Tag: London

  • برطانوی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    برطانوی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    لندن: برطانیہ کے مقامی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ کے باہر مظاہروں کے معاملے پر مقامی کونسلرز نے ممبر پارلیمنٹ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مظاہروں کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں، انھیں روکا جائے اور ان کی وجوہ کی جانچ پڑتال کی جائے۔

    ویسٹ منسٹر سے ممبر پارلیمنٹ کو لکھا گیا یہ خط کونسلر پال فشرمین، جیسیکا ٹولی اور پیٹرک للی کی جانب سے لکھا گیا ہے، جس میں پانامہ پیپرز کا بھی ذکر کیا گیا ہے، خط میں لندن کی جائیدادوں اور نواز شریف میں لنک سے متعلق رپورٹ کا بھی ذکر ہے۔

    کونسلرز نے لکھا کہ مظاہروں کی وجہ نواز شریف کی موجودگی ہے، ان کی رہائش گاہ ہونے کی وجہ سے ایون فیلڈ کے سامنے آئے دن ان کے حق یا مخالفت میں مظاہرے ہوتے ہیں، یہ مظاہرے علاقہ مکینوں کو پریشان کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

    کونسلرز نے مؤقف اپنایا ہے کہ اب یہ مظاہرے شدت اختیار کر رہے ہیں جو پڑوسیوں کے لیے ناقابل قبول ہیں، ہم ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنا چاہتے ہیں، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے لیے امیدواران پارلیمنٹ کو بھی خطوط لکھیں گے۔

    کونسلرز کا کہنا تھا کہ اگر پابندی لگی تو نواز شریف بھی حسن نواز کے دفتر سے سیاست نہیں کر سکیں گے۔

  • لندن کا علاقہ خالصتان کے نعروں سے گونج اٹھا

    لندن کا علاقہ خالصتان کے نعروں سے گونج اٹھا

    لندن : برطانیہ میں خالصتان تحریک کے حق میں ہزاروں سکھوں نے بھارتی ہائی کیمشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر لندن کا علاقہ بھارت کیخلاف نعروں سے گونج اٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مظالم کے خلاف لندن میں قائم بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہزاروں سکھوں نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے خالصتان تحریک کے حق میں نعرے بازی کی۔

    اس مظاہرے کا اہتمام فیڈریشن آف سکھ آرگنائزیشن اور سکھ جوانوں کی تنظیموں نے مشترکہ طور پر کیا تھا، مظاہرے میں برطانیہ کے دیگر شہروں سے بھی بسوں کے ذریعے ہزاروں شرکاء لندن پہنچے، مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

    بھارتی ہائی کمیشن کے اطراف کا علاقہ خالصتان کے نعروں سے گونج اٹھا، گزشتہ ہفتے ہائی کمیشن پرخالصتان کا جھنڈا لہرانے کی وجہ سے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

    ہائی کمیشن کی عمارت کی بالکونی پر لگے بھارتی پرچم کی حفاظت کیلئے خاردار تاریں لگائی گئی تھیں، شرکاء کی جانب سے بھارت کے خلاف مسلسل نعرے لگائے جاتے رہے۔

    مظاہرے کے شرکاء سے سکھ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ بھارت سے اپنا بنیادی حق آزادی مانگ رہے ہیں، بھارت طاقت کے زورپر خالصتان کی تحریک کو نہیں دباسکتا، ریفرنڈم کے ذریعے ہم نے جمہوری طریقے سے بتادیا ہے کہ ہم بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔

  • افغان لڑکیوں کو سالانہ امتحان شروع ہونے سے قبل لندن چھوڑنے کا نوٹس مل گیا

    افغان لڑکیوں کو سالانہ امتحان شروع ہونے سے قبل لندن چھوڑنے کا نوٹس مل گیا

    لندن: افغان لڑکیوں کو سالانہ امتحان شروع ہونے سے قبل لندن چھوڑنے کا نوٹس مل گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان کے قبضے کے بعد برطانیہ میں پناہ لینے والی افغان لڑکیوں کو حکومت نے اچانک لندن سے دور منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق افغان لڑکیوں کو اسکول کا سالانہ امتحان لینے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، افغان لڑکیوں کے 15 مئی سے سالانہ امتحان شروع ہونے ہیں لیکن انھیں اہل خانہ سمیت لندن چھوڑنے کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔

