Tag: London

  • لندن: تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، 2 ایشیائی نوجوانوں پر حملہ

    لندن: تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، 2 ایشیائی نوجوانوں پر حملہ

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا۔ مشرقی لندن کے علاقے میں نامعلوم افراد 2 ایشیائی نوجوانوں پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے۔

    مشرقی لندن کے علاقے بیتھنل گرین میں نامعلوم افراد نے 2 ایشیائی نوجوانوں پر تیزاب پھینک کر انہیں زخمی کردیا۔ حملہ آوروں نے نسل پرستانہ نعرے بھی لگائے۔

    تیزاب سے جھلسے نوجوانوں نے قریبی دکاندار سے پانی اور مدد طلب کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تیزاب کا اثر کم کرنے کے لیے نوجوانوں پر پانی ڈالا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ لندن میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ایشیائی افراد پر تیزاب حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جون میں ماڈل ریشم خان اور ان کے کزن پر تیزاب پھینکا گیا جس سے ان کا چہرہ بری طرح جھلس گیا تھا۔

    جولائی میں مشرقی لندن میں 7 افراد کو تیزاب سے نشانہ بنایا گیا۔

    اس سے قبل بھی لندن کے ایک کلب میں تیزاب گردی کے واقعہ میں 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔


  • لندن میں 90 منٹ میں 4 تیزاب گردی کے واقعات

    لندن میں 90 منٹ میں 4 تیزاب گردی کے واقعات

    لندن : مشرقی لندن میں نوے منٹ میں چار تیزاب گردی کے واقعات پیش آئے، چار افراد پر الگ الگ مقام پر تیزاب پھینکا گیا، چاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    لندن میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ میں ہورہا ہے ، لندن کے مشرقی علاقوں میں ڈیڑھ گھنٹے کے دوران تیزاب گردی کے چار واقعات پیش آئے، چار افراد پر الگ الگ مقام پر تیزاب پھینکا گیا، لندن پولیس کے مطابق چاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پہلا واقعہ کوئنز برج روڈ پر پیش آیا، موٹر سائیکل پر سوار افراد نے نوجوان پر تیزاب پھینکا اور اسے لوٹ کر فرارہوگئے، حملے میں نوجوان کا چہرہ زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دو حملہ آوروں نے متاثرہ شخص کے چہرے پر تیزاب کا سپرے کیا اور اس کی موٹر سائیکل بھی چھین لی۔

    تیزاب پھینکنے کا دوسراواقعہ شورڈچ ہائی اسٹریٹ پیش آیا، یہاں بھی موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے حملہ کیا۔

    تیسرا واقعہ کزینو روڈ میں ہوا ، جہاں چوری کے دوران ملزمان شخص پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے، حملے میں نوجوان کا چہرہ متاثر ہوا۔


     مزید پڑھیں : لندن: مسلم خاتون پر تیزاب سے حملہ


    چوتھا واقعہ چیٹ سورتھ روڈ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار پر تیزاب پھینکا گیا۔

    لندن پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں تیزاب گردی کے واقعات آپس میں منسلک ہیں، ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔

  • راہ گیروں کے چلنے سے بجلی پیدا کرنے والی سڑک

    راہ گیروں کے چلنے سے بجلی پیدا کرنے والی سڑک

    لندن: برطانیہ میں دنیا کی پہلی اسمارٹ سڑک کا افتتاح کردیا گیا جو راہ گیروں کے چلنے سے بجلی پیدا کرے گی۔

    برطانوی دارالحکومت لندن کی مشہور زمانہ سڑک آکسفورڈ اسٹریٹ سے متصل برڈ اسٹریٹ کو دنیا کی پہلی اسمارٹ سڑک بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

    اس سڑک پر ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت بند کر کے اسے صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

    سڑک کے ایک حصے پر خصوصی مقناطیسی پینلز نصب کیے گئے ہیں جو انسانی پیروں کے دباؤ سے حرکت میں آئیں گے اور اس توانائی کو بجلی میں تبدیل کردیں گے جس سے اطراف میں لگی روشنیاں جل اٹھیں گی۔

    یہی نہیں اس حصے کو ماحول دوست تکنیک استعمال کرتے ہوئے اسے فیشن اور ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے پر غور کیا جارہا ہے جہاں فطرت اور جدید دور ایک ساتھ موجود ہو۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ندیم نصرت پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں، فاروق ستار

