Tag: local election

  • نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی

    نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی

    لندن: بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم رشی سونک نے شکست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر مایوسی ہوئی۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’مستقبل میں سیاسی رہنما کی حیثیت سے میں اپنے کام پر توجہ رکھوں گا، محنتی اور کام کرنے والے کونسلر کھونا افسوس کی بات ہے۔‘‘

    برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے بڑی سطح پر میدان مار لیا ہے، جب کہ حکمران جماعت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ کنزرویٹو نے کونسل کی 448 نشستیں کھو دی ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں 107 میں سے 102 کونسلز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جس میں لیبر پارٹی 48 کونسلز میں کامیابی کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ لبرل ڈیموکریٹس پارٹی 12 کونسلز کے نتائج کے ساتھ دوسرے پر ہیں، جب کہ حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو اب تک کے نتائج میں صرف 5 کونسلز میں کامیابی ملی ہے۔

    انگلینڈ میں لیبر کے کونسلرز 1026 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکے ہیں، لبرل ڈیموکریٹس کے 505 کونسلر کامیاب ہوئے ہیں، اور کنزرویٹو پارٹی کے 479 کونسلرز نے نشستیں جیتیں۔

    لندن کا نتیجہ؟

    ویسٹ مڈلینڈز، لندن، گریٹر مانچسٹر اور دیگر علاقوں میں میئر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہفتے کو کیا جائے گا۔ جمعہ کو لیبر پارٹی کے ڈیوڈ سکیتھ کامیاب ہو کر یارک اور نارتھ یارکشائر کے نئے میئر بن گئے ہیں، جس میں وزیر اعظم رشی سونک کا حلقہ بھی شامل ہے۔

    رشی سونک کی پارٹی کی شکست کی وجہ غزہ؟

    بی بی سی کے مطابق اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ غزہ پر حکمران جماعت کے مؤقف سے ان علاقوں میں پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے، جہاں مسلم آبادی زیادہ ہے۔ اولڈھم کونسل میں، جہاں رواں برس دو لیبر کونسلرز نے غزہ کے معاملے پر پارٹی چھوڑ دی تھی، لیبر پارٹی نے اپنا کنٹرول کھو دیا ہے۔

    لیبر پارٹی کے قومی مہم کے کوآرڈنیٹر اور ممبر پارلیمنٹ پیٹ مکفیڈن نے ایک بیان میں تسلیم کیا کہ پارٹی کی شکست میں مشرق وسطیٰ کے حوالے سے جذبات کا اہم کردار رہا، اس بات کے انکار کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

  • جمعیت علمائے اسلام نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے

    جمعیت علمائے اسلام نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے

    کراچی: جمعیت علمائے اسلام سندھ نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سندھ نے پہلے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا۔ جے یو آئی کے رہنما راشد سومرو نے کہا ہے کہ ہم انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے، مشاورت کے بعد آج پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    راشد سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت قتل و غارت اور دھونس دھاندلی کے بغیر الیکشن جیت ہی نہیں سکتی۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ پہلے مرحلے کے انتخابات شدید بے ضابطگیوں، دھاندلی اور تصادم کے باعث شفاف نہیں رہے، ایم کیو ایم اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں ثبوت بھی پیش کرے گی۔

    بلدیاتی انتخابات، ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ

    گزشتہ روز سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا ہے، میونسپل کمیٹی کے جنرل ممبر کی 195 نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب رہی۔

    غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 18، تحریک انصاف 15، جی ڈی اے 14 سیٹوں پر کامیاب رہی، ٹاؤن کمیٹی جنرل ممبر کی 332 نشستیں جیالے امیدواروں کے نام رہیں، لاڑکانہ ٹاؤن کمیٹی باڈہ پر پیپلز پارٹی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، منظور وسان کے آبائی علاقے کوٹ ڈیجی میں پیپلز پارٹی ہار گئی ہے۔

  • لندن: انتخابی مہم چلانے والے شخص پر نامعلوم ملزمان کا حملہ

    لندن: انتخابی مہم چلانے والے شخص پر نامعلوم ملزمان کا حملہ

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں عام انتخابات کی مہم چلانے والے شخص کو نامعلوم شخص نے حملہ کرکے زخمی کردیا، زخمی کو سر میں شدید چوٹ لگنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ دنوں انگلینڈ میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے جاری مہم کے دوران ایک شخص کو ہیملیٹ نامی ٹاور میں پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے نامعلوم شخص نے حملہ کرکے زخمی  کردیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے انتخابی مہم چلانے والے شخص کے سر پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 30 سالہ متاثرہ شخص بری طرح زخمی ہوا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نقاب پوش حملہ آور کے حملے میں زخمی ہونے والے متاثرہ شخص کے سر میں دس ٹانکے آئے ہیں۔ تاہم پولیس ابھی تک ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے عینی شاہدین سے گذارش ہے کہ حادثے کی تفصیلات سے سیکیورٹی افسران کو آگاہ کریں تاکہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

    میٹروپولیٹن پولیس کے افسر ٹوماز پیٹزر کا کہنا تھا کہ ’حملہ کرنے والے نقاب پوش ملزم کے خلاف تفتیش جاری ہے، حملہ ایسے وقت میں کیا گیا تھا، جب متاثرہ شخص عام انتخابات کی مہم میں مصروف تھا‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حملہ انتخابی مہم کے باعث کیا گیا ہے یا کسی اور وجہ سے ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے، لیکن یہ پُر تشدد واقعہ تھا‘۔

    واضح رہے کہ آئندہ دنوں انگلینڈ میں عام انتخابات کا انعقاد ہوگا جس میں برطانوی عوام میئر اور 45 کونسلرز کا انتخاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ لندن میں چاقو اور فائرنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، رواں سال فروری کے مہینے سے ابتک 15 افراد کو حملہ کرکے قتل کیا جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں 50 افراد قتل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