Tag: London

  • کرکٹ ورلڈ کپ 2019: وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان

    کرکٹ ورلڈ کپ 2019: وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان

    لندن: انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچوں کے شیڈول کے مطابق تمام ٹیمیں دو دو وارم اپ میچ کھیلیں گی۔

    پاکستان چوبیس مئی کو افغانستان کے مدمقابل آئے گا، چھبیس مئی کو کارڈف میں گرین شرٹس کا بنگلا دیش سے مقابلہ ہوگا۔

    وارم اپ میچ اٹھائیس مئی تک جاری رہیں گے، میگا ایونٹ کا آغاز تیس مئی سے ہوگا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے، جس کے تحت یہ ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ 2019، قومی سلیکشن کمیٹی نے پلان کو حتمی شکل دے دی

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کا فارمیٹ وہی رکھا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ 1992 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے گئے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔

    پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔

  • امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    لندن/واشنگٹن: امریکا اور برطانیہ میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، مختلف یوپین ممالک میں برفباری سے سیاح خوشی سے جھوم اٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت چین بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کینیڈا میں کڑاکے کی سردی تو ہے ہی لیکن درجہ حرارت منفی سترہ تک گرا تو ایک سو چھہتر فٹ بلند نیاگرا آبشار جم گئی۔

    برطانیہ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، لندن اور مانچیسٹر میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، یورپ میں بھی سردی کا راج ہے۔

    فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں برفباری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بیلجئیم نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی۔ جبکہ امریکا کی متعدد ریاستوں میں برفباری زوروں پر ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی بیس تک گر گیا۔

    یورپ اور امریکا میں شدید برفباری، ٹریفک کا نظام درہم برہم، پروازیں منسوخ

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی امریکا اور پورپی ممالک میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری سے موسم سرد ہوگیا تھا، جبکہ برفباری سے ہونے والے حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • لندن میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کار بم دھماکا

    لندن میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کار بم دھماکا

    لندن : برطانوی دارالحکومت میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کھڑی گاڑی بم دھماکے سے تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی بائیشاپ اسٹریٹ میں واقع مجسٹریٹ عدالت کے باہر دھماکا ہوا ہے، دھماکے سے کچھ دیر قبل ہی پولیس کو دہشت گردانہ حملے سے متعلق خفیہ اطلاعات فراہم کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں، پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ کے ارگرد موجود ہوٹلوں سمیت تمام عمارتوں کو خالی کرالیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی سیاست دانوں کو کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کچھ دیر قبل قبضے میں لے کر اسے آلٹر کیا اور رات آٹھ بجے عدالت کے سامنے دھماکے سے اڑا دی۔

    مزید پڑھیں : لندن : فلیٹ میں گیس کے سبب دھماکا، 1 خاتون ہلاک

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کافی دور تک سنائی دی اور دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی جو ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی نہیں بجھائی گئی۔

  • بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے کے بعد تھریسامے نے سیاسی رابطے تیز کردیے

    بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے کے بعد تھریسامے نے سیاسی رابطے تیز کردیے

    لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے کے بعد وزیراعظم تھریسامے نے یورپی رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے یورپی بلاک سے بھرپور حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی رابطے بڑھا دیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسامے نے یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک سمیت دیگر یورپی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔

    یورپی کونسل کے صدر نے ٹیلی فونک رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تھریسامے سے بریگرٹ ڈیل پر گفتگو سمیت مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔

    برطانوی وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر جان کلاڈی جنکر اور ڈچ وزیر اعظم مارک رُٹے سے بھی رابطے کیے، اس دوران بریگزٹ اور تھریسامے کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر بھی گفتگو ہوئی۔

    بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے پر بڑا دکھ ہوا: صدر یورپین کمیشن

    خیال رہے کہ یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے پر برطانیہ کو یورپی یونین میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے انخلا کی مخالفت میں فیصلہ دیا، ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ پڑے، 118 حکومتی ممبران نے بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیے تھے۔

    بریگزٹ ڈیل مسترد، ڈونلڈ ٹسک نے برطانیہ کو یورپی یونین میں رہنے کا مشورہ دے دیا

    علاوہ ازیں یورپین کمیشن کے صدر جان کلاڈی جنکر کا کہنا تھا کہ بریگزٹ ہونے میں بہت کم دن رہ گئے ہیں ایسے میں برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل مسترد کی جس پر بڑا دکھ ہے۔

  • باکسر عامر خان کا امریکی حریف ٹیرنس کرافورڈ سے مقابلہ

    باکسر عامر خان کا امریکی حریف ٹیرنس کرافورڈ سے مقابلہ

    نیویارک: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان جلد امریکی حریف ٹیرنس کرافورڈ سے مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق 20اپریل کو امریکی حریف ٹیرنس کرافورڈ سے لڑنے عامر خان رنگ میں اتریں گے، دونوں کے درمیان مقابلہ امریکی شہرنیویارک میں ہوگا۔

