Tag: Local Bodies Election

  • پیپلزپارٹی کو اپنے گڑھ لیاری سے کوئی امیدوار نہ مل سکا

    پیپلزپارٹی کو اپنے گڑھ لیاری سے کوئی امیدوار نہ مل سکا

    کراچی : پیپلزپارٹی کو اپنے گڑھ لیاری میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کوئی امیدوار نہیں مل سکا، پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کے لئے کوئی جیالا نہیں ملا اور چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلر اور یونین کمیٹی کے لئے آزاد امیدوار میدان میں آئے ہیں۔

    جن نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار سامنے آئے ہیں ان پر مخالف جماعتوں کے ساتھ سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

    پیپلزپارٹی کو لیاری سے سات یونین کمیٹی پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کا کوئی امیدوار نہیں ملا جب کہ وارڈ کونسلر کی انتالیس نشستوں پر کوئی جیالا امیدوار میدان میں نہیں اور یونین کمیٹی 6 موسی لین، یونین کمیٹی 5 کھڈہ میمن سوسائٹی، یونین کمیٹی 3 اور یو سی 4 نوا آباد سے پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار انتخابی دوڑ میں نہیں ہیں.

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے چند روز قبل اپنے زیر صدارت بلدیاتی امیدواروں کا جائزہ لینے کیلئے بلاول ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا، اور بلدیاتی انتخابات میں اکثریت حاصل کرکے کراچی کو جیالا میئر دینگے.

  • بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 19نومبر کو ہوگی

    بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 19نومبر کو ہوگی

    اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ انیس نومبر کو ہوگی، پنجاب حکومت نے رینجرز اور فوج کی تعیناتی کیلئےالیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا، سندھ حکومت نے بھی الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا ہے.

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا دنگل 19 نومبر کو سجے گا اور رفتہ رفتہ انتخابی مہم کی گہما گہمی میں تیزی آرہی ہے، بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں انتخابی مخالفین میں تصادم اور بدنظمی کے پیش نظر دوسرے مرحلے کیلئے پنجاب حکومت نے فوج تعینات کرنے کا مطا لبہ کردیا اور الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا۔

    پنجاب حکومت کے خط میں کہا گیا ہے پنجاب کے 12 اضلاع میں 19 نومبر کو فوج اور رینجرز کے جوان تعینات کئے جائیں، الیکشن کمیشن بھی فوری حرکت میں آگیا اور وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو خط بھیج دیا۔

    فوج ،رینجرز اور سیکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کی ہدایت کردی، سندھ حکومت نے بھی بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن کہتے ہیں انتخابی عمل میں کو ئی کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی.

  • سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کل ہوگی

    سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کل ہوگی

    اسلام باد: سندھ کے آٹھ اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ہے، جس کیلئے کل پولنگ ہوگی، حساس اضلاع میں امن و امان کیلئے فوج کو تعینات کیا گیا ہے تاہم پولنگ کی نگرانی پولیس کرے گی.

    پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا میلہ کل سجے گا، پولیس کی نگرانی میں انتخابی سامان کی ترسیل جاری ہے، سندھ کے آٹھ اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں دو کروڑ سینتالیس لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، پولنگ پولیس کی نگرانی میں ہوگی۔سول انتظامیہ کی معاونت کیلئےحساس اضلاع میں فوج کوتعینات کیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوج کے دستے مقامی پولیس کو مدد فراہم کریں گے، پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز جوان بھی ڈیوٹی دیں گے۔

    پنجاب کے سولہ ہزار چھ سوباسٹھ پولنگ اسٹیشنز میں سے تین ہزار پانچ سو پچاس پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گيا ہے، سندھ کے چھیالیس لاکھ ووٹرز کیلئے چار ہزار اکتیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، تین سو پچاس پولنگ اسٹشن انتہائی حساس ہیں.

    جن اضلاع میں انتخابات ہورہے ہیں ،وہاں صوبائی حکومتوں نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے.

  • بلدیاتی الیکشن، سندھ، پنجاب میں انتخابی مہم کا آج آخری روز، سیکیورٹی پلان ترتیب

    بلدیاتی الیکشن، سندھ، پنجاب میں انتخابی مہم کا آج آخری روز، سیکیورٹی پلان ترتیب

    کراچی ‌: سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، سیکیورٹی کا فول پروف پلان بھی ترتیب دے دیا گیا، دونوں صوبوں میں انتخابی مہم کا بھی ٓآج آخری روز ہے۔

    سندھ اور پنجاب میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، دونوں صوبوں میں پولنگ کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا، پہلے مرحلے کی پولنگ دس گھنٹے صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی.

