Tag: London

  • سوشل میڈیا پر دوستی کا انجام، برطانوی خاتون نے بھارتی شہری کو کنگال کرڈالا

    سوشل میڈیا پر دوستی کا انجام، برطانوی خاتون نے بھارتی شہری کو کنگال کرڈالا

    نئی دہلی: سوشل میڈیا پر دوستی کا انجام بھارتی شہری کو کنگال کرگیا، برطانوی دوشیزہ لاکھوں روپے ہتھیا کر چلتی بنی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع پانی پت میں رپورٹ ہوا، جہاں ایک کسان نے برطانوی خاتون کے عشق میں پھنس کر اپنے لاکھوں روپے لٹادئیے۔

    پولیس کو موصول رپورٹ کے مطابق رشی پال نامی کسان کی تین ماہ قبل سوشل میڈیا پر  برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایوا براون  نامی خاتون سے دوستی ہوئی، ٹیلی فونک گفتگو میں قربتیں بڑھنے لگی تو اس نے خاتون کو ہندوستان آنے کی دعوت دی۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون نے کسان کی دعوت کو قبول کیا اور بتایا کہ وہ جنوری کے آخری ہفتے میں بھارت آئیں گی، کسان سے سوشل میڈیا کے زریعے رابطے میں رہنے والی خاتون دراصل ‘ٹھگ’ تھیں، جس نے کسان کو اپنے جال میں پھنسایا۔

    اکتیس جنوری کو کسان رشی پال کے پاس فون آیا، کال کرنے والے نے خود کو کسٹم ڈپارٹمنٹ ممبئی ایئر پورٹ کا اہلکار ظاہر کیا، مذکورہ شخص نے معصوم کسان کو بتایا کہ آپ کی دوست ممبئی ایئرپورٹ پر موجود ہے، اسے دہلی بھیجنے کے لئے 1.20 لاکھ روپے ٹکٹ کی ضرورت ہے، رقم نہ ملنے کی صورت میں آپ کی دوست کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، اس دوران ملزم خاتون نے کسان کو ویڈیو کال کرکے یہ بھی باور کرایا کہ وہ ممبئی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: حجاب تنازعے کے شعلے بھارت کی دیگر ریاستوں تک پھیل گئے

    بھارتی کسان رشی پال ان کے جھانسے میں آگیا، جھانسے میں لینے کے بعد ٹھگوں نے اس کے پاس ایک بینک اکاونٹ نمبر بھیجا، تین مختلف نمبرز کی مدد سے ان ٹھگوں نے کسان سے ایک لاکھ بیس ہزار (بھارتی کرنسی) ہتھیائے، پیسے وصول ہونے کے بعد 2 دن تک خاتون کسان سے رابطے میں رہی، بعد ازاں اس نے اپنا موبائل نمبر بند کردیا۔

    جمع پونجی سے محروم ہونے والے کسان نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرادی ہے، پولیس نے شکایت کی بنیاد پر دھوکہ دہی سمیت کئی دفعات کے تحت کیس درج کر کے ملزم خاتون کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • اومیکرون وائرس: برطانیہ رواں ماہ کیا کرنے جارہا ہے؟

    اومیکرون وائرس: برطانیہ رواں ماہ کیا کرنے جارہا ہے؟

    لندن: برطانیہ میں کووڈ-نائینٹین کے کیسز میں کمی کے بعد حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں کرونا پابندیاں رواں ماہ ختم ہونے کا امکان ہے، یہ مجوزہ اقدام وبائی مرض کرونا کے کیسز میں غیر معمولی کمی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    اس اعلان کے بعد برطانیہ بھر میں چوبیس مارچ کے بجائے اکیس فروری کو تمام کوویڈ پابندیاں ختم ہو سکتی ہیں جبکہ وزیرِ اعظم بورس جانسن بھی حالیہ بیان میں کہہ چکے ہیں کہ تمام کوویڈ پابندیاں بہت جلد اٹھا لی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: کورونا کے بارے میں امریکی کیا کہتے ہیں؟ سروے رپورٹ

    وزیر اعظم بوریس جانسن کا کہنا تھا کہ اکیس فروری تک ہم معمول کی زندگی کی طرف لوٹ جائیں گے، ادھر طبی ماہرین کے مطابق اومیکرون کی مختلف اقسام کا خطرہ زیادہ نہیں ہے۔

