Tag: Local Bodies

  • پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے

    پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے

    سندھ میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے اپنا پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ باضابطہ طور پر بلدیاتی اداروں کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام ڈویژنز کے پراپرٹی ٹیکس کا ریکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے۔

     سرکاری اعلامیہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں حیدرآباد کے 9 اضلاع کے پراپرٹی ٹیکس کا رکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کا کام جاری ہے، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژنز کا رکارڈ بھی مرحلہ وار بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔

    ایکسائز سیکرٹری محمد سلیم راجپوت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پراپرٹی ٹیکس ملازمین اب فیلڈ سرگرمیوں میں معاون کریں گے، ملازمین موٹروہیکل ٹیکس کے معائنے، انسداد منشیات کریک ڈاؤن میں معاونت کریں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تنظیم نو کے حصے کے طور پر تیئس ڈویژنوں کا نام بدل کر ریجنز اور ٹاؤنز رکھا گیا، ان کی افرادی قوت تین ماہ تک بلدیاتی اداروں کی معاونت کرے گی۔

    صوبائی وزیر شرجیل میمن کہتے ہیں تنظیم نو سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، بہت جلد موٹروہیکل ٹیکس وصولی، منشیات کیخلاف پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا، کراچی کے کونے کونے میں منشیات کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آئے گی۔

  • پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ

    پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا اور حکم ناموں کی مصدقہ نقول طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت پنجاب حکومت نےبلدیاتی اداروں کی بحالی کانوٹیفکیشن پیش کیا۔

    چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت کےنوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ ہی درست نہیں، صوبائی حکومت سمجھتی ہےبلدیاتی ادارےانہوں نے بحال  کیے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت نےکہاعدالتی حکم پرعمل نہیں ہوسکتا۔

    سپریم کورٹ نےلاہور ہائیکورٹ کی تمام کارروائی کاریکارڈطلب کرتے ہوئے کہا تحقیقات کرکےمعاملے کی تہہ تک جائیں گے، ۔جسٹس مظہرعالم نے ریمارکس میں کہا سیکرٹری کے تحریری جواب میں ہےکہ وزیراعلیٰ کو سمری بھیجی تھی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی ذمہ دار ہوا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب،سابق چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور سماعت دو ہفتوں کےلیے ملتوی کردی گئی۔

  • عید پر بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    عید پر بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید پر متعلقہ بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے کے لیے متعلقہ عملہ مسلسل گشت پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید پر عوام کے لیے متعلقہ اداروں نے مربوط اقدامات کیے ہیں، تمام بلدیاتی و ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، عوام کو ریلیف دینا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے کے لیے متعلقہ عملہ مسلسل گشت پر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں میں رابطے پر اہم کردار ادا کرے گی، کسی بھی مشکل صورتحال میں عوام متعلقہ ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم سے رجوع کریں۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو ریلیف کی خصوصی ہدایات دی ہیں، چیئرمین اور وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر عمل کے لیے بلدیاتی افسران متحرک ہوں گے۔

  • باہمت اور ثابت قدم رہنے والے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    باہمت اور ثابت قدم رہنے والے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی: ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ  کارکنان نے موجودہ صورتحال میں ہمت کا مظاہر کیا اور  ان حالات میں ثابت قدم رہنے والے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلدیاتی امیدواروں کی حلف برداری کے بعد عزیز آباد شہداء یادگار قبرستان حاضری کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’مشکل حالات میں کارکنان نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے ہوں گے،بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے امیدواران کو جائز اور مکمل اختیارات دیئے جائیں‘‘۔

    پڑھیں:  نومنتخب میئرکراچی کومزارقائد پرحاضری کی اجازت نہیں ملی

    ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی امیدواران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ’’ عوام کے مینڈیٹ سے منتخب ہونے والے تمام بلدیاتی نمائندے رات دن عوام کی خدمت کر کے بنیادی مسائل سے چھٹکارا دلوائیں ‘‘۔

    اس موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندوں نے عزیز آباد شہدائے قبرستان میں مدفون کارکنان کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے اُن کے بلند درجات کی دعا بھی کی۔

    مزید پڑھیں: میئر کراچی کو سہولیات دینے کے لیے مراد علی شاہ کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس

    رکن صوبائی اسمبلی سندھ سید سردار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’سندھ حکومت بلدیاتی نمائندؤں کو عوامی خدمت کرنے سے نہ روکے کیونکہ سندھ گورنمنٹ کو بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی کے لیے کام کرنا ہوگا‘‘۔

    سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ ’’میئر اور ڈپٹی میئر اختیارات کو پورے اختیارات دینے ہوں گے کیونکہ شہر قائد کی فلاح و بہبود کے لیے بلدیاتی اداروں کا فعال کرنا بہت ضروری ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کی بلدیاتی حکومتوں کی تاریخ

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’کراچی میں سب سے اہم مسئلہ پانی اور سیوریج کا ہے اور قانونی طور پر واٹر اینڈ سیویج بورڈ کو بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت کرنا ہوگا، سردار احمد نے گرفتار کارکنان کی میڈیا پر نشر ہونے والی جے آئی ٹیز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر کوئی کارکن جرم میں ملوث ہے تو اُسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں اور میڈیا ٹرائل سے گریز کیا جائے‘‘۔