    سندھ اور پنجاب کے الیکشن والے اضلاع میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔

    اکتیس اکتوبر کو سکیورٹی فوج کے سُپرد ہوگی، پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز جوان بھی ڈیوٹی دیں گے، تمام اضلاع میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہوگی۔

    بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سکھر، خیرپور، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، قمبر، لاڑکانہ اور شکار پورمیں پولنگ ہوگی، چھالیس لاکھ سے زائد ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہیں، اب تک سات سو سے زائد امیدوار بلامقابلہ میدان مار چکے ہیں.

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لاہور،فیصل آباد، گجرات، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، بہاولنگر، بھکر، لودھراں، وہاڑی، چکوال اور پاکپتن میں پولنگ ہوگی، دو کروڑ پچاسی ہزار سے زائد افراد ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہیں، اب تک سولہ ن لیگی امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں.

  • بلاول بھٹو نے عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات لازمی جیتنے کا ٹاسک دیدیا

    بلاول بھٹو نے عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات لازمی جیتنے کا ٹاسک دیدیا

    لاڑکانہ: بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ورکرز اور عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات میں لازمی جیتنے کا ٹاسک دیدیا۔

    لاڑکانہ میں سندھ کے آٹھ اضلاع کے منتخب نمائندوں نے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کیں، بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز اور عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات میں لازمی جیتنے کا ٹاسک دیدیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ عہدیدار اور کارکن عوام کے ساتھ اپنے روابط بڑھائیں اور پارٹی کی تنظیم سازی کومزید منظم کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی انتخابات میں نئے چہرے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے منتخب نمائندوں کے عزیزوں کو ٹکٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا اجلاس 27جولائی کو طلب

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا اجلاس 27جولائی کو طلب

    اسلام آباد: سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کا اجلاس ستائیس جولائی کو طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس میں دو نوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخرکرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا

    سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر کھٹائی میں پڑتے دکھائی دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے بیس اکتوبر سے قبل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، اٹھائیس جولائی کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنا ممکن نہیں۔

    بلدیاتی انتخابات ایک ماہ مؤخر کرنے کی تجویز سپریم کورٹ میں پیش کریں گے جبکہ حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی اجازت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ۔

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس ستائیس جولائی کو ہوگا، جس میں چیف سیکر یٹر ی سندھ ، سیکریٹر ی لوکل گورنمنٹ صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر حکام بھی شرکت کریں گے۔

  • پی ٹی آئی کارکن قتل، اے این پی کےمیاں افتخارگرفتار

    پی ٹی آئی کارکن قتل، اے این پی کےمیاں افتخارگرفتار

    پشاور: اے این پی کے سیکریٹری جنرل میاں افتخارکومحافظ سمیت پی ٹی آئی کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتارکیا گیا۔

    میاں افتخار اور ان کے محافظ کوعلی الصبح گرفتار کرکے پبی تھانے منتقل کیا گیا جہاں ان سے تحریک انصاف کے کارکن کے قتل سے متعلق تفتیش کی گئی ۔

     میاں افتخار نے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیٹے کا دکھ دیکھا ہے کسی کے قتل کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

    ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے مزید کاروائی کے لئے میاں افتخار کو پولیس اہلکاروں کی تحویل میں نوشہرہ کی کچہری روانہ کردیا۔

    گزشتہ رات بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد نوشہرہ میں پی ٹی آئی کے جلوس پرفائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ہونے والے کل 14 افراد فائرنگ اورتشدد کے مختلف واقعات میں موت کے گھاٹ اتاردئیے گئے تھے۔

    خیبر پختونخواہ میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہوئی ہے۔

  • لاہور:  بلدیاتی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ

    لاہور: بلدیاتی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ

    لاہور:   الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ملک بھر کےبیالیس کنٹونمنٹ بورڈزمیں بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں عروج پر ہے، امیدوار انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں، مخالفین کو زیر کرنے کیلئےسیاسی جوڑ توڑ بھی جاری ہے، پچیس اپریل کو ووٹرز ووٹ کاسٹ کرینگے۔