    وزیر اعظم بوریس جانسن نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام کرونا کے ساتھ جینے کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں کرونا سے متاثرہ پائے جانے پر آئیسولیٹ کا اصول اب بھی جاری ہے جو 24 مارچ کو ختم ہونا تھا۔

     

  • برطانیہ میں کمر توڑ‌ مہنگائی، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    برطانیہ میں کمر توڑ‌ مہنگائی، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    لندن : برطانیہ میں بھی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، رپورٹ کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق برطانیہ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے عام شہریوں پر اس سال موسم سرما کے دوران روزمرہ کے اخراجات کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس سال موسم سرما میں بہت سے خاندانوں کو کھانے پینے یا گھروں کو گرم رکھنے میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور یورپی یونین سے علیحدگی کی وجہ سے برطانیہ کی اقتصادی صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے۔

    کورونا وائرس کے اقتصادی اثرات کے پیش نظر برطانیہ کے عوام کو ایندھن کے بحران، بے روزگاری اور افراط زر میں اضافے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

     

  • اسے "کوویڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی” کے بہانے ذیادتی کا نشانہ بنادیا گیا

    اسے "کوویڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی” کے بہانے ذیادتی کا نشانہ بنادیا گیا

    لندن : برطانیہ میں ہونے والے دلخراش سانحے نے پوری قوم کو خوف میں مبتلا کردیا، سفاک پولیس افسر نے نہتی لڑکی کو اغواء کرکے ذیادتی کے بعد قتل کیا۔

    رواں سال مارچ کے مہینے میں پیش آنے والے واقعہ نے لندن کے رہائشیوں کے دل دہلا دیئے، عدالت میں لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کے ایلیٹ ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ میں خدمات انجام دینے والے 48 سالہ وین کوزن نے اس کے اغواء عصمت دری اور قتل کا اعتراف کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ برطانوی پولیس افسر وین کوزنز نے سارہ ایورارڈ کو گھر جاتے ہوئے اغواء کیا، مقتولہ کو کورونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے بہانے سے گرفتار کیا گیا۔

    مارچ میں ملکی سطح پر ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران سارہ ایورارڈ کا لاپتہ ہونا برطانیہ کے سب سے ہائی پروفائل کیسز  میں سے ایک تھا جس کے بعد سڑکوں پر خواتین کے تحفظ کے حوالے سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    مقتولہ سارہ  ایورارڈ جنوبی لندن کے شہر کلف ہیم میں اپنے ایک دوست سے ملنے گئی تھی، بعد ازاں اس کا گلا گھونٹنے کے بعد  آگ لگا کر قتل کردیا گیا۔ اس کی باقیات اغواء ہونے کے ایک ہفتہ بعد ووڈلینڈ کے علاقے سے ملی تھیں۔

    Family of UK cop charged in Sarah Everard murder gets online hate - NEWS BRIG

    کیس کی سماعت کے موقع پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 33 سالہ سارہ ایورارڈ جو پیشے کے اعتبار سے مارکیٹنگ ایگزیکٹو تھی اور 3 مارچ کو امریکی سفارت خانے  سے ڈیوٹی شفٹ ختم کرنے کے بعد پولیس افسر نے اسے اغواء کیا۔

    پراسیکیوٹر ٹام لٹل نے بتایا کہ ملزم کوزنز جو ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا لیکن پولیس بیلٹ پہنے ہوئے تھا اس نےاپنا وارنٹ کارڈ دکھا کر ایورارڈ کو بہانے سے ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کرکے اغواء کیا۔

    سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک جوڑا اپنی کار میں جارہا تھا اس نے بھی یہ منظر دیکھا لیکن وہ سمجھا کہ یہ گرفتاری پولیس کی کوئی خفیہ کارروائی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے رات 9 بجکر 34منٹ پر اسے ہتھکڑی لگائی اور اسے  کرائے پر حاصل کی گئی ایک کار میں بٹھا کر دور دراز دیہی علاقے میں لے گیا جہاں اس نے زیادتی کے بعد اسے قتل کردیا۔

  • وزیر خارجہ 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

    لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کے 6 روزہ دورے کے بعد لندن پہنچ گئے جہاں وہ برطانوی ہم منصب سے ملاقات سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برطانیہ کے 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، وزیر خارجہ آج رات پاکستان ہاؤس میں منعقدہ عشایئے میں شرکت کریں گے۔

