Tag: loan

  • رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی میں حکومت کتنے ہزار ارب قرضہ لے گی؟

    رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی میں حکومت کتنے ہزار ارب قرضہ لے گی؟

    اسلام آباد: حکومت نے مالی سال 2023-24 کی آخری سہ ماہی میں بینکوں سے قرضہ لینے کا پلان ترتیب دے دیا ہے، رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی میں حکومت بینکوں سے تقریباً 5 ہزار ارب روپے قرضہ لے گی۔

    اسٹیٹ بینک نے اپریل تا جون 2024 تک ٹی بلز اور بانڈز کی نیلامی کا شیڈول جاری کر دیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کمرشل بینکوں کو ٹی بلز اور انویسٹمنٹ بانڈز فروخت کر کے بجٹ خساہ پورا کرے گی، اپریل سے جون 2024 تک حکومت 4965 ارب روپے کے ٹی بلز اور بانڈز فروخت کرے گی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل تا جون 2490 ارب روپے کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز فروخت کیے جائیں گے، اور حکومت اپریل سے جون ٹی بلز کی نیلامی سے 2475 ارب روپے کا قرضہ لے گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مقامی قرضے مسلسل بڑھ رہے ہیں، رواں مالی سال کے 8 ماہ پاکستان کے قرضے 6.51 فی صد اضافے سے 64805 ارب روپے ہو چکے ہیں، فروری 2023 کے مقابلے فروری 2024 میں پاکستانی قرض میں 19 فی صد اضافہ ہوا، اور قرض اس دواران 64806 ارب ہو چکا ہے، وفاقی حکومت کے قرضوں میں اضافے سے صرف فروری میں 19 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

    رواں مالی سال 8 ماہ میں حکومت کے مقامی قرضے 10 فی صد بڑھ کر 42671 ارب روپے ہو گئے، اور پاکستان کے بیرونی قرضے 9 فی صد اضافے سے 22134 ارب روپے ہو چکے ہیں۔

  • بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    کوئٹہ: عالمی بینک کی جانب سے صوبہ بلوچستان کو 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی ہے جو سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ورلڈ بینک کی جانب سے بلوچستان کو آسان شرائط پر 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی۔

    مذکورہ قرض کی پیشکش صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی کے لیے کی گئی۔

    عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عالمی بینک نے بحالی اور تعمیر نو کے لیے معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل محدود جبکہ تباہی لا محدود ہے، پہلے دن طے کیا تھا قرض بھی لینا پڑا تو گریز نہیں کریں گے مگر ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔

  • ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ بینک نے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دے گا۔

    اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور، شیخو پورہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سسٹم نصب ہوں گے، صوبے میں 30 مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15 مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں 25 الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، ماحولیاتی بہتری کے لیے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 6 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین فنانسنگ اسٹریٹجی تشکیل دی جارہی ہے، ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے آلات کی انسپکشن بھی شامل کی جائے گی۔ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6 انڈسٹریز کو آسان قرضے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • موجودہ حکومت نے تین ماہ میں کتنا قرضہ لیا؟ رپورٹ جاری

    موجودہ حکومت نے تین ماہ میں کتنا قرضہ لیا؟ رپورٹ جاری

    اسلام آباد : اقتصادی امور ڈویژن نے موجودہ دور حکومت کے تین ماہ میں لیے گئے قرضوں سے متعلق مکمل رپورٹ جاری کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالیاتی بحران سے دوچار پاکستان پر ملکی و غیر ملکی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا جارہا ہے، اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال جولائی سے ستمبر تک مجموعی طور پر دوارب23کروڑ ڈالر قرض لیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت جولائی تا ستمبر68کروڑ23لاکھ ڈالرقرض لیا گیا، دو طرفہ معاہدوں کے تحت جولائی سے ستمبر38 کروڑ59 لاکھ ڈالرقرض لیا گیا۔

    رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئی ایم ایف سے1ارب16کروڑ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے11کروڑ ڈالر اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) سے41کروڑ69لاکھ ڈالر قرض لیا گیا۔

    اقتصادی امور کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک سے1کروڑ15لاکھ ڈالر قرض لیا گیا، سعودی عرب سے آئل سہولت کی مد میں30کروڑ ڈالر ملے۔

    چین سے5کروڑ49لاکھ ڈالر اور فرانس سے44لاکھ ڈالرکا قرض ملا، جولائی سے ستمبر میں مجموعی طور پر دو کروڑ89لاکھ ڈالر کی گرانٹس بھی ملیں۔

  • آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی رقم میں اضافہ

    آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی رقم میں اضافہ

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے قرض پروگرام بحال کرتے ہوئے قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض پروگرام کا حجم بڑھا دیا ہے، قرض کی میعاد بھی جون 2023 تک بڑھا دی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق قرض کا حجم 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ارب ڈالر کیا گیا۔

    رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.5 فی صد رہنے، ملک میں بے روزگاری 6 فی صد تک رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال کے دوران حکومتی اخراجات جی ڈی پی کا 17.1 فی صد ہو سکتے ہیں۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر 16 ارب 22 کروڑ تک ہو سکتے ہیں، اور مہنگائی کی شرح 19.9 فی صد تک رہ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی ہے، ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کرتے ہوئے 1.17 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی، یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔

  • حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی بھاری اقساط ادا کردیں

    حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی بھاری اقساط ادا کردیں

    کراچی: حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی 497 ملین ڈالر کی اقساط ادا کردیں، ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 15.176 بلین ڈالر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے 497 ملین ڈالر قرضوں کی اقساط ادا کردیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر 497 ملین ڈالر کم ہو کر 9.226 بلین ڈالر رہ گئے۔ کمرشل بینکوں کے زر مبادلہ ذخائر 98 ملین ڈالر کم ہو کر 5.950 بلین ڈالر رہ گئے۔