    مقابلے کا اعلان دونوں باکسرز کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا، دونوں حریفوں نے دوسرے کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    مقابلے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھاکہ ٹیرنس کرافورڈ سے فائٹ بہت اہمیت کی حامل ہے، رنگ میں شکست دوں گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان سے متعلق کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کی طرز پر باکسنگ لیگ کروا رہے ہیں ، پاکستان میں باکسنگ لیگ کے لیے اے آر وائی کا تعاون حاصل ہے۔

    پاکستان کے ہر ضلع میں باکسنگ جم بنائیں گے، باکسر عامر خان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم بھی باکسنگ لیگ کا حصہ ہوں گے، پاکستان میں بڑا ٹیلنٹ ہے، امید ہے یہاں سے بہترین کھلاڑی نکلیں گے۔

    دوسری جانب ٹیرنس کرافورڈ کا کہنا تھا کہ عامرخان سے فائٹ بہت اہم ہے، یقین ہے عامرخان کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال مئی میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا تھا کہ باکسنگ فیڈریشن کو مدد چاہئے تو حاضر ہیں، پاکستان کے ہر ضلع میں باکسنگ جم بنائیں گے۔

  • شہزادہ فلپ ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے

    شہزادہ فلپ ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے

    لندن: ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ دی ڈیوک آف ایڈنبرگ ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ کے شوہر 97سالہ شہزادہ فلپ کی کار کو حادثہ پیش آیا تاہم وہ اس حادثے میں محفوظ رہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثہ سینڈرنگھم اسٹیٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب شہزادہ فلپ کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں ان کی کار کوشدید نقصان پہنچا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے ہیں، جبکہ دو خواتین اس حادثے میں معمولی زخمی ہوئیں۔

    ریسکیو عملے نے جاعے وقوعہ پر پہنچ کر فوری کارروائی کی، اور سڑک کو تھوڑی دیر کی بندش کے بعد کھول دی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال شہزادہ فلپ شدید علیل رہے تھے، نہوں نے عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرنے سمیت اعلان کیا تھا کہ شاہی دیوان میں کئی دہائیوں تک خدمات انجام دینے کے بعد وہ تمام سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

    لندن: ملکہ برطانیہ کے شریک حیات شہزادہ فلپ اسپتال داخل

    شہزادہ فلپ گزشتہ چند سالوں میں دل کے امراض و دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں تاہم عمومی طور پر ابھی تک وہ اچھی صحت کے حامل بتائے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ شہزادہ فلپ نے گذشتہ سال ایسٹر کی تقریبات میں بھی شرکت سے معذرت کرلی تھی، شہزادہ چارلس کے بیٹے پرنس ہیری کی شادی میں بھی شرکت کے حامی نہیں تھے۔

  • برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کی اکثریت نے بتا دیا کہ وہ کیا چاہتے ہیں: تھریسامے

    برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کی اکثریت نے بتا دیا کہ وہ کیا چاہتے ہیں: تھریسامے

    لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد میں کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کی اکثریت نے بتا دیا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی قوم سے خطاب کرتے ہوئے تھریسامے کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعظم میری ذمےداری ہے کہ عوامی خواہش پرعمل کراؤں، تمام جماعتوں کو دعوت دیتی ہوں کہ آئیں مل کر مسئلے کا حل نکالیں۔

    انہوں نے کہا کہ بریگزٹ پر ریفرنڈم میں عوامی خواہشات کا احترام کیا جائے گا، اپوزیشن کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، آئیں بریگزٹ کا معاملہ ممکن بنائیں۔

    برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھیں، کل سے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی، ہم متحد ہوکر برطانیہ کے مستقبل کے لیے کام کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ لیبر پارٹی کے رویئے سے مایوسی ہوئی، حالات سے کس طرح مقابلہ کرنا ہے اسی بابت سوچ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج روز برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف عدم اعتماد پر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی، تحریک عدم اعتماد پر اراکین پارلیمنٹ کی ووٹنگ میں تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔

    برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

    برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی حمایت میں 325 اور مخالفت میں 306 ووٹ آئے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے معاملے پر پارلیمان کا اعتماد کھودیا، ہاؤس آف کامنزنے بریگزٹ ڈیل مسترد کردی، ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ پڑے، 118 حکومتی ممبران نے بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

  • بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے پر بڑا دکھ ہوا: صدر یورپین کمیشن

    بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے پر بڑا دکھ ہوا: صدر یورپین کمیشن

    برسلز: یورپین کمیشن کے صدر جان کلاڈی جنکر کا کہنا ہے کہ بریگزٹ ہونے میں بہت کم دن رہ گئے ہیں ایسے میں برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل مسترد کی جس پر بڑا دکھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو تاریخی شکست ہوگئی، پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے انخلا کی مخالفت میں فیصلہ دے دیا، ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ پڑے، 118 حکومتی ممبران نے بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیا۔

    بریگزٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے رکن برطانوی پارلیمنٹ واجد خان کا کہنا ہے کہ آج پارلیمنٹ میں تاریخی ووٹنگ ہوئی، پارلیمنٹ نے واضح کر دیا کہ تھریسامےکی ڈیل نامنظور ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے، ارکان پارلیمنٹ نے بتا دیا ہے کہ بریگزٹ ڈیل منظور نہیں، برطانوی وزیراعظم کو اس شکست کے بعد مستعفی ہوجانا چاہیے۔

    بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست

    دوسری جانب شکست کے بعد تھریسامے کا کہنا ہے کہ غیریقینی میں گزرنے والا ہر دن برطانیہ کو نقصان دے رہا ہے، اب بھی حکومت کو پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل ہے۔

    برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری حکمت عملی 29 مارچ تک وقت گزارنا نہیں، 2 سال تک بریگزٹ ڈیل پر کام کیا، مستقبل سے متعلق سوچ رہے ہیں۔

  • بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست

    بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست

    لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے معاملے پر پارلیمان کا اعتماد کھودیا، ہاؤس آف کامنزنے بریگزٹ ڈیل  مسترد کردی۔۔

    تفصیلات کے مطابق  بریگزٹ ڈیل پر ہاؤس آف کامنز میں رائے شماری ہوئی جس میں حکومت کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا، پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے کی  جانے والی بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں فیصلہ دے دیا، ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ پڑے، 118 حکومتی ممبران نے بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیا۔

    بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے کے بعد حکومتی جماعت کے وائس چیئرمین ٹام پرسگلو نے استعفیٰ دے دیا، اپوزیشن نے تھریسامے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب تھریسامے کا کہنا ہے کہ غیریقینی میں گزرنے والا ہر دن برطانیہ کو نقصان دے رہا ہے، اب بھی حکومت کو پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل ہے۔

    برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکمت عملی 29 مارچ تک وقت گزارنا نہیں، 2 سال تک بریگزٹ ڈیل پر کام کیا، مستقبل کے متعلق سوچ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانوی ارکان پارلیمان نے رواں ماہ 9 تاریخ کو ہونے والی قرارداد کو 297 کے مقابلے میں 308 ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کردیا تھا جس میں بریگزٹ ڈیل پر ہونے ہونے والی پارلیمانی ووٹنگ ممکنہ طور پر ناکام رہنے کے بعد پارلیمانی فیصلہ سازی کا طریقہ کار بدلنے کی بات کی گئی تھی۔

    بریگزٹ: ہرگزرتا لمحہ تاریخ رقم کررہا ہے

    چند روز قبل برطانیہ میں پیلی جیکٹ پہنے مظاہرین سڑکوں پر آگئے تھے اور وزیراعظم ہاؤس کے باہر بریگزٹ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں اپوزیشن رہنما جریمی کوربن کے حامی بھی احتجاج میں شریک ہوئے تھے اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    بریگزٹ: کیا برطانوی عوام اپنے فیصلے پرقائم رہیں گے؟

    خیال رہے کہ جون 2016 میں برطانوی عوام نے 46 برس بعد دنیا کی سب سے بڑی سنگل مارکیٹ یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بریگزٹ کے حق میں 52 فیصد اور اس کے خلاف 48 فیصد ووٹ دیے تھے۔

  • لندن: ریلوے اسٹیشن پر چاقو بردار شخص کا حملہ ناکام، ملزم گرفتار

    لندن: ریلوے اسٹیشن پر چاقو بردار شخص کا حملہ ناکام، ملزم گرفتار

    لندن : برطانوی دارالحکومت میں واقع ریلوے اسٹیشن پر چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسلح شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے جنوبی علاقے میں واقع تلسی ریلوے اسٹیشن پر نامعلوم چاقو بردار شخص نے اس وقت حملہ اچانک کردیا جب اسٹیشن پر مسافروں کا رش بہت زیادہ تھا۔

    مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چاقو زنی کی مذکورہ واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں۔

    واقعے کے عینی شاہدین نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ اچانک اسٹیشن پر افراتفری پھیل گئی اور مسافر خود کو مسلح شخص سے بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔

    تلسی ریلوے اسٹیشن پر موجود برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 59 سالہ خنجر بردار شخص کو اقدام قتل اور غیر قانونی طور پر خطرناک ہتھیار رکھنے کے الزام میں موقع پر ہی گرفتار کرلیا تھا۔

    واقعے کے ایک عینی شاہد نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر ٹویٹ کیا کہ ’تلسی ریلوے اسٹیشن پر خطرناک خنجر سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے برقی گَن نے کرنٹ لگانے کے بعد حراست میں لیا تھا‘۔

    برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کا خیال ہے کہ چاقو زنی کی یہ واردات دہشت گردانہ حملہ نہیں تھی، خوش قسمتی سے کوئی بھی مسافر کا پولیس اہلکار حملے میں زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔

    مزید پڑھیں : لندن: فائرنگ اور چاقو زنی کی واردات، دو افراد قتل 4 زخمی

    مزید پڑھیں : لندن : چاقو زنی کی واردات، ایک شخص ہلاک، ملزم گرفتار

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ذہنی مریض لگتا ہے تاہم حتمی رپورٹ طبی معائنے کے بعد تشکیل دی جائے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لندن کے میئر صادق خان نے چاقو بردار شخص کی گرفتاری کے کچھ دیر بعد لامبیٹھ کونسل کے سربراہ لیب پیک کو نئے ریڈکشن یونٹ کا سربراہ تعینات کیا ہے۔