کےالیکٹرک نے وزیراعلیٰ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

    شب برات میں لوڈشیڈنگ : کےالیکٹرک نے وزیراعلیٰ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

    کراچی : شب برات کے موقع پر شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بدستور جاری ہے ، کےالیکٹرک حکام نے وزیر اعلیٰ سندھ کا آج کی رات بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا حکم ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہےاور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا ہے جس سے عوام کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا ہے۔

    شب برات کے موقع پر بھی شہریوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنےکی ہدایت کی تھی جس کا کے الیکٹرک انتظامیہ کوئی نوٹس نہیں لیا اور حسب سابق لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شہر کے بیشتر علاقوں میں تاحال جاری ہے۔

    شب برات پر عوام موم بتیاں لے کرقبروں پرحاضری دینے پر مجبور ہیں، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہر بیشترعلاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔

    اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، کورنگی، گلشن، کیماڑی اولڈ سٹی ایریا سمیت ایئرپورٹ کے اطراف مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، بلدیہ نمبر9میں 3گھنٹےسےبجلی بند ہے، جبکہ جیل روڈ پربھی صبح 8 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ شب برات پربھی وفاقی حکومت لوڈ شیڈنگ روک نہیں سکی، لوڈشیڈنگ کی آڑمیں پانی چوری کیاجارہاہے، سندھ میں20گھنٹےتک لوڈشیڈنگ ظلم کی انتہاہے۔

  • عوام لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بتائیں کہ کوئی بہتری آئی، مریم نواز

    عوام لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بتائیں کہ کوئی بہتری آئی، مریم نواز

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بتائیں کہ کوئی بہتری آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں کہا کہ عوام لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بتائیں کہ کوئی بہتری آئی ہے، کتنے گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، ضلع اور نام کے ساتھ بتائیں۔


    مزید پڑھیں : لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنی ہے تو ٹوئٹر کا استعمال سیکھیں، مریم نواز


    یاد رہے اس سے قبل بھی وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ٹوئیٹر پر مہم شروع کی، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا تھا کہ جہاں زیادہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو ٹوئٹر پر آگاہ کریں۔

    مریم نواز نے عوام سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات مانگی تھی اور کہا تھا کہ اپنے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انھیں آگاہ کریں، شکایت کنندہ اپنے شہر اور ضلع کا نام بھی ضرور لکھیں۔

    جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بعد عوام نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر حکمرانوں کواپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خوب پوسٹنگ کی جارہی ہے ’’مریم لائٹ چلی گئی‘‘ #MaryamLightChaliGai سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    واضح رہے کہ ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہوگیا ہے اوربجلی کا شارٹ فال تجاوز کرتے ہوئے تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

  • بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، وزیراعظم کا اظہار برہمی

    بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، وزیراعظم کا اظہار برہمی

    اسلام آباد : ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پہلے کی طرح بدستورجاری ہے، بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا، لوگوں نے جگہ جگہ احتجاج شروع کردیا، وزارت پانی و بجلی کی نااہلی پر وزیراعظم بھی ناراض ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز لیگ کی حکومت کو چار سال ہو گئے لیکن اقتدار سے قبل حکمرانوں کی جانب سے کیے گئے بڑے بڑے وعدے اور دعوے آج بھی عوام کو منہ چڑ ارہے ہیں۔

    ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتیں اگلے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز بھی کرنے والی ہیں لیکن بجلی کا بحران مبینہ طور پر آج بھی وہیں کھڑا ہے جہاں آج سے پانچ سال پہلے تھا، ذرائع کے مطاق ملک بھرمیں بجلی کا مجموعی شارٹ فال7ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے، بجلی کی طلب 20ہزار میگا واٹ ہے جبکہ اس کی پیداوار12 ہزار900 میگا واٹ تک ہے۔

    ملک کے بڑے شہروں میں 10 گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اوردیہات میں 16،16 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب میں اوورلوڈنگ کےباعث گرڈ اسٹیشن بند کئےجارہےہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ سے متعلق وضاحت دینے کو بھی تیار نہیں ہے۔ بجلی کی حالیہ صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف پانی و بجلی کے وزراء کی کارکردگی پر برہم ہوگئے۔ غصہ اہلکاروں پر نکالنے کیلئے کارروائی کا حکم دے دیا۔