    ملک میں 3 جون تک زر مبادلہ کے ذخائر 594.9 ملین ڈالر کم ہو کر 15.176 بلین ڈالر رہ گئے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کا قرضہ روکنے کا انکشاف

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کا قرضہ روکنے کا انکشاف

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان سنگل ونڈو کیلئے قرض روکنے کا انکشاف سامنے آیا ، حکام نے بتایا کہ ایف بی آر نے دوسرے پراجیکٹ کی فنڈنگ پاکستان سنگل ونڈو کیلئے استعمال کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ خزانہ کمیٹی کا اجلاس امجد نیازی کی زیر صدارت ہوا، جس میں حکام نے انکشاف کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سنگل ونڈو کیلئے 5کروڑڈالرکا قرض نہیں دیا، اے ڈی بی کے تعاون سے پراجیکٹ شروع کیا جانا تھا۔

    سنگل ونڈو حکام نے بتایا کہ اےڈی بی سےقرض کی فراہمی کیلئےبات چیت جاری ہے، جس کے بعد اے ڈی بی سے 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی رقم ملے گی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان سنگل ونڈوکےتحت77قومی ادارےعالمی اداروں سےمنسلک ہیں، ایف بی آر نے دوسرے پراجیکٹ کی فنڈنگ پاکستان سنگل ونڈو کیلئے استعمال کی۔

    چیئرمین ایف بی آر اشفاق احمد نے کہا پاکستان سنگل ونڈوانتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، ٹریڈ انفارمیشن منصوبے کی فنڈنگ سنگل ونڈوکیلئےاستعمال کی، 11ارب لاگت کاپاکستان سنگل ونڈومنصوبہ2023میں مکمل ہو گا۔

  • فیس بک سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کرنا ممکن

    فیس بک سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کرنا ممکن

    سوشل سائٹ فیس بک نے اسمال بزنس لون انیشی ایٹو کا آغاز کیا ہے، جس کے لیے اس نے انڈفی نامی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

    فیس بک نے پہلے صرف 200 شہروں میں یہ لون سروس شروع کی تھی اور اب اسے 329 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    قرضہ لینے کے لیے کوئی پروسیسنگ فیس بھی نہیں لی جاتی، جبکہ درخواست بھی آن لائن دینا ہوتی ہے۔ فیس بک یا میٹا خود قرض نہیں دیتی بلکہ یہ لون انڈفی کمپنی دیتی ہے۔

    اس سے آپ کو 2 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض مل سکتا ہے، قرض کے لیے کچھ بھی گروی رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن قرض پر 17 سے 20 فیصد سالانہ سود ادا کرنا ہوگا۔

    خواتین کاروباریوں کو شرح سود پر 0.2 فیصد کی رعایت ملے گی۔

    ایک بار جب قرض منظور ہو جائے گا تو صرف ایک دن میں تصدیق مل جائے گی، باقی کاغذات صرف 3 دن کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔

    فیس بک نے اس قرض کے لیے2 شرائط رکھی ہیں۔ پہلا یہ کہ اس کے لیے درخواست دینے والے کا کاروبار بھارت کے شہر میں اس کے سروس نیٹ ورک کے ساتھ ہونا چاہیئے۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ آپ میٹا یا فیس بک سے متعلق کسی بھی ایپ سے کم از کم پچھلے 6 ماہ سے جڑے ہوں اور اپنے کاروبار کی تشہیر کر رہے ہوں۔

    تیسری شرط یہ ہے کہ اس پروگرام کے تحت صرف چھوٹے کاروباریوں کو ہی قرض ملے گا۔

  • حکومت کا چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

    حکومت کا چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین سے 3 ارب، روس اور قازقستان سے 2 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 3 ارب ڈالر کا قرض زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے ملے گا، جبکہ قازقستان اور روس سے ملنے والے 2 ارب ڈالر ایم ایل ون پر خرچ ہوں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے قرض لینے کے لیے منصوبہ تیار کر لیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پائے گا، چین سے ملنے والے 3 ارب ڈالر کا ابتدائی معاہدہ ایک سال کے لیے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قازقستان اور روس سے 2 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

  • 2 ماہ میں پونے 4 سو ارب قرض حاصل کیا گیا

    2 ماہ میں پونے 4 سو ارب قرض حاصل کیا گیا

    اسلام آباد: اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے اگست تک پاکستان نے مختلف منصوبوں اور معاہدوں کے تحت 382 ارب سے زائد کا بیرونی قرض لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جولائی سے اگست تک پاکستان نے 382 ارب سے زائد کا بیرونی قرض لیا، 2 ماہ میں حکومتی غیر ملکی قرض 2.37 ارب ڈالر سے زائد رہا۔

    اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے کہ 2 ماہ میں بجٹ سپورٹ کی مد میں 58 ارب 76 کروڑ کا بیرونی قرض لیا گیا، 2 ماہ کے دوران بانڈز کے اجرا سے 165 ارب 92 کروڑ روپے موصول ہوئے۔

    اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق مختصر مدت کے لیے رواں جولائی سے اگست 67 ارب کا بیرونی قرض لیا گیا، جولائی سے اگست کے دوران مختلف منصوبوں کے لیے 87 ارب 68 کروڑ سے زائد بیرونی قرض لیا گیا۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ جولائی سے اگست کے دوران کثیر جہتی معاہدوں کے تحت 87 کروڑ 94 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، رواں مالی سال ابھی تک اے ڈی بی سے 28 کروڑ ڈالر قرض جاری کیا گیا، دو طرفہ معاہدوں کے تحت مختلف ممالک سے 9 کروڑ 19 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

    پاکستان نے بینکوں سے بھی 36 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا قرض لیا۔