Tag: Local Govt

  • اپنا قبلہ درست کرلیں: نئے سیکریٹری بلدیات کی ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت

    اپنا قبلہ درست کرلیں: نئے سیکریٹری بلدیات کی ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران بھی اپنا قبلہ درست کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر یونین کونسل کی حدود میں مچھر اور مکھی مار اسپرے کیا جائے۔

    سیکریٹری بلدیات نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال کا خود معائنہ کروں گا، سالڈ ویسٹ کا محکمہ کچرا بروقت ٹھکانے لگائے، کسی بھی گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن پر ناقص انتظامات نظر نہ آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیورج بورڈ بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائے، شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں بلدیاتی ملازمین کرونا وائرس کی حفاظتی ایس او پیز کی پیروی بھی یقینی بنائیں۔

    سیکریٹری بلدیات نے سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے راشی افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، ناجائز تعمیرات کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کرپشن اور اقربا پروری کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات سندھ کو سفارشات کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی رپورٹ پیش کروں گا۔

    خیال رہے کہ نئے سیکریٹری بلدیات نے چارج سنبھالتے ہی متعدد بلدیاتی افسران کو معطل بھی کردیا تھا۔

    سیکریٹری بلدیات نے 3 بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے پر معطل کیا تھا جو پی اے سی اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کے جواب نہیں دے رہے تھے۔

    علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کورنگی کے بھی 4 افسران کو کرپشن کے الزام میں معطل کردیا گیا، افسران پر غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات ہیں۔

  • وزیر بلدیات سندھ کی جانب سے ایف بی آر کے اقدام کی سخت مذمت

    وزیر بلدیات سندھ کی جانب سے ایف بی آر کے اقدام کی سخت مذمت

    کراچی : وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے ایف بی آر کی جانب سے کے ایم سی اور محکمہ بلدیات کے اکاونٹس سے بغیر اجازت رقم لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو سال سے ٹیکس کی عدم ادائیگی کے سبب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کراچی میونسپل کارپوریشن اور محکمہ بلدیات کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔

    وزیر بلدیات نے ایف بی آر کے اس اقدام کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق صوبوں میں مداخلت کرنا بند کردے، ایسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔

    جام خان شورو نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور دیگر کاموں کے لئے شدید مشکلات درپیش آرہی ہیں، اس عمل کے باعث ملازمین کی تنخواہیں اور شہر میں صفائی ستھرائی کے کام بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ایف بی آر کو اکاؤنٹ بحال کرنے اور رقم واپس کرنے کی ہدایت کریں، بصورت دیگر ملازمین کی جانب سے آنے والے ردعمل کی ذمہ داری وفاقی حکومت پرعائد ہوگی۔