    بجلی کا بحران : وزیراعظم کا وزراء پر اظہار برہمی 

    ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی کمی کے معاملے پر میٹنگ ہوئی تو وزیراعظم کی نظریں وزارت پانی و بجلی کے وزرا پر رہیں۔ متعلقہ محکموں کی کی جانب سے کوتاہی برتنے پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کردیا، مخالفین پر برق بن کر گرنے والے وزراء عوام کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

    اجلاس کے دوران ہر بات پر اپوزیشن کو لتاڑنے کیلئے تیار رہنے والے وزراء نواز لیگ پر تنقید کی وجہ بننے والے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پرتسلی بخش جواب نہ دے سکے، میٹنگ کے دوران گرمی کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ قرار دینے پر وزیراعظم نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر وزارت پانی و بجلی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی کہ بروقت منصوبہ بندی نہ ہونے پراہلکاروں پرذمہ داری عائد کی جائے، اگرچہ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی لیکن یقیناً وزیراعظم اپنے وزرا سے یہی کہہ رہے ہوں گے کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

    ملک بھر کے شہروں میں مشتعل عوام سڑکوں پر

    ملک کے مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقے میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث مشتعل عوام سڑکوں پر آگئے۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان سرگودھا، پشاور اور دیگر شہروں و مضافات میں لوگوں کا سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے برا حال ہے۔

    لاہور میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار شہباز شریف کے حلقے میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، حکمرانوں کے شہر میں لوڈشیڈنگ کے باعث لاہور کے شہری شدید پریشان ہیں، لوڈشیڈنگ سے ستائے لاہوریوں نے ٹائر نذر آتش کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کئی کئی گھنٹے نہیں آتی، اگر آبھی جائے تو ہرگھنٹے بعد چلی جاتی ہے۔

    فیصل آباد میں عابد شیر علی کےحلقے میں بھی شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا، عابد شیر علی کا اپنا حلقہ بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے۔

    سرگودھا میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کا پارہ ہائی کر رکھا ہے، چارسدہ میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے واپڈا کا علامتی جنازہ نکالااور سڑکوں پرمارچ کیا۔

    گوجرانوالہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ 12گھنٹے سےتجاوز کرگیا، شدید گرمی میں بجلی کی بندش سےشہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

    راولپنڈی میں گرمی کی شدت اورشارٹ فال بڑھنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، راولپنڈی شہر اور ملحقہ علاقوں میں10سے12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، صادق آباد، اقبال ٹاؤن، ڈھوک رتہ، گلستان کالونی، چکلالہ اسکیم3، ولایت ہومز، پشاور روڈ لائن نمبر4 میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    ملتان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف نواں شہرچوک پرتحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے شارٹ فال مزید بڑھا دیا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو نے پر شہبازشریف اپنا نام تبدیل کریں۔

    سکھرمیں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر ی رل گئے۔ سول اسپتال کے ہیٹ اسٹروک سینٹر میں مریض ہاتھ سے پنکھا جھلنے پر مجبور ہیں کوئی پرسان حال نہیں، ملک بھر میں بڑھتی لوڈشیڈنگ کیخلاف ملک کی دوسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے بھی سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    کراچی میں کےالیکٹرک کےخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا آج ہوگا، یہ دھرنا شفیق موڑ پر کےالیکٹرک کے دفترکے باہردیا جائے گا، دھرنےسےجماعت اسلامی کراچی کےامیرحافظ نعیم الرحمان خطاب کرینگے۔

  • لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنی ہے تو ٹوئٹر کا استعمال سیکھیں، مریم نواز

    لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنی ہے تو ٹوئٹر کا استعمال سیکھیں، مریم نواز

    لاہور: وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ٹوئیٹر پر مہم شروع کردی ہے، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا کہ جہاں زیادہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو ٹوئٹر پر آگاہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنی ہے تو ٹوئٹر کا استعمال سیکھیں۔

    مریم نواز نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات مانگ لیں اور عوام سے کہا ہے کہ اپنے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انھیں آگاہ کریں، شکایت کنندہ اپنے شہر اور ضلع کا نام بھی ضرور لکھیں۔

    عوام کا ردِ عمل 

    دوسری جانب مریم نواز کے سوال پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ، عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کے دعووں کے برعکس ان کے علاقوں میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہوگیا ہے اوربجلی کا شارٹ فال تجاوز کرتے ہوئے تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے ۔