    لندن میں واقع فلہم کراس گرلز اسکول کی دو 16 سالہ افغان لڑکیوں کی ہیڈ ٹیچر وکٹوریہ ٹلی نے برطانوی اخبار آبزرور کو بتایا کہ انھیں اس فیصلے سے بہت دکھ ہوا ہے جس سے 13 دیگر افغان طالبات بھی متاثر ہوں گی۔

    افغان لڑکیوں کو مارچ کے آخر تک لندن سے 60 میل دور واقع نارتھیمپٹن شائر منتقل ہونے کا وقت دیا گیا ہے، وکٹوریہ ٹلی کے مطابق لڑکیوں کو جنرل سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ کے امتحان سے محروم کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔

    افغان لڑکی زارا کے والد ادیب کوچی کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے جنھوں نے مقامی کونسل سے مدد کی درخواست کی ہے، انھوں نے کہا ’میری اہلیہ معذور ہے اور بہت زیادہ بیمار، وہ لندن میں آپریشن کی تاریخ کا انتظار کر رہی ہے۔‘

    ادھر برطانوی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی حکام پر لازم ہوگا کہ وہ منتقل ہونے والے افغان طالب علموں کو متعلقہ اسکولوں میں داخلہ دیں تاکہ ان کی پڑھائی میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔

    ترجمان کے مطابق لندن میں 7 ہزار 500 سے زائد افغان پناہ گزینوں کو گھر دیا گیا ہے، اب گھروں میں کمی کے باعث پناہ گزینوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ جنوری میں لندن لائے گئے افغان خاندانوں کا ایک گروپ حکومت کو اس معاملے پر عدالت بھی لے گیا تھا، کہ لندن سے ان کی منتقلی کی وجہ سے ان کے بچوں کو جی سی ایس ای کی تعلیم کے دوران مقامی اسکول چھوڑنا پڑے گا۔

  • صحافی کا جعلی ریستوران لندن کا نمبر ون کیسے بنا؟

    صحافی کا جعلی ریستوران لندن کا نمبر ون کیسے بنا؟

    کسی شہر میں کوئی کاروبار کرنے، اس میں اپنی ساکھ بنانے اور اس سے پیسہ کمانے میں طویل عرصہ لگتا ہے، لیکن بعض اوقات کچھ کیے بغیر بھی یہ سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ لندن کے ایک صحافی اوبھ بٹلر نے کیا جس کے جعلی ریستوران کو لندن کے صف اول کے ریستوران کی حیثیت حاصل ہے۔

    یہ قصہ سنہ 2017 کا ہے جب اس صحافی نے سیاحتی سہولیات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ٹرپ ایڈوائزر پر تفریحاً ایک ریستوران کا اکاؤنٹ بنایا۔

    اس نے اس غائبانہ ریستوران کا نام دا شیڈ ایٹ ڈلوچ رکھا۔

    اس کے بعد اس نے اپنے دوستوں سے اس ریستوران کے آن لائن ریویوز لکھنے کی درخواست کی جس سے ایسا ظاہر ہوا کہ بہت سے لوگ اس ریستوران سے کھانا کھا چکے ہیں۔

    اس دوران کچھ لوگ واقعی اس ریستوران میں آئے، صحافی نے گھر کے گارڈن میں بٹھا کر ان افراد کی خاطر تواضع کی۔

    یہی نہیں اس نے ایک ڈومین خرید کر ریستوران کی باقاعدہ ویب سائٹ بھی بنا ڈالی جبکہ مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر پیجز بھی بنائے۔

