Tag: LOC firing

  • بھارت کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ : پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب

    بھارت کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ : پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب

    راولپنڈی : بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو چُپ کرادیا۔

    اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے آج رات ایل او سی کے متعدد مقامات پر پوسٹوں پر فائرنگ کی، پاک فوج نے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا اور کیل سیکٹرز میں قائم پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی۔

    بھارت نے نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ کی، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہروقت تیار ہے۔

  • بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، 18 سالہ دوشیزہ شہید

    بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، 18 سالہ دوشیزہ شہید

    اسلام آباد: بھارت جنگی جنون میں اندھا ہوگیا، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 بچیوں سمیت 6 شہری زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک جنگ بندی معاہدے کی 1877 خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں، رواں سال بھارتی فائرنگ سے 6 خواتین اور 5 بچیوں سمیت 15 شہری شہید ہوئے۔

    بھارتی فائرنگ سے اب تک 46 خواتین اور 37 بچوں سمیت 144 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

    اس سے قبل بھارت نے 29 جولائی کو بھی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں اکھوڑی گاؤں کی 2 خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹس کو نشانہ بنایا۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، شہری شدید زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، شہری شدید زخمی

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایک بار پھر ایل اوسی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے، بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج کی ایل اوسی پر اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی کھوئی رٹہ سیکٹر پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جیجوٹ گاؤں کا ایک بے گناہ شہری شدید زخمی ہوگیا۔

    زخمی شہری کو فوری طور پر  قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کرشہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بارہا عالمی برادری کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بھارت کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے خلاف فالز فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 26 دسمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مارے تھے۔

  • بھارت کرونا وائرس کے باوجود اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے: وزیر خارجہ

    بھارت کرونا وائرس کے باوجود اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کرونا وائرس اور معاشی چیلنجز کے باوجود اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر تلا ہوا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کو اقلیتی ریاست میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا کی توجہ اپنی آبادیوں کے تحفظ پر ہے اور دنیا کرونا کا مقابلہ کر رہی ہیں، پوری دنیا اپنی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی رویہ آپ دیکھیں، 5 سال کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، سنہ 2016 کا موازنہ 2017 سے اور 2019 سے کریں سرحدی خلاف ورزیوں میں اضافہ دکھائی دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت کا سارک سربراہی اجلاس سے متعلق رویہ منفی رہا ہے، بھارت نے ہومی سائیڈ رولز میں تبدیلی کی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کو ایک اقلیتی اسٹیٹ میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، لاکھوں لوگوں کی دہلی سے نقل مکانی دیکھی گئی تھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں لاک ڈاؤن پر توجہ نہیں، دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، بھارت ایل او سی پر مسلسل خلاف ورزیاں کرتا چلا آرہا ہے۔ بھارت اس ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو موقع کی تلاش میں رہتے ہیں، بھارت میں اقلیت مخالف کارروائیاں مودی کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ہندو توا کے فلسفے پر گامزن ہے، اقوام متحدہ کو بھارتی اقلیت مخالف اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ جھوٹے دعوؤں پر بھارت کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ بھارت کرونا اور معاشی چیلنجز کے باوجود اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر تلا ہوا ہے۔

  • بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک

    بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین، 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہوگئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے جندروٹ، نکیال سیکٹر پر بھاری ہتھیار استعمال کیے جس کے نتیجے میں 2 خواتین، 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی شہریوں کو علاج کے لیے قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور بھارتی فوج کے میجر سمیت 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نقصان پہنچا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی

    واضح رہے کہ 4 فروری کو بھارتی فورسز نے لیپا ویلی میں ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت 2003 کے فائر بندی معاہدے کا احترام کرے۔

  • بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی

    بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی

    راولپنڈی: بھارتی فورسز نے ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز کی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فورسز نے لیپا ویلی میں ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 45 سالہ شہری زخمی

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوئے جن میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت 2003 کے فائر بندی معاہدے کا احترام کرے۔

    واضح رہے کہ یکم فروری کو بھارتی فوج نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 45 سالہ شخص زخمی ہوگیا تھا۔

  • گزشتہ برس بھارت نے ایل او سی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی: وزارت خارجہ

    گزشتہ برس بھارت نے ایل او سی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی: وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارت خارجہ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے اجلاس میں اپنی بریفنگ میں بتایا کہ سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین ساجد میر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ حکام نے کمیٹی کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    اپنی بریفنگ میں وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ بھارتی خلاف ورزیوں اور نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں، قیام پاکستان سے اب تک کے نقصانات کی رپورٹ کے لیے وقت درکار ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ چند سال سے خلاف ورزیاں بھارت کا معمول بن گئی ہیں، سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔ جارحیت پر بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر احتجاج کیا جاتا ہے۔

