Tag: Local Bodies Election

  • نئے سال کی آمد، کراچی میں سیکیورٹی پلان تیار

    نئے سال کی آمد، کراچی میں سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی: آئی جی سندھ کہتے ہیں نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں، ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانےپر دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

    سندھ پولیس نے نئے سال کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار کرلیا، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سال نو کی آمد پر پولیس کو خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    پارکس ، ساحل سمندر ، شاپنگ سینٹرز ، فاسٹ فوڈ چینز ، ڈپارٹمنٹل اسٹورز و دیگر پبلک اور تفریحی مقامات پر ڈپلائمنٹ کے ساتھ ساتھ گشت ، پکٹنگ ، اسنیپ چیکنگ کو انتہائی موثر بنایا جائے گا۔

    اہم سرکاری و نجی املاک اور حساس تنصیبات پر تمام تر سیکیورٹی اقدامات کو مزید ٹھوس بنائےجانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر کلفٹن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تقریبا تین ہزار چار سو افسران اور جوانوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔

  • پنجاب کے اکیس اضلاع اور سندھ کے پندرہ اضلاع میں پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

    پنجاب کے اکیس اضلاع اور سندھ کے پندرہ اضلاع میں پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

    لاہور : پنجاب کےاکیس اور سندھ کے پندرہ اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بلدیاتی انتخابات کے دوران ملتوی ہونے والی پولنگ آج ہوئی جبکہ بدین اور سانگھڑ میں الیکشن ملتوی کردیئے گئے ہیں.

    سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے دوران ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اختتام پذیر ہوگئی اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

    انتخابات میں پنجاب کےاکیس اضلاع کی ستاون یوسیز اورسندھ کے پندرہ اضلاع کی چوالیس یوسیز شامل ہیں۔

    پنجاب کے اکیس اضلاع میں لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ساہیوال، اٹک، بھکر،سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، وہاڑی، بہاول نگر، چنیوٹ، گوجرانوالہ، خانیوال، سیالکوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور نارووال کی متعدد یوسیز میں پولنگ ہورہی ہے جبکہ سندھ کے سولہ اضلاع کی چوالیس یونین کونسلز اور چار ٹاؤن کمیٹیزکے لیے پولنگ ہوئی ہے.

    سندھ میں خیرپور، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، شکارپور،قمبر شہداد کوٹ،حیدرآباد، نوشہروفیروز، ٹنڈوالہٰ یار، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، کراچی شرقی اور کراچی غربی شامل ہیں۔

    ان تمام اضلاع کی چند یوسیز میں پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی کمی، نام اور انتخابی نشان کی غلط چھپائی، بیلٹ پیپر چھیننے، ہنگامہ آرائی اور بدامنی کے واقعات اور امیدواروں کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے پیشِ نظر ملتوی کئے گئے تھے۔

  • پنجاب کے 12اضلاع اور کراچی میں انتخابی مہم کا آج آخری دن

    پنجاب کے 12اضلاع اور کراچی میں انتخابی مہم کا آج آخری دن

    کراچی : بلدیاتی الیکشن کاآخری معرکہ ہفتہ پانچ دسمبر کو پنجاب کے بارہ اضلاع اور کراچی میں لڑا جائے گا۔ انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی، امیدواروں نے ووٹرز کو رام کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا۔

    کراچی اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کا دنگل صرف ایک دن دور ہے، انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوگی، گہما گہمی عروج پر ہے، کراچی، راولپنڈی ، ملتان میں پانچ دسمبر کو کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں، امیدواروں نے ووٹرز کو راغب کرنے لے لئے پورا زور لگا دیا

    کراچی میں ایم کیوایم نے رات ناظم آباد میں پنڈال سجایا جبکہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی ، جے یو آئی، جے یو پی کیساتھ آزاد امیدوار بھی متحرک ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے انتظامات بھی مکمل ہیں، کراچی میں رینجرز کے کمانڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اؤل کے اختیارات دئیے گئے ہیں.

    دوسری جانب پنجاب میں اٹھارہ یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ پانچ ہزار دو سو اکیاون امیدوار میدان میں ہیں.

