Tag: lock down

  • متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کے دوران شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، لاک ڈاؤن میں مقامی شہری اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 2 ہزار 354 شادیوں کا اندراج ہوا ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ نکاح کا سب سے زیادہ اندراج فروری کے مہینے میں ہوا ہے جس کے دوران 327 افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اپریل میں صرف 26 شادیاں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی نکاح کا اندراج جاری رہا۔

    دبئی کی عدالتوں سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 810 اماراتی جوڑوں نے شادیاں کی ہیں۔ اماراتی شوہر اور غیر اماراتی دلہن پر مشتمل 414 جوڑوں کے نکاح ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں میں شادیوں کی تعداد 1 ہزار 130 ریکارڈ کی گئی جو کہ کل نکاح ناموں کا 48 فیصد ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں طلاقوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا، سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 466 طلاقیں ہوئیں تاہم اپریل اور مئی کے دوران کوئی طلاق نہیں ہوئی۔

  • عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    مسقط: عمان میں عید الاضحیٰ کے باعث 15 روز کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    عمان کی نیوز ایجنسی کے مطابق سلطنت عمان میں عید الاضحیٰ کے دوران 25 جولائی سے 8 اگست تک شہروں کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران تمام کمشنریوں اور شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و عوامی مراکز بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 سو 58 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 887 ہوگئی ہے جبکہ 337 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے باعث دارالحکومت مسقط سمیت ظفار، دقم اور دیگر سیاحتی علاقوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ دیگر خلیجی ممالک کی طرح عمان نے بھی اپنی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔

  • ابو ظہبی میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع

    ابو ظہبی میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دار الحکومت ابو ظہبی میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی، اس دوران ابو ظہبی کے رہائشی باہر نہیں جاسکتے اور نہ باہر سے کوئی شخص آسکتا ہے۔

    اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم کمیٹی کی سفارش اور ریاست میں وبا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں ایک ہفتہ کی توسیع کا فیصلہ ہوا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ریاست ابو ظہبی کے رہائشی باہر نہیں جاسکتے اور نہ باہر سے کوئی شخص آسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق ابو ظہبی اور اس کے ملحقہ دیگر شہروں کے تمام رہائشیوں پر کرفیو نافذ کیا جاتا ہے، اس سے استثنیٰ صرف بنیادی ضرورتیں فراہم کرنے والے ملازمین کو ہے۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ابو ظہبی، العین اور الظفرہ شہروں کے رہائشی کرفیو میں نرمی کے اوقات کے دوران اپنی ضرورت کی چیزیں خریدنے کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں تاہم ان شہروں کے درمیان سفر پر پابندی ہوگی۔

  • اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    عمان: اردن کی حکومت نے عید کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھولنے کا اعلان کیا ہے، عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھول دیے جائیں گے تاہم عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عوام بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے پیدل آ جا سکیں گے۔

    وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منگل 12 مئی سے کرفیو کے اوقات میں مزید نرمی کردی جائے گی، عوام صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے نکل سکیں گے۔

    ان کے مطابق منگل 26 مئی سے سرکاری ملازم دفاتر میں کام کرنا شروع کردیں گے، حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک گائڈ بک تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے بعد ڈیوٹی پر واپس آنے کی صورت میں کن امور کی کس طرح پابندی کریں گے۔

    گائڈ بک میں نئے کرونا وائرس سے بچاؤ اور اسے لگنے سے روکنے کے لیے مکمل حفاظتی تدابیر اور ہدایات درج کی گئی ہیں، سرکاری اداروں کے ملازم متعدد خدمات آن لائن انجام دیں گے جبکہ دیگر کارکن دفاتر پہنچ کر ڈیوٹی دیں گے۔

    خیال رہے کہ اردنی حکومت نے 17 مارچ 2020 سے تمام سرکاری ادارے اور محکمے بند کردیے تھے البتہ اہم اداروں کو اس سے استثنیٰ دیا گیا تھا، وزیر کے مطابق ہر جمعے کو پورے ملک میں تا اطلاع ثانی مکمل کرفیو رہے گا۔