    ندیم نصرت پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ندیم نصرت امریکامیں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں، مہاجروں کی نمائندگی کادعویٰ کرکے ایسی باتیں نہ کی جائیں، لندن والوں کےرویوں سےافسوس ہوتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان عوام میں موجود ہے، پاکستان مخالف لابی کے ساتھ مل کرغلط زبان استعمال کی جارہی ہے، مہاجروں کانام استعمال کرنےکی مذمت کرتے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں:

    لندن والوں کارویہ 22اگست کی پالیسی کاتسلسل ہے، ان کا کہنا تھا کہ ندیم نصرت کی پاکستان مخالف لابی کے ساتھ سرگرمیاں قومی سلامتی کا معاملہ ہے، پاکستان مخالف سرگرمیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔

    ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش ہو رہی ہے، لندن سے آنے والے آڈیو بیانات اور پاکستان مخالف جارحانہ رویہ اختیارکیا جانا نامناسب عمل ہے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونقصان پہنچانےکی مذمت کرتےہیں، ایم کیوایم پاکستان عوام میں موجودہے، عوام میں رہ کران کےمسائل حل کرنےکی کوشش کررہےہیں،  لندن والوں کےرویوں سےافسوس ہوتاہے، ایسےرویوں سےہماری حب الوطنی کومشکوک بنایا جارہا ہے۔

    مہاجروں کو پاکستان کیخلاف کھڑا کرنے کی سازش کی جارہی ہے 

    ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈائنابیکراورجان مکین سےہمیں کوئی توقع نہیں، سازش کی جارہی ہے کہ مہاجروں کو پاکستان کیخلاف کھڑا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم امریکا کی اکثریت ہمارےساتھ ہے، کیونکہ امریکا کےکارکنوں نے پاکستان کے ساتھ کھڑےہونے کا فیصلہ کیاہے،

    مہاجروں کی نمائندگی کادعویٰ کرکےایسی باتیں نہ کی جائیں، ہم یہاں پاکستان کی نمائندگی کرہےہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان 22اگست کی پالیسی کو مسترد کرتےہوئے ایم کیوایم پاکستان 23اگست کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

    ہمارے کئی کارکنان آج بھی جیلوں میں ہیں 

    ایم کیوایم پاکستان کےکئی کارکنان آج بھی جیلوں میں ہیں، مسلسل22اگست کودہرایا جا رہا ہے، مظلومیت کا رونا رو کرپاکستان مخالف لابنگ کرناصحیح عمل نہیں۔

    امریکی کانگریس سے پاکستان کی امداد بند کرنے کی بات مضحکہ خیز ہے، ایک ایک مہاجر نے طے کیاہے کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے۔

  • پاکستان کا 70واں یوم آزادی، لندن کی بسیں پاکستانی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئیں

    پاکستان کا 70واں یوم آزادی، لندن کی بسیں پاکستانی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئیں

    لندن : پاکستان کی 70 سالہ یوم آزادی منانے کا ایک نیا انداز اپنایا گیا، پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے لندن کی بسوں کو روایتی انداز سے سجایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے مرکز لندن میں چلنے والی بسوں پر بھی پاکستانی ثقافت کےرنگ چھا گئے۔پاکستان کےسترسال پورے ہونے پر بسیں پاکستانی بن گئیں۔

    پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کی آزادی کو 70 سال مکمل ہونے پر برطانیہ میں ’ابھرتا ہوا پاکستان‘ کے نام سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا، اس مہم میں برطانیہ کی ڈبل ڈیکر بسیں پاکستانی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئیں۔

    سرخ ڈبل ڈیکر بسوں پر ایمرجنگ پاکستان اور لینڈ آف بیوٹی کی عبارت لکھی ہوئی ہے، جو دنیا کو خوبصورت پاکستان کا پیغام دے گا۔ جبکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر نمایاں ہے۔

    برطانوی بسوں پر پاکستانی ٹرک آرٹ ، پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کے ساتھ خوبصورتی اور بلند و بالا پہاڑوں سمیت قومی جانور مارخور کا عکس بھی نمایاں کیا گیا ہے، جو دنیا بھر کے سیاحوں کامرکز ہے۔

    لندن کی مشہور سرخ بسوں کو پاکستان کے روائتی رنگوں اور تصاویر سے رنگنے کیلئے معروف اشتہاری کمپنیوں اور نامور ڈیزائنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

    بسیں لندن کے روایتی راستوں سے گزریں گی، جس میں روزانہ سیکڑوں سیاح سفر کریں گے اور پاکستان کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔



    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جے آئی ٹی ایک طرف اور قوم دوسری طرف جا رہی ہے، نوازشریف