  • بلدیاتی انتخابات کا تیسرامرحلہ، سندھ حکومت کا فوج تعیناتی کامطالبہ

    بلدیاتی انتخابات کا تیسرامرحلہ، سندھ حکومت کا فوج تعیناتی کامطالبہ

    کراچی : سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا، الیکشن کمیشن نے فوج کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو خطوط ارسال کردیئے۔

    سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط تحریر کیا ہے، جس میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ جواب میں الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں، جن میں پنجاب ، سندھ اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فوج کی ایک بٹالین تعینات کی جائے گی، پاک فوج کے جوان باسٹھ عمارتوں پر تعینات ہونگے، باسٹھ عمارتوں میں ایک سو بیس پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے ۔

    الیکشن کمیشن نے رینجرز کی تعیناتی کیلئے بھی وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں رینجرز کے چھ سو جوان تعینات کئے جائیں گے.

  • بدین سٹی میں مرزا گروپ نے پیپلز پارٹی کو چت کردیا

    بدین سٹی میں مرزا گروپ نے پیپلز پارٹی کو چت کردیا

    بدین: ذوالفقار مرزا گروپ نے پیپلز پارٹی کو ناکوں چنے چبوادیئے، تمام وارڈز میں مرزا گروپ کی کامیابی پر حامیوں نے جشن منایا، ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ اگلا ہدف کراچی ہے۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نشستیں حاصل کرنے والی جماعتوں میں سب سے آگے ہے لیکن بدین سٹی میں ذوالفقار مرزا کا گروپ چھا گیا۔ اور بدین سٹی کی تمام چودہ نشسیں جیت لیں اور ساتھ ہی پیپلز پارٹی کو ایک خاموش پیغام بھی دیدیا ۔

    بدین سٹی کے تمام چودہ وارڈز اور ٹاؤن کمیٹی کی تین نشستوں پر ذوالفقارمرزا کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے، صرف ٹاؤن کمیٹی کی پانچ نشستوں پرپیپلزپارٹی کوکامیابی ملی۔

    ذوالفقار مرزا جیت کی خوشی سے اتنے شرشار تھے کہ انھوں نے اپنا اگلاہدف کراچی کو قرار دے دیا، بدین سٹی میں کامیابی پر ذوالفقار مرزا کے حامیوں نے خوب ہلہ گلہ کیا اور جشن منایا.

  • پنجاب کے 12سندھ کے 14اضلاع میں پولنگ کل ہوگی

    پنجاب کے 12سندھ کے 14اضلاع میں پولنگ کل ہوگی

    لاہور:‌ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم ختم ہوگئی، آخری دن بھی امیدوارووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جتن کرتے دکھائی دیئے.

    سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہوگئی، سندھ کے چودہ اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کل ہوگی.

    بدین میں سیاسی کشیدگی کے پیش نظر سندھ حکومت نے پولنگ کے دوران سخت سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، جبکہ حیدرآباد میں پولیس نےبلدیاتی انتخابات کیلئےسیکورٹی پلان جاری کردیا ہے.

    ضلع سانگھڑ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں، سندھ کے 14 اضلاع میں حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، بدین ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈوالہ یار، دادو، جام شورو ، مٹیاری ، شہید بے نظیرآباد (نواب شاہ)، نوشہرو فیروز، میرپورخاص ، تھرپارکر اور عمرکوٹ شامل ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 5612 نشستوں کیلئے 16342 اُمیدوار میدان میں تھے ، جن میں سے 1134نشستوں پر اُمیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ، اب 4478 نشستوں کیلئے 15208 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔

    مجموعی طور پر 6461 پولنگ اسٹیشن اور 13776 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 2200 سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ، 2550 پولنگ اسٹیشن حساس اور 17سو پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیے گئے ہیں۔ بد امنی کے خدشات کے باعث مجموعی طور پر 57 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، جن میں 2400 سے زائد فوجی اہلکار، 4 ہزار سے زائد رینجرز اہلکار اور 51 ہزار سے زائد پولیس اہلکار شامل ہیں۔

    مجموعی طور پر 71 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، 65 ہزار سے زائد انتخابی عملہ پولنگ کی نگرانی کرے گا، پولنگ جمعرات کی صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک بنا کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

    پنجاب کے 12 اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 46 لاکھ 79 ہزار 312 ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کریں گے ، جس کیلئے 11 ہزار 935 پولنگ اسٹیشنز، 34 ہزار 88 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں پر 11ہزار 935پریذائیڈنگ آفیسرز ،61ہزار 957اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز اور 34 ہزار 88پولنگ آفیسرز، جبکہ 2653نائب قاصد تعینات کیے گئے ہیں۔

    بارہ اضلاع میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، شیخو پورہ اور خانیوال شامل ہیں۔

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کا آج آخری روز

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کا آج آخری روز

    لاہور : سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کا آج آخری روز ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے حساس ترین ا ضلاع میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکشن جاری کر دیا۔

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرے مرحلے میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، امیدوار ووٹرز کو قائل کرنے کیلئے سرگرداں ہیں، سندھ کے چودہ اضلاع اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں انتخابی مہم زور وشور سے جاری ہے، بدین میں سیاسی تصادم کے خدشے کے پیش نظرپاک فوج اور پیراملٹری کی چارکمپنیاں تعنیات کر دی گئیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مختلف اضلاع میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں فوج کی سولہ کمپنیاں تعینات کی جائیں گی، سندھ کےچودہ اضلاع میں اٹھارہ نومبرسےفوج کی تعیناتی ہوگی.

