میرپورخاص: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں پراعتراض کے باوجود پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ آج پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے جمیل احمد بھرگڑی کی وفات پر تعزیت کرنے کے لئے کوٹ غلام محمد کے قریب گاؤں ہاشم بھرگڑی پہنچے تھے۔
تعزیت کے بعد میڈٰیاسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے اورعوامی خدمت جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کررہے ہیں تاہم پیپلزپارٹی کو بھی حلقہ بندیوں کے حوالے سے اعتراضات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمیل احمد بھرگڑی مثبت سوچ رکھے والے انسان تھے، انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق اورفلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کی۔
اس موقع پروزیراطلاعات سندھ نثار کھوڑو، سینیٹرہری رام کشوری لال، ایم پی اے خیر النساء مغل اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