Tag: local elections

  • بلاول بلدیاتی الیکشن کے خواہاں، زرداری کشمکش کے شکار

    کراچی: ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آصف علی زرداری ایم کیو ایم اتحاد کے باعث کشمکش کے شکار ہو گئے ہیں، جب کہ ان کے صاحب زادے بلاول بلدیاتی الیکشن کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں آج کا دن اہمیت اختیار کر گیا ہے، ایم کیو ایم دھڑوں کی جانب سے کراچی میں حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے ساتھ پیپلز پارٹی نے قانونی سطح پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ الیکشن کے انعقاد کے حکم پر عدلیہ میں کیا جواب دیا جائے؟ اور اس کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کو بھی کیسے راضی رکھا جائے؟

    اس سلسلے میں مشترکہ دوستوں نے رابطے تیز کر دیے ہیں، اور بیچ کا راستہ نکالنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کو بھی پارٹی قیادت کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ عدالت میں جواب پارٹی قیادت کی ہدایت پر جمع کرایا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری بلدیاتی الیکشن چاہتے ہیں، جب کہ سابق صدر آصف زرداری ایم کیو ایم اتحاد کے باعث کشمکش کا شکار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اہم وزرا اس سلسلے میں مشاورت کر رہے ہیں کہ الیکشن میں جانا ہے یا کوئی اور راستہ اپنانا ہے، اس سلسلے میں آج ہی کوئی فیصلہ طے کر دیا جائے گا۔

  • سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن کا اہم اقدام

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن کا اہم اقدام

    کراچی : سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرے مرحلے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے ٹرانسپورٹیشن پلان مانگ لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے 16اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ24جولائی کو شیڈول ہے۔

    کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ اندرون سندھ کے شہروں دادو، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول اور دیگراضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو لکھے گئے خط میں انتخابات کے انعقاد کیلئے5ہزار سے زائد گاڑیوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے14جولائی تک ٹرانسپورٹیشن پلان دینے کی ہدایت دی ہے۔ انتخابی سامان وعملے کی پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل کے لیے گاڑیاں درکار ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں دوسرے مرحلے میں بلدیاتی الیکشن کے لیے9ہزار پولنگ اسٹیشن بنائے جارہے ہیں، کراچی کے7اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کےلیے5ہزار پولنگ اسٹیشن ہونگے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ڈی آر اوز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن سے مقررہ حد کے فاصلے پر انتخابی کیمپ قائم کرنے کی اجازت دی جائے۔