    صحافی کا کہنا تھا کہ اس نے گھر میں رکھی بلیچ کی گولیوں، شیونگ فوم اور شہد کی مدد سے کھانے کی نہایت اشتہا انگیز تصاویر کھینچیں اور انہیں سوشل میڈیا صفحات پر پوسٹ کردیا۔

    اس کے بعد راتوں رات یہ تصاویر وائرل اور اس کا غائبانہ ریستوران نہایت مشہور ہوگیا۔

    صحافی کا کہنا ہے کہ یہ دراصل اس کا چھوٹا سا پرینک تھا جس کے ذریعے وہ بتانا چاہ رہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہلچل مچا کر کس طرح لوگوں کو گمراہ کیا جاسکتا ہے۔

  • لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور: سیاحت کا جنون رکھنے والے پاکستانی شہری ذوالفقار علی نے 27 روز میں بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر طے کر ڈالا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے رہائشی ذوالفقار علی نے جو برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں، عام سی بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہوتے ہوئے بھی وہ بائیک پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرچکے ہیں، اب کی بار انہوں نے لندن کا سفر کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ بلوچستان سے نکل کر ایران اور پھر آذر بائیجان گئے وہاں کئی روز گزارے، اس کے بعد ترکی، بلغاریہ اور رومانیہ سے ہوتے ہوئے لندن پہنچے۔

    ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ جاتے ہوئے انہیں 27 دن کا وقت لگا جبکہ واپس لاہور آنے میں صرف 14 دن لگے۔

    انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں لہٰذا ان کے برطانوی پاسپورٹ پر ہر جگہ کا ویزا انہیں نہایت آسانی سے مل گیا۔

  • وزیر اعظم کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر

    وزیر اعظم کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر

    لندن: وزیر اعظم شہباز شریف کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی، وزیر اعظم اب آج رات لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں مزید ایک روز قیام بڑھا دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آج رات لندن سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم وزیر اعظم کی اب کل وطن واپسی متوقع ہے۔

    وزیر اعظم نے نجی پرواز کے ذریعے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کی پاکستان روانگی سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے الوداعی ملاقات کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم نے روایتی انداز میں بڑے بھائی کے پاؤں چھوئے، دونوں بھائیوں نے ایک دوسرے کو محبت سے گلے لگایا جس کے بعد شہباز شریف روانہ ہوگئے۔

    ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف نہ صرف میرے قائد اور میرے بڑے بھائی ہیں بلکہ وہ زندگی بھر میرے لیے طاقت کا ستون رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیار اور محبت میرے لیے اعتماد کا باعث ہے۔

  • تحریک انصاف یوکے کا برطانیہ میں بھی لانگ مارچ جاری

    تحریک انصاف یوکے کا برطانیہ میں بھی لانگ مارچ جاری

    اسکاٹ لینڈ : پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بھی تحریک کا آغاز کردیا، حقیقی آزادی مارچ کا اختتام نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف یوکے کے زیر اہتمام برطانیہ میں بھی لانگ مارچ کا آغاز کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی یو کے کی جانب سے اسکاٹ لینڈ سے لندن تک لانگ مارچ جاری ہے۔

    لندن سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے فرید قریشی کے مطابق اسکاٹ لینڈ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کا پہلا پڑاؤ بریڈ فورڈ تھا جو وہاں سے مزید شرکاء کو ساتھ لے کر شیفیلڈ پہنچ گیا۔

    ذرائع کے مطابق شیفیلڈ سے لانگ مارچ کا قافلہ مزید قافلوں کو ساتھ ملاتے ہوئے لندن پہنچے گا، مذکورہ لانگ مارچ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہراختتام پذیر ہوگا۔

    پی ٹی آئی یوکے کی جانب سے نکالے جانے والے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

    مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی آئی یو کے کے صدر ملک عمران خلیل کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر دمادم مست قلندر ہو گا۔

