Tag: load shedding

  • ارکان پارلیمنٹ نے سحرو افطار میں‌ لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا وعدہ جھوٹا قرار دیدیا

    ارکان پارلیمنٹ نے سحرو افطار میں‌ لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا وعدہ جھوٹا قرار دیدیا

    اسلام آباد:اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کی جانب سے سحرو افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے وعدے کو دھوکا قرار دیتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ماہ رمضان میں عوام کی بھلائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

    ماہ رمضان میں سحرو افطار میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی رکن عائشہ کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں 14 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے جب کہ دیہات میں 16تا 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، عوام تکلیف سے تڑپ رہے ہیں۔
    پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی رحمن ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوشش کرنی چاہیئے کہ وہ بجلی کی پیداوار میں جتنا اضافہ کرسکتی ہے کرے،رمضان المبارک میں تھوڑا سا صنعتی علاقوں کا نقصان کرکے شہریوں کی بجلی بڑھا دی جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ نے انتخابات جیتنے کے لیے جھوٹ بولا، ن لیگ نے انتخابات سے قبل جتنے وعدے کیے سارے جھوٹ ثابت ہوئے اور لوڈ شیڈنگ ان میں سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے کبھی سچ بولا ہے؟ جس دن انہوں نے سچ بولاوہ ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔

    جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ جس طرح حکومت کے تمام وعدے جھوٹے ہیں اسی طرح یہ بھی ایک اور جھوٹ کا اضافہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    ارکان پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ حکومت کم از کم سحرو افطار میں بجلی فراہم کرنے کے اپنے وعدے پر تو عمل کرے۔
    دوسری جانب ن لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں بہت سارے علاقے ایسے ہیں جہاں لوگ کنڈے لگاتے ہیں اور بل کی ادائیگی نہیں کرتے ممکن ہے ایسے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہوئی ہے۔

  • کراچی: بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان، لیاقت آباد میں احتجاج

    کراچی: بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان، لیاقت آباد میں احتجاج

    ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سحر و افطار میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے،لیاقت آباد کے شہری احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے، ٹائر جلا کر ٹریفک کی روانی معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھی سحرو افطار سمیت دیگر اوقات میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری ہے، کے الیکٹرک نے وزیراعظم نواز شریف کے احکامات کو یکسر نظر انداز کردیا۔

    لیاقت آباد ایف سی ایریا میں بجلی کی طویل بندش پر مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔مظاہرین نے لیاقت آباد پل پر بھی ٹائر جلائے اور وہاں بھی ٹریفک کی روانی بند کردی۔

    مکینوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ کے سبب پانی بھی ختم ہوگیا، انہیں نمازوں کی ادائیگی کے لیے وضو کا پانی بھی نہیں مل پا رہا، روزے اور شدید گرمی میں بجلی کے طویل تعطل سے حالت بری ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ سحری سے قبل اور روزے سے قبل بھی بجلی بند کردی گئی۔ 

    دریں اثنا ابوالحسن اصفہانی روڈ کے علاقہ مکین کم وولٹیج کے سبب پریشان ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، حکومت بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔

  • رمضان کی پہلی سحری،کئی شہروں میں بجلی غائب،شہری پریشان

    رمضان کی پہلی سحری،کئی شہروں میں بجلی غائب،شہری پریشان

    اسلام آباد: بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے وزیراعظم کے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے احکامات کو ہوا میں اڑادیا۔

    رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں روزے داروں نے اندھیرے میں سحر کا اہتمام کیا، تقسیم کار کمپنیوں کو احکامات جاری کیے گئے تھے کہ رمضان المبارک میں سحراورافطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ابوالحسن اصفہانی روڈ، فیڈرل بی ایریا،ملیر، شاہ فیصل کالونی سمیت مختلف علاقے بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوبے رہے جہاں شہریوں نے شدید مشکلات میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کی۔

    دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی یہی حال رہا ، فیصل آباد میں اولڈ تھرمل گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کے باعث پانچ فیڈر کو بجلی فراہمی متاثر ہوئی، متاثرہ فیڈرز میں منصورآباد، گلستان کالونی، ہجویری پارک، اسلامیہ پارک اورڈی ایچ کیو شامل رہے۔

    گجرات، میانوالی، بورے والا، پیرمحل، حویلی لکھا، ٹھٹھہ، کشمور اور کوہلو کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

  • وزیراعظم کی وزارت پانی وبجلی کو سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی وزارت پانی وبجلی کو سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت دی کہ عوام کو سحرو افطار میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، سحرو افطار میں شہروں اور دیہات میں یکساں طور پر بجلی فراہم کی جائے، ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم آفس کو کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے اوقات سختی سے مانیٹر کرے۔

    رمضان کی آمد پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام وطن عزیز کی بہتری کے لیے ماہ رمضان میں خصوصی دعائیں کریں، میرا دل وطن اور اہلِ وطن کے لیے دھڑکتا ہے، انشاء اللہ بہت جلد اپنے عوام کے درمیان ہوں گا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ عوام دعا کریں کہ وطن ہرقسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے، اللہ کےفضل اور اہل وطن کی دعاؤں سے صحت یاب ہورہا ہوں۔

    دوسری جانب رمضان المبارک کے لیے واپڈا کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا،دیہاتی علاقوں میں 14 گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔

  • رمضان المبارک کے دوران صنعتوں کے لیے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    رمضان المبارک کے دوران صنعتوں کے لیے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی نےملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران صنعتوں کےلیے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول ترتیب دے دیا جس کا نوٹیفیکیش جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیکشن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران انڈسٹری کو روزانہ دس گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا، موسم گرما میں ماہ رمضان کے باعث گھریلو صارفین کو ترجیح دیتے ہوئے افطاری سے ایک گھنٹہ قبل انڈسٹری کی بجلی بند ہوگی ، جو سحری کے بعد بحال کی جائے گی۔

    دوسری جانب سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کی کے الیکٹرک حکام سے نجی ہوٹل میں ملاقات کی، خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ میں مسائل کے حل کی جماعت ہے ،حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان خفیہ محبت کا معائدہ منظر عام پر آنا چاہئے۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو رمضانوں میں افطار اور سحر کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا ہے ،انھوں نے کہا کہ اسپتالوں اور اسکولو ں میں بھی کے الیکٹرک پالیسی بنائے اور لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کریں۔

    انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر حکومت نے نہ ہی کوئی اقدامات اٹھائے اور نہ ہی وزیروں کے کانوں پر جوں رینگی ، انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے ووٹروں کی داد رسی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا ڈرامہ بن ہونا چاہئے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت کی جانب سے کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔

  • کراچی سیمت سندھ بھر میں سی این جی کی بندش ختم

    کراچی سیمت سندھ بھر میں سی این جی کی بندش ختم

    کراچی : شہر قائد سیمت سندھ بھر کے شہریوں کیلئے خوش خبری آگئی اب پورا ہفتہ سی این جی کی فراہمی جاری رہے گی ۔

    ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کیلئےسی این جی کی بندش ختم کردی گئی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو نعمت بسل فیلڈ سے اضافی گیس ملنے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف گیس فیلڈز کی مینٹیننس یا سپلائی کم ہونے پر سی این جی بندکی جائے گی، بصورت دیگر سی این جی اسٹیشنز پر پورا ہفتہ گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔

  • بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2018 تک بھی ختم نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف

    بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2018 تک بھی ختم نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا ختم ہونا2018میں بھی ممکن نہیں۔ یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب میں بتائی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں دیئے گئے بیان میں وفاقی وزیر پانی و بجلی نے وزیراعظم کے اعلانات کا پول کھول دیا.