    عشایئے میں وزیر خارجہ پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات سے ملاقات کریں گے جبکہ برطانوی فارن افیئرز کمیٹی کے سربراہ اور ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیر خارجہ برطانوی ہم منصب الزبتھ ٹرس سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    شاہ محمود قریشی لندن میں میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور پاک برطانیہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ کا دورہ برطانیہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے روابط کے فروغ کا مظہر ہے۔

  • وزیر خارجہ دورہ امریکا کے بعد لندن کے لیے روانہ

    وزیر خارجہ دورہ امریکا کے بعد لندن کے لیے روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کا 6 روزہ دورہ کامیابی سے مکمل کر کے لندن کے لیے روانہ ہوگئے، ان کا دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کا 6 روزہ دورہ کامیابی سے مکمل کر کے لندن کے لیے روانہ ہوگئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

    20 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 76 واں اجلاس ہوا تھا جس میں شاہ محمود قریشی نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، وزیر خارجہ نے کونسل آن فارن ریلیشنز میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے پاک امریکا تعلقات اور افغانستان و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کی اور ان کے سامنے بھی مختلف امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    وزیرخارجہ نے امریکی ہم منصب انٹونی جے بلنکن سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغان صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ امریکی وزیر خارجہ نے انخلا کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    وزیر خارجہ یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی کے سربراہ بوریل جوزف سے بھی ملے۔ وزیر خارجہ او آئی سی رابطہ گروپ کشمیر کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، صدر ریڈ کراس اور یو این کمشنر سے بھی ملاقاتیں کی جس میں انہوں نے عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں انسانی المیے کی جانب مبذول کروائی۔

    شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، انڈونیشیا، پرتگال، بیلجیئم، آئر لینڈ، سوئیڈن، ناروے، آسٹریا جاپان و دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کی۔

    وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کیا، ڈی ایٹ فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا، اتحاد برائے اتفاق فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا جبکہ آبی وسائل اور ماحولیاتی تبدیلی پر ورچوئل فورم سے بھی خطاب کیا۔

    وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کی اور انہیں افغانستان کی صورتحال اور اہم امور پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی اجلاس سے ورچوئل خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور جنرل اسمبلی ہال میں موجود رہے، وزیر خارجہ کا دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

  • شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف

    شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف

    لاہور : معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا بچوں نے والد کے نقش قدم پر چل کر 25 فیصد 6 ملین پاؤنڈ ٹیکس چوری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہوگئی ہے ، برطانوی قانون کے مطابق 45 فیصد ٹیکس ادائیگی لازمی قرار دیا گیا جبکہ شریف خاندان لندن میں صرف 20 فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ بچوں نے والد کے نقش قدم پر چل کر 25 فیصد 6 ملین پاؤنڈ ٹیکس چوری کیا، ٹیکس چوری کیلئے ہل میٹلز سے ہونے والی آمدن کو بھی چھپایا گیا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان سے نوکروں کے نام پر پیسہ لانڈر کیا گیا، سعودی عرب سے لندن پیسہ آمدن نہیں، اخراجات مد میں منگوایا گیا، پیسہ اس لئے منگوایا گیا تاکہ ٹیکسزسے بچا جا سکے، سچ ہی کہتے ہیں چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سےنہ جائے، لگتا ہے شریف خاندان کوکہیں بھی ٹیکس دیتے ہوئے موت پڑتی ہے۔

  • شریف فیملی کا برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا اعلان

    شریف فیملی کا برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا اعلان

    لندن: شریف فیملی نے برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف فیملی نے سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی ویزا توسیع درخواست مسترد ہونے کی تصدیق کر دی ہے، ان کے صاحب زادے حسین نواز نے کہا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے۔

    ادھر وزیر داخلہ پاکستان نے کہا ہے کہ نواز شریف اگر وطن واپس آئیں تو انھیں 24 گھنٹوں میں سفری دستاویزات دے دیں گے۔

    واضح رہے کہ نمائندہ اے آر وائی نیوز نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ نواز شریف نے لندن میں مزید ‏قیام کے لیے برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ویزا توسیع کی درخواست دی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔

    برطانیہ نے نوازشریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کر دی

    نواز شریف کا پاسپورٹ پہلے ہی زائدالمعیاد ہونے کی وجہ سے ری نیو نہیں ہوا، قانون کے مطابق ان کے پاس برطانیہ چھوڑنے کے لیے چند دن ہیں، نواز شریف کو سفری دستاویزات کے لیے حکومت پاکستان سے رابطہ کرنا ہوگا، جب کہ ذرائع نے یہ بھی کہا تھا کہ نواز شریف کو برطانیہ میں مزید قیام کے لیے ویزا توسیع سے متعلق اپیل میں جانا ہوگا۔

    دوسری طرف اے آر وائی نیوز نے پاکستان میں برطانوی سفارت خانے سے رابطہ کر کے جب استفسار کیا تو ترجمان نے بتایا کہ انفرادی امیگریشن کیسز پر بیان نہیں دیں گے، امیگریشن معاملات پر ہمارے قوانین واضح ہیں، اس سلسلے میں تمام کیسز کو قانون کے مطابق ہی دیکھا جاتا ہے۔

  • لندن: ریلوے اسٹیشن پر خوف ناک آتش زدگی

    لندن: ریلوے اسٹیشن پر خوف ناک آتش زدگی

    لندن: برطانوی شہر لندن کے جنوبی علاقے کے ریلوے اسٹیشن میں دھماکے بعد آگ لگ گئی، جس سے ایک شخص زخمی اور متعدد متاثر ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کا ایلیفنٹ اینڈ کیسل ریلوے اسٹیشن زور دار دھماکے کی آواز سے گونج اٹھا، جس کے بعد اسٹیشن پر آگ لگ گئی، جس پر 10 فائر انجنز اور 70 فائر فائٹرز نے قابو پایا۔

    آگ پیر کی دوپہر کو لگی تھی، آتش زدگی کے بارے میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا تھا کہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں لگتا، مقامی انتظامیہ نے کہا کہ آتش زدگی سنگین نوعیت کی تھی، تاہم آگ کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان نے واقعے سے متعلق بتایا کہ اس میں دھوئیں سے ایک پولیس افسر سمیت 2 افراد متاثر ہوئے ہیں، واقعے میں 6 تجارتی یونٹس، 3 کاریں اور ٹیلی فون باکس جل کر تباہ ہو گیا۔

    امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر 5 افراد کو طبی امداد فراہم کی، جن میں سے ایک زخمی کو اسپتال بھی منتقل کیا گیا، جب کہ متاثرین میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسٹیشن پر بھڑکنے والی آگ کے شعلے کافی بلندی تک دیکھے گئے، اور دھوئیں کے بادل ہر طرف پھیل گئے، انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی تدبیر کے تحت مقامی رہائشیوں کو گھر کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی، دوسری طرف اسٹیشن پر آنے والی تمام ٹرینوں کو روک دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا معلوم نہیں ہوتا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان ایک بار پھر لندن کے میئر منتخب

    پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان ایک بار پھر لندن کے میئر منتخب

    لندن: پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان ایک بار پھر لندن کے میئر منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن کے شہریوں نے ایک بار پھر صادق خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں مئیر منتخب کر لیا ہے، صادق خان اگلے 3 سال لندن کے مئیر رہیں گے۔

    صادق خان نے حکومتی جماعت کے امیدوار شان بیلی کو شکست دی، اس سے قبل صادق خان 2016 میں مئیر آف لندن منتخب ہوئے تھے، کرونا وبا کے باعث بلدیاتی الیکشن ایک سال کی تاخیر سے ہوئے۔

    صادق خان نے میڈیا گفتگو میں کہا میں تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لندن کے ہر شہری کا میئر ہوں، میں ایک امیگرنٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے ہوں، میرا وعدہ ہے کہ مختلف قومیتوں کو قریب لاؤں گا۔

    انھوں نے کہا کرونا وبا کو ہم سب مل کر شکست دے سکتے ہیں، وبا کے بعد کے لندن کے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔

    ادھر ویسٹ مڈلینڈ میئر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان بھی ہو گیا ہے، ٹوری پارٹی کے اینڈی اسٹریٹ دوبارہ میئر منتخب ہو گئے۔