    ملک عمران خلیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان کیلئے لانگ مارچ برطانیہ میں کیا جا رہا ہے ہم حقیقی آزادی کے لیے نکلے ہیں اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • لندن : وزیرِ خزانہ کی برطرفی کے بعد برطانوی معیشت کو بڑا دھچکا

    لندن : وزیرِ خزانہ کی برطرفی کے بعد برطانوی معیشت کو بڑا دھچکا

    لندن : برطانیہ کے نئے وزیر خزانہ کوازی کوارٹینگ اپنی تقرری کے 40 روز میں ہی عہدے سے برطرف کردیے گئے، برطرف کوازی جو برطانوی وزیراعظم کے قریبی دوست بھی ہیں کی برطرفی کے بعد پاؤنڈ کی قدر میں کمی آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے وزیرِ خزانہ کوازی کوارٹینگ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں ان کی مرضی کے خلاف وزیرِاعظم لزٹرس نے اپنی کابینہ سے برطرف کردیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک تصدیقی پیغام میں انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جب یہ خبر سامنے آئی کہ اب کوازی چانسلر یعنی وزیرِ خزانہ نہیں رہے تو محض آدھے گھنٹے میں پاؤنڈ کی قدر میں تیزی سے کمی سامنے آئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانوی وزیرِاعظم لز ٹرس کے بہت اہم اور کلیدی کابینہ کے رکن اور اطلاعات کے مطابق گرینچ میں ان کے پڑوسی ہیں جو چند ہفتوں میں ہی ان کی ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔

    بی بی سی کے سیاسی امور کے ایڈیٹر کرس مورس کے تجزیے کے مطابق یہ واقعی بہت حیران کن خبر ہے کیونکہ وزیر اعظم لزٹرس اور کوازی کوارٹینگ پرانے دوست بھی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کنزرویٹو پارٹی کے ایک ہی ونگ سے ہیں، انہوں نے ملکی پالیسی کے حوالے سے جو کوششیں کی ہے وہ سیاست پر ان کے نقطہ نظر کا مرکز ہے مگر اب وزیرخزانہ 40دن کے کم عرصے میں ہی سارے منظر نامے سے باہر ہوگئے ہیں۔

    ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے وزیراعظم آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی۔

    وزیراعظم لزٹرس کی ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہونے والی نیوز کانفرنس میں مالی عدم استحکام پر بات ہونے کے امکانات ہیں مگر اس وقت برطانیہ کے پاس خزانے کا چانسلر نہیں ہے۔

    وزیر اعظم لزٹرس اس وقت تک صحافیوں کے سوالات کا سامنا نہیں کرنا چاہیں گی جب تک وہ اس بات کا جواب نہ دے دیں کہ وزارت خزانہ کون چلاتا ہے۔

    پارٹی میں کچھ لوگ یہ بحث کر رہے ہیں کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اسے ایک نئے چانسلر میں جس چیز کی تلاش کرنی چاہیے وہ ان کی ساکھ ہے، کنزرویٹو بینچوں پر دو ارکان رشی سونک اور ساجد جاوید ہیں جو وزیرِ خزانہ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔

    کوازی کوارٹینگ کے سیاسی کیرئیر کا سرسری جائزہ:

    لز ٹرس کی طرح کلاس آف 2010 کے ایک رکن سپیلتھورن سرے سے رکن منتخب ہوئے، جب اُس سال عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے اقتدار حاصل کیا۔

    کوازی کوارٹینگ نے سال 2016 میں یورپی یونین سے نکلنے کی تحریک کی حمایت کی۔ کوازی بورس جانسن کی حکومت میں بزنس سیکرٹری بنے، جسے بورس جانسن کی حمایت کے بدلے ملنے والی نوازشات کے طور پر دیکھا گیا۔

    انہوں نے لزٹرس کی سال2022 کی لیڈر شپ مہم کی حمایت کی اور وزیر خزانہ بنائے جانے سے پہلے انہیں وزیر اعظم کی سیاسی روح کے طور پر بیان کیا گیا۔