  • لاک ڈاؤن میں نرمی سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    لاک ڈاؤن میں نرمی سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کا حکم دیا ہے، وزیر اعلیٰ نے انتظامی اداروں کو لاک ڈاؤن ایس او پیز مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نرمی کے حوالے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی، عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے نرمی کی۔ وبا کے خطرات بدستور ہیں سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مشاورت کے بعد نئے اقدامات اٹھائے ہیں، امید ہے تاجر اور عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کے حامل اداروں کی اجازت منسوخ کی جائے گی، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ علاج کے لیے اقدامات پر کاربند ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کرونا کے سدباب کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں، وفاق کی رہنمائی میں اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن، وزیراعلیٰ سندھ آج آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

    سندھ میں لاک ڈاؤن، وزیراعلیٰ سندھ آج آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

    کراچی : سندھ میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے لئے سندھ حکومت سرجوڑکر بیٹھے گی، جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  آج پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اہم وزرا کو وزیراعلیٰ ہاؤس طلب کرلیا ، اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سےلاک ڈاؤن میں نرمی لانے اور تاجروں کو ریلیف دینے کیلیے مختلف کاروبارمیں نرمی لانے غور کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نےپارٹی قیادت سےمشاورت مکمل کرلی ہے جبکہ بلاول بھٹو نےوزیراعلیٰ سندھ کوضروری ہدایات دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کہہ چکی ہے لاک ڈاؤن کو ختم نہیں کیا جائے گا تاہم ایس اوپیزکےتحت مشروط کاروبار کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

    وزیراعلیٰ آج پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ہفتے سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ صوبے اپنے فیصلے خود کریں، وقت آگیا ہے ذمہ دارشہری بن کرکورونا کامقابلہ کریں۔

    بعد ازاں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےآج اتفاق رائےکےتحت فیصلہ کیاہے، کچھ چیزوں میں سندھ حکومت کواختیارات دیئےگئےہیں، سندھ حکومت اپنےایس اوپیزبنائےگی اوراس پرعمل کرائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ لاک ڈاؤن پرعوام کواعتمادمیں لیں گے، وزیراعلیٰ اورکابینہ متفق ہےکہ پہلےعوام کی زندگی پھرکاروبار، کاروبارکو مرحلہ وار کھولنے کیلئے ایس او پیز پر کام کررہے ہیں، وفاق اور صوبے جس پر متفق ہیں وہ کاروبار کھولاجائے گا۔

  • سعودی عرب: قطیف میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن ختم

    سعودی عرب: قطیف میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن ختم

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قطیف کمشنری میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا، لاک ڈاؤن اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ قطیف میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن آج جمعرات سے ختم ہوجائے گا اور قطیف آنے جانے پر پابندی اٹھالی جائے گی۔

    وزارت داخلہ کے نمائندے نے بدھ کو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے قطیف کمشنری آنے جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    ان کے مطابق حفاظتی اقدامات کے خوشگوار نتائج ریکارڈ پر آگئے ہیں اور وزارت داخلہ نے صحت حکام کی سفارش پر قطیف آنے جانے پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ قطیف کے شہری روزانہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک گھروں سے نکل سکیں گے، اس دوران وہ تمام سرگرمیاں کی جا سکیں گی جنہیں استثنیٰ دیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ نے قطیف کے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت و سلامتی کی خاطر حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں اور باہر نکلتے وقت ماسک اور دستانوں کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کی بھی پابندی کریں۔

  • کرونا وائرس: کویت میں لاک ڈاؤن نرم کرنے پر غور

    کرونا وائرس: کویت میں لاک ڈاؤن نرم کرنے پر غور

    کویت سٹی: کویت کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں عائد کی جانے والی پابندیوں کو جہاں تک ممکن ہو سکے مرحلہ وار نرم کیا جائے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویت کے وزیر صحت باسل الصباح نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان سے بخوبی آگاہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ عید الفطر کے بعد حالات معمول کے مطابق ہوجائیں گے تاہم اس حوالے سے بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ عائد کی جانے والی پابندیوں کو جہاں تک ممکن ہو سکے مرحلہ وار نرم کیا جائے۔

    کویتی وزیر صحت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کا ہر صورت میں خیال رکھنا چاہیئے کہ کرونا سے جلد ازجلد چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