    الیکشن کمیشن نےانتخابات پُر امن بنانے کیلئےسیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے، انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں ہونگے۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز میں فوج اور رینجرز کے جوان تعینات رہینگے، بیلٹ پیپرز کی ترسیل میں بھی فوج پولیس کے ہمراہ رہے گی جبکہ کنٹونمنٹ بورڈز اور وزارتِ داخلہ میں امن و امان کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

  • عمران خان کا کراچی کے ضمنی الیکشن میں رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ

    عمران خان کا کراچی کے ضمنی الیکشن میں رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ضمنی انتخابات رینجزر کی نگرانی میں کرائے جائیں، ایم کیو ایم انتخابات پر امن طریقے سے ہونے دے۔

    بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ یمن کے معاملے پر پاکستان فریق نہ بنے، ثالثی کردار ادا کرے۔

    عمران خان نے کہا کہ ملک میں کہیں نو گو ایریاز نہیں ہونا چاہئے، کراچی پر ہمارا بھی حق ہے ،متحدہ قومی موومنٹ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچائے، ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولیس پر اعتماد نہیں ۔

    عمران خان نے الطاف حسین نے دعوت دی کہ لاہور اور میانوالی سے الیکشن لڑیں، وہ اور ان کی پارٹی ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

    پی ٹی آئی کے چئیر مین  نے کہا کہ ایم کیو ایم سے درخواست کرتے ہیں کہ این اے 246 پر پر امن ضمنی انتخاب ہونے دیں اور کراچی کے لوگوں کو فیصلہ کرنے کا موقع دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی ثابت ہوئی تو ملوث افسران کو پکڑیں گے، جوڈیشل کمیشن پر بیان بازی نہیں ہوگی، جوڈیشل کمیشن کے سامنے ثابت کریں گے کہ مسلم لیگ ن نے 2013 کے عام انتخابات میں 70 لاکھ جعلی ووٹ ڈالے۔

    پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا ہے کہ خبر ملی ہے کہ پاک فوج کا دستہ سعودی عرب بھجوایا جارہا ہے، 10 سال پہلے بھی اسی طرح جھوٹ بول کر ہمیں امریکا کی جنگ میں دھکیلا گیا تھا، دوسروں کی جنگ میں ہم 50 ہزار لوگ اور اربوں ڈالر گنوائے، اب تک ہم اس جنگ سے نہیں نکلے اور ہمیں دوسری جنگ میں جھونکا جارہا ہے۔

    عمران خان نے پیڑولیم مصنوعات کی قمیتوں میں اضافے کی مزمت کی ا ور کہا کہ اس سے قبل دھرنے کی وجہ سے قیمتیں کم کی گئیں، پارلیمنٹ میں اس ناانصافی پر کوئی بولنے والا نہیں کیونکہ تمام جماعتوں نے مک مکا کررکھا ہے۔

  • آصف زرداری نے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کی مخالفت کردی

    آصف زرداری نے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کی مخالفت کردی

    کراچی : سابق صدرآصف زرداری نےغیرجماعتی بلدیاتی انتخابات کی مخالفت کردی، پیپلزپارٹی فیصلے کے خلاف عدالت جائے گی۔

    ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت کو ہدایت کی ہے کہ معروف قانون دان سے رابطہ کریں اور اس سلسلے میں رائے لی جائے، اس کے ساتھ ساتھ سینئر وکلاء کا ایک پینل تشکیل دیا جائے، جو حکومت کے اس فیصلے کیخلاف پٹیشن فائل کرے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کے حکومتی فیصلے کی ہر فورم پر مخالفت کرے گی اور بھرپور آواز اٹھائے گی۔

    یاد رہے گزشتہ روز حکومتِ نے پیپلزپارٹی کی جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کی تجویز مسترد کردی۔

    اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ نون لیگ جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانے سے کیوں بھاگ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرکرائے جائیں گے۔

    خورشید شاہ نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے اور غلط زبان کا استعمال نہ کریں، عمران خان نے جو زبان استعمال کی اُس پرافسوس ہے۔

    حکومت نے پیپلزپارٹی کی بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کی تجویز مسترد کردی، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب کاکہنا ہےکہ ووٹروں کو پابند نہ کیاجائے کہ وہ کسی مخصوص جماعت کو ووٹ دیں۔

    شیخ آفتاب نے کہا کہ کونسلروں پر کرپشن کے الزامات عائد نہ کئے جائیں۔