    23ستمبر کو ایک منی بجٹ پیش کیا جس میں 45 بلین پاؤنڈز ٹیکس میں کٹوتیوں کا وعدہ کیا گیا، قرضوں کے ذریعے  فنڈز فراہم کیے گئے، جس کے بعد مارکیٹ میں افراتفری اور بینک آف انگلینڈ کی مداخلت عمل میں آئی۔

  • نئے برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے سکے منظرعام پر

    نئے برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے سکے منظرعام پر

    لندن : برطانیہ میں ملکہ الزبتھ کی موت کے بعد بادشاہ کا مرتبہ حاصل کرنے والے بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے سکے تیار کرلیے گئے جو کرسمس کے موقع پر جاری کیے جائیں گے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس کی تصویر والے پہلے برطانوی سکوں کی نقاب کشائی رائل منٹ نے کی ہے، ان سکوں میں شاہی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نئے بادشاہ کی تصویر ان کی آنجہانی والدہ ملکہ الزبتھ کے مخالف سمت میں بنائی گئی ہے۔

    بادشاہ چارلس سوئم کا 5 پاؤنڈ کا یادگاری سکہ/ فوٹو رائٹرز

    اس حوالے سے شاہی ٹکسال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے دو نئے سرکاری سکوں کا ڈیزائن مجسمہ ساز مارٹن جیننگز نے تیار کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by The Royal Family (@theroyalfamily)

    منظر عام پر آنے والے یادگاری سکوں میں ایک 5 پاؤنڈ کا جبکہ دوسرا سکہ 50 پینس کا ہے۔ مذکورہ سکے کرسمس کے موقع پر مارکیٹ میں لائے جائیں گے جہاں وہ ملکہ الزبتھ دوئم کی تصویر والے موجودہ سکوں کے ساتھ ساتھ استعمال ہوں گے۔

    یہ بادشاہ چارلس سوئم کا 50 پینس والا سکہ ہے جو کرسمس تک جاری کیا جائے گا/ فوٹو رائٹرز

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابھی سکے بدل رہے ہیں لیکن برطانیہ کے بینک نوٹ تاحال وہی رہیں گے۔

    بینک آف انگلینڈ کے اعلان کے مطابق بینک فی الحال آنجہانی ملکہ کی خصوصیت والے موجودہ نوٹ جاری کرتا رہے گا تاہم شاہی خاندان کی رہنمائی کے بعد ماحولیاتی اور مالیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

    سکوں پر بادشاہ چارلس سوئم کو دائیں سے بائیں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے مخالف سمت میں ایک شاہی روایت کے بعد دکھایا گیا ہے فوٹو رائٹرز

    اس تصویر کے چاروں طرف ایک لاطینی تحریر بھی درج کی گئی ہے جس کا اردو ترجمہ ہے کہ کنگ چارلس تھری خدا کے فضل سے عقیدے کا محافظ ہے۔

  • شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    لندن : وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے آج لندن سے امریکا پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق 20ستمبرکو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے، نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماوں سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

    وزیراعظم آفس سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق 20ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں سے ملاقات ہوگی۔

    20ستمبر کو وزیراعظم کی آسٹریا کے چانسلر، اسپین کے صدر کے علاوہ یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف ‘گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ’ میں بھی شرکت کریں گے، 21ستمبر کو وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی، ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات ہوگی۔

    شیڈول کے مطابق ترکیہ کے صدر کے علاوہ ایران کے صدر سے بھی وزیراعظم کی دوطرفہ ملاقات ہوگی وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

    21ستمبر کو وزیراعظم امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی طرف سے عشائیہ میں شرکت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے اور فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے بھی ملیں گے۔

    22ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ان کے دفتر میں ملیں گے۔

    اس دورے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی چین اور جاپان کے وزرائے اعظم سمیت ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    وزیراعظم آفس سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق 23ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہوگی۔