    وزارت خارجہ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ کشمیر کا معاملہ ٹھنڈا پڑ جانے کا تاثر درست نہیں۔

    سینیٹر صلاح الدین ترمذی نے دریافت کیا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ ملتان کےعلاوہ کن ممالک میں گئے؟ سابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ 5 اگست کے بعد 50 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں 54 وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

    ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا اب کشمیر کے معاملے پر آواز اٹھا رہا ہے۔ ان کیمرہ اجلاس میں کمیٹی کو زیادہ تفصیل سے آگاہ کر سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بہت سے ممالک مسئلہ کشمیر پر ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل افسوسناک ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔

    انہوں نے آزاد کشمیر کے کیمپوں کی حالت زار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے کیمپوں کے خود متعدد دورے کیے ہیں۔ وزارت خارجہ حکام کی جانب سے کہا گیا کہ کیمپوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے منصوبے جاری ہیں۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، 3 شہری زخمی، آئی ایس پی آر

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، 3 شہری زخمی، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، زخمی شہریوں کا تعلق ضلع بھمبر کے گاؤں مندیکا سے ہے۔

    واضح رہے کہ 20 اکتوبر کو بھارتی فوج کی ایل او سی پر جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا تھا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاکستان کا منہ توڑ جواب، 9 بھارتی فوجی ہلاک

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورکا کہنا تھا کہ اس جوابی کارروائی میں دو بھارتی بنکرز تباہ اور کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ بھارتی فائرنگ سے ایک جوان لانس نائیک زاہد اور 5 شہری شہید ہوگئے۔

    یاد رہے کہ 11 اکتوبر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل 10 اکتوبر کو بھارتی فوج نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی نعمت ولی شہید اور 2 خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں بچی سمیت دو شہری شہید ہوگئے، فائرنگ سے تین شہری زخمی اور تین گھر تباہ ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔

    بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں بچی سمیت دو شہری شہید ہوئے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے45سال کے عبدالجلیل اور تین سالہ نوشین شہید ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے3شہری زخمی ہوئے اور گولہ باری سے تین گھر تباہ ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل اوسی پر بلااشتعال گولہ باری، دو شہری شہید

    یاد رہے کہ اس سے قبل 15 اگست کو بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔

  • کنٹرول لائن پر شہید نائیک تنویر اورسپاہی رمضان  فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کنٹرول لائن پر شہید نائیک تنویر اورسپاہی رمضان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    لاہور: کنٹرول لائن پر شہید فوجی اہلکاروں نائیک تنویر اور سپاہی رمضان کو آبائی گاؤں میں فوجی اعزازکےساتھ سپردخاک کردیاگیا، شہید محمد تنویر کا تعلق جہانیاں جبکہ محمد رمضان کا تعلق محسن وال سےتھا۔

    تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے جہانیاں کے نائیک تنویراحمد کا جسد خاکی گزشتہ رات ایمبولینس کے ذریعے آبائی گاؤں پہنچا تو موٹرسائیکل اور کار پرسوارسینکڑوں افراد نے شہید کے جسد خاکی کا پرتپاک استقبال کیا اور فضا پاکستان زندہ باد اورپاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

    شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں اور جسد خاکی کو ریلی کی شکل میں گاؤں لیجایا گیا۔

    شہید نائیک تنویراحمد کی نمازجنازہ صبح ساڑھے آٹھ بجے ادا کی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی، جس کے بعد شہید نائیک تنویر کو مکمل فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    دوسری جانب محسن وال میں شہید سپاہی رمضان کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کی گئی ، جس میں سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعدادمیں شرکت کی ، جس کے بعد شہید سپاہی رمضان کو مکمل فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید لانس نائیک تیمور اسلم فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    گذشتہ روز کنٹرول لائن پرجام شہادت نوش کرنےوالےلانس نائیک تیموراسلم شہیدکووالٹن کےبابِ پاکستان قبرستان میں فوجی اعزازکےساتھ سپرد خاک کیا گیا تھا۔

    شہید کےبھائی کاکہناتھاکہ وہ بھی پاک فوج میں شامل ہوکر ہندوستان کومنہ توڑ جواب دینا چاہتا ہے، لانس نائیک تیمور آٹھ سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، ان کی ڈیڑھ سال پہلے شادی ہوئی تھی اور ایک بیٹی ہے۔

    واضح رہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے چار جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