    کرونا کی ویکسین کے حوالے سے ایک سوال پر کویتی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی کہ اس وائرس کی فعال اور تیر بہدف ویکسین تیار ہوچکی ہے تاہم اس بارے میں وسیع پیمانے پر تجربات جاری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی تک بعض ادویات جو زیر استعمال ہیں وہ کسی حد تک مرض میں معاون ثابت ہو رہی ہیں تاہم مکمل علاج ابھی تک دریافت نہیں کیا جا سکا ہے۔

    وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت کی زیر نگرانی تیار ہونے والا 12 سو 50 بستروں پر مشتمل اسپتال العارضیہ کے علاقے میں تعمیر کیا جا رہا ہے، اسپتال میں فارمیسی اور قرنطینہ سینٹر بھی بنایا گیا ہے جہاں عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

  • پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی سہولت کو مد نظر رکھا، پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان اس سے مستثنیٰ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہر طبقے اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی، بیکری، کریانہ، سپر اسٹور، بیج، کھاد کی دکانوں، آٹو ورکشاپ، چکن، مچھلی، گوشت اور دودھ کی دکانوں کو بھی استثنیٰ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مستثنیٰ کاروبار صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے، اسپیئر پارٹس، ورکشاپ، پیٹرول پمپ، پھل و سبزی کی دکانیں، آٹا چکی، پوسٹل سروس، تندور اور ہوم ڈیلیوری رات 8 بجے کے بعد بھی کھلارکھنے کی اجازت ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ دودھ، کریانہ اسٹور اور تندور صبح 2 سے شام سوا 4 بجے تک کھلے رہیں گے، عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران کون کون سے کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی ؟؟ جانیے

    لاک ڈاؤن کے دوران کون کون سے کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی ؟؟ جانیے

    اسلام آباد : حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران تعمیراتی انڈسٹری کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے اس کے علاوہ تعمیرات سے وابستہ دیگر شعبے بھی پنا کام جاری رکھیں گے، گندم کی کٹائی میں تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آج سے تعمیراتی انڈسٹری کو کھولنے کے اعلان کے بعد مزدور طبقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات انڈسٹری سے جڑے دیگر کاروبار بھی کھولے جارہے ہیں، گندم کٹائی کا بھی سیزن ہے اس میں تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں جن کاروباروں کو کھول سکتے ہیں صرف انہیں کھولیں گے، تعمیرات کی انڈسٹری میں کیا کیا کھولنا ہے اس پر بھی طویل مشاورت کی گئی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گندم کٹائی کابھی سیزن ہےاس میں تمام رکاوٹیں دورکردی ہیں،  ذخیرہ اندوزی اور گندم کی اسمگلنگ سے متعلق سخت آرڈیننس لایا جائے گا، ذخیرہ اندوزی اور گندم کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو سخت سزائیں دیں گے۔

    حماد اظہر نےصنعتوں کی فہرست جاری کردی

    اس حوالے سے وزیر برائے صنعت حماد اظہر نے حکومت کو کم خدشات کے حوالے سے صنعتوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق ان صنعتوں کو جزوی طور پر لاک ڈاؤن کے باوجود کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

    فہرست کے مطابق کیمیائی اور مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس برآمد کے لئے، ای کامرس برائے ضروری اشیا کی مقامی فراہمی کے لئے ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور پروگرامنگ، پیپر اور پیکیجنگ یونٹس اور وہ صنعتیں جن کی مزدوری ان کے احاطے میں موجود ہے۔

    فہرست کے مطابق سیمنٹ اور کھاد کے یونٹس، کانیں اور معدنیات کے کارخانے، کتابیں اور اسٹیشنری کی دکانیں، ڈرائی کلینرز اور کپڑے دھونے کی خدمات، باغبانی کی نرسریاں، زرعی مشینری بنانے والے یونٹس، گلاس مینوفیکچرنگ کے کارخانے، جانوروں کے علاج کے حوالے سے خدمات کے شعبے کھلے رہیں گے۔

    وزیراعظم کا لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے توسیع کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پوری دنیا میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کیے گئے۔