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خود مختار کمپنی سو فیصد بجلی پیدا نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں لوڈ شیدنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جبکہ صنعتی علاقوں میں لوڈ شیدنگ نہیں ہورہی۔

    انہوں نے بجلی بحران 2018 ء تک ختم کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بالکل ناممکن نظر آرہا ہے کہ حکومت 2018 ء تک بجلی بحران پر قابو پالے گی۔

    یاد رہے کہ بجلی اور گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیں، پانی بھی بجلی آنے پر ملتا ہے حکو مت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں نا کام ہو چکی ہےایسے میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے ایک اور بم گرا دیا۔

  • سندھ بھرمیں سی این جی کا شیڈول تبدیل

    سندھ بھرمیں سی این جی کا شیڈول تبدیل

    کراچی: شہرقائد سمیت سندھ بھرمیں ایک بارپھرسی این جی کی بندش کٓا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے سندھ بھرمیں سی این جی اسٹیشنز منگل دس نومبر، جمعرات بارہ نومبراورہفتہ چودہ نومبر کو چوبیس گھنٹے کےلئے بند ہوں گے۔

    اس سے پہلے سندھ میں پہلے سی این جی اسٹیشنز پیر،بدھ اور جمعے کو چوبیس گھنٹے کیلئے بند کئے جاتے تھے۔

    سی این جی کی بندش کے شیڈول میں اچانک تبدیلی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا ہوتا نظرآرہا ہے، وزیراعظم

    لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا ہوتا نظرآرہا ہے، وزیراعظم

    جھنگ: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پرویز مشرف کے دور سے ہورہی ہے لیکن ہماری حکومت کی کاوشوں کے بعد لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا ہوتا نظرآرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جھنگ کے علاقے حویلی بہادر شاہ میں گیس پائپ لائن منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی قلت ہے جس پر 2017یا 2018 تک قابو پالیا جائے گا، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ 10 سال قبل حل ہوجانا چاہیئے تھا لیکن اس کا آغاز آج ہورہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف کے زمانے سے ملک میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور2018 میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہونا بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہ ترقیاتی منصوبوں کومکمل کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں کہ حکومت ڈیلیور نہیں کرتی، ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے لگنا ڈیلیور نہیں تو کیا ہے، کارکردگی پرتنقید کرنے والے دیکھیں ملک میں امن بحال ہورہاہے، گرد و غبار اڑانے والے آج بھی موجود ہیں وہ گرد اڑاتے رہیں گے اور ہم منزل تک پہنچیں گے۔
    وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے اورعوام دیکھیں گے کہ خدمت سے پاکستان کا نقشہ بدلے گا، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک پیسے کو قوم کی امانت سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت نے 93 ارب روپے کے منصوبے کو 55 ارب روپے میں لگایا، یہی نہیں تین منصوبوں پر مجموعی طور پر 110 ارب روپے کی بچت کی ہے۔

  • کراچی میں ماہِ رمضان کے دوران تیسرا بریک ڈاؤن

    کراچی میں ماہِ رمضان کے دوران تیسرا بریک ڈاؤن

    کراچی: کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت کے سبب ماہِ رمضان میں بجلی کا تیسرابریک ڈاؤن ، شہر کےبیشتر علاقو ں کو رات دس بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث شہر کے بیشترعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    ملیر،شاہ فیصل کالونی،لیاقت آباد ،بفرزون ،نیوکراچی اور لانڈھی کورنگی سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کواذیت کا سامناہے۔

    پیری ،دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنزپر بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں سے معطل ہونےکے باعث شہرکو پانچ کروڑ سے زائد گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پیری آئی سی آئی کی دوسوبیس کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے کے سبب دس گرڈاسٹیشنز متاثر ہوئے۔

    ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ہوا میں نمی کے باعث ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔

    لوڈشیڈنگ کے سبب ماہ رمضان میں اعتکاف میں بیٹھنے والے معتکفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