    جے آئی ٹی ایک طرف اور قوم دوسری طرف جا رہی ہے، نوازشریف

    لندن : وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی جےآئی ٹی ہمارے بدترین مخالفین کوسن رہی ہے،
    قوم کسی اورطرف اور جےآئی ٹی کسی اورطرف جارہی ہے، پاکستان میں جومعاملہ چل رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے کہا کہ میں نے جےآئی ٹی کو کہا کیا ڈھونڈنے کی کوشش کررہےہیں؟ کیا یہ کرپشن کا کیس ہے، وہ اس بات کا جواب ہی نہیں دےسکے۔

    جےآئی ٹی کو کہا کہ الزام کی حد تک ہی کوئی بات یا کوئی چیز سامنے لےآؤ لیکن ان کے پاس کچھ نہیں ہے، اس سے بڑا اور تماشہ کیا ہوگا۔

    پاکستان میں جو چل رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے

    وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا، کرپشن سےمتعلق کچھ نہیں ہے، جےآئی ٹی کی تاریخ واٹس ایپ سےشروع ہوکرابھی تک چل رہی ہے، پاکستان میں جومعاملہ چل رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 1972سے ہمارے ذاتی کاروبار کے پیچھے گھوم رہے ہیں، میں اور میرے بچےحساب دے رہے ہیں، یہ مذاق ہے، ملک کاوقت ضائع کیا جارہاہے، مجھے یہ وقت بھی مل جاتا تو ملک اور قوم کی خدمت کررہا ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ 1972میں میں نہ وزیراعظم تھا نہ شہبازشریف وزیراعلیٰ تھے، اس وقت ہماری فیکٹری کو نیشنلائز کرلیا گیا تھا۔

    اگلا الیکشن بھی نون لیگ جیتے گی

    وزیراعظم نوازشریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی مخالفین الیکشن میں بری طرح ہارگئے، 90فیصد ضمنی الیکشن بھی ہم نے جیتے، مخالفین میں دم خم نہیں، 2018الیکشن بھی ن لیگ جیتےگی۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین حیلے بہانوں سے مجھے منسب سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

    امپائرکی انگلی کامطلب کیاہے؟

    وزیر اعظم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ پاکستان کے خلاف ان کےجذبات ابل رہےہیں، دھرنے کی وجہ سےچینی صدر وقت پرنہ آسکے، چینی صدرکی آمد میں تاخیر سے معیشت پرفرق پڑا۔

    نوازشریف نے کہا کہ ترقی کے دشمن پاکستان کےخلاف ہوجاتےہیں، وہ اس طریقے سے سازش کاجال بننا چاہتےہیں، ان سےپوچھیں کہ امپائرکی انگلی کامطلب کیاہے؟

    یہ سازشی سیاستدان ملکی ترقی کے خلاف کام کر رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہاہے، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئےختم ہونےجارہی ہے، ہرماہ بجلی کا نیا کارخانہ کام کرنا شروع کررہاہے۔

  • ورلڈ الیون ستمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی کی تصدیق

    ورلڈ الیون ستمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی کی تصدیق

    لندن : ورلڈ الیون رواں برس ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، آئی سی سی نے دورے کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کرلیا، لندن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کااجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں آئی سی سی بورڈ نے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کی حمایت کا عندیہ دے دیا، آئی سی سی کے مطابق رواں سال لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، ٹیم ستمبر میں پاکستان آئے گی۔

    ان میچز کو عالمی کھیل درجہ حاصل ہوگا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے تفصیلات کااعلان بعد میں کیاجائےگا۔


    مزید پڑھیں: پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی، جائلزکلارک


    یاد رہے کہ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے اپنے لاہور کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو۔


    مزید پڑھیں: آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹرز پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی

    کرادی، سیٹھی


    جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، جلد ہی پاکستانی شائقین اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔


    مزید پڑھیں: پی ایس ایل ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سبب

    بنےگا‘نجم سیٹھی


  • لندن: دہشت گرد کا نمازیوں‌ پر حملہ، 1 شہید، 10 زخمی، حملہ آور گرفتار، برطانوی شہری نکلا

    لندن: دہشت گرد کا نمازیوں‌ پر حملہ، 1 شہید، 10 زخمی، حملہ آور گرفتار، برطانوی شہری نکلا

    لندن: شمالی لندن میں ایک دہشت گرد نے مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر گاڑی چڑھادی، ایک نمازی شہید اور کم از کم 10 زخمی ہوگئے، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا، اس کی  شناخت کرلی گئی  ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب شمالی لندن میں واقع فنزبری مسجد سے مسلمان نماز پڑھ  مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔

    حملے کے فوری بعد کی ویڈیو

    عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے گاڑی فٹ پاتھ پر چلنے والے ان نمازیوں پر چڑھا دی، نیتجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، لوگوں نے فوری طور پر دہشت گرد کو پکڑلیا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، وہ 48 سالہ ایک شخص ہے، اس کی دماغی حالت کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا، واقعہ دہشت گردی ہے، اس کی تفتیش دہشت گرد حملے کے طور پر کی جائے گی۔

    مسلم کونسل برطانیہ کا کہنا ہے کہ وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی لوگوں پر چڑھا دی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ خاصا مصروف تھا کیونکہ رمضان کے سبب لوگ شام کی نماز ادا کرنے آئے تھے۔

    لندن میٹروپولیٹن پولیس کاکہناہے کہ سیون سسٹر روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ہنگامی خدمات کی تعیناتی کی گئی ہے۔

    اس حادثے کی ایک آن لائن ویڈیو میں لوگوں کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے اور ایک آدمی ایک زخمی کو ہنگامی طبی امداد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب لندن ایمبولنس سروس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیون بیٹ کےمطابق ہم نےجائے وقوعہ پر بہت سی ایمبولنسیں بھیج دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی طبی ساز و سامان بھی ارسال کر دیا ہے۔


    لندن : دہشت گرد حملوں میں‘7افراد ہلاک‘متعدد زخمی


    بی بی سی کے مطابق اس واقعے کے ایک عینی شاید عبدل رحمان نے انہیں بتایا کہ وین ڈرائیور نے کہا ہے کہ وہ تمام مسلمانوں کو مارنا چاہتا ہے، جب وین میں بیٹھا ہوا شخص باہر آیا تو وہ بھاگنا چاہتا تھا اور وہ بھاگتے ہوئے کہہ رہا تھا’’میں مسلمانوں کو مارنا چاہتا ہوں، میں مسلمانوں کو مارنا چاہتا ہوں۔‘‘

    پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد مسلمان ہیں اور کم از کم 8 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے جاں بحق، زخمی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

    لندن میں پے درپے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر وزیرِ اعظم نے آج ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے

    واضح رہےکہ اس سے پہلے تین جون کو لندن برج پر اور اس کے پاس کے علاقے میں لوگوں پر حملہ ہوا تھا جسے پولیس نے شدت پسند حملہ قرار دیا تھا۔حملےمیں7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئےتھے۔

    حملہ آور کون ہے؟ شناخت ہوگئی

    مسجد پر حملہ کرنے والے گرفتار دہشت گرد کی شناخت ہوگئی، حملہ آور کی عمر 47  سال ہے اور اس کا نام ڈیرن آسبورن اور وہ برطانوی شہری ہے۔

    برطانوی ویب سائٹ دی گارجین نے برطانوی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملزم کا نام ڈیرن آسبورن ہے کارڈف کا رہائشی ہے جو کہ اسلام فوبیا کا شکارہے، ملزم نے مسجد سے نکلنے والے نمازیوں کو وین کے ذریعے نشانہ بنایا۔

    ملزم کی کارڈف میں جہاں رہائش گاہ ہے وہاں سے منتخب لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اسٹیون نے عوام سے سوشل میڈیا کے ذریعے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں حملہ آور ڈیرن آسبورن سے متعلق کوئی معلومات ہے توہم سے فوری طورپر رابطہ کریں اور تعصب پر مبنی بیانات سے گریز کریں۔

    ملزم کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کا شدید مخالف ہے اور وہ اس کا کھلم کھلا اظہار بھی کرتا تھا، حملے کے وقت بھی اس کے الفاظ ’’ آئی وانٹ ٹو کل آل مسلم  (میں تمام مسلمانوں کو قتل کرنا چاہتا ہوں)‘‘ تھے۔

    برطانوی پولیس کے مطابق ملزم شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ ہے، لندن کے علاقے ویسٹن سپر میئر میں اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہے اور ایک بار پہلے بھی دہشت گردی کے حملے کے شک میں گرفتار ہوچکا ہے


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • گرینفل ٹاور آتشزدگی: حکومتی پالیسیوں سے نالاں عوام سڑکوں پر

    گرینفل ٹاور آتشزدگی: حکومتی پالیسیوں سے نالاں عوام سڑکوں پر

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے گرینفل ٹاور میں آتش زدگی کے بعد لندن کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہوگیا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم ٹریسا مے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل لندن کی گرینفل ٹاور میں آتش زدگی کے بعد حکومتی پالیسیوں سے نالاں عوام سڑکوں پر آگئے۔

