Tag: London

  • انگلینڈ ٹیم کی کرائے کی سائیکلوں‌ پر گراؤنڈ پہنچنے کی ویڈیو

    انگلینڈ ٹیم کی کرائے کی سائیکلوں‌ پر گراؤنڈ پہنچنے کی ویڈیو

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں ٹریفک جام کی وجہ سے گزشتہ روز انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں میچ سے قبل ٹریفک میں پھنسی رہی تھیں، یہاں تک کہ انگلینڈ کی ٹیم کو کرائے کی سائیکلوں پر گراؤنڈ پہنچنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق اوول کے میدان میں گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو بس کی جگہ سائیکلوں پر گراؤنڈ پہنچنا پڑ گیا، کیوں کہ لندن میں شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا۔

    انگلینڈ کے کھلاڑی بس سے اُترے اور اپنے خرچے پر سائیکلیں کرائے پر لے کر اوول گراؤنڈ پہنچے، دوسری طرف جب ٹاس کا وقت ہو گیا تھا، تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم تب بھی گراؤنڈ نہیں پہنچ سکی تھی، وہ 2 گھنٹے تک ٹریفک میں پھنسی رہی۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث ٹاس 40 منٹ تاخیر کا شکار ہوا۔ کپتان ویسٹ انڈیز نے صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انھیں بھی پتا ہوتا تو وہ پیدل چلے آتے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تیسرا ون ڈے گزشتہ روز اوول میں کھیلا گیا تھا، اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز سے یہ سیریز 3 سفر سے جیت لی ہے۔

  • لندن : گھر میں آتشزدگی سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں  بڑی پیش رفت

    لندن : گھر میں آتشزدگی سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں بڑی پیش رفت

    لندن کے ایک گھر میں گزشتہ روز ہونے والی آتشزدگی کے واقعے میں ماں اور تین بچوں کی ہلاکت پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نارتھ لندن کے علاقے برینٹ میں گزشتہ روز گھر میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی نژاد خاتون اور ان کے 3 بچوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔

    Names of four people

    بدقسمت خاندان کی ایک بچی تاحال اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے برینٹ میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 4 افراد کے نام جاری کر دیے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 43 سالہ نصرت عثمان، 15 سالہ مریم میکائیل، 8 سالہ موسیٰ عثمان اور 4 سالہ رئیس عثمان شامل ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اسی خاندان کی ایک 70 سالہ خاتون اور ایک نوجوان لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، آگ سے اسٹون برج میں واقع خاتون کا 3 منزلہ مکان مکمل تباہ ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ میں آتشزدگی سے ماں 3 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    پولیس نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ جائے وقوعہ سے ایک 41 سالہ شخص کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ پولیس کی حراست میں ہے تاہم مزیدف تفتیش جاری ہے۔

  • گھر میں آتشزدگی : برطانیہ میں پاکستانی نژاد ماں 3 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    گھر میں آتشزدگی : برطانیہ میں پاکستانی نژاد ماں 3 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    نارتھ لندن کے ایک گھر میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں پاکستانی نژاد برطانوی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں ماں اور تین بچے شامل ہیں۔

    پولیس نے قتل کےالزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ نارتھ لندن کے علاقے برینٹ میں پیش آیا۔

    جھلس کر جاں بحق ہونےوالوں میں43سالہ خاتون، 15 سالہ لڑکی، 8اور 4سال کے دو لڑکے شامل ہیں جبکہ 70سالہ خاتون اور ایک لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    جل کر ہلاک ہونے والے افراد کے ہمسایوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان 20سال قبل پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا۔

    لندن کے علاقے اسٹون برج برینٹ میں ایک گھر میں آگ لگنے سے ایک ماں اور اس کے تین بچے جل کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ایک 41 سالہ شخص کو قتل کے شبے میں موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے، اور وہ پولیس کی حراست میں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں 2 افراد بھی شدید زخمی ہی جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 43 سالہ عورت، 15 سالہ لڑکی، 8 سالہ لڑکا، اور 4 سالہ بچہ شامل ہیں۔ یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے اور موقع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔ دو اور افراد، جن میں ایک بزرگ خاتون (70 سال کی) اور ایک نوجوان لڑکی شامل ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء وطن واپس پہنچ گئیں، وطن پہنچنے کے بعد ملک میں انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء بیماری کے باعث علاج کیلیے لندن میں تھیں، 4 ماہ کے علاج کے بعد وہ منگل کی صبح لندن سے واپس وطن پہنچ گئیں۔

    غیرملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے استقبال کیلیے ڈھاکا میں ایئرپورٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی، وہ اپنی 2 بہوؤں کے ساتھ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے بندوبست کی گئی ایک خصوصی ایئر ایمبولینس میں وطن واپس پہنچی ہیں۔

    بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما کی واپسی کے بعد حکومت پر انتخابات کے انعقاد کیلیے دباؤ بڑھ گیا ہے، عبوری حکومت پر اس سال دسمبر میں انتخابات کروانے کے لیے سخت دباؤ ہے۔

    رواں برس جنوری میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے کرپشن کیس میں بری کردیا تھا۔

    سابق وزیراعظم اور دیگر پر 2001 سے 2006 کے دوران غیرملکی عطیات میں سے مبینہ طور پر ایک لاکھ 73 ہزار ڈالر چوری کرنے کا الزام تھا۔

    گزشتہ سال نومبر میں سابق وزیر اعظم کو بدعنوانی کے ایک اور مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا جس میں ان پر 2005 میں ایک اور ٹرسٹ سے 31.5 ملین ٹکا کے غلط استعمال کا الزام لگایا گیا تھا۔

    بھارت اور بنگلا دیش کی ایک دوسرے پر تجارتی پابندیاں

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبا کے احتجاج کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کے بعد خالدہ ضیاء کو رہائی مل گئی تھی، رہائی کے بعد خالدہ ضیاء علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ضیاء 1991 سے 1996 تک اور پھر 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں۔

  • میری صحت بالکل ٹھیک ہے، غلط خبر پھیلائی گئیں، نواز شریف

    میری صحت بالکل ٹھیک ہے، غلط خبر پھیلائی گئیں، نواز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری صحت بالکل ٹھیک ہے، اس حوالے سے غلط خبر پھیلائی گئی۔

    لندن میں صحافیوں سے گفتگو اور ن لیگی ورکرز سے ملاقات کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت میں چل پڑا ہے، وزیراعظم شہباز شریف بہترین کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شہباز شریف نے گرتی معیشت کو اپنےپاؤں پر کھڑا کردیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں، پاکستان میں ہرکام میرٹ پر ہورہا ہے، وہ پنجاب میں کوئی بھی کام میرٹ کے خلاف نہیں کر رہیں۔

    نوازشریف کا کہنا تھا کہ لاہور کی بحالی کیلئے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں، لاہور کو اس کی اصلی حالت میں بحال کریں گے۔

    قائد ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ قومی ائیر لائن پی آئی اے بند کرانے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے، پاکستان موجودہ حالات کا شکار غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہوا۔

  • پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں اتنی پارٹیاں بن چکیں، خواجہ آصف

    پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں اتنی پارٹیاں بن چکیں، خواجہ آصف

    لندن : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں جتنے لوگ ہیں اتنی ہی پارٹیاں بن چکی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں بیٹھی آدھی پی ٹی آئی نورا ہوچکی ہے، اس کے بانی کو اپنی حمایت میں بندے ڈھونڈنے پڑیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی معافی مانگے بھی تو اقتداراس کے حوالے نہیں ہوگا، اس نے ریاست کے خلاف جرائم کیے، بانی کو اپنے جرائم کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

    وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پوری قوم سے معافی مانگیں،جس طرح انہوں نے ہماری تصویریں چلائیں، آج ان کی چل رہی ہیں،انہوں نے لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے تھے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن دنیا کے مختلف ممالک میں ہونا چاہیے، مارچ میں 4ارب سے زائد ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ ہے، پیسے نہ بھیجنے کی شیخیاں مارنے والوں کو اپنی اوقات پتا چل گئی۔

    نواز شریف کی صحت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ان کا علاج جاری ہے، لندن آنے کا مقصد خالصتاً علاج کرانا ہی ہے، ان کی روزانہ کی بنیاد پرمیڈیکل اپوائنٹمنٹ ہیں، میری نوازشریف سے اچھی ملاقات رہی جس میں ذاتی نوعیت کی باتیں ہوئیں۔

    مزید پڑھیں : خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہائبرڈ ماڈل ہے۔ ملک آگے لے جانے کے لیے سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ سب کی پارٹنرشپ ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ بی ایل اے اگر پاکستانیوں کو مارے گی تو اسے قیمت ادا کرنی پڑے گی، بلوچستان کے مسائل بندوق کے زور پر نہیں بلکہ اس کا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔

  • پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    لندن : پی آئی اے کی جانب سے عیدالفطر کے بعد برطانیہ کیلئے پروازیں بحال ہونے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔

    یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز سے پابندی ہٹنے کے بعد اب پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے بھی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

    اس حوالے سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ہے کہ عید کے بعد سے پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازیں باقاعدہ شروع ہوجائیں گی۔

    یہ بات ہائی کمشنر ڈاکٹرفیصل نے لندن میں صحافیوں اور ٹک ٹاکرز کے ساتھ افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لندن اور مانچسٹر سے پروازیں پاکستان جائیں گی، کوشش کر رہے ہیں برمنگھم سے بھی پی آئی اے کی پروازیں جلد بحال ہوں۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا جس میں میڈیا کو بھی مدعو کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد 10جنوری کو قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد پیرس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    اس پابندی کے محرکات میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ شامل تھا جس کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا تھا کہ پی آئی اے نے جعلی لائسنس پر پائلٹ بھرتی کر رکھے ہیں۔

  • لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کی ایک سڑک پر کراچی جیسا واقعہ دیکھنے کو مل گیا، جس میں دو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک شہری کو دن دہاڑے لوٹ لیا۔

    لندن کے شمال مشرقی پارک میں لاقانونیت کا راج دیکھنے کو مل رہا ہے، دو بائیک سوار چوروں نے دن دہاڑے پارک میں سائیکل سوار کو لوٹ لیا، معروف برطانوی روزنامہ ڈیلی میل نے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کر دی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے کس طرح پہلے سائیکل سوار کو آوازیں دیتے اور اس کی سائیکل مانگتے رہے، جب سائیکل سوار نے انکار کیا تو ایک لٹیرے نے ہتھوڑا نکال کر لہرایا۔

    لندن ٹریک ڈومین بائیک
    ٹریک ڈومین بائیک

    اس واقعے میں لٹیروں نے مشرقی لندن کے رہائشی 33 سالہ پیٹرک کونیلی سے 4 ہزار 200 پاؤنڈز کی سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے، واقعے کے بعد سائیکل کلبوں نے پولیس سے صبح کے اوقات میں گشت بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

    میئر لندن صادق خان نے رمضان لائٹس کا افتتاح کردیا

    ڈیلی میل کے مطابق سائیکل کلب کے ممبران شمال مغربی لندن کے مشہور پارک میں ہر روز سویرے جمع ہوتے ہیں، یہاں انھیں متعدد بار مسلح ’بائیک جیکرز‘ کے ہاتھوں پُر تشدد ڈکیتیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ لٹیروں نے جس طرح سائیکل سوار کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس کی ’’ٹریک ڈومین بائیک‘‘ کے برانڈ کا معائنہ کیا تھا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

  • لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قتل کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، ڈبل ڈیکر بس کے اندر ایک 14 سال کے لڑکے کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ساؤتھ ایسٹ لندن کے علاقے وُل وِچ میں ڈبل ڈیکر بس میں مسافروں کے سامنے ایک لڑکے پر چاقو کے وار کیے گئے، طبی عملے کی کوششوں کے باوجود لڑکا جاں بر نہ ہو سکا۔

    ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس نے اسے ’ہولناک جرم‘ قرار دیا، دوسری طرف میئر صادق خان نے علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈیکس اور ایئر ایمبولینس کے پہنچنے کے فوراً بعد نوجوان موقع ہی پر دم توڑ گیا۔

    سپرنٹنڈنٹ لوئس سارجنٹ نے بیان میں کہا ’’میں تصور نہیں کر سکتی کہ متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دوست اس وقت کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

    یاد رہے کہ چاقو زنی کا یہ تازہ ترین واقعہ محض تین ماہ بعد پیش آیا ہے، جب ستمبر میں وُل وچ میں ایک اور نوعمر لڑکے 15 سالہ ڈیجون کیمبل کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ماں جوڈی ٹیلر نے بے حسی سے ہونے والے قتل کے اس سلسلے کو روکنے کی التجا کی تھی۔ کیوں کہ پچھلے سال لندن میں 11 نوعمر لڑکے اسی طرح قتل ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • آپ کے دل نواز شریف کے ساتھ ہیں تو دماغ بھی چلائیں، خواجہ آصف

    آپ کے دل نواز شریف کے ساتھ ہیں تو دماغ بھی چلائیں، خواجہ آصف

    لندن : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، آپ کے دل نواز شریف کے ساتھ ہیں تو دماغ بھی چلائیں۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں ایک تقریب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز پاکستانی اپنے قائد نوازشریف اور قائد اعظم کا یوم پیدائش منانے جمع ہوئے ہیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، عوام کی ایک بڑی تعداد بد دیانت آدمی کو ایماندار سمجھتی ہے۔

    انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا کو سوشل میڈیا پر کاؤنٹر کیا ہی نہیں، اگر آپ کے دل نوازشریف کے ساتھ ہیں تو ساتھ دماغ بھی چلائیں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ نوازشریف کو پاناما کے جعلی مقدمے میں سزا دینا گھناؤنا مذاق تھا، بانی پی ٹی آئی نے ہر لحاظ سے پاکستانی سیاست کو گندہ کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی باتیں سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔

    حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف آتے تھے تو بانی پی ٹی آئی ان کی طرف پشت کرکے بیٹھ جاتے تھے، مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر زیادہ دور نہیں، اب آپ کو زرمبادلہ میں اضافہ واضح نظر آئے گا، پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک کا کچھ فرق نہیں پڑے گا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