    ضلع سانگھڑ میں انتخابات ملتوی ہونے کی وجہ سے فوج تعینات نہیں کی جارہی،حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں فوج کی دو دوکمپنیاں تعینات ہوں گی، میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی میں فوج کی ایک ایک کمپنی تعینات ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں فوج کی چالیس کمپنیاں تعینات ہوں گی ۔

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلے میں 2روز باقی رہ گئے

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلے میں 2روز باقی رہ گئے

    لاہور :‌ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےمیں دو روز باقی رہ گئے، سیاسی جماعتوں اور آزاد امیداروں کی سیاسی مہم میں تیزی آگئی۔

    سندھ ا ورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ قریب سیاسی میدان میں گہما گہمی عروج پر ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کے بارہ اور سندھ کے چودہ اضلاع شامل ہیں۔

    سندھ میں پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کے امیدواران کے ساتھ آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں سر گرم عمل ہیں جبکہ اندورن سندھ میں پاکستان تحریک انصاف بھی کامیابی کے لئے ہاتھ پیر مار رہی ہے تاہم سندھ میں اب تک پی ٹی آئی کی کامیابی کے امکانات واضح نہیں ہیں۔

    سندھ میں الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ کے دوسرے کشیدہ ضلع بدین کی سیکیورٹی کو دوگنا کرنے کی ہدایت کردی ہے، یہ فیصلہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں خیرپور میں گیارہ افراد کی ہلاکت اور ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا۔

    سندھ کے شہری علاقوں خاص طور پر کراچی میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا اتحاد ایم کیو ایم کی سیاسی ساکھ میں دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو موثر کرنے میں ریلیاں اور انتخابی اجتماعات کر رہا ہے۔

    پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان پہلے مرحلے کی نسبت دوسرے مرحلے میں سیاسی گرما گرمی میں کمی واقع ہوئی ہے، امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کوئی بھی ممکنہ تبدیلی لا سکتے ہیں ۔

  • سندھ، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کادوسرا مرحلہ 19نومبرکو ہوگا

    سندھ، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کادوسرا مرحلہ 19نومبرکو ہوگا

    لاہور :‌ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلے کا دنگل انیس نومبر کو ہوگا۔

    بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں سندھ اور پنجاب کے ستائیس اضلاع میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہیں، پنجاب میں امیدواروں نے کمر کس لی ہے، اٹک،گجرانوالہ، خانیوال سمیت پنجاب کے بارہ اضلاع میں گلی محلے امیدواروں کے پوسٹر سے سج گئے، امیدواروں نے اپنے حلقوں میں ووٹروں سے وعدے کرنا شروع کردیئے ہیں.

    پنجاب کے بارہ اضلاع میں ایک کروڑچھیالیس لاکھ پچاسی ہزارسےزائد ووٹر رجسٹرڈ ہیں.

    سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کا چناؤ ہوگا، حیدرآباد،ٹھٹہ،بدین اورسانگڑھ سمیت سندھ کےپندرہ اضلاع میں انتخابی گہماگہمی تیز ہوگئی ہے ، گلی کوچے انتخابی پوسٹرز اور بینرز سے بھر گئے ہیں اور امیدوار کارنر میٹنگز میں مصروف ہیں، سندھ کے پندرہ اضلاع میں اسّی لاکھ پانچ ہزاردوسو ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

    بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، دونوں صوبوں میں فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تیار رہے گی ۔ سندھ میں سولہ اورپنجاب میں آرمی کی چالیس کمپنیاں تعینات کی جائیں گی.

  • بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، عابد شیرکی معافی

    بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، عابد شیرکی معافی

    لاہور : بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی نے معافی مانگ لی.

    تفصلات کے مطابق معاملے کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی، جہاں وزیر مملکت عابد شیر علی کا تحریری جواب نامہ اُن کے وکیل نے جمع کرا یا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے وقار کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ وہ اپنے عمل کی معافی چاہتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ معافی نامے کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔ جس کے بعد مزید سماعت چھبیس نومبر تک ملتوی کردی گئی