    لندن کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہوگیا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم ٹریسا مے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

    بعد ازان ٹریسا مے آگ سے راکھ کا ڈھیربن جانے والے گرینفل ٹاور پہنچیں تو مشتعل مظاہرین نے ان کا استقبال کیا۔ مظاہرین نے ٹریسامے کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی کے قریب احتجاج کیا۔

    اس دوران پولیس اور مظاہرین میں تکرار بھی ہوئی۔

    مظاہرین وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ بھی جا پہنچے جہاں انہوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے گرینفل ٹاور کے متاثرین کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا۔

    دوسری جانب گرینفل ٹاور آتش زدگی میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اورخاموش مارچ کیا گیا۔

    اس موقع پر بھی مظاہرین نے ٹاؤن ہال میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ٹریسا مے متاثرین سے ہمدردی کے لیے موجود تھیں۔

    برطانوی وزیر اعظم نے آگ سے متاثر ہونے والوں کے لیے 50 لاکھ پاؤنڈز کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ منگل کی شب مغربی لندن میں 24 منزلہ رہائشی عمارت گرینفل ٹاور میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے۔

    مزید پڑھیں: سحری کے لیے اٹھے مسلمان لوگوں کی جانیں بچانے والے ہیرو

     آتش زدگی میں اب تک 30 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ متعدد افراد تا حال لاپتہ ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لندن آتشزدگی: سحری کیلئے اٹھے مسلمان لوگوں کی جانیں بچانے والے ہیرو

    لندن آتشزدگی: سحری کیلئے اٹھے مسلمان لوگوں کی جانیں بچانے والے ہیرو

    لندن : لندن کے گرین فیل ٹاورمیں آتشزدگی کے بعد متاثرہ خاندانوں کی مدد میں صحری کیلئے اٹھے مسلمان پیش پیش رہے،برطانوی میڈیا نے مسلمانوں کی ہمدردی اورمدد کے جذبے کوقابل تعریف قراردیا۔

    لندن میں مسلمانوں کی ہمدردی اور بہادری کے چرچے، مسلم کیمونٹی کے قابل تقلید کردار کو برطانوی میڈیا نے خراج تحسین پیش کیا اور مسلم کمیونٹی برطانوی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت بن گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق گرین فیل ٹاور میں آتشزدگی کے بعد مسلمانوں نے اپنے پڑوسیوں کی جان بچانے کے لئے اپنی جان کی پرواہ نہ کی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لندن گرینفل ٹاور میں آتشزدگی کے بعد جائے وقوع پر پہنچنے والے سب سے پہلے افراد مسلمان تھے، انہوں نے اپنے سوئے ہوئے پڑوسیوں کے دروازوں کو کھٹکھٹاتے ہوئے عمارت میں لگی آگ کا بتا کر انہیں چوکنا کیا اور عمارت سے باہر نکلنے میں ان کی مدد کی۔

    سحری کے لئے بیدارہونے والے مسلمانوں نے آگ کی لپیٹ میں آئی عمارت میں پھنسے لوگوں کو باہرنکالا، متاثرہ افراد کا کہنا تھا مسلمانوں نے نہ صرف جانیں بچائیں بلکہ کھانا اورکپڑے بھی فراہم کئے۔

    گرینفل ٹاور میں آگ رات کو تقریباً دو سے ڈھائی بجے کے درمیان لگی جب اکثر لوگ سو چکے ہوتے ہیں تاہم چونکہ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے لہٰذا مسلمان خاندان سحری کی تیاریوں کی وجہ سے جاگ رہے تھے اور انہوں عمارت میں پھنسے لوگوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    برطانوی میڈیا نے مسلم کیمونٹی کےکردار کوسراہتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دیا۔

    مقامی خواتین صفیہ اور رشیدہ نےبتایا کہ اس علاقہ میں مختلف اقوام، ممالک اور مذاہب کے لوگ مقیم ہیں، جو ایک دوسرے سے امن و محبت کے ساتھ رہتے ہیں۔

    نادیہ یوسف نے کہا کہ وہ سحر کی تیاری میں مصروف تھیں کہ آگ کا پتہ چلا اور انہوں نے کئی مرد و خواتین اور بچوں کو بچانے میں ساتھیوں کی مدد کی۔


    مزید پڑھیں : لندن : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی


    یاد رہے گذشتہ روز مغربی لندن میں چوبیس منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیل گئی ، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    مذکورہ عمارت 130 رہائشی فلیٹس پر مشتمل ہے جس میں ہزاروں افراد رہائش پذیر تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